یونیکوڈ کتابیں

تلاش

باب 2 — عالمِ دین

تلاش — ممتاز مفتی، کتاب کا سرورق

باب 2 : عالمِ دین

ٹرانسکرپشن : عظمٰی مظہر


میرے دوست مجھ سے سخت نالاں ہیں۔ کہتے ہیں مفتی تو نے خوامخوا ہ کا پاکھنڈ مچا رکھا ہے۔
میں کہتا ہوں یارو ! واقعی میں جاننا چاہتا ہوں کہ مسلمان کا مطلب کیا ہے؟ اگر تمہیں معلوم ہے تو تم بتا دو۔ وہ سب صوم و صلوٰۃ کے پابند ہیں۔ محمد عمر تو یوں نماز پڑھتا ہے جیسے فرض ادا کرنا مقصود ہے۔ جی نہیں لگا یا۔ بس چلا دیتا ہے۔ ابھی شرو ع کی، ابھی ختم۔ کہتا ہے اگر ناغہ هو جاۓ تو سارا دن یوں محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی کمی رہ گئی ہے۔

باب 2 : عالمِ دین

ٹرانسکرپشن : عظمٰی مظہر

صوم و صلوٰۃ


عما د یوں ڈوب کر پڑھتا ہے کہ گرد و نواح کا ہوش نہیں رہتا۔ اسے نماز پڑھتے دیکھو تو لگتا ہے جیسے لذت سے لت پت ہو۔
چند ایک سال کی بات ہے کہ ایک بزرگ تشریف لاۓ۔ انہوں نے عماد کو نماز پڑھتے ہوۓ دیکھ لیا۔ کہنے لگے، میاں آپ نماز نہیں پڑھتے، لذت حاصل کرتے ہیں۔
مسعود بولا: ” عالی جاہ ! جب یہ نماز پڑھتا ہے تو لگتا ہے جیسے بڑا ہی شیریں آم چوس رہا ہو۔ "
بزرگ کہنے لگے : ” ہم تو اسرار و رموز سے واقف نہیں ہیں، البتہ ہمارے سرکار قبلہ فرمایا کرتے تھے کہ اگر عبادات میں لذت آنے لگے تو رک جاؤ۔ چونکہ لذت مقصود نہیں ہے، بلکہ رکاوٹ ہے۔”
بہرحال میرے دوست صوم و صلوٰۃ کے پابند ہیں لیکن کہتے ہیں کہ ہمیں معلوم نہیں کہ مسلمان کا مطلب کیا ہے۔ وہ میرے سوال کو سن کر ہنس دیتے ہیں۔ کہتے ہیں۔ دیکھو کو ئی بھی تو نہیں جو جانتا ہو کہ مسلمان کا مطلب کیا ہے؟،
مسعود بولا، دیکھ مفتی ! جس شہر میں تو رہتا ہے، یہاں سب مسلمان رہتے ہیں۔ سبھی پڑھے لکھے ہیں۔ اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ اللّه اور اسکے آخری پیغمبر حضرت محمد ؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت کو سچے دل سے مانتے ہیں۔ لیکن انہوں نے کبھی یہ نہیں سوچا کہ مسلمان کا مطلب کیا ہے۔ تو تو خوامخواہ اس جھگڑے میں پڑا ہے۔ اچھا فرض کرو، تمہیں پتا چل جاتا ہے کہ مسلمان کا مطلب کیا ہے تو کیا تو سنجیدگی سے اپنی زندگی کو اس کے مطابق ڈھال لے گا؟”
عمر نے قہقہہ لگایا۔ کہنے لگا ” یار چھوڑو ! یہ مفتی تو سراسر منہ زبانی ہے۔ اسکی زندگی عمل سے یکسر خالی ہے۔ عمل کی سرے سے صلاحیت ہی نہیں ہے اور مسلمان تو وہ ہوتا ہے جو سراسر عمل ہو۔ مثلاً عماد الدین ہے، یہ صاجب عمل ہے۔”
"اوں ہوں ! ” مسعود نے کہا، "عماد تو صرف صاحب عبادات ہے، صاحب عمل نہیں۔ مثلاً یہ ہاتھ کا کھلا نہیں۔ جب دینے کا وقت آتا ہے تو ہاتھ رک جاتا ہے۔ مسلمان کا ہاتھ نہیں رکتا، توفیق ہو یا نہ ہو، ہاتھ کھلا رہتا ہے "۔
"عماد کھسیانی ہنسی ہنسا۔ بولا، ” میں نے کب دعویٰ کیا ہے کہ میں صحیح مسلمان ہوں۔ مجھے خود علم نہیں کہ مسلمان کون ہے۔ ہاں، مفتی ! اگر تم چاہو تو ہم یہ مسئلہ ان سے پوچھ سکتے ہیں۔ "
"کن سے پوچھ سکتے ہیں؟ "عمر نے پوچھا۔
"ایک صاحبِ دین یہاں تشریف لاۓ ہوۓ ہیں۔ عمر رسیدہ ہیں، صاحب علم ہیں، محترم ہیں۔ اگر آپ چاہیں تو ہم ان سے فون پر بات کر کے حاضری کی اجازت طلب کر سکتے ہیں۔ ان سے بات چیت کے دوران ہم ان سے سوالات پوچھ سکتے ہیں۔ ممکن ہے وہ تمہیں مطمئن کر سکیں "۔
عماد نے صاحب دین سے اجازت حاصل کی اور اگلے روز ہم چاروں ان کی خدمت میں حاضر ہو گئے۔

