یونیکوڈ کتابیں

تلاش

باب 4 — بڑی سرکار

تلاش — ممتاز مفتی، کتاب کا سرورق

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : محمد فاران

میرے اک دوست ہیں، امتیاز بخاری۔ ان کا چہرہ بارہ دری ہے۔ اتنا چوڑا اور اس میں محرابیں ہی محرابیں۔ شخصیتوں میں دروازے عام ہوتے ہیں لیکن پیٹ دار ہوتے ہیں۔ کوئی بند، کوئی ادھ کھلا، کوئی کھلا۔

ہاتھ کی تسبیح


کچھ شخصیتیں ازلی طور پر چہروں پر دھری ہوئی ہیں۔ ایسی شخصیت کو پنجابی میں ” کھلی ڈلی ” کہتے ہیں۔ امتیاز بخاری ” کھلا ڈلا ہے "۔
اک بار وہ مجھ سے ملا، تو اس کے ہاتھ میں ایک منی تسبیح تھی۔
ارے یہ کیا ہے؟ میں نے حیرت سے پوچھا۔ کہنے لگا ” کیوں اس سے کیا ہے ” ؟
میں نے کہا ، ” یہ ایسے ہے جیسے راگ میں بے برجت سر لگی ہے ” .
کہنے لگا، ” بے برجت سر کیا ہوتی ہے؟
میں نے کہا ” کچھ سریں ایسی ہوتی ہیں، جو راگ کے تاثر کو ابھارتی ہیں۔ جو بار بار لگائی جاتی ہیں۔ کچھ ایسی ہوتی ہیں، جو راگ کے منافی ہوتی ہے، اس لیے ممنوع ہوتی ہیں۔ یہ تیری شخصیت سے ہم آہنگ نہیں بلکہ اسے جھٹلاتی ہیں ” ۔
اس سے پہلے بھی عماد الدین ایک بزرگ کو میرے گھر لائے تھے۔ ان کے ہاتھ میں بھی تسبیح تھی۔ وہ ہم سے باتیں کرتے جاتے تھے، ساتھ ساتھ تسبیح کے دانے گراتے جاتے تھے، لیکن ان کے ہاتھ میں تسبیح سجتی تھی۔ رسمی بزرگ تھے، معزز تھے، ڈاڑھی تھی، گیسو تھے، جسم پر چغہ تھا، کندھے پہ صافہ لٹک رہا تھا۔
اگلے روز عماد بھی ایک منی تسبیح اٹھائے آگیا۔
میں قہقہہ مار کر ہنسا۔
عکسی کہنے لگا ، ” بابا آپ تو خواہ مخواہ اعتراض کرتے ہیں۔ اب کی بار میں فرانس گیا تھا، تو میں نے دیکھا کہ یورپ میں تسبیح اٹھائے رکھنا فیشن ہو گیا ہے۔ ہماری محترمہ ( بی بی ) بھی اٹھائے پھرتی ہیں "۔
امتیاز بخاری سے میں نے پوچھا ، ” یہ بتا کہ یہ منی تسبیح فیشن ہے یا روحانیت ” ؟
بخاری بولا ، ” یہ حکم ہے ” .
میں نے کہا، ” یار تو تو بشرے سے آزاد دکھتا ہے، پابند کیسے ہوگیا؟ "
بولا ، ” میرے ایک بزرگ دوست ہیں۔ ان کے حکم سے یہ تسبیح ہاتھ میں رکھتا ہوں ” .
میں نے کہا ، ” کیا ان بزرگ دوست میں سینس آف ہارمنی کا فقدان ہے ” ؟
کہنے لگا ، ” اس کے برعکس ان کا تو عقیدہ ہی ہارمنی ہے، توازن ہے، ہم آہنگی ہے ” .
میں نے کہا، ” لیکن یہ تسبیح تو تجھ سے ہم آہنگ نہیں۔ یہ نمائش ہے، دکھاوا ہے۔ Prevention ہے، دعوی ہے "۔
” وہ ان باتوں کو روا نہیں رکھتے "۔ بخاری نے جواب دیا۔ اس پر میں سٹپٹا کر رہ گیا۔ میں نے کہا، ” یہ کیسا بزرگ ہے، جو نمائشی تسبیح بھی چلاتا ہے، ساتھ ہی ہارمنی، ہم آہنگی توازن کا دعوی کرتا ہے۔ ہمیں بھی زیارت کرا دے ان کی ” .

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : محمد فاران

پروفیسر، سرکار قبلہ

یوں ہم رفیق احمد سے جا ملے۔
گوجر خان پہنچے، تو پتا چلا کہ شہر کے سبھی لوگ انھیں جانتے ہیں اور انھوں نے انھیں پروفیسر کا لقب دے رکھا ہے۔
اس بات پہ حیرت ہوئی کہ یہ کیسا بزرگ ہے، جو سرکار قبلہ کی جگہ خود کو پروفیسر کہلواتا ہے۔
مکان میں داخل ہوئے، تو دیکھا کہ ایک ادھیڑ مگر Youngish آدمی پلنگ پر بیٹھا ہے۔ سر ننگا، کلین شیو، کرتا شلوار، جیسے کوئی عام سا آدمی ہو۔ چہرے پر تحکم کی جگہ ذہانت ہے، جس کی دھار زیادہ ہی تیز ہے۔ گلے کے نچلے پرووں سے بات نہیں کرتا۔ بات میں روانی ہے۔ معززیت کی ” رک رک ” نہیں۔
میں نے کہا ، ” آپ پروفیسر ہیں ” ؟
بولے ، ” پروفیسر تھا، پھر استعفی دے دیا۔ اب اللہ کا نوکر ہوں "۔
میں نے کہا ، ” پہلے سرکار کے نوکر تھے، اب بڑی سرکار کے ہو گئے”۔
ہنسے، بولے ” ہاں ” ۔
میں نے کہا ، ” یہ سودا اچھا نہیں کیا آپ نے ! ”
بولے ، ” وہ کیسے ” ؟
میں نے کہا ، ” بڑی سرکار تنخواہ دینے میں بڑی خسیس ہے "۔
ہنسے یوں جیسے عام آدمی ہنستے ہیں۔
میں نے سوچا ، ” یہ تو واقعی پروفیسر ہیں، بزرگی وزرگی کوئی نہیں "۔

