تلاش — ممتاز مفتی

کتاب : تلاش

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : محمد فاران

غربت کی عظمت

غربت میں ماں بہت قریب آ جاتی ہے، وہ بھی قریب آ جاتا ہے۔ افلونس میں ماں کی ممتا کو دولت کا گرہن لگ جاتا ہے۔ صاحبو ! ہم نے آج تک غربت کی عظمت کو نہیں سمجھا۔
ہمارا جو لیڈر آتا ہے، وہ آ کر غربت کے خلاف اعلان جنگ کر دیتا ہے، کہ ہم غربت کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے، ہر غربت کا قلع قمع کر دیں گے۔
میں اکثر سوچتا ہوں، کہ یا اللہ ! تو تو خیر عظیم ہونے کے ساتھ ساتھ انوکھا بھی ہے۔ بے شک تو نے انسان کو انوکھا لاڈلا بنا رکھا ہے۔ لیکن تو خود بھی تو انوکھا ہے، لاڈلا بھی ہے۔ تیری باتیں سمجھ میں نہیں آتیں، لیکن تیرے پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی باتیں بھی تو سمجھ میں نہیں آتیں، حالانکہ وہ آئیڈیل انسان ہیں۔
میں سوچتا ہوں، حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم جو دو جہانوں کے بادشاہ ہیں، ان کا چولہا کیوں ٹھنڈا رہتا تھا۔ وہ چٹائی پر کیوں سوتے تھے۔ وہ ایک کچے مکان میں کیوں رہتے تھے۔ کھانے کیلئے ان کی چنگیر میں صرف دو کھجوریں ہوتی تھیں۔ کھانے لگتے، تو دروازہ بجتا، میں بھوکا ہوں اور وہ ایک کھجور سائل کو دے دیتے اور ایک خود کھاتے۔ میں سوچتا ہوں، وہ جو دو عالم کے بادشاہ تھے، انہوں نے کیوں غربت Select کی۔ ماننا پڑے گا کہ غربت میں کوئی بڑی عظمت ہے، ورنہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کبھی غربت Select نہ کرتے۔ عمومیت میں کوئی بڑی خوبی ہے، ورنہ وہ عمومیت کی زندگی بسر نہ کرتے۔ عام لوگوں سا لباس نہ پہنتے۔ بوریا نشین نہ ہوتے۔ ایک عام سے کچے مکان میں رہائش نہ رکھتے۔
صاحبو ! میں صرف یہ جانتا ہوں کہ جن ممالک میں امارت نے قدم رکھا ہے، وہاں سے اللہ رخصت ہو گیا ہے۔ مغربی ممالک میں کوئی اللہ کا نام نہیں لیتا۔ وہاں مذہب غیر ضروری چیز سمجھا جانے لگا ہے۔ گرجے غیر آباد ہو چکے ہیں۔ اگر کچھ آباد ہیں، تو صرف اس لیے کہ ان کی وجہ سے پادریوں کی شوکت نفس قائم ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button