باب 2: عالمِ دین

ٹرانسکرپشن : اقرا سمیع

دورِ حاضرہ


کچھ دیر کے بعد عالم دین ڈرائنگ روم میں تشریف لائے۔ بڑے اخلاق سے ہم سب سے ملے۔ حال احوال پوچھا اور پیشتر اس کے کہ ہم ان سے کوئی سوال پوچھتے انہوں نے دور حاضرہ کی دین سے بے تعلقی بلکہ بے دینی کا تذکرہ چھیڑ دیا۔ انکی باتیں بڑی حد تک صحیح تھیں، قابل توجہ تھیں۔ لیکن ان کے انداز سے معلوم ہوتا تھا جیسے دورے حاضرہ ہماری نئی نسل کا پیدا کردہ ہو۔ جیسے نئی نسل نے جان بوجھ کر دین کے خلاف سازش کی ہو اور بڑی پلاننگ اور محنت سے دور حاضرہ کو تشکیل دیا ہو۔
میں چاہتا تھا کہ ان کی خدمت میں عرض کروں کہ عالی جاہ ! دور حاضرہ ہماری نسل کا پیدا کردہ نہیں ہے بلکہ عالمی حالات نے دور حاضرہ ہماری نسل پر عائد کیا ہے۔ نئی نسل نے یہ ظلم ہم پر نہیں کیا وہ تو خود مظلوم ہے اور علماۓ دین کی ہمدردانہ توجہ کی مستحق ہے۔

