یونیکوڈ کتابیں

تلاش

باب 1 — جذبۂ احترام

تلاش — ممتاز مفتی، کتاب کا سرورق

باب 1 :جذبۂ احترام

ٹرانسکرپشن: شبانہ حنیف


کتنا بڑا المیہ ہے کہ میں 88 برس کا ہوگیا ہوں لیکن آج تک میری سمجھ میں نہیں آیا کہ مسلمان کا مطلب کیا ہے۔۔ میں نے علماء دین سے پوچھا ہے، اسلامی کتابیں پڑھی ہیں، لیکن بے کار۔۔ عالم بات کو اور بھی الجھا دیتے ہیں۔۔ کتابیں فلسفے چھانٹتی ہیں۔۔
نہیں نہیں ۔۔ میں غیر مسلم نہیں ہوں۔۔
اللہ کے فضل سے مسلمان ہوں۔۔
میں نے مسلمان گھرانے میں پرورش پائی ہے۔۔
45 سال سے میں اس ملک کا شہری ہوں جو آئین کے مطابق اسلامی جمہوریہ ہے۔۔
اس کے باوجود مجھے آج تک سمجھ نہیں آ سکا کہ مسلمان کا مطلب کیا ہے؟
یقین کیجیے میں پڑھا لکھا فرد ہوں۔۔
کئی ایک ممالک کے مسلمان دیکھے ہیں۔۔ ان سے ملا ہوں ۔۔ اسلام پر ان کے لیکچر سنے ہیں۔۔
اس کے باوجود مجھے سمجھ میں نہیں آیا کہ مسلمان کا مطلب کیا ہے۔۔

