یونیکوڈ کتابیں

تلاش

باب 3 — نئی نسل

تلاش — ممتاز مفتی، کتاب کا سرورق

باب 3 : نئی نسل

ٹرانسکرپشن : فرحین فرحان

نئی نسل


ہم نے کبھی نہیں سوچا کہ ہم نئی نسل میں کیڑے ڈال رہے ہیں بلکہ اپنے مستقبل میں کیڑے ڈال رہے ہیں۔ ہم نے اس حقیقت کو کبھی تسلیم نہیں کیا کہ نئی نسل ہمارا مستقبل ہے۔ ہم نے کبھی اسے اہمیت نہیں دی، ہمیشہ اسے ” کنڈم ” کیا، ہمیشہ اسے رد کیا۔ ہم نے نئی نسل کو کبھی حالات حاضرہ نہیں سمجھا۔ ہم نے کبھی اس حقیقت کو تسلیم نہیں کیا کہ بچے کا جوان بننا، جوان سے نوجوان بننا اور پھر بڑا بننا ایک Process ہے۔۔۔۔ ایک ارتقائی عمل جس میں فرد پر لازم ہے کہ وہ ہر اپنے دور کو جئے، ہر اپنے دور کو دل کھول کر اپنائے۔
اگر وہ اپنے ہر دور کو اپنا کر بڑا نہیں ہوگا تو اسکی تکمیل نہیں ہوگی۔ ہر باپ کی یہ خواہش رہی ہے کہ میرا بچہ بڑا ہوکر میرے جیسا بنے۔ ہر باپ سمجھتا ہے میرا دور جس میں، میں نے زندگی گزاری ہے، بہتر تھا اور ہر آنے والا دور بد تر ہے۔
کسی باپ نے یہ نہیں سوچا ہوگا کہ میں اپنے بیٹے کو ایسا بنا دوں کہ اس میں اپنے یعنی آنے والے دور کے مطابق جینے کی صلاحیت پیدا ہو۔ معاف کیجیئے! آپ سمجھ رہے ہوں گے کہ مفتی تقریرجھاڑ رہا ہے، کتابی باتیں کر رہا ہے، یقین جانئے میں کتابی باتیں نہیں کررہا، آپ بیتی باتیں کر رہا ہوں جسے پنجابی میں ” ہڈ بیتی” کہتے ہیں