صاحبو ! زندگی بھر میں بڑے بوڑھوں سے دور حاضرہ کے خلاف غم و غصہ کا اظہار سنتا آیا ہوں۔ جب میں 15۔5 سال کا تھا تو ہمارے محلے کے بڑے بوڑھے دور حاضرہ کے خلاف غم و غصہ کا اظہار کیا کرتے تھے۔ یہ 20۔1910 کی دہائی کی بات ہے۔ محلے کی بڑی بوڑھیاں دور حاضرہ کو بے نطق سنایا کرتی تھیں۔ وہ دورہ حاضرہ سے اس قدر زچ تھیں کہ اعلانیہ اسے بد دعائیں دیا کرتی تھیں۔
اور جناب والا ان دنوں ان کے لئے دور حاضرہ ہم تھے۔ محلے کے پانچ سے اٹھارہ سال کے بچے۔ ہم تعداد میں پندرہ بیس تھے۔ جب ہم اپنے اپنے گھروں میں بیٹھے ہوتے تو بڑے بوڑھے خصوصاً بوڑھیاں ہمارے وارے نیارے جاتے اور ہمیں اپنی محبت سے لت پت کیے رکھتے لیکن جونہی ہم گھروں سے نکل کر محلے کے چوگان میں پہنچتے تو ہم دور حاضرہ بن جاتے۔
محلے والوں کو ہم سے یہ شکایت تھی کہ ہم محلے کے چوگان میں کھیلا کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی پود بےکار کھیل کود میں وقت ضائع کرتی ہے، حالانکہ انکا کام ہے کہ وہ گھر بیٹھ کر قرآن کریم پڑھیں یا سکول کا سبق یاد کریں اور بڑوں کے احکامات کے مطابق گھر کے کاموں میں ہاتھ بٹائیں، والدین کی خدمت کریں۔
دراصل ساری مشکل یہ تھی کہ محلے کے بچے گیند سے کھیلتے تھے اور محلے کے چوگان میں جہاں وہ کھیلتے تھے، چاروں طرف نالیاں بنی ہوئی تھیں جن میں گندہ پانی بہتا تھا اور ہمارا گیند کوشش کے باوجود نالیوں میں گر جاتا اور گندے پانی سے بھیگ جاتا تھا۔ پھر اس گیند سے گندے پانی کے چھینٹے اڑتے اور چوگان سے گزرنے والے نمازیوں کے کپڑے پلید ہو جاتے یا ہم گیند کو ہٹ لگاتے تو چوگان کے ارد گرد بنی چھوٹی اینٹ کی حویلیوں کی کھڑکیوں سے گھر کے اندر جا گرتا اور سارے گھر کو پلید کر دیتا۔
اس پر محلے کی بڑی بوڑھیاں کھڑکیوں میں آ کھڑی ہوتی اور نئی پود کو صلواتیں سناتیں دھمکیاں دیتیں اور بد دعائیں دیتیں۔ وہ گھنٹوں کھڑکیوں میں کھڑے ہو کر بولتی رہتیں۔ جب وہ بول بلاوے سے تھک جاتیں اور اندر چلی جاتیں تو چھپے ہوئے، دبکے ہوئے، ڈرے ہوئے بچے اپنی کمین گاہوں سے نکل کر پھر میدان میں جمع ہو جاتے۔ پھر وہ انتقاماً بوڑھیوں کی نقل لگاتے، انکا مذاق اڑاتے، پھبتیاں کستے اور بڑی بوڑھیوں کی زبان درازیوں سے انتقام لینے کے لیے بڑی محنت سے دس بارہ دنوں میں ایک پٹاخہ تیار کرتے۔ جب وہ تیار ہو جاتا تو بڑے اہتمام سے ایک خاص وقت مقرر کرتے۔ پھر سب سے بڑا لڑکا چوگان کے گرد کی کسی دیوار پر وہ پٹاخہ پورے زور سے دے مارتا۔ ایک دھماکہ ہوتا جسے سن کر محلے کی بڑی بوڑھیاں کھڑکیوں میں آ کھڑی ہوتی اور بول بول کر اپنے گلے پھاڑ لیتیں اور محلے کے تمام بچے جو چھپے بیٹھے ہوتے، خوشی سے پھولے نا سماتے۔

باب 2 : عالمِ دین

ٹرانسکرپشن : اقرا سمیع

بات اور تقریر


عالمِ دین صاحب بولے جا رہے تھے، بولے جا رہے تھے۔ میں چاہتا تھا وہ رکیں تو انکی خدمت میں عرض کروں کہ عالی جاہ ! دور حاضرہ ہماری نسل نے پیدا نہیں کیا۔ وہ تو عالمی حالات کی پیدوار ہے۔ ہماری نسل تو مظلوم ہےاور آپکی ہمدردی کی مستحق ہے۔
لیکن عالم دین کسی مقام پر رکتے تو میں بات کرتا۔ دراصل وہ بات نہیں کر رہے تھے بلکہ تقریر کر رہے تھے۔ معلوم ہوتا تھا کہ انہیں کئی ایک تقریریں ازبر تھیں۔ ایک ختم ہوتی تو وہ دوسری اسکے ساتھ جوڑ دیتے، یوں تسلسل جاری رہا۔
دفعتاً دیوار پر گھڑی نے بارہ بجا دئیے اس پر ہم چونکے۔ چونکہ ہم دس بجے انکی خدمت میں حاضر ہوئے تھے، لہٰذا پورے دو گھنٹے ہم سب اس انتظار میں بیٹھے رہے تھے کہ ان کی بات ختم ہو تو ہم ان سے سوال کریں۔
اس روز مجھے پتا چلا کہ عالم دین سے بات کرنا ممکن نہیں ہے۔۔ وہ سننے کے نہیں بلکہ کہنے کے شوقین ہیں اور ان کے پاس کہنے کی اتنی ساری باتیں ہیں کہ وہ ختم ہونے میں نہیں آتی۔