باب 1 : جذبۂ احترام

ٹرانسکرپشن : شبانہ حنیف

اسلامی کتابیں


اسلامی کتابوں کی ایک خصوصیت یہ بھی ہےکہ وہ مجھ جیسے مبتدیوں کے لئے نہیں لکھی جاتیں۔ یا علماء کے لئے لکھی جاتی ہیں یا جذبات میں لتھڑے ہوئے قاری کے لیے۔۔ دینی کتابوں میں موٹے موٹے عالمانہ الفاظ ہوتے ہیں۔۔ فقہ کے بڑے بڑے مسائل ہوتے ہیں، مراقبے ہوتے ہیں، مجاہدے ہوتے ہیں، ذکرہوتے ہیں، اذکار ہوتے ہیں جو مجھ جیسے عام آدمی کی سمجھ میں نہیں آتے۔
ایک بار مجھے راۓونڈ کے تبلیغی میلے میں جانے کا اتفاق ہوا۔۔ وہاں بڑی رونق تھی۔۔ جگہ جگہ علماء تقریریں کر رہے تھے۔۔
آپ سے کہہ دوں تو کیا حرج ہے کہ اگر چہ تقریر میں بہت کچھ ہوتا ہے۔۔ جوش ہوتا ہے، جذبہ ہوتا ہے، خطابت ہوتی ہے، نعرےہوتے ہیں لیکن اثر نہیں ہوتا۔۔ دلیلیں تو ہوتی ہیں مگر پتہ نہیں ایسے کیوں ہوتا ہے۔۔ لیکن ایسے ہوتا ہے کہ بحث یا دلیل سے کبھی کوئی قائل نہیں ہوا۔۔ آج کل سیمینار کا رواج عام ہو رہا ہے۔۔ مقرر تقریریں جھاڑتے ہیں، سامعین اونگھتے ہیں۔ تقریر میں پلیٹ فارم اش(Plate formish) عنصر ہوتا ہے۔۔ نمائش ہوتی ہے، شوکتِ نفس ہوتی ہے۔۔ جس بات میں نمائش کا عنصر ہو، التزاماً دوسروں پر اثر ڈالنے کی کوشش ہو، وہ بات دل کو نہیں لگتی ۔۔
علماء کی تقریریں پہلے سے تیار کی ہوتی ہیں۔۔ رٹی ہوئی ہوتی ہیں۔۔ تھیٹریکل ہوتی ہیں۔۔ صرف ہونٹوں سے ڈیلیور(deliver) کی جاتی ہیں۔۔ ان میں دل شامل نہیں ہوتا۔۔ دل شامل نہ ہو تو اثر کیسا؟ تبلیغی میلے میں جگہ جگہ پنڈال بنے ہوئے تھے۔۔ تقریریں ہورہی تھیں۔۔ دھواں دھار تقریریں۔۔ جذبات کے فوارے چل رہے تھے۔۔ پھوار اڑ رہی تھی۔۔ نعرے لگ رہے تھے۔۔ جوش وخروش ایسا جیسے لام لگی ہو۔۔ میلا لگا ہوا لگا ہوا تھا۔۔ سبھی کچھ تھا، صرف تبلیغ نہیں تھی۔ تبلیغی میلے میں بیسیوں کتابوں کے سٹال لگے ہوئے تھے۔۔ یہ سٹال اسلامی کتابوں سے بھرے ہوئے تھے۔۔ ایک سٹال پر میں نے چند ایک کتابیں الٹ پلٹ کر دیکھیں۔۔ ایک کتاب کی ” قیمت ” پوچھی۔ سٹال والے نے کہا ، ” ساٹھ روپے "
میں حیران رہ گیا۔ اس کی لکھائی چھپائی اور ضخامت کی کتاب کی قیمت کسی طور ڈیڑھ سو روپے سے کم نہیں ہو سکتی۔۔
” اتنی کم قیمت ” میں نے حیرت سے پوچھا ” علمی ادبی کتابوں کی قیمت تو اس سے دگنی تگنی ہوتی ہے۔۔ "
وہ مسکرایا، بولا ” اسلامی کتابوں کی قیمتیں کم ہوتی ہیں۔۔ چونکہ اسلامی کتابیں پاکستان میں بہت زیادہ بکتی ہیں، لہٰذا ان کی Mass paroduction ہوتی ہے۔۔ لاگت کم آتی ہے۔۔ شرح منافع کم رکھی جاتی ہے……… آپ کون سی کتاب خریدنا چاہتے ہیں؟” سٹال والے نے پوچھا
