تلاش — ممتاز مفتی
کتاب : تلاش
باب 13 : انوکھا شہنشاہ
ٹرانسکرپشن : رفعت شیخ
عقیدہ اور عقیدت
چند دنوں کے بعد ایک بزرگ میرے گھر تشریف لائے ان کے سر پر بھاری عمامہ تھا، جسم پر لمبا چوغا، انداز رسمی بزرگوں کا سا، اور ہاتھ میں دو کتابیں۔
آتے ہی فرمانے لگے !
دیکھیئے، جو کتاب آپ لکھ رہے ہیں اس میں ہمارا ذکر ضرور کریں۔
وہ دونوں کتابیں چھوڑ کر خود رخصت ہو گئے۔
اس واقعے نے میرے اندر ہلچل مچا دی، کہیں یہ جال شہاب صاحب کا پھیلایا ہوا تو نہیں ہے !
قدرت اللہ شہاب زندگی بھر مجھ سے کہتے رہے کہ عقیدت کوئی اچھی چیز نہیں، عقیدہ پالیے، جواب میں، میں ان سے کہا کرتا تھا ،” شہاب صاحب مجھ میں تو صرف عقیدت ہے، عقیدہ نہیں "!
جو چیز میرے اندر نہیں اسے میں کیسے پال سکتا ہوں !
بار بار مجھے خیال آتا کہ شاید شہاب صاحب اس پراسرار طریقے سے مجھے عقیدے کے متعلق جاننے پر مائل کر رہے ہوں۔