نہ کوئی بحث کی نوبت نا کوئی اذن سوال
فقیہ شہر کا جاہ و حشم زیادہ ہے
اگر بالفرض محال وہ آپ کا سوال سن بھی لیں تو وہ اسے سمجھنے کی کوشش نہیں کریں گے اور جواب کو اس قدر Irrelevant بنا دیں گے کہ آپ حیران رہ جائیں گے۔ پھر وہ بات کو گھما پھرا کر اپنی کسی اور تقریر سے جوڑ کر اسے تقریر کی شکل دے دیں گے۔

باب 2 : عالمِ دین

ٹرانسکرپشن : رضوانہ راۓ

بہتر مخلوق


صاحبو! میں علمائے کرام سے بے حد مایوس ہوں۔ وہ صرف دو باتیں کرنا جانتے ہیں۔۔۔۔۔۔ دور حاضرہ پر تنقید اور ماضی کی مدح سرائی۔ صرف یہی نہیں! مجھے علمائے کرام کے خلاف کئی ایک شکایات ہیں۔ مجھے ان سے بنیادی شکایت یہ ہے کہ وہ مجھ جیسے نہیں ہیں، عوامی نہیں ہیں، ہم میں سے نہیں ہیں۔ انکا پہناوہ اور طرح کا ہے، رہن سہن اور طرح کا ہے۔ آواز کی سر تال اور طرح کی ہے آواز حلق کے نچلے پردوں سے نکلتی ہے۔۔۔۔۔ نکلتی نہیں، نکالی جاتی ہے۔ بڑی مشق اور محنت سے نکالی جاتی ہے تاکہ اسمیں ایک امتیازی شان پیدا ہو جائے۔
انکی چال عوامی نہیں ہے۔ اس میں ایک امتیازی ٹھمک ہے۔ معززیت کی ٹھمک۔ ان کے میک اپ کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے وہ کوئی اور مخلوق ہوں، بہتر مخلوق۔۔۔۔ انسان اور فرشتے کی درمیانی مخلوق یا جیسے وہ کسی تاریخی کاسٹیوم پلے کے اداکار ہوں۔ ان کا میک اپ اتنا بھاری ہوتا ہے کہ فلمُسٹاروں کا میک اپ پیچھے رہ جاتا ہے
صاحبو! سیانے کہتے ہیں کہ اگر تم کسی پر اثر ڈالنا چاہتے ہو کہ کوئی تمھاری بات توجہ سے سنے، کانوں سے نہیں بلکہ دل کے کانوں سے، تو تم پر لازم ہے کہ پہلے تم ویسے بن جاؤ جیسے وہ لوگ ہیں جن پر تم نے اثر ڈالنا ہے۔ یہاں تک ویسے بن جاؤ کہ وہ لوگ سمجھیں کہ یہ شخص ہم میں سے ہے۔

باب 2 : عالمِ دین

ٹرانسکرپشن : رضوانہ راۓ

امتیازات، مساوات


کووں پر اثر ڈالنا مقصود ہے تو پہلے بظاہر کوا بننا پڑے گا۔ مور بن کر اپنی رنگ دار دم جھلانے سے مقصد حاصل نہیں ہوگا، الٹا کووں میں ری ایکشن پیدا ہوگا۔
علمائے دین کو اتنی سی بات سمجھ میں نہیں آتی کہ انہیں اسی طبقے کو دین کی جانب مائل کرنا ہے جسے وہ رد کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کو نہیں جانا کہ دور حاضرہ ہی ہمارا حال ہے جو جلد ہی ہمارا مستقبل بننے والا ہے۔ انہوں نے نہیں جانا کہ دور حاضرہ ایک دھارا ہے، ایسا دھارا جسے روکا نہیں جا سکتا جس پر بند نہیں باندھا جا سکتا، جسے صرف channalise کیا جا سکتا ہے، رخ دیا جا سکتا ہے۔ وہ اس خوش فہمی میں بیٹھے ہیں کہ ہم اپنا دور حاضرہ خود بنائیں گے۔ وہ جگہ جگہ دینی مدارس قائم کر رہے ہیں جن میں وہ بچوں کو دور حاضرہ سے محفوظ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہیں دنیاوی علوم سے محروم رکھتے ہیں اور اس طرح ان کی تر بیت کرتے ہیں کہ بڑے ہو کر وہ بچے ان جیسے بن جائیں۔ انکا اٹھنا بیٹھنا، رہنا سہنا، بولنا چلنا عوام سے مختلف ہو جائے۔ ان بچوں میں بھی وہی امتیازی شان پیدا ہو جائے جو علمائے دین کا طرۂ امتیاز ہے۔
کاش کہ ہمارے علمائے دین کو شعور ہوتا کہ وہ ہم میں امتیازات پیدا کر رہے ہیں حالانکہ مسلمان کی عظمت مساوات پر قائم ہے۔

