Okhay Olray

کامی ڈاکٹر انور زاہدی

اگر آپ ڈاکٹر انور زاہدی کو جاننا چاہتے ہیں تو میرا مخلصانہ مشورہ ہے کہ اس سے ملے نہیں بلکہ اسے پڑھئے۔
کتنی عجیب بات ہے لیکن کتنی سچی !
کچھ شخصیتیں حلوائی کی دکان کی طرح ساری کی ساری باہر دھری ہوتی ہیں ۔ کچھ فیصل مسجد کی طرح ہوتی ہیں۔ باہر ایک روکھا پھیکا
خیمہ تنا ہوتا ہے جسے دیکھ کر پتہ نہیں چلتا کہ اندر رنگ اس کا میلہ لگا ہوا ہے۔
انور زاہدی کی شخصیت بھی باہر سے ایسی ہی روکھی پھیکی ہے۔
اسے ملئے ۔ آپ کے رو برو ایک سو فیصد Extrovert فرد کھڑا ہوگا ۔ ایک فعال فرد۔ ایک حقیقت پسند ایک دو اور دو چار گننے
والا ۔ ایک دوڑ بھاگ کا می۔ پرانے زمانے کا ایک فیملی ڈاکٹ اور بس۔ یوں جیسے اس کے علاوہ اور کچھ نہ ہو۔
اس کی شخصیت کی باہر کی خصوصیات اس کی اندر کی خصوصیات کو جھٹلاتی ہیں اور اندر کی خصوصیات باہر کے اوصاف کی ضد ہیں۔
مجموعی طور پر اس کی شخصیت ایک حیران کن مجموعہ اضداد ہے جیسے مظفر آباد میں دریائے جہلم اور دریائے نیلم کا سنگم ایک حیران کن
مجموعہ اضداد ہے۔ ایک طرف دریائے جہلم کا میلا گدلا شوریدہ سر دھارا آتا ہے دوسری جانب سے دریائے نیلم کا صاف شفاف بر فیلا
مدھم رو دھارا آتا ہے۔ دونوں ملتے ہیں اور دور تک دونوں دہارے ساتھ ساتھ مگر الگ الگ بہتے ہیں۔
ہمارا خالق اپنی تخلیق کو دیکھتا ہے بڑے مان سے دیکھتا ہے۔ اپنے ہاتھ چومتا ہے۔ ہم سے کہتا ہے دیکھو تو میں نے کیا کیا بنایا ہے
دیکھو تو تم دیکھتے کیوں نہیں ۔ دیکھو کہ ہم نے دو سمندر آپس میں ملا دیئے ہیں۔ ایسے کہ ایک کا پانی دوسرے سے نہیں ملتا۔ ملے
ہوئے بھی ہیں الگ الگ بھی ہیں۔
ایسے ہی ڈاکٹر زاہدی کی شخصیت کے دو دھارے ہیں۔ ایک جانب ایکسٹروورٹ بہہ رہا ہے دوسری جانب انٹر وورٹ۔ ملے
ہوئے بھی ہیں الگ الگ بھی ہیں۔ ایک دوسرے کو رد نہیں کرتے۔
باہر کا زاہدی Extrovert ہے ایک حقیقت پسند ۔ دو اور دو چار گننے والا پریکٹیکل۔
اندر کا زاہدی خواب دیکھنے والا فرد ہے۔
باہر کا سوشل ہے لوگوں سے ملنے گلنے والے دوڑ بھاگ کا متوالہ۔
اندر کا اکیلا ہے تنہا منفرد تخلیق کار ۔
اور یہ دونوں ایک ہی جسم میں رہتے ہیں۔ لڑتے نہیں جھگڑتے نہیں۔
صرف زاہدی کی بات نہیں انسانی شخصیت ایک حیرت کدہ ہے۔
ایک طرف آگ اور پانی گلے مل رہے ہیں۔ دوسری طرف حرکت اور جمود مصافحہ کر رہے ہیں ۔
ادھر شدت کا دھارا بہہ رہا ہے جس میں صبر و قتل اور احتیاط کے جزیرے ابھرے ہوئے ہیں۔ ادھر شر کا لقادق صحرا پھیلا ہوا ہے
جس میں یہاں وہاں خیر کے ہرے بھرے نخلستان لہرا رہے ہیں۔
قدرت شعبدہ باز کی طرح ان تضادات کو جوڑ جوڑ کر ہم آہنگی پیدا کرتی ہے۔ وحدت سے کثرت نکالتی ہے کثرت سے وحدت
پیدا کرتی ہے۔
کیا وجد آفرین تماشا ہے۔
کیا عظیم تخلیق کار ہے۔
زاہدی ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہے۔
ایم بی بی ایس کو لکھنے کی جانب مائل دیکھ کر حیرت ہوتی ہے۔ ہمارے ہاں ایم بی بی ایس ڈاکٹر کی زندگی دو ادوار میں بٹی ہوتی
ہے
۔ پہلے کئی ایک سال جب وہ جونیئر ڈاکٹر ہوتا ہے اور آخری ایک سال جب وہ سینٹر اسپیشلسٹ ہوتا ہے۔
جونیئر دور میں وہ ایک چاکر ہوتا ہے۔ مسلسل کام مسلسل خدمت مسلسل جی حضوری!