میں ایک ایسی کتاب خریدنا چاہتا ہوں جس میں سادہ انداز میں بتایا گیا ہو کہ مسلمان کا مطلب کیا ہے؟”
اس نے حیرت سے میری طرف دیکھا۔۔ بولا ” کیا آپ غیر مسلم ہیں؟”
"جی نہیں۔” میں نے سنجیدگی سے جواب دیا، ” اللہ کے فضل سے میں مسلمان ہوں۔۔”
” آپ مذاق تو نہیں کررہے؟” اس نے کہا۔۔
” دراصل میں پیدائشی مسلمان ہوں۔۔” میں نے جواب دیا۔۔ ” منہ زبانی مسلمان ! ” وہ ہنسنے لگا۔۔ بولا ” جس نے کلمہ پڑھ لیا، وہ مسلمان ہے۔۔”
” بالکل ! میں نے بھی کلمہ پڑھ لیا ہے۔۔ میں بھی مسلمان ہوں۔۔ لیکن جاننا چاہتا ہوں کہ مسلمان کا مطلب کیا ہے؟ "
” تو اسلام پر کتابیں پڑھیئے۔۔” وہ بولا
” پڑھی ہیں بہت پڑھی ہیں۔۔ شاید اسی وجہ سے کنفیوز ہو گیا ہوں۔۔ ویسے بھی کتاب اور چیز ہے، مسلمان اور چیز۔۔ میں نے جواب دیا۔۔

باب 1 : جذبۂ احترام

ٹرانسکرپشن: شبانہ حنیف

تذکرے


” اچھا ! ” وہ بولا، ” تو پھر آپ تذکرے پڑھیں۔”
” تذکرے کیا ہوتے ہیں؟ "
” وہ صوفیوں اور بزرگوں کی زندگیوں پر کتابیں ہوتی ہیں۔۔ "
” ان کی سوانح ہوتی ہیں کیا؟ "
” ہاں ہاں ! سوانح ہوتی ہیں۔۔”
میرے ذہن میں امید کی کھڑکی کھل گئی۔۔ چار ایک تذکرے پڑھنے کے بعد مجھے بڑی مایوسی ہوئی۔۔ تذکرے سب ایک جیسے تھے۔۔ ان میں تین باتیں نمایاں تھیں۔۔ ایک تو سرکار قبلہ تھے جو احترام کے گاڑھے شیرے میں بری طرح لت پت تھے، اس حد تک کہ انسانی خدو خال نظر نہیں آتے تھے۔۔
وہ انسان نہیں لگتے تھے۔ جیسے کوئی اور مخلوق ہوں۔ فرشتے اور انسان کے درمیان کی مخلوق میرے دل میں صوفیا اور اولیاۓ کرام کی بڑی عزت ہے، اس لئے کہ وہ عظیم انسان تھے۔۔ عظیم انسان وہ ہوتا ہے جو انسان ہو، اعلیٰ کردار کا مالک ہو۔۔ سچی بات یہ ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ مسلمان ایک کردار ہے جو اللہ کے احکامات پر عمل کرنے سے وجود میں آتا ہے۔۔
کسی تذکرے میں صاحب تذکرہ کے اعلیٰ کردار کی بات نہ کی گئی تھی۔۔ صرف کرامات تھیں۔ کرامات ہی کرامات جیسے جادوگر ہوں۔۔ کوشش کی گئی تھی کہ صاحب تذکرہ کو سپر مین کی حیثیت سے پیش کیا جائے۔۔
جہاں تک مجھے علم ہے، اسلام میں سپر مین نہیں ہوتا۔۔ کسی سپر مین کی گنجائش نہیں ہے۔۔ اسلام میں بشریت کا درجہ بہت بلند ہے۔۔ انبیاء بھی انسان تھے اور حضور اعلٰی کی عظمت اس لئے ہے کہ وہ عظیم انسان تھے۔۔ اس حقیقت کو غیر مسلم بھی تسلیم کرتے ہیں۔۔
تذکروں میں احترام کا گاڑھا ملبہ ہوتا ہے۔۔ آدھی کتاب تو القابات اور حضوریات سے بھری ہوتی ہے۔۔ احترام ہی احترام۔۔