باب 3 : نئی نسل

ٹرانسکرپشن : فرحین فرحان

ہڈ بیتی


یہ عظیم حقیقت مجھے میرے بیٹے نے سکھائی تھی۔ جب وہ 20 سال کا ہوا تو ایک روز وہ میرے پاس آیا۔ کہنے لگا بابا ! میں تجھ سے ایک بات کرنا چاہتا ہوں۔ میں نے کہا پوچھتا کیوں ہے۔ شوق سے بات کر، جو بھی کہنا چاہتا ہے کہہ، تجھ پر کوئی بندش نہیں ہے۔ کہنے لگا بابا میں نے بیس سال تک اپنی زندگی آپ کے خیالات کے مطابق گزاری ہے۔ اب مجھے اجازت دیجیئے کہ باقی زندگی میں اپنے خیالات کے مطابق گزارلوں۔ اس کی یہ بات سن کر ایک دھماکہ ہوا، مجھے یوں لگا جیسے صور پھونک دیا گیا ہو۔ میرے پرخچے اڑ گئے، لیکن آپ اس بات کو نہیں سمجھیں گے، جب تک میں آپ کو” باپ بیٹے”کی کہانی نہ سنا دوں۔ جب عکسی چار سال کا ہوا تو اسکی والدہ فوت ہوگئی اور ہم باپ بیٹے اکیلے رہ گئے۔ ان دنوں میں سکول ماسٹر تھا۔ سکول جاتا تو عکسی کو انگلی لگا کرساتھ لے جاتا۔ جب تک میں پڑھاتا رہتا عکسی دیوار سے لگ کرکھڑا رہتا۔ بازار جاتا تو اسے ساتھ لے جاتا۔ ہم دونوں اکیلے رہنے پر مجبور تھے۔ کوئی ہمارا ساتھ دینے کو تیار نہیں تھا۔ عکسی کو علم نہ تھا یہ باپ کے مکافات عمل کا نتیجہ ہے۔ باپ نے جوانی میں کانٹے بوئے تھے۔ بیٹا لہولہان ہو رہا تھا، ہمارا کوئی والی وارث نہیں تھا، رشتے دار نہ عزیز۔ ہم اکھٹے رہتے تھے۔ اکھٹے سوتے تھے، اکھٹے باتھ روم جاتے تھے۔ ہم باپ بیٹا نہ تھے، دو ساتھی تھے۔
پھرعکسی بڑا ہو گیا اورمیرا تبادلہ کراچی ہوگیا۔ وہاں میراایک دوست تھا قیصر۔ قیصر میرا بھانجا بھی تھا اور دوست بھی۔ بھانجا کم کم دوست زیادہ۔ قیصرلنڈورا تھا۔ دو سال اس نے ہمیں لنڈورا بنائے رکھا۔ سارا دن ہم کراچی میں آوارہ گردی کرتے۔ بازاروں میں چلتے پھرتے، گنڈیریاں چوستے، سٹالوں پر کھڑے ہوکر کباب کھاتے، کافی ہاؤس میں پیالے پر پیالہ انڈیلتے اورپھر شام پڑتی تو کسی سینما میں فلم دیکھتے رو زبلاناغہ۔ ساری عیاشی قیصر کی وجہ سے تھی، میں تو قلاش تھا، وہ امریکی دفتر میں افسر تھا۔
کوئی ہمیں دیکھ کر یہ جان نہ سکتا تھا کہ تینوں میں ایک باپ اور ایک ماموں ہے۔ ایک بھانجہ ہے، ایک بیٹا ہے، میں خود پر بڑا خوش تھا، میں خود کو شاباش دیتا تھا۔ میں سمجھتا تھا کہ میں وہ باپ ہوں جس نے اپنے بیٹے پر حکم نہیں چلایا۔ اسے نصیحت نہیں کی۔” من نا کردم شماحذر بکبنید” قسم کی نصیحت۔ میں وہ باپ ہوں جس نے بیٹے کو دوست بنائے رکھا، ساتھی بنائے رکھا۔ میں دل ہی دل میں کہتا تھا لوگو! میرے گلے میں ہار ڈالو، مجھے ایوارڈ دو، میں وکٹوریا کراس قسم کےایوارڈکا مستحق ہوں۔ ان خیالات کے مطابق زندگی بسر کر لوں، تو ایک دھماکہ ہوا، اچانک دھماکہ، میرے پرخچے اڑگئے، میری بوٹی بوٹی فضا میں بکھر گئی۔ میں نے کہا جاؤ بیٹا جاؤ!، اپنی عمرجیو، اپنا دور جیو۔ اس نے کہا بابا میں اپنے دوست بناؤں گا۔ میں اپنے ہم عمروں میں رہوں گا۔ میں اپنا دورجیوں گا۔ تین ماہ بعد وہ واپس آ گیا۔ میں نے کہا عکسی تم واپس کیوں آ گئے؟ بولا، بےکار ہے بابا! تمہارے ساتھ رہ رہ کرمیں بوڑھا ہوگیا ہوں۔ تم نے مجھے بوڑھا کردیا ہے۔ میرے ہم عمروں نے مجھے Rejectکر دیا ہے وہ کہتے ہیں تم ہم میں سے نہیں ہو۔ یو ڈونٹ بیلانگ ٹو اس۔ تم ہمارے دور کے نہیں ہو، بڈھے طوطے گٹ آؤٹ۔ بابا جو حرکتیں وہ کرتے ہیں، میں ان کا ساتھ نہیں دے سکتا تھا۔ ان میں شمولیت نہیں کرسکتا تھا۔ مجھے ان کی باتیں” ٹچ” لگتی تھیں، احمقانہ، شہدی۔ اس روز میں نے شدت سے محسوس کیا کہ ہر نوجوان کے لئے اپنا دورجینا کتنا ضروری ہوتا ہے۔ اپنا دور جینے کے بغیر کسی فرد کی تکمیل نہیں ہوتی۔ صاحبو! یہ صرف میری رائے ہی نہیں، آپ، میں، ہم سب اس حقیقت کو دیکھتے ہیں، جانتے ہیں، لیکن دیکھ کر آنکھ چرا لیتے ہیں، ہم میں اتنا حوصلہ نہیں کہ ایک ایسی حقیقت کو دیکھیں۔ ہم ہر Unpleasent حقیقت کو دیکھ کر اسے نظر انداز کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہم اس کبوتر کے مصداق ہیں جو بلی کو دیکھ کر آنکھیں بند کرلیتا ہے اور کہتا ہے، خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔ سب اچھا، سب اچھا۔

باب 3 : نئی نسل

ٹرانسکرپشن : فرحین فرحان

بلقیس کا طوطا


اسلام آباد میں ایک بہت بڑی شاعرہ رہتی ہے بلقیس محمود۔ نظم کی شاعرہ ہے۔ میں بلقیس کا مداح ہوں، وہ ہمیشہ منفرد مضوعات پر لکھتی ہے۔ اس کی زیادہ تر نظمیں بارھویں کھلاڑی پر ہیں۔ اسکا بیٹا تاشی امریکہ چلا گیا تو بلقیس نے ایک نظم ان دنوں سے متعلق لکھی جب اسکا بیٹا تاشی اسلام آباد میں اپنے امی ابا کے ساتھ رہتا تھا۔ یہ ایک طویل نظم ہے، اسکے اقتباسات پیش کرتا ہوں۔ صاحبو! یہ بھی جان لو بلقیس کا گھر احترام اور رسم بھرا ((Traditional گھر نہیں ہے۔ گھرکی فضا آزاد ہے، پیار بھری ہے، اس کے باوجود وہ اپنے بیٹے تاشی کے جذبات یوں رقم کرتی ہے:
—-مجھے لگتا ہے امی
میں
بڑھاپے سے بھری بستی میں آکر
پھنس گیا ہوں
یہاں ہرشخص بوڑھا ہے
یہ چودہ سال کی بہنا
یہ سولہ سال کا بھائی
یہ دونوں آپ۔۔۔۔
یہ گہرے سلیٹی رنگ کی
بے رنگ سی دنیا
خدایا میں کہاں پر آ گیا ہوں
یہاں ہنسنا ہنسانا جرم لگتا ہے
یہاں پر زندگی کے گیت گانا
Banہے شاید
مرا کیا جرم ہے امی
مجھے لگتا ہے امی! آپ سب صیاد ہیں میرے
مرے پرکاٹ کر
پنجرے میں رکھ لینے کی اک خواہش
بس اک خوش رنگ سا طوطا
میاں مٹھو
کہ جب چاہا
میاں مٹھو میاں مٹھو کہا
بہلایا
خوش کرلیا
اپنے بڑھاپے کو
تعجب ہے مجھے امی
کہ اپنے دوستوں میں آپ ہنستی ہیں
مجھے سچ سچ بتائیں آپ کو ہنسنا بھی آتا ہے؟؟
کوئی sense of Humor
آپ میں بھی ہے؟
مجھے تو آٌپ سارے
دکھ کے مارے
بوڑھے بوڑھے لوگ لگتے ہیں
کہ جن کی ساری کوشش ہے
مجھے بھی توڑ کررکھ دیں
دکھی سنجیدہ گہرے رنگ میرے بھی منہ پر مل دیں