اسپیشلسٹ دور میں وہ مسلسل پیسہ کمانے کی مشین بن جاتا ہے۔ افلوانس اسے بے حس بنا دیتی ہے۔
دونوں صورتوں میں ادب اور فن آؤٹ آف باؤنڈ ہو جاتے ہیں۔ اس کے باوجود کوئی ایک ایم بی بی ایس ادبی میدان میں
آئے تخلیق کے ذوق کے راستے میں ڈاکٹری کی مجبوریاں سد راہ نہ بن سکیں ۔
سب سے پہلے ڈاکٹر شفیق الرحمن آیا۔ اس نے تخلیق کی ایسی ایسی پھلجڑیاں چلا ئیں کہ ہلچل مچ گئی ۔ اتنی شہرت حاصل کی جو اس
زمانے میں صرف فلمی ہیروئین کو ملتی تھی۔ ایک دہائی تک شفیق نو جوانوں کے ذہنوں پر چھایا رہا۔ یہ اس زمانے کی بات ہے جب
ڈاکٹری کے پیشے میں طمع نے غدر نہیں مچایا تھا۔
مجھے یاد ہے کہ ان دنوں کالج کی کوئی ٹین ایجر اپنے سرہانے تلے شفیق کی کتاب رکھے بغیر سوتی نہیں تھی۔
ڈاکٹر شفیق کی تخلیقات مزاح اور رنگینی سے سرشار تھیں پھر بد قسمتی سے اس نے شادی کر لی۔ بیگم آہنی عزم کی مالک تھیں۔ شفیق
طبیعت کے نرم اور بیٹھے تھے۔ اس ملاپ کا نتیجہ یہ ہوا کہ بتاشے کی گھل گئے۔
اب بھی ادبی میدان میں کئی ایک ایم بی بی ایس موجود ہیں۔
ڈاکٹر انور سجاد ہیں، ایوب مرزا ہیں، آصف فرخی ہیں ابدال بیلا ہیں۔ ڈاکٹر انور سجاد نے تجریدی افسانے کو اپنایا ہے۔ ان کی
تخلیقات منفرد ہیں۔
ڈاکٹر آصف فرخی میں ادبی تفاخر کا جذ بہ اس قدر شدید ہے کہ گمان غالب ہے کہ وہ تحقیق و تنقید کی بلندیوں پر ہی پرواز کریں گے۔
تخلیق کے میدان میں قدم رکھنے سے گریز کریں گے۔
ڈاکٹر انور زاہدی ادبی تفاخر سے یکسر خالی ہے۔ یہ بھی حیرت کی بات ہے۔ ڈاکٹر زاہدی کے آباء میرٹھ کے رہنے والے تھے ۔ اس
کے والد مقصود زاہدی نے وہیں تعلیم پائی۔ تقسیم سے پہلے ہی انہیں روزگار کے سلسلے میں پنڈی آنا پڑا پھر وہ کچھ عرصہ پشاور میں رہے
اس دوران بنوارہ ہو گیا اور وہ مستقل طور پر ملتان میں جا مقیم ہوئے ۔ ڈاکٹر زاہدی کا بچپن ملتان میں گزرا اس نے و وہیں تعلیم علم کیا۔
زاہدی خاندان کو میرٹھ چھوڑے پچاس سال ہو چکے ہیں۔ لیکن آج بھی وہ میرٹھ میں رہتے ہیں۔ سارا دن اپنے فرائض کی
ادائیگی کے لیے اسلام آباد میں گھومنے پھرنے کے بعد ڈاکٹر زاہدی رات کو اپنے چھوٹے سے میرٹھ میں جا پناہ لیتے ہیں۔ انہوں نے
اپنے گھر میں ایک چھوٹا سا میرٹھ بنا رکھا ہے جہاں روایت اور جدیدیت کی ہم آہنگی ہے سکون ہے۔ بڑی بات یہ ہے کہ ملتان یا پنڈی
میں گھومتے ہوئے انہوں نے کبھی دوسروں کو احساس نہیں دیا کہ ہم ایک الگ کلچر کو belong کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے روایتی
کلچر پر کبھی تفاخر کا اظہار نہیں کیا نہ ہی اس پر شرمندگی محسوس کی ہے۔ یہ چھوٹا سا اطمینان و سکون بھرا میرٹھ جو انہیں حاصل ہے ڈاکٹر
زاہدی کے والد مقصود زاہدی کی وجہ سے ہے جنہوں نے گھر کو ایسے رنگ میں رنگ دیا ہے جسے نا مساعد ماحول یا حالت بھی بے رنگ
