تنہائی کے سو سال، عبد اللہ عبد
One Hundred Years of Solitude by
Gabriel García Márquez
کہانی ہے اک بستی مانکوندو کی جو ارتقائی عمل سے گزرتی ہے ویرانی سے آبادکاری اور پھر اپنا وجود تک مٹا دیتی ہے ۔۔۔ سب سے خوبصورت کردار ملکیاداس کا تھا اور پھر ارسلا کا بھی جو پورے بوئندا خاندان کو جوڑے رکھتی ہے۔۔۔ کئی دلچسپ حالات و واقعات زیر بحث رہے جن میں کرنل کی جنگوں کے قصے خوب رہے۔۔ سب سے زیادہ مسئلہ ناموں کا رہا کیونکہ خاندان کے سب نام ایک جیسے رکھے گئے جو ذہن نشین کرنا مشکل تھے۔ کہانی بیان کرنے کا انداز اور مختلف scene description کمال کی تھی
ایک جادوئی انداز تھا اُس میں۔
پہلے پچاس صفحات میں ہی ناول نے اپنی طرف توجہ مبذول کرا لی اور پھر یہ تجسس آخر تک برقرار رکھنے میں مصنف فاتح رہے۔۔۔ شروعات میں ہی ایک دلچسپ واقعہ ہے کہ بے خوابی کا ایک مرض جو کہ خاندان کے ایک بندے کو لاحق ہوا پھر پورے خاندان اور بچوں میں پھیل گیا اور رفتہ رفتہ اس نے پوری بستی کو گھیر لیا۔ شروع میں لوگ سمجھے کہ اس کی وجہ سے ہم بہتر طور پر اپنے کام سرانجام دے سکیں گے مگر پھر انہیں بتایا گیا کہ یہ مرض آہستہ آہستہ انکی یاداشت ختم کر دے گا، اس مرض سے نمٹنے کے لیے بستی کے سربراہ کرنل بوئیندا نے تمام اشیاء کے نام جگہوں کے نام تحریر کروانا شروع کر دئیے اور اپنے جانوروں کو الگ رکھنے کے لیے انکے گلے میں گھنٹیاں باندھ دی گئیں اور دوسری کسی بستی سے آئے لوگوں کو یہاں سے گزرنے کی اجازت نہ دی جاتی تاکہ یہ مرض اسی بستی میں رہے اور اس بستی سے باہر کسی کو متاثر نہ کر سکے۔۔۔ تمام رات پوری بستی آگ کے الاؤ کے گرد بیٹھتی اور قصے کہانیاں سنائے جاتے تاکہ وقت گزارا جا سکے کیونکہ یہ سب لوگ آگاہ تھے کہ ایک وقت ایسا آئے گا جب یہ لوگ اپنا ماضی و حال سب فراموش کر بیٹھیں گے۔۔ پھر اس مرض کو کیسے ختم کیا گیا اور وہ کون تھا جس نے اس بستی کو نئی زندگی بخشی یہ آپ کو خود پڑھنے پر ہی معلوم ہو گا ۔۔
ناول کی منظر نگاری کا کمال یہ ہے آپ خود کو
مانکوندو کی بستی میں چلتے پھرتے سانس لیتے محسوس کرتے ہیں ۔۔ ناول کا درمیانی حصہ کرنل کی جنگی حکمت عملی، بغاوت، دوستی ، دشمنی اور شجاعت جیسے عناصر سے بھرا ہوا ہے۔ کیسے کرنل کے سترہ بیٹوں میں سے کسی ایک کو بھی زندہ نہیں رہنے دیا جاتا اور کیسے کرنل اپنے نظریات سے واپسی کی راہ لیتا ہے جسکی خاطر وہ اپنی جوانی، کئی جانثار دوست اور سترہ بیٹے قربان کرتا ہے۔
ناول کا آخری حصہ رومانس، ڈوبتی بستی اور بوئندا خاندان کے ویران گھر کا منظر پیش کرتا ہے
مارکیز کی منظر نگاری کا جادو آپ پر یہ ناول پڑھے بغیر طاری نہیں ہو گا۔۔۔
ضرور پڑھیے!
ناول کا نام: تنہائی کے سو سال
مصنف گیبرئیل گارشیا مارکیز