میری امی میرے ابو
مجھے انگریزی گانوں اور کارٹونوں سے تو نا روکیں مجھے وہ ” ویلری بابا
وہ چھوٹی چھوٹی زندہ دل لڑکیاں
”می شیل” ——–وہ ”ڈی جے”
مکمل زندگی والا وہ” فل ہاؤس”
یہ سب تو دیکھ لینے دیں
وہ سارے خواب
ساری خواہشیں
جو میرے اندر ہیں
انہیں باہر تو آنے دیں

باب 3 : نئی نسل

ٹرانسکرپشن : شبانہ حنیف

لا حول ولا


ہمارے دینی رہنما اس آندھی کو دیکھ کر لاحول ولا پڑھ پڑھ کر تھک گئے ہیں۔ ہمارے دینی رہنماؤں کی عادت ہے کہ وہ دور جدید کی ناگوار باتوں پر غور نہیں فرماتے۔۔ وہ انھیں مسائل نہیں سمجھتے۔۔ وہ انھیں "لاحول ولا ” سے زیادہ اہمیت دینے پر تیار نہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ دور جدید اہل مغرب کی ایک شرارت ہے، اسلام کے خلاف ایک سازش ہے۔۔ ان کے ذہن میں مسئلے کا صرف ایک حل ہے، وہ یہ کہ اس شیطانی عمل کو روکو۔۔ انھیں یہ شعور نہیں کہ دور جدید ایک دھارا ہے اور دھارے کو کبھی روکا نہیں جاسکتا۔۔ البتہ اس کا رُخ بدلا جا سکتا ہے۔۔ لیکن انھوں نے کبھی اس دھارے کا رخ بدلنے کی کوشش نہیں کی۔۔
ہمارے علمائے دین نے مغرب کو ہمیشہ شر سمجھا ہے حالانکہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اہل مغرب میں ہماری نسبت خیر کا جذبہ زیادہ ہے۔۔ صاحبو ! میں حکومتوں کی بات نہیں کر رہا، لوگوں کی بات کر رہا ہوں۔۔ اہل مغرب نے بڑی نیک نیتی سے آزادی اور مساوات کی ایک پالیسی بنائی تھی۔۔ عورتوں کی آزادی، بچوں کی آزادی، خیالات کی آزادی، اظہار کی آزادی، جنس کی آزادی ! لیکن بد قسمتی سے ان کے اس تجربے کو کامیابی حاصل نہ ہوئی، الٹا اس نے اک آگ لگا دی۔۔ ایسی آگ جس کی جھلسن دنیا کے کونے کونے میں پہنچ چکی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ آگ صرف ہمیں جھلسا رہی ہے۔۔ یہ ہماری بھول ہے۔۔ یہ آگ سب سے زیادہ خود اہل مغرب کو جلا رہی ہے۔۔ اہل مغرب اس بات کا شعور رکھتے ہیں کہ ان کا گھر اس آگ کی وجہ سے جل رہا ہے۔ وہ اس پرابلم سے نپٹنے کے لئے آپس میں صلاح مشورہ کر رہے ہیں۔ سوچ رہے ہیں، مائل بہ عمل ہیں۔۔
ہمارے علمائے دین سمجھتے ہیں کہ لاحول پڑھنے سے یہ مصیبت ٹل جائے گی۔۔ اس لئے وہ تقریریں کر رہےہیں۔ کہتے ہیں لوگو ! مغرب پر لاحول پڑھو ۔۔ نئی نسل پر لاحول پڑھو۔ دور حاضر پر لاحول پڑھو۔۔ وہ سمجھتے ہیں کہ :
” ہر درد کی دوا ہے لا حول ولا قوۃ "
کاش انھیں علم ہوتا کہ لا حول کا مطلب کیا ہے۔ گمان غالب ہے کہ بڑے بوڑھے بھی لاحول کے متعلق غلط فہمی کا شکار ہیں۔ اک زمانے تک میں بھی اس غلط فہمی کا شکار رہا ہوں۔۔ جب بھی میرے دل میں کوئی شر بھرا خیال آتا، خصوصاً جنس کے متعلق! تو میں فٹ سے لاحول پڑھ دیتا۔۔ اے شیطان تو کیوں مجھے تنگ کرتا ہے۔ مجھے چھوڑ یار۔۔
اس احتجاج میں غصے کی نسبت اپنائیت کا اظہار زیادہ ہوتا تھا جیسے ہمارے ٹرک ڈرائیور اپنے ٹرک کے پیچھے ایک بورڈ لگا دیتے ہیں جس پر لکھا ہوتا ہے : ” پپو یار تنگ نہ کر "۔۔ پھر ایک دن اچانک بیٹھے بٹھائے مجھ پر لاحول کے معنی کا انکشاف ہو گیا کہ :
اللہ کی ذات کے سوا کوئی قوت وجود نہیں رکھتی۔۔ لہٰذا کسی سے ڈرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔۔
میں تو حیرت زدہ رہ گیا۔ اس رات جب وہ خانہ کعبہ کی تصویر سے اتر کر صوفے پر آ کر بیٹھا تو میں غصے سے بھرا ہوا تھا۔۔ میں نے کہا، اگر تو ہی سب کچھ ہے، اگر تیرے حکم کے بغیر پتہ بھی نہیں ہل سکتا تو یہ کیا ناٹک رچا رکھا ہے تو نے۔ کیوں اپنی مخلوق کو” حریان ” کر رکھا ہے۔۔ میری بات سن کر وہ مسکرا دیا….. ایک دلنواز بے نیاز مسکراہٹ۔۔
اس روز سے جب بھی میرے دل میں شر بھرا خیال ابھرتا ہے میں لا حول نہیں پڑھتا بلکہ سچے دل سے جان لیتا ہوں، مان لیتا ہوں کہ مجھ میں شر کا عنصر موجود ہے۔۔ خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔۔ یہ ایک نیچرل بات ہے۔ اسے زیادہ اہمیت نہ دو۔۔