باب 1 : جذبۂ احترام

ٹرانسکرپشن: شبانہ حنیف

احترام


صاحبو دعا کرو کوئی محترم نہ بنے۔۔
سیانے کہتے ہیں، احترام ایک دیوار ہےجو محترم اور احترام کرنے والے کے درمیان کھڑی ہو جاتی ہے۔۔ جو قرب پیدا نہیں ہونے دیتی۔۔ کھو خوف پیدا کرتی ہے۔۔ خوف مثبت نہیں، منفی جذبہ ہے اور احترام کا جذبہ باہنی محبت کے امکانات کو کم کر دیتا ہے۔۔
مثلاً باپ بیٹے کا رشتہ لیجئے۔۔ بیٹے پر لازم ہوتا ہے کہ وہ باپ کا احترام کرے۔۔ اسی وجہ سے باپ اور بیٹا کبھی ایک دوسرے کے قریب نہیں آسکتے۔۔
ایک دانشور نے کیا خوب کہا ہے: ” اگر دو فرد پاس بیٹھے ہوں اور ان کے پاس کہنے کیلئے کوئی بات نہ ہو تو جان لیجئے کہ وہ باپ اور بیٹا ہیں.. "
رشتے کے لحاظ سے اتنے قریب، برتاؤ کے حوالے سے اتنے دور۔۔ یہ جذبہ احترام کا اعجاز ہے۔۔ پتہ نہیں ایسے کیوں ہوا کہ باپ کو محترم بنا کر اولاد سے دور کر دیا گیا۔۔ اس دوری کا نتیجہ یہ ہوا کہ چادر ہوسٹیلٹی (father hostility کا جذبہ پیدا ہوا اور اس love Rate تعلق کی وجہ سے آج جنریشن گیپ کا مسئلہ وجود میں آیا ہے۔۔
آج کل نوجوانوں پر نکتہ چینی کرو تو وہ جواب میں کہتے ہیں کہ سارا قصور بڑوں کا ہے۔ انھوں نے ہماری تربیت ٹھیک طرح سے نہیں کی۔ بڑوں نے ہمیں حقیر جانا۔۔ ہمیں بولنے نہیں دیا۔۔ ہمارے دلوں میں خوف کے جالے تن دیئے۔۔ چھوٹے سچ کہتے ہیں، واقعی ہم نے انھیں بولنے نہیں دیا۔۔ جب بھی انھوں نے کچھ کہنا چاہا، ہم نے انھیں ” ہشت ! بڑوں کے سامنے بولتا ہے ” کہہ کر چپ کرادیا۔۔
کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ساری چالاکی ماں کی ہے۔۔ ماں کی Lust of pssession اس قدر شدید ہے کہ وہ نہیں چاہتی کہ بچے باپ کے قریب ہوں، اس لئے کہ اگر باپ کے قریب ہو گئے تو ماں سے دور ہو جائیں گے۔۔ اس لئے وہ ایسا طریقہ کار اپناتی ہے کہ بچے باپ سے ڈریں، اس کے قریب نہ جائیں۔۔
ہمارے معاشرے میں ماں بچوں کو باپ سے ڈراتی رہتی ہے۔۔ ” نہ نہ نہ۔ ایسا نہ کرو بیٹا ۔۔ اگر ابا کو پتہ چل گیا تو پٹ جاؤ گے۔
” میں تیرے ابو کو بتا دوں گی کہ اس روز تو نے جھوٹ بولا تھا۔”
” خاموش ! ابو آ رہے ہیں۔۔ "
ہمارے گھروں میں ایسے جملے عام سنائی دیتے ہیں۔
بچے سمجھتے ہیں کہ جھوٹ بولنا برا نہیں ۔۔ بس ابو کو پتہ نہ چلے۔۔ ماں کے سامنے چاہے دنگا فساد کرو لیکن ابو کے سامنے نہیں۔۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ بچے سمجھتے ہیں کہ باقی سب ٹھیک ہے لیکن ابو بہت بڑی رکاوٹ ہے۔۔
ماں بچوں کو خبردار کرتی رہتی ہے کہ ابو کا احترام لازم ہے۔ وہ یہ کبھی نہیں کہتی کہ میرا احترام کرو۔ مجھ سے ڈرو۔ وہ بچوں کے دلوں میں اپنے لئے محبت کا جذبہ پیدا کرتی ہے اور باپ کے لئے خوف کا۔۔
ایک مغربی مزاح نگار نے ایک کتاب لکھی۔۔ نام تھا "They and I”۔۔
نام پر میں حیران ہوا۔۔ یا اللہ یہ کیسی کتاب ہے۔۔ اس کا موضوع کیا ہوگا۔۔ پڑھ کر پتہ چلا کہ گھر کے موضوع پر ہے۔۔ مصنف کا کہنا تھاکہ گھر ایک یونٹ نہیں ہوتا بلکہ دو یونٹوں پر مشتمل ہوتا ہے۔۔ ایک جانب ماں اور بچے اور دوسری جانب اکیلا باپ ” دے اینڈ آئی ۔۔”
یہ افراق و تفریق احترام کی وجہ سے ہوتی ہے۔
ماں بچوں کو باپ سے ڈراتی ہے۔۔
باپ سمجھتا ہے میرا احترام ہو رہا ہے۔۔
مجھے ” ماسٹر آف دی ہاؤس ” کا منصب مل رہا ہے۔۔
باپ کا ” شاون ازم ” تسکین پاتا رہتا ہے۔۔ اسے شعور نہیں ہوتا کہ جذبہ احترام نیچے ہی نیچے محبت کی جڑیں کاٹ رہا ہے۔

