تلاش — ممتاز مفتی

کتاب : تلاش

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : رفعت شیخ

اسلامی دانشور

تین سال گزر گئے، ایک روز اسلام آباد کی جانی پہچانی خاتون سرفراز اقبال، امتیاز بخاری کے ساتھ میرے گھر آئی۔
سرفراز آتے ہی بولی ! مفتی چلو اٹھو ہمارے ساتھ چلو۔”
کہاں؟ میں نے پوچھا۔
بولی ” ایک صاحب سے تمھیں ملانا ہے !”
خواہ مخواہ ! میں نے کہا ” میں نہیں ملتا کسی سے ”
سرفراز میری پرانی سہیلی ہے اور مجھ پر حکم چلانے کی عادی ہے، بولی، نہیں ملنا پڑے گا، میں نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ مفتی سے ملاؤں گی، یہ بخاری صاحب بڑے افسر ہیں، تمھیں ان سے ملانے کے لئے لاہور سے گاڑی لائے ہیں۔
وہ ہے کون جس سے مجھے ملنا ہے؟
بخاری نے کہا ،” پہلے وہ انگریزی لٹریچر کے پروفیسر تھے، میرے دوست ہیں۔ "
"بڑا ہی بزرگ ہے وہ ” سرفراز بولی۔
بزرگ کا نام سن کر میں ڈر گیا اور فوراً ہی تیار ہو گیا۔
واقعی وہ ایک عالم شخص تھا، اردو اور انگریزی بڑی روانی سے بولتا تھا، قرآن تو اس طرح پڑھتا تھا جیسے ماں بولی ہو، ساتھ ہی مفہوم سمجھاتا تھا، وہ ایک دانشور تھا، اس کی اپروچ عقل پر مبنی تھی اور اس کی باتوں میں بلا کا تاثر تھا۔
اس کی عقلیہ باتیں سن کر اور عوامی انداز دیکھ کر میں بے حد متاثر ہوا، باتیں کرتے کرتے دفعتاً وہ رک گیا، میری طرف متوجہ ہوا اور مدھم آواز میں بولا ، ” آ پ نے مذہب پر ایک کتاب لکھنی ہے ” یہ سن کر میرے پاؤں تلے سے زمین نکل گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button