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : محمد فاران

عقل کی پکی سڑک

پھر بھی میں نے انھیں چھیڑا۔ میں نے پوچھا ، ” آپ کو یہ مقام کیسے ملا، جس پر آپ فائز ہیں ” ؟
بولے ، ” عقل سے ملا ” .
” ارے ” ! میں چونکا۔ بڑا غیر متوقع جواب تھا، لیکن جواب میں بلا کی خود اعتمادی تھی۔ میں نے کہا ، ” حضور ! ہم تو عقل کو راستے کی رکاوٹ سمجھتے ہیں "۔
” آپ غلط سمجھتے ہیں ” ۔ وہ بولے۔
پھر انھوں نے قرآن پڑھنا شروع کر دیا۔
وہ حلق کے نچلے پردوں سے قرآن نہیں پڑھ رہے تھے، جیسے کہ قاری پڑھنے کے عادی ہوتے ہیں۔ وہ تو یوں قرآن پڑھ رہے تھے، جیسے قرآن نہیں، بلکہ کسی عرب شاعر کا کلام پڑھ رہے ہوں، بلکہ یوں جیسے اللہ تعالی سے خود باتیں کر رہے ہوں۔ ساتھ ساتھ ترجمہ بھی کرتے جاتے تھے۔
تقریباً دو گھنٹے پروفیسر ہمیں قرآن سے اقتباسات سناتے رہے۔ لب لباب کچھ ایسا تھا کہ :
” لوگو ! دیکھو، بار بار دیکھو۔ سوچو، بار بار سوچو۔ غور کرو، فکر کرو۔ آنکھیں بند کر کے ایمان نہ لاؤ۔ اللہ نے تمھیں عقل دی ہے۔ اپنی عقل سے کام لو۔
” پہلے بات کو تولو، آزماو۔ اگر تمھارے دلوں میں شکوک پیدا ہوتے ہیں، تو کوئی حرج نہیں۔ جو شکوک ذہن میں آتے ہیں، ان پر غور کرو۔ جو جو Alternations ذہن میں آتے ہیں، انھیں باری باری آزماؤ۔ پھر تم جان لو گے، کہ جو ہم کہتے ہیں، وہی سچ ہے "۔
یہ باتیں سن کر حیرت ہوئی۔ یہ کیسا اللہ ہے، کہ ایک طرف تو اس کے حکم کے بغیر پتا بھی نہیں ہل سکتا۔ دوسری طرف حکم دیتا ہے، کہ اگر کوئی ایمان نہیں لاتا، تو نہ سہی، اسے مجبور نا کرو۔
بہرحال، پروفیسر نے ہمیں عقل کی پکی سڑک پر ڈال دیا۔
چار ایک دن تو میں پروفیسر کی باتوں پر غٹ رہا، پھر شکوک نے سر اٹھایا۔
کیا دل کی کوئی اہمیت نہیں۔ وجدان کی کوئی حیثیت نہیں۔ کیا اللہ کے اتنے بڑے عاشق جو گزرے ہیں، محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پروانے، صوفی، فقیر، قلندر ……. کیا ان کا کوئی مقام نہیں۔ میں پھر ڈب جھلکے کھانے لگا۔ میں نے مسعود قریشی سے بات کی۔ اس نے ایک قہقہہ لگایا۔ تمسخر بھرا قہقہہ۔
مسعود ایک عجیب و غریب قسم کی شخصیت ہے۔ بارہ مسالے قسم کی چیز ہے۔ اس میں مختلف اور متضاد قسم کی خصوصیات ہیں۔ مثلاً اس میں عقل بھی ہے، جذبہ بھی ہے، ایمان بھی ہے، کفر بھی ہے، فکر بھی ہے، بے فکری بھی ہے۔ وہ مثبت بھی ہے، منفی بھی ہے۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ ان تضادات کے باوجود اس کی شخصیت میں ایک ہم آہنگی ہے۔ ہارمنی ہے۔
مسعود قہقہہ مار کر ہنسا۔ بولا ، ” مفتی ! تو بڑا کنفیوزڈ آدمی ہے۔ تو سمجھتا ہے کہ اللہ برانچ لائن ہے۔ نہیں بھائی ! اللہ تو بہت بڑا جنکشن ہے۔ کئی ایک راستے وہاں پہنچتے ہیں۔ کئی ایک لائنیں آتی ہیں۔ عقل کی لائن بھی پہنچتی ہے۔ وجدان کی بھی اور پتا نہیں کون کون سے لائنیں پہنچتی ہیں ” ۔

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : عمارہ مہدی

قرآن

 پھر طفیل صاحب آگئے۔ طفیل پڑھا لکھا ہے، دنیا گھوما ہے، انڈسٹریلسٹ ہے، امیر کبیر ہے، غریب مزاج ہے۔ اس پر صرف ایک دھن سوار ہے۔ قرآن پڑھو، قرآن سمجھو، قرآن جیو، طفیل کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ کسی خاص مسلک کا حامی نہیں، کسی خصوصی طریق کار کا مبلغ بھی نہیں۔ کسی رویے کو رد نہیں کرتا۔ کوئی پابندی نہیں لگاتا۔ صرف قرآن کی جانب توجہ مبذول کرتا ہے۔ 
   کہنے لگا: "مفتی صاحب! کیوں ادھر ادھر مارے مارے پھرتے ہیں۔ تمہارے پاس قرآن جو ہے۔ بس پڑھو، پھر پڑھو، پھر پڑھو، پھر پڑھو، پڑھتے ہی رہو۔ یہ تہہ در تہہ کتاب ہے۔ آہستہ آہستہ بھید کھولتی ہے۔ سہج پکے سو میٹھا ہونے والی بات ہے۔ ایک بار پڑھنے کی چیز نہیں۔ بار بار پڑھو۔ آہستہ آہستہ سب بھید کھلتے جائیں گے۔"
   مسعود نے کہا: "مفتی! قرآن کا صرف ترجمہ پڑھنا، تفسیر نہ پڑھنا۔ تفسیر میں مفسر کے ذاتی رویے کی جھلکیاں آجاتی ہیں۔"
   عمر نے کہا: "مودودی صاحب کا ترجمہ پڑھو۔"
   ابدال بیلا کہنے لگا: "مولانا اشرف علی تھانوی کا ترجمہ بہتر رہے گا۔"
   پھر ساجد صاحب تشریف لے آئے۔ ساجد متشرع مسلمان ہیں۔ وضع قطع میں علمائے دین کا رنگ ہے۔ باکردار ہیں۔ دنیاوی علوم سے خاطر خواہ واقفیت ہونے کی وجہ سے خیالات میں ماڈرن ہیں۔ اسلام کی خدمت کا جذبہ شدت سے طاری ہے۔ خلوص میں بھی شدت ہے۔
  ساجد صاحب ایک قرآن خرید کر لے آئے اور مجھے تحفہ پیش کردیا۔ کہنے لگے: "ترجمے کے لحاظ سے یہ قرآن بہترین ہے۔ دوسرے اغلاط سے بھرے ہوئے ہیں۔" قرآن کریم کے اختتام پر اعلان تھا کہ دوسرے تراجم یا تو غلط ہیں یا ناقص اور یا نامکمل اور سرسری ہیں۔ یہ اعلان سخت الفاظ میں تھا۔
   اختلافات کو ہوا دینا اور دوسروں پر کڑی نکتہ چینی کرنا اسلامی سپرٹ کے منافی ہے۔ میں پھر تذبذب کا شکار ہوگیا۔
   طفیل نے کہا: "اختلافات کی طرف دھیان نہ دیجیے۔ ہماری قوم کو اختلافات جنریٹ کرنے کی عادت ہے۔ کوئی سا قرآن پڑھیں، چاہے کسی کا ترجمہ ہو، قرآن آپ کی توجہ اپنی طرف مرکوز کرلے گا۔ یہ بڑی طاقت ور کتاب ہے۔"
   قرآن پڑھ کر میں حیران رہ گیا۔