باب 2 : عالمِ دین

ٹرانسکرپشن : رضوانہ راۓ

صوفیاۓ کرام


اس کے برعکس صوفیائے کرام نے مساوات کو اپنایا۔ وہ جانتے تھے کہ جن لوگوں پر اثر ڈالنا ہے، ہمیں ویسا بننا پڑے گا، اس حد تک کہ وہ سمجھیں یہ شخص ہم میں سے ہے۔
صوفیا ۓ کرام سینکڑوں میل دور وسط ایشیا سے ہندوستان میں آتے تھے۔ یہاں پہنچ کر سچے دل سے اسے اپنا وطن سمجھتے، پورے طور پر ہمیں اپنا لیتے، ہماری بولی سیکھتے، ہمارا پہناوا پہنتے، ہمارا رہن سہن اپناتے، ہماری رسومات و رواج کو اپناتے، پھر وہ ہم سے بات کرتے۔ وہ اس بھید سے واقف تھے کہ جب تک وہ ہم جیسے نہیں بنیں گے انکی بات ہم تک نہیں پہنچے گی۔ جب مکمل طور پر ہم میں رچ بس جاتے تو وہ ہماری زبان میں ہماری عوامی کہانیاں لکھتے۔ ان تصانیف میں وہ ہمارے لئے پیغام رکھ دیتے تھے۔
انکی تصانیف اتنی اپنائیت لئے ہوتیں کہ عوام انہیں حفظ کر لیتے پھر تقریبات میں، محفلوں میں، داروں میں لوگ انہیں والہانہ پڑھتے اور سننے والے سر دھنتے۔
صوفیاۓ کرام نے کببی اسلام کی تبلیغ نہیں کی تھی۔ انہوں نے کبھی بحث مباحثے نہیں کئے۔ انہوں نے کبھی تقریریں نہیں کیں تھیں۔ وہ اسلام کا ڈنکا نہیں بجاتے تھے۔ صرف اسلام کے لئے جیتے تھے۔ انکے پاس دو ہتھیار تھے، اخلاق اور حسن کردار۔ ان دونوں ہتھیاروں میں مساوات کی دھار تھی جو لوہے کی دھار سے زیادہ کاٹ کرتی ہے۔
داتا صاحب نے کبھی کسی سائل سے یہ نہیں پو چھا تھا کہ میاں تو ہندو ہے یا مسلمان۔ وہ صرف دینا جانتے تھے اور وہ واحد قادر مطلق، جو دینے پر قادر ہے، اپنے چاکر کی لاج رکھتا تھا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ چند سالوں میں آدھا لاہور مسلمان ہو گیا۔ متعصب لوگ کہتے ہیں کہ اسلام تلوار کے زور پر پھیلا ہے۔ وہ سچ کہتے ہیں لیکن یہ تلوار فولاد کی نہیں، اسلامی کردار کی تھی۔ صاحبو ! جان لو کہ مساوات سے زیادہ خطرناک ہتھیار کوئی نہیں ہے۔

باب 2 : عالمِ دین

ٹرانسکرپشن : رضوانہ راۓ

اللّٰہ ہا


اسکے بر عکس ہمارے علماۓ کرام عوام میں گھلتے ملتے نہیں۔ وہ اپنی امتیازی شان برقرار رکھتے ہیں۔ اٹھنے میں، بیٹھنے میں، کھانے میں، پینے میں، رہنے سہنے میں، بات چیت میں انکا انداز الگ ہوتا ہے۔ ہونٹ سنوار کر بات کرتے ہیں۔ گلے کے نچلے پردے سے آواز نکالتے ہیں تاکہ وقار پیدا ہو۔ یہاں تک کہ وہ اللّٰہ بھی مخصوص سر تال سے کہتے ہیں ۔۔” اللہ ہا” ! ایسے لگتا ہے جیسے انکا اللّٰہ بھی ہمارے اللّٰہ سے مختلف ہے جیسے ان کے اللّٰہ نے بھی سر پر بڑا بھاری عمامہ لپیٹ رکھا ہو۔