باب 3 : نئی نسل

ٹرانسکرپشن : شبانہ حنیف

جان لینا مان لینا


سیانے کہتے ہیں اگر تم اپنی کمزوریوں، کجیوں، کمیوں کو جان لو، سچے دل سے مان لو تو ان کی شدت کم ہو جاتی ہے، وہ مدھم پڑ جاتی ہیں۔۔ اگر نہ مانو تو جھگڑا شروع ہو جاتا ہے۔۔ ان کی شدت بڑھ ضجاتی ہے۔۔ وہ راون بن جاتی ہیں۔۔ انھیں اہمیت نہ دو”اگنور ” کردو ” ڈیوائن ڈسڈین۔۔ "
بڑے جب نئ نسل پر لاحول پڑھتے ہیں تو انہیں لاحول کے مفہوم کا احساس نہیں ہوتا ۔۔ لاشعوری طور پر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ شیطان نئی نسل کو ورغلا رہا ہے۔۔
اگر وہ لاحول کے مفہوم پر غور کریں تو انھیں احساس ہو کہ یہ مشیت ایزدی ہے۔
یہ جو نئ نسل میں شدت پیدا ہو رہی ہے، یہ شیطان کا کارنامہ نہیں۔۔ شیطان بہکا سکتا ہے، وہ مخلوق کا رنگ بدلنے پر قادر نہیں ہے۔
کسی صاحب نے نئ نسل کی شدت کے بارے میں کیا خوب بات لکھی۔۔
کہنے لگے : ” ہمارے دور میں اللہ نے ایک پاؤں بریک پر رکھا ہوا تھا۔۔ اب ایکسلیریٹر پر رکھ لیا ہے۔۔”
ہماری نئی نسل مردود نہیں، مظلوم ہے۔۔
ایک پاؤ بھر کے پیمانے میں سیر بھر انرجی ٹھونس دی گئی ہے ۔۔
صرف ہم ہی نہیں، نئی نسل کے روئیے پر ساری دنیا ہی نالاں ہے۔۔ ان میں شدت ہے، بلا کی شدت….. جیسے پاؤ بھر کی بوتل میں سیر انرجی ٹھونس دی گئی ہو۔۔ ان میں بلا کی بے چینی ہے۔۔ قیام سے محرومی، مسلسل حرکت، جلدی اور جلدی۔ جلدی چلیں، جلدی پہنچیں، جلدی لوٹیں، جلدی جئیں، جلدی مریں…… ان کی کوئی منزل نہیں… صرف جلدی۔۔ ان کا کوئی رخ نہیں، صرف حرکت۔۔
یہ شدت ان پر عائد کی گئی ہے۔۔
لگتا ہے جیسے پہلے اللہ تعالیٰ کا پاؤں بریک پر تھا، اب ایکسلیریٹر پررکھ دیا گیا ہے۔
یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔۔
تاریخ کائنات شاہد ہے کہ اللہ تعالیٰ ایسے تجربات اکثر کیا کرتا ہے۔
آپ نے اکثر دیکھا ہو گا کہ برسات میں چیونٹیوں کو پر لگ جاتے ہیں۔ پھر وہ پروانے بن جاتے ہیں ۔۔ مسلسل حرکت، دیوانہ وار حرکت۔۔
نئی نسل کو دیکھ کر مجھے ایسا لگتا ہے جیسے چیونٹیوں کو پر لگا دیئے گئے ہوں۔۔
اخباروں میں اکثر خبریں آتی ہیں کہ نوجوان جرم کی طرف مائل ہوتے جا رہے ہیں۔ موٹر سائیکل 120 میل کی رفتار سے چلاتے ہیں۔۔ تفریحاً پلانڈ (Planned) چوریاں کرتے ہیں۔۔ ڈکیتیاں کرتے ہیں۔۔ مقصد لوٹ مار نہیں ہوتا، چوری نہیں ہوتی۔۔ صرف ایڈونچر۔۔ اس بات پر مجھے ایک کہانی یاد آ گئی جو میں نے چھٹی جماعت میں پڑھی تھی۔۔