باب 1 : جذبۂ احترام

ٹرانسکرپشن : زاہد ملانہ

قرآن حکیم


دوستو! باپ بڑی ہی معصوم اور احمق مخلوق ہے۔
صاحبو! کیا تمھیں پتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں کس نے سب سے زیادہ ظلم ڈھائے ہیں؟
(1) ساس اور(2) باپ نے۔ بے شک ماں محبت کا سرچشمہ ہے۔ وہ اپنے بیٹے کے لئے بڑی سے بڑی قربانی دے سکتی ہے۔ لیکن وہ سمجھتی ہے کہ وہ میرا ہے صرف میرا۔ کسی دوسرے کو اسے اپنانے کا حق حاصل نہیں ہے۔ پھر جب بہو گھر میں آ جاتی ہےتو وہ بیٹے کو بہو کے ساتھ shareکرنے کے لئے تیار نہیں ہوتی۔ وہ بہو کو اپنا حریف سمجھتی ہے۔ حسد یا جیلیسی کا جذبہ جاگتا ہےاور وہ بہو پر بہانے بہانے سےچوری چھپے ہر ممکن ظلم ڈھاتی ہے اور بیٹے کی ازدواجی زندگی کو تباہ کر کے رکھ دیتی ہے۔
باپ اپنے بیٹے کو کبھی مساوات کا حق دینے کو تیار نہیں ہوتا بیٹا چاہے بالغ ہو جائے، باپ اسے فرد کی حیثیت نہیں دے گا۔ سمجھے گا کہ یہ میرے جسم کا حصہ ہے۔ میرے جسم کی ایک ناپاک چھینٹ سے پیدا ہوا ہے۔ بچہ ہے۔ ناتجربہ کار ہے۔ بے وقوف ہے۔
باپ چاہتا ہے کہ اس کا بیٹا خود کو باپ جیسا بنائے باپ کے اصولوں پر چلے۔ وہ نہیں چاہتا کہ بیٹا اپنے دور کے مطابق زندگی بسر کرے۔
ہر بڑا نئے دور کو حقارت کی نظر سے دیکھتا ہے۔ نئی جنریشن کے بارے میں سمجھتا ہے کہ وہ راہ راست سے بھٹکے ہوئے ہیں۔ کوئی باپ بیٹے کو برابری کا درجہ دینے کے لئے تیار نہیں۔ وہ بیٹے کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہو گا لیکن وہ اپنے خیالات کی قربانی نہیں دے گا۔ آپ سے کہہ دوں تو کیا حرج ہے کہ میری بیوی کے جذبہ احترام کی وجہ سے میں آج تک قرآن حکیم نہیں پڑھ سکا۔ میری عمر 88 سال ہو چکی ہے لیکن مجھے علم نہیں اللہ نے بنی نوع انسان کے لیے کیا پیغام بھیجا؟
یقیناً آپ میری بات پر ھنس دیں گے۔ اگر میں یہ کہوں اللہ سے میرا تعارف 1955 میں ہوا تھا۔ اس کے بعد ہم دونوں دوست بن گئے۔ یہ دوستی آج بھی قائم ہے۔ جب بھی میں فارغ ہوتا ہوں اکیلا تو وہ چپ چاپ میرے قریب آ کر بیٹھتا ہے۔ پھر میں اسے اپنے دکھ درد سناتا ہوں اور وہ چپ چاپ سنتا ہے۔ سراپا ہمدردی بن کر مجھے حوصلہ دیتا رہتا یے۔ اللہ سے دوستی کے باوجود ابھی تک مجھے علم نہیں کہ اللہ نے بندے کے نام کیا کیا پیغام بھیجے ہیں۔ کیا کیا احکامات جاری کئے ہیں۔ اس لئے کہ میں نے آج تک قرآن نہیں پڑھا۔ یقین جانئیے میں سچے دل سے قرآن کو الہامی کتاب سمجھتا ہوں۔ جانتا ہوں۔ مجھے کامل یقین ہے کہ اسلام سے بہتر کوئی مذہب نہیں ہے۔ میرا ایمان ہے کہ اکیسویں صدی میں دنیا بھر کے سائنسدان، دانشور اور مفکراس حقیقت کو جان لیں گے، مان لیں گے کہ اسلام واحد مذہب ہے جو دورِ حاضر کے لئے قابل قبول ہےاس کے
باوجود اپنی بیوی کے جذبٔہ احترام کی وجہ سے میں نے آج تک قرآن کریم کا مطالعہ نہیں کیا، نہیں کر سکا۔ میری بیوی ایک نیک خاتون ہے۔ وہ باقاعدہ نماز پڑھتی یے۔ اگر کوئی نماز چھوٹ جائے تو وہ سارا دن جذبۂ تاسف میں مبتلا رہتی ہے۔ قرآن کو سمجھنے کے لئے نہیں بلکہ ثواب حاصل کرنے کے لئے وہ بلاناغہ تلاوت کرتی ہے۔
قرآن کریم کے لئے اس کے دل میں بڑا احترام ہے۔ وہ قرآن کریم کو ریشمی جزدان میں ملفوف رکھتی ہے۔ ایک نہیں دو تین جزدانوں میں۔ وہ قرآن حکیم کو الماری کے سب سے اونچے خانے میں رکھتی ہے۔ درمیانے خانے میں رکھ دیا جائے تو وہ اسے احترام کے منافی سمجھتی ہے۔ اگر میں قرآن کو میز پر رکھ دوں تو ناراض ہوتی ہے۔ کہتی ہے میز کوئی پاکیزہ جگہ نہیں۔ میرا جی چاہتا ہے کہ میں قرآن کو سرھانے تلے رکھوں اور بیڈ بک کی طرح پڑھوں۔ بیڈ بک ایک ایسی کتاب ہوتی ہے جسے آپ سرھانے تلے رکھتے ہیں۔ جب بھی فارغ ہوئے لیٹےتو کھول کر پڑھ لی۔ باقاعدگی سے سلسلہ وار نہیں۔ بلکہ جہاں سے کھلی وہیں سے پڑھنا شروع کردیا۔ نوجوانی میں عام طور پر لڑکے لڑکیاں سرھانے تلے شعروسخن کی کتابیں رکھتے ہیں۔ جب بھی فارغ ہوئے کتاب کھولی اور رومانی دنیا میں داخل ہو گئے۔ سنجیدہ قسم کے لوگ مشاہیر کے اقوال کو بیڈ بک بناتے ہیں۔ میرا جی چاہتا ہے کہ میں قرآن کو بیڈ بک بناؤں کیونکہ میں اسے کتابِ دانش سمجھتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ اٹھتے بیٹھتے قرآن پڑھوں لیکن میں کیا کروں میری بیوی اس کی اجازت نہیں دیتی۔