باب 2 : عالمِ دین

ٹرانسکرپشن : رضوانہ راۓ

جان انجان


ہمارے علماۓ کرام جس سے بھی مخاطب ہوتے ہیں، ایسی امتیازی شان سے مخاطب ہوتے ہیں کہ سننے والے پہ واضح ہو جائے کہ کوئی عام آدمی اس سے مخاطب نہیں ہے۔ ان کے انداز سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جانتے ہیں۔ جس کے ذہن میں یہ گمان ہو کہ "میں جانتا ہوں "وہ لازماً سننے والے کو "انجان” سمجھے گا۔ یہ ایک قدرتی امر ہے۔ اگر آپ دوسرے کو انجان سمجھیں گے تو آپ میں احساس برتری جاگے گا۔ آپ کرسی پہ بیٹھ جائیں گے، دوسرے کو اپنے سامنے کھڑا کر لیں گے۔
صاحبو! جان لو کہ اگر بات کرنے والا کرسی پہ بیٹھا ہو اور سننے والا کھڑا ہو تو بات نہیں ہو سکتی۔
کہنے والا بات کہہ دے گا لیکن بات سننے والے تک نہیں پہنچے گی۔ کان بے شک سن لیں لیکن بات دل پر اثر نہیں کرے گی۔
سیانے کہتے ہیں کہ بات کہہ دینا ہی کافی نہیں۔ جب تک بات پہنجے گی نہیں بات نہیں بنے گی۔
صاحبو! آجکل لوگ باتیں کیے جا رہے ہیں، کیے جا رہے ہیں۔ کوئی ممبر پر کھڑا کیے جا رہا ہے، کوئی مائیک سے منہ لگائے کئے جا رہا ہے، کوئی سٹیج پر کھڑا کیے جا رہا ہے، کوئی عہدے کے زور پر بات کرتا ہے، کوئی لیڈری کے زور پر، کوئی عمر رسیدگی کے زور پر، کوئی دین کے زور پر۔ سب بولے جارہے ہیں، اپنی اپنی ڈفلی بجائے جا رہے ہیں۔ کسی نے کبھی یہ نہیں سوچا کہ بات پہنچ بھی رہی ہے کہ نہیں۔ سب بچوں کی طرح بولے جا رہے ہیں، بولے جا رہے ہیں۔ بچے بڑے، بوڑھے بچے۔
ہاں تو علمائے کرام عوام سے بات نہیں کر سکتے۔ بے شک تقریر جھاڑ سکتے ہیں۔ نصیحتیں کر سکتے ہیں۔” من نہ کر دم شما حذر بکنید” قسم کی نصیحتیں۔ خود گڑ کھاتے ہیں، دوسروں کو گڑ کھانے سے منع کرتے ہیں۔ وہ حکم چلا سکتے ہیں، دھونس دے سکتے ہیں لیکن بات نہیں کر سکتے۔

باب 2 : عالمِ دین

ٹرانسکرپشن : رضوانہ راۓ

مساوات

بات صرف وہ شخص کر سکتا ہے جو مساوات کا قائل ہے۔ صاحبو! ہمارے معاشرے میں بہت کم لوگ ایسے ہیں جو دوسروں کو مساوات کا درجہ دینے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ باپ بیٹے کو حوصلہ نہیں دیتا، نہیں دے سکتا۔ جب بیٹا جوان ہو جاتا ہے، عنفوان شباب میں قدم دھرتا ہے تو باپ کا اس کے متعلق رویہ دوغلا ہو جاتا ہے۔ دوسروں کے سامنے وہ بیٹے پر مان کرتا ہے، اکیلے میں وہ سمجھتا ہے کہ "چھوٹا ” ہے ” ، ناسمجھ” ہے”، ” احمق” ہے، میرے جسم سے نکلی ہوئی ایک ناپاک "چھینٹ "سے بنا ہے۔ باپ کی بات کو چھوڑئیے! کوئی بڑا چھوٹے کو اہمیت دینے کے لئے تیار نہیں ہے۔
بڑے بوڑھے صدیوں سے چھوٹوں پر راج کرتے آئے ہیں۔

Back to top button