باب 3 : نئی نسل

ٹرانسکرپشن : نبیلہ سحر

بے قدری بے کاری کا عذاب


ایک پہاڑی کی چوٹی پر تین دیو رہتے تھے۔ ہوا، پانی اور بجلی۔ پہاڑی کے نیچے ایک گاؤں تھا۔ ان دیوؤں نے اس گاؤں والوں کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی۔ کبھی پانی برستا اور پانی کا ریلا گاؤں کو بہا کے لے جاتا۔ کبھی ہوا اس قدر زور سے چلتی کہ کھیت برباد ہو جاتے۔ کبھی بجلی کڑک کڑک کر گرتی اور گاؤں والوں کے مویشی مر جاتے۔
گاؤں والے ان دیوؤں سے بہت تنگ تھے۔
گاؤں کا ایک سیانا بڈھا کہنے لگا کہ بھائیو! یوں تو جینا محال رہے گا۔ کیوں نہ ہم ایک وفد پہاڑ کی چوٹی پر بھیجیں اور ان تینوں دیوؤں سے بات کریں۔ ممکن ہے وہ ہم سے سمجھوتہ کرنے پر رضامند ہو جائیں۔ چنانچہ وفد بھیجا گیا۔
دیوؤں نے کہا ہم تمہارے دشمن نہیں
۔ الٹا اہم تو تمہاری خدمت کرنے کے لیے تیار ہیں دراصل مشکل یہ ہے کہ ہم کچھ کرنے کے بغیر نہیں رہ سکتے۔ تم ہمیں جو کام دو گے ہم کریں گے لیکن اگر تم نے ہمیں کرنے کے لیے کام نہ دیا تو ہم تمھاری بستی کو برباد کر دیں گے۔
مجھے ایسے لگتا ہے جیسے ہماری نئی نسل ان تین دیوؤں جیسی یے۔ وہ کچھ کیے بغیر نہیں رہ سکتی اور چونکہ ہم نے انھیں بے قدری اور بے کاری کے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے اس لیے وہ ایڈونچر کی تلاش میں تخریب کی جانب چل نکلے ہیں تمام قصور ہمارا ہے۔

باب 3 : نئی نسل

ٹرانسکرپشن : نبیلہ سحر

مظلوم نسل

بھائیو! میں نے 88 سال کے دوران کئی ایک نسلیں جوان ہوتے دیکھی ہیں۔ لیکن آج کی نسل سے زیادہ مظلوم کبھی نہیں دیکھی۔ صلاحیتوں سے بھرپور لیکن مظلوم۔ ہمارے معاشرے نے انھیں رد کردیا ہے۔ انھیں مغرب کے ایجنٹ قرار دے دیا ہے۔ اسلام دشمن۔
میرے ایک دوست ہیں۔ تعلیم یافتہ ہیں، باکردار ہیں، سچے مسلمان ہیں اور تبلیغ کے حامی ہیں۔ ایک روز وہ میرے ہاں تشریف لائے، وہ بے حد خوش تھے۔ ان کے ساتھ 20 سال کا ایک نوجوان تھا۔ اس کی جانب اشارہ کر کے بولے ” الحمدللّٰہ کہ ہمارا تبلیغی کام احسن طریقے سے چل رہا ہے۔”
"انھیں دیکھیے” انہوں نے نوجوان کی طرف اشارہ کر کے کہا۔ آج سے سے پہلے یہ جینز پہنتے تھے۔ پرنٹڈ شرٹ میں ملبوس تھے اور اب دیکھیے الحمدللّٰہ ہم انھیں صراط مستقیم پر لانے میں کامیاب ہو گئے۔
میں نے نوجوان کی طرف دیکھا اس کے چہرے پر چینی داڑھی تھی۔ جسم میں گویا جان نہ تھی۔ آنکھیں بجھی ہوئی تھیں۔ بند بند پر مردنی چھائی ہوئی تھی۔ مجھے بلقیس محمود کی نظم کا بند یاد آگیا:
مجھے لگتا ہے امی آپ سب صیاد ہیں میرے
میرے پر کاٹ کر
پنجرے میں رکھ لینے کی خواہش
بس اک خوش رنگ ساطوطا
میاں مٹھو
کہ جب چاہا میاں مٹھو میاں مٹھو کہا
بہلایا
خوش کرلیا
اپنے بڑھاپے کو (اپنی انا کو)
اس میاں مٹھو کو دیکھ کر میرا جی چاہا چیخیں مار مار کر روؤں۔ اتنا روؤں کہ میری بصارت پانی بن کر بہہ
جائے۔ پھر جب میرے دوست پوچھیں مفتی! "تم تو اندھے ہو گئے ہو”۔۔۔ تو میں کہوں، نہیں میں اندھا نہیں ہوں۔ میں نے اتنا کچھ دیکھا ہے، اتنا کچھ دیکھا ہے کہ اب مزید کچھ دیکھنے کی ہمت نہیں رہی، حوصلہ نہیں رہا، اس لیے میں نے آنکھیں موند لی ہیں۔
نئی نسل پر جو ظلم بڑے اور علمائے دین کر رہے ہیں، اس میں میں بھی شامل ہوں کیوں کہ میں خود بھی تو بڑا ہوں۔
دقت یہ ہے کہ میں دورخہ ہوں۔ قدرت نے مجھے تماشا بنا رکھا ہے۔ میں بیک وقت بڑا بھی ہوں چھوٹا بھی ہوں۔ صاحبو! لوگ سمجھتے ہیں کہ ایک عمر ہوتی ہے جسمی عمر۔ یہ غلط ہے۔ عمریں تین ہوتی ہیں۔
"جسمی عمر” "ذہنی عمر” اور "جذباتی عمر”۔ میری جسمی عمر 88 سال ہے، ذہنی عمر 30_35 ہوگی اور میری جذباتی عمر 17 سال سےآگے نہیں بڑھ سکی۔ کوششوں کے باوجود آگے نہیں بڑھ سکی۔