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : عمارہ مہدی

قرآن


پھر طفیل صاحب آگئے۔ طفیل پڑھا لکھا ہے، دنیا گھوما ہے، انڈسٹریلسٹ ہے، امیر کبیر ہے، غریب مزاج ہے۔۔ اس پر صرف ایک دھن سوار ہے۔ قرآن پڑھو، قرآن سمجھو، قرآن جیو، طفیل کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ کسی خاص مسلک کا حامی نہیں، کسی خصوصی طریق کار کا مبلغ بھی نہیں۔۔ کسی روئیے کو رد نہیں کرتا۔۔ کوئی پابندی نہیں لگاتا۔۔ صرف قرآن کی جانب توجہ مبذول کرواتا ہے۔
کہنے لگا: ” مفتی صاحب ! کیوں ادھر ادھر مارے مارے پھرتے ہیں؟ تمھارے پاس قرآن جو ہے۔ بس پڑھو، پھر پڑھو، پھر پڑھو، پھر پڑھو، پڑھتے ہی رہو۔ یہ تہہ در تہہ کتاب ہے۔۔ آہستہ آہستہ بھید کھولتی ہے۔ سہج پکے سو میٹھا ہونے والی بات ہے۔ ایک بار پڑھنے کی چیز نہیں۔ بار بار پڑھو۔۔ آہستہ آہستہ بھید کھلتے جائیں گے۔ "
مسعود نے کہا: ” مفتی! قرآن کا صرف ترجمہ پڑھنا، تفسیر نہ پڑھنا۔ تفسیر میں مفسر کے ذاتی روئیے کی جھلکیاں آ جاتی ہیں۔۔”
عمر نے کہا: مودودی صاحب کا ترجمہ پڑھو۔”
ابدال بیلا کہنے لگا: ” مولانا اشرف علی تھانوی کا ترجمہ بہتر رہے گا۔”
پھر ساجد صاحب تشریف لے آئے۔۔ ساجد متشرع مسلمان ہیں۔ وضع قطع میں علمائے دین کا رنگ ہے۔۔ باکردار ہیں۔۔ دنیاوی علوم سے خاطر خواہ واقفیت ہونے کی وجہ سے خیالات میں ماڈرن ہیں۔ اسلام کی خدمت کاجذبہ شدت سے طاری ہے۔ خلوص میں بھی شدت ہے۔۔
ساجد صاحب ایک قرآن خرید کر لے آئے اور مجھے تحفہ پیش کر دیا۔۔ کہنے لگے: ” ترجمے کے لحاظ سے یہ قرآن بہترین ہے۔ دوسرے اغلاط سے بھرے ہوئے ہیں۔۔” قرآن کریم کے اختتام پر اعلان تھا کہ دوسرے تراجم یا تو غلط ہیں یا ناقص اور نا مکمل اور سرسری ہیں۔۔ یہ اعلان سخت الفاظ میں تھا۔
اختلافات کو ہوا دینا اور دوسروں پر کڑی نقطہ چینی کرنا اسلامی سپرٹ کے منافی ہے۔۔ میں پھر تذبذب کا شکار ہو گیا۔
طفیل نے کہا: ” اختلافات کی طرف دھیان نہ دیجئیے۔۔ ہماری قوم کو اختلافات جنریٹ کرنے کی عادت ہے۔ کوئی سا قرآن پڑھیں، چاہے کسی کا ترجمہ ہو، قرآن آپ کی توجہ اپنی طرف مرکوزکر لے گا۔ یہ بڑی طاقتور کتاب ہے۔۔”
قرآن پڑھ کر میں حیران رہ گیا۔۔

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : عمارہ مہدی

دانش کدہ


میرا خیال تھا کہ قرآن حکیم ایک مذہبی کتاب ہے جس میں اللہ کی عظمت کا بیان ہے اور صراط مستقیم کے متعلق ہدایات ہیں۔
میں نے دیکھا کہ قرآن میں تو اک جہان آباد ہے۔ وہ مذہب پر محدود نہیں۔ وہ تو ایک دانش کدہ ہے، جس میں ہر موضوع پر بات کی گئی ہے۔ لکھی ہوئی تاریخ سے بہت پہلے کی کہانیاں ہیں۔ اختلافات کے متعلق ہدایات ہیں۔ تخلیق کائنات کے متعلق اشارے ہیں۔ نباتات، حیوانات، جمادات سے متعلق علوم کی باتیں، حکمت کی باتیں صحت کی باتیں ادویات کی باتیں سورج، چاند، ستارے، زمین، خلا ہر موضوع پر دانش کی باتیں۔ مختصر یہ کہ جسے میں دریا سمجھتا تھا، وہ سمندر نکلا۔ ایک نو مسلم انگریز نے قرآن کی عظمت بیان کرتے ہوئے ایک واقعہ لکھا ہے، لکھتا ہے:
دو دوست تھے ایک تاجر اور دوسرا ملاح۔ تاجر نے ملاح کو قرآن کریم کا انگریزی ترجمہ دکھایا۔ بولا : ” اسے پڑھو”۔
ملاح نے اس وقت ورق گردانی کی۔ اتفاق سے ایسا صفحہ کھل گیا جس میں سمندری طوفان کا ذکر تھا۔ ملاح اسے پڑھنے لگا۔ پڑھتا رہا، پھر بولا : ” یار یہ جو محمد تھا، کیا وہ ذات کا ملا تھا؟”
تاجر نے کہا: ” نہیں ! ملاح نہیں تھا۔ وہ تو لق و دق صحرا کا رہنے والا تھا۔”
” تو ضرور اس نے سمندری سفر کیا ہو گا”۔
تاجر بولا: ” نہیں، اس نے کبھی سمندری سفر نہیں کیا تھا”۔
” نہیں، میں نہیں مانتا۔” ملاح چلایا۔ ” اس نے اس کتاب میں سمندری طوفان کی ایسی تفصیل لکھی ہے جو صرف وہ شخص لکھ سکتا ہے جس نے سمندری طوفان دیکھا ہو، بیتا ہو۔ کوئی دوسرا نہیں لکھ سکتا۔”
تاجر نے کہا : ” نہیں، اس نے سمندری طوفان کبھی نہیں بیتا تھا۔”
” اگر ایسا ہے۔” ملاح چلایا۔ ” تو یہ کتاب محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نہیں لکھی۔ یقیناً یہ کتاب الہامی ہے۔”
صرف سمندری طوفان کی بات نہیں، قرآن میں ہزاروں برس پرانی کہانیاں ایسی تفصیل سے لکھی ہیں جیسے کوئی آنکھوں دیکھی پر کمنٹری کر رہا ہو۔ بادشاہوں کے نام، شہروں کے نام، قوموں کے نام اور ان کے کردار، ان کی ثقافت، ان کے مذاہب۔۔۔۔۔۔۔ ہر بات تفصیل سے رقم کی ہے۔
جب قرآن اخلاق پر بات کرتا ہے تو ایسے لگتا ہے جیسے یہ کتاب اخلاقیات کی کتاب ہے۔ وہ انسانی رشتوں کے جملہ پہلوؤں پر بات کرتا ہے۔ ماں باپ سے کیسا سلوک روا رکھنا چاہیئے، مہمان سے کیسا، دشمن سے کیسا، بادشاہ کو رعایا سے کیسا سلوک روا رکھنا چاہیئے اور رعایا کو بادشاہ سے کیسا۔۔۔۔۔ ایسا لگتا ہے جیسے قرآن مسلمانوں سے نہیں بلکہ بنی نوع انسان سے مخاطب ہو۔
ہاں تو قرآن پڑھ کر میں حیران رہ گیا۔