باب 1 : جذبۂ احترام

ٹرانسکرپشن : مریم جگنو

بہشت


اس پر آپ کہیں گے کہ میاں تم تو رن مرید ہو۔
آپ درست فرما رہے ہیں۔ میں واقعی رن مرید ہوں۔ بلکہ الحَمْدُ ِلله میں رن مرید ہوں۔
ایک روز میرے دوست قدرت اللہ شہاب نے مجھ سے پوچھا۔
” مفتی صاحب ! کیا آپ بہشت میں رہنا چاہتے ہیں؟“
میں نے کہا ” کیا وہ بہشت جس میں دودھ کی نہریں بہتی ہیں۔ کھانے کو پھل ملتے ہیں اور بڑی بڑی آنکھوں والی حوریں مٹھی چاپی کرتی ہیں میں ایسی جنت کو Conceive نہیں کرسکتا۔ اس کے مفہوم کو نہیں سمجھ سکتا۔ اس لۓ کہ میں سمجھتا ہوں کہ جہاں دکھ نہیں وہاں سکھ نہیں ہو سکتا۔ دکھ اورسکھ دو چیزیں نہیں بلکہ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔“
شہاب بولے۔” نہیں میں اس جنت کی بات نہیں کر رہا۔“
” تو پھر؟“
بولے” اس زندگی کی جنت کی بات کر رہا ہوں کیا آپ اس زندگی میں جنت میں رہنا چاہتے ہیں؟“
” بالکل رہنا چاہتا ہوں۔“
بولے ” بڑا آسان نسخہ ہے۔“
میں نے کہا ” بتاٸیے“
بولے ” اپنی بیوی کی ہر بات کے جواب میں ٰ ہاں جی ٰ کہہ دیا کیجٸیے۔“ تو جناب گزشتہ آٹھ سال سے میں جنت میں رہتا ہوں۔ کاش کہ یہ اسم اعظم مجھے پہلے مل جاتا۔ تو میں سالہا سال جہنم میں رہنے سے بچ جاتا۔“
میری بیوی ان پڑھ ہے لیکن وہ سمجھتی ہے کہ وہ دنیاوی مساٸل کو مجھ سے بہتر سمجھتی ہے۔ بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ وہ سمجھتی ہے کہ میں دنیاوی باتوں میں قطعی طور پہ ناسمجھ ہوں۔ اس نے کبھی میری کسی بات سے اتفاق نہیں کیا۔ وہ میرے لکھنے لکھانے کے بھی خلاف ہے۔ کہتی ہے کیوں جھوٹی کہانیاں لکھ لکھ کر اپنی عاقبت خراب کرتے ہو۔
ایک بار ”نواۓ وقت“ کے ایڈیٹر صاحب ہمارا انٹرویو لینے کے لۓ آۓ۔ کہنے لگے کہ میاں بیوی دونوں کا انٹرویو لیں گے۔ میں نے کہا ٹھیک ہے جب بیگم کی باری آٸی تو اس نے سخت نقطہ چینی شروع کر دی۔ ایڈیٹر صاحب نے پوچھا۔ محترمہ! آپ کے میاں میں کوٸی تو خوبی ہوگی۔ بیگم بولی۔ اگر کوٸی ہوتی تو میں آپ سے کیوں چھپاتی بھلا۔ ان حالات میں ہماری سابقہ زندگی بسر ہوٸی تھی۔
صرف قرآن کریم کی بات نہیں میری بیوی کا حکم ہے کہ کوٸی کتاب یا جریدہ فرش یا بستر پر نہ رکھا جاۓ، اس لۓ کہ شاٸد اس میں کوٸی آیت لکھی ہو۔
میرے لۓ قرآن پڑھنے کی صرف ایک صورت ہے کہ کوٸی ایسا نسخہ تلاش کروں جس میں عربی متن نہ ہو صرف ترجمہ ہو۔
میں نے بڑی کوشش کی ایسا نسخہ مل جاۓ مگر ابھی تک کامیاب نہیں ہوا۔
میرے ایک دوست ہیں محمد طفیل۔ پڑھے لکھے ہیں۔ ساری دنیا میں گھومے پھرے ہیں۔
انڈسٹریلیسٹ ہیں۔ ماڈرن خیالات کے حامی ہیں۔ قرآن کے پروانے ہیں۔ ان کی زندگی کا واحد مقصد یہ ہے کہ لوگوں کی توجہ قرآن پہ مزکور کریں۔ قرآن سوچو۔ قرآن جیو۔ وہ قرآن اور اس سے متعلقہ کتابیں لوگوں میں مفت بانٹتے ہیں۔