باب 3 : نئی نسل

ٹرانسکرپشن : نبیلہ سحر

چوں چوں کا مربہ


چوں چوں کا مربہ۔۔۔ اس وقت میرے گھر میں چار یونٹ بس رہے ہیں۔ میں اور میری بیوی دو بوڑھے ہیں۔ ہم پنجابی بولتے ہیں، پنجابی رہتے سہتے ہیں، پنجابی جیتے ہیں۔ میری تین بیٹیاں ہیں جو تیس پینتیس کے پیٹے میں ہیں۔ وہ اردو بولتی ہیں، اردو رہتی سہتی ہیں، اردو جیتی ہیں۔ میرا ایک بیٹا ہے جو پچاس کے لگ بھگ ہو گا۔ اس کی شخصیت میں انگریز اور اللّٰہ گڈمڈ ہو رہے ہیں۔ وہ خیالات میں ماڈرن ہے لیکن اس کے اندر اللّٰہ بولتا ہے۔ جب وہ سائنس کی بات کرتا ہے تو لگتا ہے جیسے سائنس ہہ وہ واحد راستہ ہے جو ہمیں منزل تک پہنچا سکتا ہے۔ جب وہ عقل کی بات کرتا ہے تو لگتا ہے کہ عقل رکاوٹ نہیں راہبر ہے لیکن جب وہ اللّٰہ کی بات کرتا ہے تو ماڈرن ازم، سائنس اور عقل بلبلوں کی طرح پھٹ جاتے ہیں اور معرفت کا ایک ریلا سب کچھ بہا کر لے جاتا ہے۔
آج کل وہ انگریزی کی ایک کتاب لکھ رہا ہے نام ہے:
"The Scientific Law of Allah”
میرے دو پوتے ہیں جو انگریزی بولتے ہیں، انگریزی سوچتے ہیں، انگریزی جیتے ہیں۔ آخر میں میری بیٹیوں کے بچے ہیں جو کوکا کولا تہذیب کی پیداوار ہیں۔ کوک پیتے ہیں، چاکلیٹ کھاتے ہیں، کارٹون دیکھتے ہیں، مام ڈیڈ بلاتے ہیں اور ہائی، یاہ بولتے ہیں۔
اس لحاظ سے میرا گھر چوں چوں کا مربہ ہے۔
میرا گھر ایک لوئر مڈل کلاس شہری کا گھر ہے۔
میری دانست میں تمام لوئر مڈل کلاس شہری گھر چوں چوں کا مربہ ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ ٹریڈیشنل گھروں میں، نوجوان گھر میں چوں چوں نہیں کرتے کالج جا کر چراؤں کرتے ہیں۔ گھر میں منقار زیرِ لب رکھتے ہیں۔ یوں نوجوانوں کی زندگیاں دور ہو جاتی ہیں۔ میرے گھر میں کوئی ہیڈ آف دی فیملی نہیں۔ ساس نہیں، بہو نہیں۔۔۔۔ جوائنٹ فیملی کی کوئی روایت نہیں۔ میرے پوتے او لیول (O_ Level) اور اے لیول(A_ level) کے طالب علم ہیں۔ وہ مجھ سے زیادہ دیکھتے ہیں اور زیادہ سنتے ہیں۔ ان کی ذہانت مجھ سے کم از کم چار گنا تیز ہے۔ ان کی معلومات مجھ سے دس گنا وسیع ہیں۔ سڑک سے موٹر گزرے تو وہ توجہ دیے بغیر اپنے کمرے میں بیٹھے بیٹھے کہیں گے، کہ ابو یہ گاڑی جو ابھی ابھی سڑک سے گزری ہے فلاں "میک” کی تھی۔ لیکن اس گاڑی کا فلاں پرزہ ڈھیلا ہے، ٹھیک سے کام نہیں کر رہا۔ اگر گاڑی والے نے توجہ نہ دی تو کسی روز ٹھاہ ہو جائے گا۔ میرے پوتے جین پہنتے ہیں، جس پر یہاں وہاں patches لگے ہوئے ہیں۔ دکھاوے کے نہیں، اصلی۔ بڑی محبت سے شگاف بناتے ہیں تاکہ اصلی patch لگ سکے۔

باب 3 : نئی نسل

ٹرانسکرپشن : فرمان اللّٰہ

Visual Music


میرے پوتے پرنٹڈ شرٹس پہنتے ہیں۔ وہ موسیقی کے دلدادہ ہیں۔ ڈسک انٹینا سنتے ہیں۔”آڈیو“میں دلچسپی نہیں،Visual موسیقی سنتے ہیں۔ تال پر ٹانگیں جھلاتے ہیں۔ الیکٹرک گٹار بجاتے ہیں۔ سُر کے قابل نہیں، تال ہو ایسی ہو کہ وجدان کی بجاۓ ہیسٹریا پیدا کرے۔ ٹی وی پر وہ موسیقی پسند ہے جس میں چہرے خواہش کی شدت سے بھیانک ہوجاٸیں۔ نقش ونگار، خدوخال مٹ جاٸیں۔ ایک دیوانگی بھری Ecstacyچھا جاۓ۔ مناظر میں شدت ہو، تیزی ہو، تلخی ہو، ٹینشن ہو، لے میں طوفان آجاۓ۔۔ میں اپنے گھر کی نٸی نسل کا مداح ہوں لیکن جب موسیقی کا مرحلہ آیا تو میں برداشت نہ کرسکا۔ میرے اندر کا بڑا یوں باہر نکلا جیسے لوٹے سے جن باہر نکلتا ہے۔ صاحبو! میں اس دور کا فرد ہوں جب موسیقی زخم پر مرحم کا کام کرتی تھی۔ کراہتوں کو تھپک تھپک سلادیتی تھی۔ جب موسیقی دیکھنے کی نہیں سننے کی چیز تھی۔ جب سر مہارانی تھی، تال باندی تھی۔
مسٹر سیدھی دل پر اثر کرتی ہے جو دکھ، درد رومان اور برہا اور وجدان کے جذبات ابھارتی ہے۔ اس کے برعکس تال صرف ٹانگیں جھلاتی ہے۔ ہیسٹرک مستی پیدا کرتی ہے۔ ایک ایسی دیوانگی جو ملاپ پر منتج ہوتی ہے۔ یہ ملاپ جذباتی نہیں ہوتا روحانی نہیں ہوتا صرف جسمی اور جنسی۔