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : نبیلہ سحر

حیرت انگیز

پھر مجھے یہ شوق چرایا کہ دیکھوں، دانشوروں کا قرآن کے متعلق کیا خیال ہے۔ ایسے دانشوروں کا جو اس کے حق میں یا اس کے خلاف تعصب نہ رکھتے ہوں، جن کا نقطہء نظر جذباتی نہ ہو بلکہ حقیقت پسند ہو۔
میں نے دیکھا کہ آج کے دانشور اور سائنس دان جنھیں قرآن کا مطالعہ کرنے کا موقع ملا ہے، حیران ہیں کہ یہ کیسی کتاب ہے۔ ایسی کتاب تو کبھی دیکھنے میں نہیں آئی۔
ویسے تو چودہ سو سال پرانی ہے لیکن اس میں کوئی ایسی بات نہیں جو پرانی محسوس ہو۔ کوئی بات ایسی جس کے بارے میں کہا جا سکے کہ یہ بات پرانے زمانوں میں صحیح مانی جاتی تھی۔
اس کتاب کا انداز اور رخ تازہ اور شگفتہ ہے وہ آج کی سائنسی معلومات سے ہم آہنگ ہے۔
قرآن کی دوسری حیران کن بات یہ ہے اس کا انداز تحکمانہ نہیں۔ عام طور پر مذہبی کتابیں حکم چلاتی ہیں کہ لوگو! یہ کرو، خبردار! وہ نہ کرنا۔ یوں کرو ووں نہ کرنا۔
جو ہم کہہ رہے ہیں اس پر سچے دل سے ایمان لے آؤ۔
خبردار! دل میں شک و شبہات نہ لانا، حجت نہ کرنا ہم جو کہتے ہیں کہ یہ سچ ہے تو پھر شک و شبے کا کیا مطلب۔ پس تم پر فرض ہے کہ اسے سچ مانو۔
محقق اور سائنس دان اس بات پر متفق ہیں کہ قرآن کا انداز Authoritarian نہیں۔ وہ سوچ بچار، عقل یا فکر سے منع نہیں کرتا۔ قرآن کا بات کرنے کا انداز دوسری مذہبی کتابوں سے سراسر مختلف ہے مثلآ قرآن کہتا ہے
” اچھا تو تم اسے سچ نہیں مانتے تو پھر تم ہی سوچو سچ کیا ہے۔ اگر تم نہیں جانتے تو ان لوگوں سے مشورہ کرو جو جانتے ہیں۔
اگر تم اس کتاب کو سچ نہیں مانتے تو ضرور اس میں غلطیاں ہوں گی۔ تضادات ہوں گے یعنی ایسی باتیں جو ایک دوسرے کو جھٹلائیں۔ تم اس کتاب میں غلطیاں تلاش کرو لیکن تم ایک غلطی بھی تلاش نہیں کر سکو گے۔
آج کے سائنس دان اس رویے پر حیران ہیں کیونکہ یہ وہ رویہ ہے جو سائنس دانوں نے اپنا رکھا ہے۔

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : نبیلہ سحر

فالسی فیکیشن ٹیسٹ

سائنس دان گیری ملر کا کہنا ہے کہ قرآن کا رویہ تحقیقی رویہ ہے۔ آج کے سائنس دان اسے Falsification ٹیسٹ کہتے ہیں۔
آج اگر کوئی سائنس دان کوئی نئی تھیوری پیش کرتا ہے تو دوسرے سائنس دان کہتے ہیں، میاں ہمارا وقت ضائع نہ کرو۔ ہاں اگر تمھارے پاس اس تھیوری کا Falsification ٹیسٹ موجود ہے تو اور بات ہے۔ اس صورت میں ہم تمھاری تھیوری پر غور و فکر کر سکتے ہیں۔
اس Falsification Test کا مطلب ہے نئی تھیوری کو غلط ثابت کرنے کا طریقہ۔ قرآن فالسیفکیشن ٹیسٹ پیش کرتا ہے۔ قرآن کہتا ہے کہ اس کتاب کو جھوٹا ثابت کرنا چاہتے ہو تو کوئی ایک غلطی ڈھونڈ نکالو، یا کوئی دو ایسی باتیں ڈھونڈ نکالو جو ایک دوسرے کو رد کرتی ہوں۔
چلو قرآن جیسی چار آیتیں ہی لکھ ڈالو۔
صاحبو! ہم سمجھتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا زمانہ جہالت کا زمانہ تھا۔ ان دنوں مکے میں بدو رہتے تھے جو غیر مہذب تھے جاہل تھے۔ یہ بات غلط ہے اس کے برعکس تاریخ شاہد ہے کہ مکے میں قبیلوں کے سردار رکتے تھے ان کی حیثیت بالکل ایسی تھی جیسی ہمارے قبائلی علاقوں کے سرداروں کی ہے۔ وہ بڑے خوددار اور ہوش مند تھے، بڑے زبان دان اور شاعر تھے، شعر و سخن کے دلدادہ تھے اس کے باوجود قرآن جیسی آیات لکھ کر قرآن کو جھٹلا نہ سکے۔
قرآن کی زبان اتنی حسین ہے اس میں اتنا ردھم ہے، اتنی ایلیڑیشن ہے، ایسا ساؤنڈ ایفیکٹ ہے کہ ناواقفِ لوگ بھی سن کر سر دھنتے ہیں۔