نہیں کر سکے۔
ادب اور مطالعہ اس چھوٹے سے میر بھی خاندان میں یوں رچے لیے ہیں جیسے گندھے آٹے میں پانی۔
اپنے باپ کے حکم پر ڈاکٹر زاہدی نے شادی کی ۔ بیگم صوبہ سرحد سے تھیں لیکن وہ شادی کے بعد اس چھوٹے سے میرٹھ کے رنگ
میں ڈھل گئیں۔
ڈاکٹر زاہدی نے تخلیق کی صلاحیت ورثہ میں پائی ہے۔ آباء شیخ شہاب الدین حق گو کہلاتے تھے جن کا ذکر تاریخ فرشتہ میں ملتا
ہے جن کے بڑھتے اثر و رسوخ سے خائف ہو کر محمد تغلق نے مروادیا تھا۔ دادا وکیل تھے۔ والد کی پہلی ادبی تصنیف ” ذکر وفکر ۱۹۴۲ء
میں میرٹھ میں شائع ہوئی تھی جس کا مقدمہ ساغر نظامی نے لکھا تھا۔
انور زاہدی پنڈی میں پیدا ہوا ۔ پہلی نظم ساتویں جماعت میں لکھی۔ اسماعیل میرٹھی کی نظمیں زبانی یاد تھیں۔
چھوٹی بہن ماہ طلعت اردو ایم اے ہے اور بڑے پائے کی شاعرہ ہے۔
میں نے ڈاکٹر زاہدی سے پوچھا کہ آپ کی کہانیوں میں ہسپتال کی بو نہیں ہے کیوں؟
صرف زاہدی ہی سے نہیں، مجھے تمام ڈاکٹر ادیبوں سے شکایت ہے کہ انہوں نے کبھی اپنے پروفیشنل مشاہدات اور تجربات کو اپنے
ادب پاروں کی بنیاد نہیں بنایا۔
ایسے ہی مجھے شاعرات پر بھی گلہ ہے کہ انہوں نے اپنی تخلیقات میں شاعروں کی طرح صرف انسانی جذبات کا اظہار کیا ہے۔
نسائی جذبات کا نہیں۔ حالانکہ مرد اور عورت کے جذبات اور حسیات میں بنیادی فرق ہوتا ہے۔
مرد کے جذبات میں آندھی کی طرح پھیلاؤ ہوتا ہے شدت ہوتی ہے۔ عورت کی حسیات میں گہرائی ہوتی ہے دوام ہوتا ہے۔ وہ
ایک مرتبہ چھڑ جائے تو سارنگی کی تاروں کی طرح از خود چھڑی رہتی ہے۔ اس چھڑ میں اک لے ہوتی ہے۔ عورت کا دکھ ایک دھنگی
ہوتی ہے جو رواں رواں کر دیتی ہے۔
نسائی جذبات صرف تھریوں اور گیتوں میں ملتے ہیں۔ اردو غزل ان سے یکسر محروم ہے۔
مثلاً پنجابی میں نسائی جذبے کے اظہار کا ایک شعر ہے۔
جدوں ہولی جنی ليندا میرا تان میں تھاں جانی مر آن
ایسے ہی مجھے ڈاکٹر افسانہ نویسوں سے شکایت ہے کہ انہوں نے اپنی کہانیوں میں ہسپتال کے ماحول کو پیش نہیں کیا۔
میں نے ڈاکٹر ابدال بیلا سے پوچھا میں نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب آپ اپنے افسانوں میں ہسپتال کے مسائل کیوں پیش نہیں
کرتے۔
و میں سمجھا نہیں۔ وہ بولا ” مثلاً ؟
مثلاً میں نے کہا۔ ہسپتالوں میں جو خواتین کے غول کے غول گھومتے پھرتے ہیں۔ مثلاً دواساز کمپنیوں کے زیر اثر ڈاکٹر
ہیلتھ کنسرن کو ہوا دیتے رہتے ہیں جو جملہ بیماریوں سے زیادہ مہلک بیماری ہے۔ مثلاً مریض ڈاکٹروں کو استعمال کرتے ہیں، ڈاکٹر
مریضوں کو مسلسل ایک رسہ کشی لگی رہتی ہے۔ آپ ان موضوعات پر کیوں نہیں لکھتے ۔
ڈاکٹر بیلا مسکرایا ۔ ہمیں پروفیشن کی Diginity کو قائم رکھنا ہوتا ہے۔“