باب 3 : نئی نسل

ٹرانسکرپشن : فرمان اللّٰہ

برہنگی


یہ ٹانگیں جھلانے کی رسم بنی نوع انسان کو بڑی مہنگی پڑے گی۔ بالکل ایسے جیسے یورپی عورتوں کو برہنگی مہنگی پڑرہی ہے۔ سوچیۓ یورپی مرد کیا ہوتا جا رہا ہے۔
میرے ایک دوست کو چند ماہ کے لیے امریکا جانا پڑا۔ جب وہ واپس آیا تو مجھ سے کہنے لگا ”یار مفتی! میں تو مارا گیا“
میں نے پوچھا کیا ہوا؟
بولا، میرے” ہتھ پلے“ کچھ نہیں رہا۔
کہنے لگا نیا نیا وہاں گیا تو بیچ(Beach)پر برہنہ عورتوں کو دیکھ کر میری تو آنکھیں پھٹ گٸیں۔
پاگل ہوگیا۔ روز بیچ پر جاتا، ٹہلتا رہتا۔ آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر دیکھتا رہتا۔ اب یہ حال ہے کہ تحریک نہیں ہوتی۔ میں اب کیا کروں

صاحبو! ہمارے عالم دین خواہ مخواہ فحاشی اور برہنگی کو دینی مسئلہ بنا بیٹھے ہیں۔ یہ تو خالص فزی آلوجیکل مسٸلہ ہے۔ جس کو آپ بار بار دیکھیں گے، وہ اپنی کشش کھودی گی۔ اتنی عام نظر آنے لگے کہ تحریک پیدا نہ کرسکے گی۔
پہلے دن جب میں اسلام آباد آگیا تو اس شہر کا حسن دیکھ کر حیرت زدہ ہوگیا۔ اتنا حسن مجھ سے سہا نہیں جا رہا تھا۔ میں نے سوچا۔ یا الله! میں اس شہر میں کیسے رہ سکوں گا۔ آج یہ صورت ہے کہ مجھے اسلام آباد کا حسن نظر نہیں آتا۔ اس کی uglyspots کو دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے۔
میرے زمانے میں segregation کا دور تھا مرد الگ عورتیں الگ۔ مرد عورت کے ملنے کے امکانات بہت کم ہوتے تھے۔ ان دنوں چہرے کا نقاب سرک جاتا، چہرے کا تھوڑا ساحصہ، ایک آنکھ اور آدھا رخسار نظر آتا، تو شدت کی تحریک پیدا ہوتی جو کبھی کبھی عشق پر منتج ہو جاتی۔
اس دور میں ہمیں اس segregation پراعتراض نہیں تھا۔ یورپ ہماری اس رسم کا مذاق اڑاتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ علیحدگی نقصان دہ نتاٸج کے حامل ہوتی ہے۔ یورپ نے اس غیر فطری رویے کے خلاف آزادی کی تحریک چلاٸی یہاں تک کہ یورپی خاتون آج برہنگی کی حد تک جا پہنچی ہے۔
نتیجہ یہ ہے کہ مغرب میں عورت مرد میں کشش پیدا نہیں کرسکتی۔ اس لیے مرد لذت کےحصول کے لیے الٹے سیدھے غیر فطری راستے تلاش کررہا ہے۔ یورپی سوساٸٹی میں مختلف قسم کے Abbarations عام ہوتے جا رہے ہیں…ان غیر فطری رویوں کو قانونی جواز حاصل ہوچکا ہے۔۔