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : سمرن چٹھہ

ابو لہب اور یہودی


فالسی فیکیشن ٹیسٹ کے سلسلے میں گیری ملر نے دو بہت دلچسپ باتیں لکھی ہیں۔ لکھتا ہے۔
محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ایک چچا تھا جسکا نام ابولہب تھا۔
ابو لہب کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عداوت تھی۔ اسکی زندگی کا واحد مقصد قرآن اسلام اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جھٹلانا تھا۔ وہ محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا پیچھا کیا کرتا تھا۔ جہاں بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جاتے وہ پیچھے پیچھے جاتا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہر بات کو جھٹلاتا۔ اگر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کہتے کہ یہ چیز سفید ہے تو وہ جھٹ بول اٹھتا نہیں یہ چیز کالی ہے۔ اگر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کہتے کہ دن ہے تو وہ کہتا نہیں رات ہے۔ قرآن میں ابولہب کا ذکر بھی آیا ہے کہ!
وہ دوزخ کی آگ میں جلے گا اور دوزخ کی آگ میں جلنا اس کا مقدر ہے۔ مطلب یہ کہ وہ کبھی اسلام قبول نہیں کرے گا اور کافر ہی رہے گا۔
گیری ملر لکھتا ہے کہ اس آیت کے نازل ھونے کے بعد ابولہب دس سال زندہ رہا۔ اسکے لیے قرآن کو جھٹلانا بہت آسان تھا۔ وہ مسلمانوں سے کہتا دوستو! میں مسلمان ہونا چاہتا ہوں مجھے مسلمان بنا لو۔ جب وہ مسلمان بنا دیتے تو کہتا لو بھئ تمہارا قرآن تو جھوٹا ثابت ھوگیا۔ اب بولو۔ لیکن ابولہب نے ایسا نہیں کیا حالانکہ اسکی زندگی کا مقصد ہی یہی تھا کہ وہ قرآن کو جھوٹا ثابت کرے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جھٹلائے۔
: گیری ملر ایسی ہی ایک اور مثال دیتا ہے لکھتا ہے۔
قوموں کی حیثیت سے انسانی رشتوں کا ذکر کرتے ھوئے قرآن کہتا ہے کہ بحثیت قوم یہودیوں کی نسبت عیسائی مسلمانوں سے بہتر سلوک روا رکھیں گے لہذا یہودیوں کے لیے قرآن کو جھٹلانا آسان کام تھا۔
یہودی مسلمانوں سے میل جول بڑھاتے ان سے ہمدردی کا اظہار کرتے انہیں اپناتے اور پھر کہتے مسلمانو! تمہارا قرآن غلط ہے۔ چونکہ ہم مسلمانوں سے عیسائیوں کی نسبت زیادہ۔ بہتر تعلقات کے حامل ہیں لیکن یہودیوں نے ایسا نہیں کیا۔ اور لگتا ہے کہ مستقبل میں بھی ایسا نہیں کریں گے۔
گیری ملر نے تو بڑی رواداری سے بات کی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ یہودیوں کا مسلمانوں سے جو رویہ ہے وہ قرآن کو جھٹلانے کی بجائے اسکے دعوے کو شدت سے تقویت دیتا ہے۔
قرآن پڑھنے سے پہلے میں حیران ہوا کرتا تھا کہ یہ کیسی کتاب ہے کہ ہر فرقہ وار اپنے نظریات کے جواز کے لیے قرآن کا حوالہ دیتا ہے حالانکہ ان کے نظریات بلکل مختلف یا متضاد ہوتے ہیں۔
مثل و شعور کو ماننے والے بھی قرآن کا حوالہ دیتے ہیں۔ جزبے اور وجدان کو ماننے والے بھی قرآن کا حوالہ دیتے ہیں۔ تنگ خیال کٹر مسلمان بھی اپنے مسلک کا جواز قرآن سے اخذ کرتے ہیں۔ وسعت قلب کو ماننے والے بھی قرآن کو کوٹ (quote) کرتے ہیں۔
پرانی بات ہے ان دنوں میں سرکاری میڈیا کے ایک محکمے میں کام کرتا تھا۔ اوپر سے حکم آتا کہ قرآن سے فلاں بات کے جواز کے لیے آیت تلاش کرو اور حکومت کے فلاں اقدام کے حق میں سکرپٹ لکھ کر اسے نشر کرو۔ حکم موصول ہونے پر ہم مولوی صاحب کو بلا بھیجتے جو میڈیا کے سٹاف پر تھے۔ مولوی صاحب بغیر کسی تردد کے آیت ڈھونڈ کر مجھے اس کا ترجمہ لکھا دیتے اور میں سکرپٹ لکھ دیتا۔ ان دنوں مجھے کبھی احساس نہ ہوا تھا کہ ہم قرآن کو استعمال کررہے ہیں اور لاجک کے اصولوں کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔
Premisis
سے نتیجہ نہیں نکالتے بلکہ نتیجے کے لیے premisis تلاش کرتے ہیں۔
اسے لاجک میں cart before the horse کہتے ہیں یعنی الٹی گنگا۔
پاکستان بننے سے پہلے کی بات ہے۔ پاکستان بننے کے بعد تو اسلام کو استعمال کا ایک طوفان امڈ آیا۔ آمر نے اپنی آمریت کو مستحکم کرنے کے لیے اسلام کو استعمال کیا۔ بی بی جمہوریت نے اپنی عظمت قائم کرنے کے لیے اسلام کے نعرے لگائے۔ سیاستیوں نے اپنے ذاتی مفاد حاصل کرنے کے لیے اسلام کو برتا۔
مذہبی لیڈروں نے اپنی اہمیت قائم کرنے کے لیے اسلامی روپ دھارا۔ مولوی اور علمائے دین تو خیر ہمیشہ سے اپنی اہمیت جتانے کے لیے اپنی اتھارٹی چلانے کے لیے اسلام کو استعمال کرتے رہے اور گمان غالب ہے کہ کرتے رہیں گے۔
میں نے اپنے دوست احمد بشیر سے پوچھا "یار تو اتنا بڑا اور سینئر صحافی ہے یہ بتا کیا تو نے کبھی اسلام کی خدمت کی بھی ہے اس سلسلے میں تیری کیا contribution ہے؟”
بولا ! "میں نے اسلام کی بڑی خدمت کی ہے اور مسلسل کررہا ہوں”
وہ کیسے؟ میں نے پوچھا۔
بولا ! اسلام پر میرا بہت بڑا احسان ہے کہ میں نے کبھی اسلام کو استعمال نہیں کیا۔ اپنے ذاتی مفاد کے لیے نہ اپنی تحریر کو تقویت دینے کے لیے۔ اس سے بڑی خدمت اور کیا ہو سکتی ہے؟
بےشک "میں نے جواب دیا” یہ بہت بڑی خدمت ہے۔
صاحبو ! اب تو اسلام کو استعمال کرنے کی رسم اس قدر عام ہو چکی ہے کہ ہمیں احساس ہی نہیں رہا کہ یہ ایک قبیح فعل ہے۔
بالکل ایسے جیسے رشوت لینا عام ہوچکا ہے اور ہم نے اسے legalise کر لیا ہے۔ سیاسی پارٹیاں کھلم کھلا اسلام کے نام کو استعمال کررہی ہیں۔
گزشتہ 45 سال میں کسی اسلام پارٹی نے کسی الیکشن میں قابل ذکر کامیابی حاصل نہیں کی۔ الٹا ان کے رویے نے پڑھے لکھے لوگوں کے دلوں میں نفاذ اسلام کی دہشت طاری کررکھی ہے۔ کئی بار ایسا ھوتا ہے کہ جب ٹی وی کا کیمرہ ارکان اسمبلی کو pan کرتا ہے تو چلتے چلتے دفعتہ ایک کونے میں ایک غیر معمول منظر سامنے آجاتا ہے۔ کچھ ایسے لوگ نظر آتے ہیں، جن کے لباس انداز طورطریقے بالکل مختلف ہوتے ہیں۔ ناظر کو ایک دھچکا سا لگتا ہے کہ اسمبلی میں aliens کہاں سے آگئے۔
مجھے حیرت ہے یہ لوگ اسمبلی میں کس امید پر بیٹھے ہیں پھر یہ بھی کہ جس جمہوریت کی یہ خدمت کررہے ہیں ان کا رنگ غیر اسلامی ہے۔