پھر آپ معاشرہ پر کیوں لکھتے ہیں؟ میں نے کہا۔ کیا معاشرے کی کوئی Diginity نہیں ۔
انور زاہدی کے افسانوں کا جائزہ لیتے ہوئے ہماری چوٹی کی افسانہ نویس خالدہ حسین ڈاکٹر افسانہ نویسوں کے متعلق لکھتی ہیں۔
دنیا کا کوئی پروفیشن تخلیقی فن پر خصوصاً ادب پر اس طرح اثر انداز نہیں ہوتا۔ جس طرح ڈاکٹر ہیں۔ شاید اس لیے کہ وہ نہایت
تفصیلی سطح پر جسمانی واردات سے واقف ہوتا ہے ۔ انسانی وجود کے روم روم سے واقف ہے۔
مجھے لگتا ہے اسے چلتے پھرتے انسانی ڈھانچے نظر آتے ہوں گے یا پھر الماریوں میں لٹکے دل گردے پھیپھڑے شریانیں ۔
یہ لوگ بڑی آسانی سے گوشت پوست کی دنیا میں کھلنے والے ایک غیر مرئی دنیا کے دروازے کا پتہ رکھتے ہوں گے۔
ظاہر ہے کہ خالدہ حسین کا ہسپتال کے متعلق کا سپیشن صرف اکسٹرنلز پر محدود ہے۔ اس سلسلے میں وہ ڈاکٹر انور زاہدی کی کہانی
وہیل چیئر کو ہسپتالی کہانی کی نمائندہ کے طور پر پیش کرتی ہیں۔
میری دانست میں وہیل چیئر کو ہسپتالی زندگی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اس کہانی میں زاہدی نے تین باتوں کا ذکر کیا ہے۔
ا۔ ہٹلر کار پالی کا ایم ایس جو ہسپتال کا راؤنڈ کرتا ہے اور جس کے ساتھ جی حضور یوں کا ایک ٹولہ ہوتا ہے۔
فزیو تھراپی کے ہال میں ایک سیٹھ جس نے اپنی مل میں مزدوروں پر گولی چلوائی تھی۔
فنکار کی نا قدری۔
یہ تینوں مناظر ہسپتال سے مخصوص نہیں ہیں۔ ہر محکمہ میں ناظم اعلیٰ اسی انداز سے راؤنڈ کرتا ہے اور اس کے گرد ایسے ہی جی
حضوریوں کا ٹولہ ہوتا ہے۔ سرمایہ دار سیٹھ اور نا قدری کا مارا ہوا فنکار بھی ہسپتال کی زندگی سے مخصوص نہیں ہیں۔
سمجھ میں نہیں آتا کہ وہیل چیئر کو خالدہ ہسپتال کی نمائندہ کہانی کیسے بجھتی ہیں۔
ہمارے ڈاکٹر افسانہ نویسوں نے کبھی ہاسپٹل ورکرز کی کہانی نہیں سنائی۔
انہوں نے کبھی ان مریضوں کا تذکرہ نہیں کیا جو اس لیے بیمار ہوتی ہیں کہ انہیں خاوند کی توجہ حاصل رہے۔ ان مریضوں کا تذکرہ
نہیں کیا جو زندگی سے مایوس ہو چکے ہیں اور بستر مرگ پر پڑے پڑے دفعتنا محبت کا ایک طوفانی جذبہ محسوس کر کے نرس کا ہاتھ پکڑ کر اس
سے والہانہ محبت کا اظہار کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ ان مریضوں کا ذکر نہیں کیا جنہیں آپریشن کروانے سے عشق ہے اور وہ ہزار
بہانے کر کے ڈاکٹر کو آپریشن کرنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ ان ڈاکٹروں کا تذکرہ نہیں کیا جو صرف پیسہ کمانے کی غرض سے مریض کو ڈرا
کر آپریشن کرانے پر راضی کر لیتے ہیں۔
ڈاکٹر زاہدی نے وہیل چیئر میں عام سے مسائل پیش کئے ہیں مگر اس انداز سے پیش کئے ہیں کہ قاری اثر سے بھیگ جاتا ہے۔
زاہدی بنیادی طور پر ایک شاعر ہے۔ اس کے انداز بیان میں ایک رنگینی ہے ایک دھیما پن ہے لطافت ہے جاذبیت ہے۔