ایک روز میری عدم موجودگی میں میرے گھر آۓ۔ اور قرآن کریم کے چند قیمتی نسخے چھوڑ گۓ۔ میں حیران ہوا کہ یہ کون شخص ہے جو ہزاروں روپیوں کی کتابیں چھوڑ گیا ہے۔ اس کے بعد جب پہلی بار ان سے ملاقات ہوٸی تو میں نے ان سے پوچھاکہ آپ اتنے قیمتی نسخے مجھے کیوں دے رہے ہیں۔
بولے، میں نے آپ کی کتابیں پڑھی ہیں آپ کی تحریر میں اثر ہے۔ نوجوان آپ کی تحریریں پڑھتے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ اللہ تعالی نے آپ کو communication کا گفٹ عطا کیا ہے۔ میں یہ نسخے اس لۓ آپ کو دے رہا ہوں کہ شاٸد آپ اس سے استفادہ کر کے اپنی تحریروں میں قرآن کے پیغامات کا ذکر کریں۔
میں ان کی بات سن کر ہکا بکا رہ گیا۔
میں نے کہا۔ ” طفیل صاحب! میں تو دینی تعلیم سے بے بہرہ ہوں۔ جاہل مطلق ہوں زبان پر قادر نہیں ہوں۔
میری بیوی اتنے سارے حجیم قرآن دیکھ کر گھبرا گٸی۔ بولی، اب میں اتنے سارے جزدان کیسے بناٶں۔ اور میں انھیں کہاں رکھوں؟ الماریاں تو لٹر سٹر سے بھری ہیں۔ آپ یہ قرآن بصدشکریہ ان کو واپس کر دیں۔
صاحبو! جان لو یہ سب جذبہ احترام کی وجہ سے ہے۔ ہمارا جذبہ احترام اس قدرسفاک ہو چکا ہے کہ
وہ ہمیں قرآن پڑھنے نہیں دیتا۔
باپ سے محبت کرنے نہیں دیتا۔
صوفیاۓ کرام کو انسان سمجھنے نہیں دیتا۔
ہمارا جذبہ احترام ایسا ہی ہے جیسا کبھی انگلستان کے عوام میں جذبہ ہمدردی جاگا تھا۔
لوگوں کو پتہ چلا کہ ساٸنسدان تحقيقی تجربات کے لۓ مینڈکوں کو کاٹتے ہیں۔
لوگوں نے احتجاج کیا کہ یہ ظالمانہ فعل ہے۔
عوام کا نماٸندہ وفد ساٸنسدانوں سے ملا۔ انھوں نے ساٸنس دانوں کو خبردار کیا کہ جانوروں پہ ظلم نہ کریں۔
ساٸنس دانوں نے وفد کو سمجھایا۔ کہنے لگےکہ یہ کام ہم بنی نوع انسان کی بہتری کے لۓ کر رہے ہیں۔ وفد نے کہا کہ بنی نوع انسان کی بہتری اور طرح سے بھی ہو سکتی ہے۔ ساٸنس دانوں کی سمجھ میں بات نہ آٸی اور وہ مینڈکوں کو کاٹنے سے باز نہ رہے۔
لوگوں کا جذبہ ہمدردی مزید جوش میں آ گیا۔ وہ لیبارٹریز کے گرد چھپ کر ساٸنس دانوں کا انتظار کرنے لگے۔ جو بھی ساٸنس دان آتا، اس پر حملہ کر دیتے۔
یوں مینڈکوں کی ہمدردی سے سرشار لوگوں نے ساٸنس دانوں کو قتل کرنا شروع کر دیا۔ ایسے ہی جذبہ احترام سے سرشار لوگوں نے قرآن کو جذدانوں میں بند کردیا۔ مسلمانوں کو قرآن کریم پڑھنے سے محروم کر دیا۔ قرآن کو بت بنا کر الماریوں میں منتقل کر دیا۔
صاحبو! جذبہ احترام بڑا طاقت ور جذبہ ہے۔
مجھے یقین ہے کہ اگر اللہ میں ہمارے ہاتھ آ جاٸیں تو ہم جذبہ احترام کے تحت ان پر مشک کافور چھڑک کر لوبان کی دھونی دے کر اپنی الماری کے اوپر والے خانے میں بت بنا کر سجا دیں گے۔
کچھ دیر کی بات ہے۔ رمضان شریف کے دن تھے۔ گرمیوں کا موسم تھا۔ دوپہر کا وقت تھا۔ میں ریل گاڑی میں سفر کر رہا تھا۔ ہمارےڈبے میں اوپر تختے پر ایک نحیف و نزارمسافر لیٹا ہوا تھا۔ وہ مسلسل کراہ رہا تھا۔ ظاہر تھا کہ بیمار ہے۔ اس کے ساتھ ایک نوجوان لڑکاتھا جو نیچے سیٹ پر ہمارےساتھ بیٹھا ہوا تھا۔