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : سمرن چٹھہ

ذاتی معاملہ


آج کل اخباروں میں مدیر کے نام خطوط کے کالم میں ایسے خطوط شائع ہو رہے ہیں جن کا عنوان کچھ اس قسم کا ہوتا ہے کہ "میں نے اسلامی پارٹیوں کو ووٹ کیوں نہ دیا کیوں نہ دوں گا؟”
مثال کے طور پر ایک انگریزی روزنامے میں ایسی ہی نوعیت کا خط یکم دسمبر کو شائع ہوا تھا جسکا لب لباب میں اپنے لفظوں میں شائع کرتا ہوں۔
ازارہ کرم اپنے اخبار میں اشاعت کرکے قارئین کو بتادیجیے کہ میں نے مذھبی پارٹیوں کو ووٹ دینے سے انکار کیوں کیا۔ انکار اس لیے کہ انہوں نے اسلام کو الیکشن "ایشو” بنا رکھا ہے۔ اس طرح انہوں نے اسلام کو ایک بحث طلب مسئلہ بنا دیا ہے۔
میں اسے تسلیم نہیں کرتا۔ اسلام نا تو "ایشو” ہے اور نا ہی بحث طلب مسئلہ۔ میرے نزدیک اسلام ایک ضابطہ حیات ہے۔
ہمارے ہاں بہت سے مذھبی فرقے ہیں سنی، شیعہ، بریلوی، ہر پارٹی کا اسلام کے متعلق مختلف نظریہ ہے۔ میرے نزدیک اسلام اختلاف نہیں۔ اسلام ایک ہے فرد اور اللہ کے درمیان تعلق۔
ہر مسلمان کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے نظریے کے مطابق اسلام جیے بشرطیکہ وہ اپنا نظریہ دوسروں پر نا ٹھونسے۔ اسے حق حاصل ہے کہ وہ اپنے خیالات کے مطابق فرائض ادا کرے اور اپنی مرضی کے مطابق کوئی سا فقہ مان لے۔
کسی مولوی یا دینی عالم کو یہ حق حاصل نہیں کہ اس میں دخل دے۔ انہوں نے مجھے بتایا کہ اگر کوئی مسلمان ہاتھ یا پاؤں کو کاٹنے یا سنگسار کرنے کے اصول کو مان لے تو وہ بہتر مسلمان بن جاتا ہے۔ میں ان سے کہتا ہوں کہ میں اس لیے مسلمان ہوں کہ میرے دل میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اللہ کی محبت گامزن ہے۔ اس لیے نہیں کہ میں دوزخ کے عذاب سے خوفزدہ ہوں۔ میرے اسلام کی بنیاد محبت ہے خوف نہیں۔ اگر مولوی لوگ اپنے اسلام کی بنیاد خوف رکھنا چاہتے ہیں تو بیشک رکھیں "(غلام اکبریا۔ کراچی)
یہ خوش فہمی کہ مذہب ذاتی معاملہ ہے مذہب سے فرار کے لیے پیدا کی گئی ہے۔ میں بھی ایک زمانے میں یہ سمجھا کرتا تھا کہ مذہب ذاتی معاملہ ہے۔ مجھے یہ خیال کبھی نہیں آیا تھا کہ اسلام اگر ذاتی معاملہ ہے تو پھر اسلام ایک کیسے ہو سکتا ہے؟ پھر تو ہر فرد کا اپنا اسلام ہوا۔
دراصل ایسے چمکیلے خیالات مغرب سے آتے ہیں اور ہمارے نوجوانوں کی آنکھوں کو خیرہ کر دیتے ہیں۔

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : سمرن چٹھہ

شک کرو


سب سے پہلا مغربی خیال جس نے میری آنکھوں کو خیرہ کیا رسل کا scepticism تھا کہ ہر بات میں شک کرو۔ اس خیال نے میری ساری جوانی کو دھندلائے رکھا۔
حالانکہ حقیقت سامنے دھری تھی لیکن یہ بات مجھے نظر نہ آئی کہ یہ تو ایک منفی اصول ہے اور منفی اصول زندگئ میں روانی پیدا نہیں کرسکتے۔ شاید تحقیق کرنے والوں کے لیے شک کرنے کا اصول کارآمد ہو۔ عام آدمی کے لیے تو ایک دوسرے کی بات مان لینا، بھروسہ کرنا اہم ہے کیونکہ انسان مجلسی مخلوق ہے۔ ہر فرد کی زندگی میں بیشتر باتیں ایسی ھوتی ہیں جنھیں جانے مانے بغیر بات نہیں بنتی۔
عرصہ دراز تک ایسی رسل کے اس چمکیلے خیال کو سینے سے لگائے بیٹھا رہا پھر مجھے پتہ چلا کہ زندگی بسر کرنے کے لیے شک کی نہیں بلکہ ایمان کی ضرورت ہے۔ اپنی انگلی جلائے بغیر ماننا پڑتا ہے کہ آگ جلاتی ہے۔ آئن سٹائن کی تھیوری کو پرکھے بغیر ماننا پڑتا ہے کہ ہر ذرے میں ایک سسٹم موجود ہے۔ ہم سب تحقیق کے بغیر مانتے ہیں کہ فلاں شخص ہمارا باپ ہے۔ صاحبو مان لینے میں بڑا سُکھ ہے۔