باب 3 : نئی نسل

ٹرانسکرپشن : فرمان اللّٰہ

مدھ اور حد


حیرت کی بات ہے کہ عورتوں نے ابھی تک نہیں سمجھا کہ بے پردگی اور جنسی آزادی ان کے لیے خودکشی کے مترادف ہے۔ سیانے کہتے ہیں، اسلام واحد مذہب ہے جو حدیں توڑنے کے خلاف ہے اور جس میں بشریت کا درجہ سب سے بلند تر ہے۔
حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم واحد ریفارمر تھے جنھوں نے فرمایا تھا کہ لوگو! بین بین رہو۔ مدھ میں جیو، حدیں نہ توڑو۔ نہ دنیا میں اس قدر ڈوب جاٶ کے اللہ کے احکامات سے بے نیاز ہوجاٶ۔ نہ عبادات میں اس قدرڈوب جاٶ کہ دنیا سے بے تعلقی پیدا ہو جاۓ۔
سیانے کہتے ہیں اسلام اعتدال کا نام ہے۔ توازن کا نام ہے ہم آہنگی کا نام ہے ہارمنی کا نام ہے۔
پتا نہیں ہمارے راہبر اس بات کو کیوں نہیں سمجھتے۔ انھوں نے مدھ کو نہیں بلکہ حد کو اپنا رکھا ہے۔ ہمارے علماء میں شدت ہے۔ انا ہے وہ گروہوں میں بٹے ہوۓ ہیں۔ ہر گروہ یا سلسلہ سمجھتا ہے کہ جو راستہ ہم نے اپنا رکھا ہے وہ صراط مستقیم ہے۔
وہ سب ہمای نوجوان نسل کو راستے سے بھٹکی ہوٸی نسل سمجھتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اہل یورپ اسلام کے دشمن ہیں اور مغربی تہذیب دراصل اسلام کے خلاف سازش ہے۔
چند سال ہوۓ میں نےایک کہانی لکھی تھی عنوان تھا”گرداس، داس گرو“ اس کہانی میں میں نے یہ کہنے کی کوشش کی تھی کہ پرانے زمانوں میں لوگ گرو کے پیچھے پیچھے چلنے کے خواہش مند تھے۔ اس لیے گرو کا کام تھا کہ آگے آگے چلے راستہ دکھاۓ۔ ہماری نٸی نسل کسی کے پیچھے چلنے کے لیے تیار نہیں وہ ”میں خود“ کی قاٸل ہے۔
اس لیے اب گرو کا فرض ہے کہ وہ خود میں داس کی سپرٹ پیدا کرے۔ لوگوں کے پیچھے چلے اور پیچھے چل کر ان کا رخ موڑے۔
آگے چل کر رخ موڑنا تو آسان بات ہے۔ پیچھے چل کر رخ موڑنا بڑی بات ہے۔ ہمارے رہبر تو آگے چلنا جانتے ہیں۔ حکم چلانے کے عادی ہے۔

باب 3 : نئی نسل

ٹرانسکرپشن : فرمان اللّٰہ

کہانیاں


میری کہانی بے اثر رہی۔ میں ایک خام لکھنے والا ہوں۔ پھر یہ بھی ہے کہ آج کی دنیا میں کہانیوں کی کیا حیثیت ہے۔ لوگ کہانیاں تفریح کے لیے پڑھتے ہیں۔ ان سےاثر پذیر نہیں ہوتے۔
بڑے کہانی نگاروں نے کہانیوں کے پردے میں بڑی بڑی حقیقتیں پیش کی ہیں۔
ایک بہت بڑا کہانی کار(AESOP)تھا۔
ایسکوپ نے کہانی اس دور کی لکھی ہے جسے ”شولری“یا شجاعت کا دور کہتے ہیں۔ دو سورماٶں کا دور تھا۔ شوکت نفس کا دور تھا۔ چھوٹی سی بات پر عزت نفس مجروح ہوجاتی تھی۔ تلواریں نیام سے نکل آتیں اور تیغ زنی یعنی”ڈوول(Duel)“شروع ہوجاتی۔ تلواریں چلتی رہتیں جب تک ایک گھاٸل نہ ہو جاتا۔ ڈوول میں داخلہ قانونی طور پر داخلہ ممنوع نہ تھا۔
ایسکوپ لکھتا ہے کہ سڑک چل رہی تھی۔ اسلحہ سے لیس گھڑسوار سورما آجا رہے تھے۔ سڑک پر ایک دو طرفہ بورڈ آویزاں تھا۔ دفعتاً ایک سورما بورڈ کو دیکھ کر رک گیا بولا ”واہ کیسا خوبصورت نیلے رنگ کا بورڈ لگا ہوا ہے۔”سڑک کے دوسری جانب سے ایک اور سورما آگیا۔ بولاب”واقعی! بہت خوبصورت ہے۔ مگر اس کا رنگ سرخ ہے۔“
پہلا سورمابولا”ہم کہتے ہیں کہ اس کا رنگ نیلا ہے۔“
دوسرے نے کہا ”ہم کہتے ہیں اس کا رنگ سرخ ہے۔
پہلے نے کہا ”تم ہماری توہین کر رہے ہو۔ نکالو تلوار۔“
دونوں سورماٶں نے تلواریں نکالی اور ڈوول کے لیے تیار ہوگۓ اتنے میں ایک سیانا بوڑھا موقع پر آپہنچا۔ بولا! ”بھاٸیو کس بات پر ڈوول لڑنے لگے ہو؟“
پہلے سورما نے کہا کہ اس نے ہماری توہین کی ہے۔
”کیسے؟“ بوڑھے نے پوچھا۔
”ہم کہتے ہیں جو بورڈ سڑک پر آویزاں ہے، نیلے رنگ کا ہے“
دوسرا بولا ہم کہتے ہیں ”کہ بورڈ سرخ رنگ کا ہے۔“
بوڑھا بولا۔ آٶ دیکھیں بورڈ کا رنگ کیا ہے؟
انھوں نے دیکھا کہ بورڈ پر ایک جانب نیلا رنگ کیا ہوا تھا دوسری جانب سرخ۔
آج بھی بیشتر جھگڑے اس بات پر ہوتے ہیں۔
ایک کہتا ہے ”بورڈ نیلا ہے“
دوسرا کہتا ہے ”نہیں سرخ ہے“
کبھی کسی نے بورڈ کی دوسری جانب دیکھنے کی کوشش نہیں کی۔ کہتے ہیں اسلام میں 72 فرقے ہیں۔ اس بورڈ پر 72رنگ ہیں۔ کبھی کسی راہبر نے بورڈ کی دوسری جانب نہیں دیکھا۔ کسی راہبر نے یہ نہیں کہا کہ یہ اختلافات فروعات پر مبنی ہیں۔ روح ایک ہے، منزل ایک ہے۔

Back to top button