لڑکا بار بار اٹھ کر مریض سے پوچھتا تھا۔
مریض کو کھانسی چھڑ گٸ جو بند ہونے میں نہ آتی تھی۔ اتفاق سے سٹیشن آ گیا۔ لڑکا گاڑی سے اترا اور مریض کے لۓ ایک بوتل لے آیا۔ اس پر ڈبے میں بیٹھے ہوۓ دومعزز آدمی اٹھےاور لڑکے کا راستہ روک کر کھڑے ہوگۓ۔
ایک بولا، لڑکے تو رمضان شریف کی بےحرمتی کررہا ہے۔
دوسرے نے کہا ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
اس پر میں نے ان معزز صاحبان کی منت کی۔ میں نے کہا، مریض کا کھانسی سے برا حال ہو رہا ہے۔ ازراہ کرم اجازت دے دیجٸیے۔
انھوں نے حقارت سے میری جانب دیکھا۔ انداز میں تشدد تھا۔ میں خوف ذدہ ہو گیا۔
ایک صاحب بولے،” اگر مریض کو کوک پلانی ہے تو اسے دوسرے ڈبے میں لے جاٸیں ہم یہاں رمضان شریف کی بے حرمتی نہیں ہونے دیں گے۔“
ان کا جذبہ احترام خام نہیں تھا۔ دکھاوا نہیں تھا اصلی تھا۔ ایک ساعت کے لۓ مجھے خیال آیا کہ شاٸدوہ مجھ سے بہتر مسلمان تھے۔
پھر مجھے شہادت کا واقعہ یاد آگیا۔
برصغیر کی تقسیم سے پہلے کی بات ہے جب گورے ہم پہ راج کرتے تھے۔
گرمی کا موسم تھا۔ رات کا وقتتھ۔ گورا صاحب بنگلے کے بیک یارڈ میں مچھر دانی لگاۓ سورہاتھا۔ پٹھان چوکیدار راٶنڈپر آیا اس نے دیکھا کہ گورا صاحب قبلے کی طرف پاٶں پسارے سو رہا ہے۔ چوکیدار نے جھنجھوڑا، بولا ” صاحب جی اس طرف پاٶں مت کرو، ادھر ہمارا قبلہ ہے“ صاحب کو بات سمجھ نہ آٸی۔ اس نے چوکیدار کی بات کو اہمیت نہ دی اور سر ہانے پر سر رکھ کر پھر سو گیا۔
چوکیدار دوبارہ راٶنڈپہ آیا تو دیکھا کہ صاحب قبلے کی طرف پاٶں کیے سو رہا ہے۔ اس نے پھر صاحب کو جھنجھوڑا۔ اب کی بار صاحب چڑ گیا۔ اس نے چوکیدار کو سناٸیں اور پھر لیٹ کر سو گیا۔ چوکیدار اس بے حرمتی کو برداشت نہ کر سکا۔ اندر سے کلہاڑ اٹھایا اورصاحب کی گردن کاٹ دی۔ چوکیدار پر مقدمہ چلا۔ کچہری میں اس نے اقبال جرم کر لیا۔ بولا ” ہم نے اسے دو بار خبردار کیا کہ ادھر ہمارا قبل ہے ادھر ٹانگیں کر کے مت لیٹو۔ ہمارے قبلے کی بے حرمتی ہوتی ہے۔ یہ باز نہ آیا تو ہم نے اس کا گردن کاٹ دیا۔“
چوکیدار کو پھانسی کی سزا ہو گٸ۔ سارا شہر امڈ آیا۔ انھوں نے نعرے لگاۓ کہ یہ پھانسی نہیں شہادت ہے۔ چوکیدارکی قبر پر مزار تعمیر کیا گیا۔ شہید کا کتبہ لگا دیا گیا۔ وہاں باقاعدہ قوالی ہونے لگی۔ عرس منایا جانے لگا۔
رات کو لیٹے ہوٸے میں سوچ رہاتھا کہ شاٸد چوکیدار مجھ سے بہتر مسلمان تھا۔ شاٸداسلام جذبے ہی کا نام ہے۔ دیوار پر لگی ہوٸی مکہ معظمہ کی تصویر میں حرکت ہوٸی۔ اور وہ تصویر سے نکل کر میرے سامنے صوفے پر آ بیٹھا۔
میں نے چیخ کر کہا۔ ” تو جو دلوں کے بھید جانتا ہے مجھے بتا کہ مسلمان کون ہے؟“
اس کے چہرے پر مسکراہٹ پھیل گٸی۔۔۔۔۔۔ بے نیازی بھری مسکراہٹ۔
***

Back to top button