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : ایمان عائشہ

ڈاکٹر ابدال بیلا

ڈاکٹر ابدال بیلا سے ایک روز میں نے پوچھا ” ڈاکٹر یہ بتلا، کیا تم نے پورے طور پر جان لیا ہے کہ انسانی جسم کس طرح کام کرتا ہے؟”
ڈاکٹر ابدال بیلا میرا دوست ہے۔ وہ ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہے۔ ساتھ ہی افسانہ نویس بھی ہے۔ ڈاکٹر کے حوالے سے وہ سختی سے حقیقت پسند ہے۔ رائٹر کے حوالے سے وہ خواب دیکھتا ہے۔ دیکھنے میں خالص جسمی ہے۔ اونچا لمبا، پٹھے ہی پٹھے، مونچھ ہی مونچھ، باہر جسم ہی جسم ہے اندر سوچیں ہی سوچیں۔ اندر، باہر کو جھٹلاتا ہے۔ باہر اندر کو۔ خیال میں ماڈرن ہی ماڈرن جذبات میں ٹریڈیشن ہی ٹریڈیشن۔
ایک طرفہ تماشا ہے۔
میں نے پوچھا: ” بتاؤ ڈاکٹر! کیا تم” ورکنگ آف دی ہیومن باڈی ” کو پورے طور پر سمجھتے ہو؟”
اس نے سر نفی میں ہلادیا۔ بولا: "بالکل نہیں۔”
میں نے کہا: "کیا تمام ڈاکٹر جانتے ہیں کہ وہ نہیں جانتے۔”
وہ قہقہہ مار کر ہنسا۔
میں نے کہا: ” بيلا ! سیانے کہتے ہیں کہ جاننے کے حوالے سے دنیا میں چار قسم کے لوگ ہیں۔
وہ جو جانتے ہیں اور جانتے ہیں کہ وہ جانتے ہیں۔
دوسرے وہ جو جانتے ہیں اور نہیں جانتے کہ وہ جانتے ہیں۔
تیسرے وہ جو نہیں جانتے اور جانتے ہیں کہ نہیں جانتے
چوتھے وہ جو نہیں جانتے اور نہیں جانتے کہ وہ نہیں جانتے۔
"بولو بیلا ! ” میں نے کہا ” تم اداکاروں کو کس کیٹیگری میں رکھتے ہو؟”
"مجھے نہیں معلوم ! ” وہ بولا : "میں تو صرف ایک بات جانتا ہوں کہ اگر میں صاحب اختیار ہوتا تو حکم دیتا کہ میڈیکل کتابوں کے ہر صفحے کے اوپر جلی حروف میں لکھ دو کہ ابھی ہم ہیومن باڈی کے اسرار و رموز کو پورے طور پر نہیں سمجھے اور ہر ڈاکٹر پر عائد کر دیتا ہے کہ وہ اپنے کمرے میں یہ جملہ جلی حروف میں لکھ کر دیوار پر ٹانک دے تا کہ یہ حقیقت ہر وقت اس کے ذہن میں رہے۔”
میں نے کہا: ” اچھا یہ بتاؤ کہ اگر تم جسم کے اسرار و رموز سے واقف نہیں ہو تو علاج معالجہ کیسے کرتے ہو؟ "
کہنے لگا : ” اندازے لگاتے ہیں۔ پرانے حکیم بھی اندازے لگایا کرتے تھے۔
میں نے کہا : ” تمھارے اوران کے اندازوں میں بڑا فرق ہے۔”
بولا : ” وہ کیسے؟”

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : ایمان عائشہ

انٹیوشن

میں نے کہا: ” ان کے اندازے Intution کے زور پر ہوتے تھے، تمھارے
اندازے مشینوں کے ٹیسٹوں کے زور پر ہوتے ہیں۔”
صاحبو ! ہم نے اس حقیقت کو آج تک نہیں مانا کہ جتنا علم جتنی دانش آج ہمارے پاس ہے، سب Intution سے آئے ہیں۔ انٹیوشن کیا ہے؟ علم و دانش کا قطرہ قطرہ جو اللہ میاں انسانی ذہن میں ٹپکاٹا رہتا ہے۔ سیانے کہتے ہیں کہ تمام ڈسکوری ( Discovery) تمام انونشن (Invention) کی پشت پر انٹیوشن کارفرما ہے۔ سب سے پہلے انکشافات شاعروں کے ذریعے اتارے جاتے ہیں۔ پھر محققوں کو عطا کیے جاتے ہیں۔ انٹیوشن درحقیقت وحی ہے۔ قطرہ قطرہ ہو تو انٹیوشن دھارا ہو تو وحی۔ ترسیل (Indirert) ہو تو انٹیوشن ڈائریکٹ (Direct) ہوتو وحی سمندر ہو تو قرآن
کہتے ہیں پرانے زمانے میں ایک قبیلہ سمندر سے بہت فاصلے پر آباد تھا۔ انھوں نے کبھی سمندر نہیں دیکھا تھا۔ یہ لوگ پانی کو” آنٹاؤ "کہتے تھے۔ اس قبیلے کا ایک شخص سفر پر گیا تو اتفاقاً سمندر دیکھ آیا، واپس آکر اس نے اپنے قبیلے والوں کو سمندر سمجھانے کی کوشش کی۔
بولا : ” آنٹاؤ۔ آؤ آؤ آؤ آؤ آؤ…. یعنی پانی ہی پانی، پانی ہی پانی، پانی ہی پانی۔ ایسے ہی قرآن علم و دانش کا ایک سمندر ہے۔ قرآن حکیم منفی اصولوں کا پرچار نہیں کرتا۔ یہ نہیں کہتا کہ شک کرو بلکہ کہتا ہے کہ دیکھو، غور سے دیکھو، سمجھنے کی کوشش کرو، پھر کوشش کرو۔ پھر کوشش کرو بات سمجھ میں نہ آئے تو ان لوگوں سے پوچھو جو جانتے ہیں پھر بھی سمجھ میں نہ آئے تو کوئی رائے قائم نہ کرو، نہ مانو نہ رد کرو یعنی Opinion Suspend کردو۔
آج سے چودہ سو سال پہلے قرآن نے کہہ دیا تھا کہ” زندگی” کی ابتدا پانی سے ہوئی۔ اس پر دانشوروں نے کہا: ” یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ زندگی پانی سے بنی ہو؟” انھوں نے اس بات کو مذاق میں اڑا دیا۔
پھر بارہ سو سال کے بعد کسی محقق نے خوردبین ایجاد کردی، خوردبین کی ایجاد کے بعد پانی میں جھانکنا ممکن ہو گیا۔ پھر جو پانی میں جھانکا تو سائنس دان یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ
پانی زندگی کے جرثوموں سے بھرا پڑا ہے۔