لیکن یہ جملہ معترضہ تھا۔
میرا موضوع انور زاہدی کی شخصیت ہے۔ اس کا فن نہیں۔ فن کے بارے میں میں جڑ کا ڑی بات جانتا ہوں وہ یہ کہ اگر لکھنے
والے میں تخلیقی صلاحیت موجود ہے تو وہ لازما اس کا اظہار کرے گا۔ جس فارمیٹ میں چاہے اظہار کرئے علامتی ہو یا تجریدی یا روایتی
یا کچھ اور ۔ ہم اسے پابند نہیں کر سکتے۔
برتن اہم نہیں یہ اہم ہے کہ برتن میں کیا ہے۔
خالدہ کے الفاظ میں شیر کی طرح دھاڑتے افسانے ہوں یا درخت کی شاخ پر دیکھی ہوئی بلی کی طرح ممیاتے افسانے ہوں کیسے
بھی ہوں لیکن دل پر اثر چھوڑ جائیں۔
ایک قاری کی حیثیت سے میں یہ کہنا چاہوں گا کہ
نظر کو ہے عادت تماشا جہاں ہو جیسا ہو جس طرح ہو
کوئی یہ حسن ازل سے کہہ دے کہ جلوہ آرا ہو جس طرح ہو
ڈاکٹر زاہدی کے پاؤں میں چکر ہے۔ لگتا ہے جیسے قدرت کا منشا ہے کہ وہ سدا کامی ہی رہے۔ زندگی جدو جہد میں گزرے جب وہ
۱۹۷۱
ہاؤس جاب سے فارغ ہوا تو اے ۱۹ ء کی جنگ چھڑ گئی۔ حب الوطنی کے جوش میں اس نے خود کو فوجی خدمات کے لیے پیش کر دیا۔
والد نے بڑی مشکل سے اسے فوج سے ریلیز کرایا اس بنا پر کہ وہ ماں باپ کا اکلوتا بیٹا تھا۔ پھر جب وہ جنرل ہسپتال میں
میڈیکل آفیسر بن گیا تو ایران سے آفر آگئی۔ چار سال وہ ایران کے صوبہ مادنددان میں تعینات رہا۔ واپسی پر اس نے ملتان میں اپنا
ذاتی کلینک کھول لیا۔
زاہدی کی خوش اخلاقی اور جذبہ خدمت کی وجہ سے جب کلینک چل نکلا تو اچانک اسے گردے کا آپریشن کرانا پڑا۔ میڈیکل
ایڈوائس کے مطابق اسے ملتان چھوڑنا پڑا اور کسی ٹھنڈی جگہ منتقل ہونا پڑا۔
یوں اسلام آباد آ کر از سر نو کیر ئیر شروع کرنا پڑا ۔ سروس کے لحاظ سے سینئر ہونے کے باوجود آج بھی اسے جو نیز ڈاکٹر کی طرح صبح
و شام کام کرنا پڑتا ہے۔
وہ ایک بڑے کنبے کا کفیل ہے۔ احساس ذمہ داری کی طرح اس کی گھٹی میں پڑی ہے۔
خانہ بدوش قسم کی زندگی گزارنے کے باوجود زاہدی میں تخلیق کا Urge جوں کا توں قائم رہا۔ لکھنے کا شغل بچپن سے ہی شروع ہو
گیا تھا۔ کالج کے جریدے میں اس نے دل کھول کر مشق کی ۔ ایران میں شعر وسخن سے متاثر ہو کر اس نے تراجم کو اپنایا۔
۱۹۸۲ء میں یہ منظوم اور منشور ترجھے دریچوں میں ہوا کے عنوان سے شائع ہوئے۔ اپنی نظموں کا مجموعہ "سنہرے دنوں کی
شاعری اس نے ۱۹۷۵ ء میں شائع کیا جسے صادقین نے مصور کیا ۔ ۱۹۷۸ء میں اس نے ہرمن ہے کی وانڈ رنگ کا ترجمہ کیا
بارشوں کا موسم اور ۱۹۹۱ء میں اس نے اپنے افسانوں عذاب شہر پناہ شائع کیا۔
ڈاکٹر زاہدی کی شخصیت کا حیران کن پہلو یہ ہے کہ Extrovert کا سورج بڑی سفاکی سے چمک رہا ہے موسم سوکھا کاٹھ ہے
لیکن ہوا تخلیق کی دھمکی چھپی نمی سے بھری ہوئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button