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : ایمان عائشہ

آوارہ علم

دراصل سارا جھگڑا سائنس کے بارے میں ہماری خوش فہمی نے پھیلا رکھا ہے۔ ہم سمجھنے لگے ہیں کہ سائنس ایک مکمل علم ہے… دراصل آج کی سائنس اللہ کی حکمتوں کو سمجھنے کی ایک مکمل آوارہ سی کوشش ہے جس کی کوئی منزل نہیں۔
سائنسی تحقیق کی ابتدا مسلمانوں نے کی۔ یہ اس زمانے کی بات ہے کہ جب یورپ زمانہ جہالت کے دور سے گزر رہا تھا۔ مسلمانوں کی سائنسی تحقیق کی پشت پر کائنات کا خالق تھا۔ کائنات ایک کنفیوزڈ (Confused) پھیلاؤ نہیں تھا۔ کائنات کا ایک مقصد تھا، ایک نظم تھا، ایک منصوبہ بندی تھی، ایک منزل تھی۔ مسلمان سائنس دانوں کی تحریروں میں قرآن کریم کے حوالے ملتے ہیں۔ پھر بدقسمتی سے مسلمانوں کی توجہ کائناتی فکر سے ہٹ کر دینی مشاغل تک محدود ہوگئی۔
یوں سائنسی تحقیق یورپین محققوں کے ہاتھوں میں چلی گئی۔ یورپی محققوں میں خلوص ہے، صلاحیت ہے، Devotion ہے، سبھی کچھ ہے، صرف ایک کمی ہے، وہ کائنات کو تخلیق کار کے حوالے سے نہیں دیکھتے، صرف تخلیق کے حوالے سے دیکھتے ہیں، خالق کے حوالے سے نہ دیکھو تو کائنات ایک جنگل بن جاتی ہے
ہے، اس میں مقصد رہتا ہے نہ منزل، منصوبہ بندی نہ نظام۔
اس لیے تحقیق آوارہ ہوجاتی ہے۔

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : عاصم عباسی

نیوٹن اور سیب


نیوٹن نے سیب کو گِرتے ہوئے دیکھا اور کشش کا بھید پا لیا۔ اس نے سیب کے گِرنے کے عمل کو دیکھا، سیب کو نہ دیکھا۔ سیب کو دیکھتا، تو دیکھتا کہ اتنے چھوٹے سے بیچ میں کیا کیا رکھ دیا گیا؟ ایک درخت، تنا، شاخیں، پتے، پھل۔
سیب کو دیکھتا تو دیکھتا کہ درخت پر پھل جب تک کچا ہوتا ہے، سبز رنگ کا ہوتا ہے۔ سبز پتوں میں چھپا رہتا ہے۔ جب پک جاتا ہے (کھانے کے قابل ہو جاتا ہے) تو رنگ بدل جاتا ہے، لال ہو جاتا ہے تاکہ نظر آئے۔ پھر وہ ہر راہ گیر کی توجہ اپنی جانب مبذول کراتا ہے۔ آؤ توڑو، کھاؤ۔ میری غایت کھائے جانا ہے۔ میں انسان کی خوراک بنے کیلئے پیدا کیا گیا ہوں۔
قرآن کہتا ہے کہ لوگو! ہم نے یہ تمام قوتیں، نعمتیں تمھارے لیے بکھیر رکھی ہیں تاکہ تم انھیں مسخر کرو اور اپنے استمال میں لاؤ۔ یہ کائنات تمھارے لیے ہے۔ تم اشرف المخلوقات ہو۔ سبحان اللّہ! اللّہﷻ نے انسان کو کیا مقام دے رکھا ہے۔
کبھی کسی راہبر نے ہمیں آواز دے کر نہیں کہا کہ لوگو! ہوش کرو۔ کیا کر رہے ہو؟ اس شرف کا خیال کرو جو اللہ نے تمھیں دے رکھا ہے۔ صاحبو! مجھ سے تو جو راہبر ملتا ہے، یہی کہتا ہے کہ تم غلیظ ہو، گنہگار ہو، ناپاک ہو۔
سال میں ایک مرتبہ محلے کی مسجد میں چند بزرگ صورت اصحاب تشریف لاتے ہیں۔
وہ میرے گھر کا دروازہ بجاتے ہیں، میں باہر آتا ہوں تو کہتے ہیں: "بھائی صاحب آپ نماز پڑھا کریں۔”
"بہت بہتر جناب۔ ” میں جواب دیتا ہوں۔ "آپ بجا فرما رہے ہیں لیکن میں بھی آپ کی خدمت میں ایک عرض کرنا چاہتا ہوں۔”
وہ پوچھتے ہیں۔”جی فرمائیں!”
میں کہتا ہوں "عالی جاہ! نماز کی فرضیت بسر و چشم لیکن کبھی آ کر یہ بھی کہیے کہ پڑوسی سے اچھے تعلقات قائم کیجیے۔ محلے والوں کی خدمت کیجیے۔ کبھی کہیے کہ بانٹ کر کھایئے۔ بانٹ کر کھانے سے چیز حلال ہو جاتی ہے۔ عالی جاہ! کبھی کسی داڑھی والے کا دروازہ کھٹکھٹا کر پوچھئے، جناب! آپ نے جو داڑھی رکھی ہے، کیا آپ اس کی لاج پال رہے ہیں؟ آپ نے دکان کو مال سے بھر لیا ہے یا خالی دکان پر بورڈ لگا رکھا ہے؟”

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : عاصم عباسی

علماۓ دین

صاحبو ! میں علمائے دین کی عزت کرتا ہوں۔ میں انہیں علی مرتبت سمجھتا ہوں۔ چونکہ وہ ہمارے راہبر ہیں، اس لیے ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ مجھے ان سے شکایت ہے۔ شکایت انہی سے کی جاتی ہے جو بڑے ہوں، صاحب اقتدار ہوں، جن سے ہم نے امیدیں استوار کر رکھی ہوں۔
مجھے ان سے شکایت ہے کہ انہوں نے آج تک سنجیدگی سے نہیں سوچا کہ ان کی تبلیغ کا کیا رخ ہونا چاہیے۔ انھوں نے دورِ ماضی کو سنجیدگی سے سمجھنے کی کوشش نہیں کی۔ وہ سمجھتے ہیں کہ دورِ حاضر راستے سے بھٹکا ہوا دور ہے، ملحد ہے رندۀ درگاہ ہے اس لیے لائق توجہ نہیں۔ حالانکہ یہی وہ مقام ہے جہاں تبلیغ کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کبھی نہیں چاہا کہ ان کا مقابلہ میڈیا سے ہے، ڈش انٹینا سے ہے، آوارہ، بے مقصد، بے منزل سائنس سے ہے۔
میرے دوست اشفاق احمد کا کہنا ہے۔
مولوی قابل احترام ہیں، اس لیے کہ انہوں نے اسلام کی بڑی خدمت کی ہے۔ سالہا سال سے وہ مسجدوں کو آباد کیے ہوئے ہیں۔ سالہا سال سے وہ بر وقت اذان دے کر مسلمانوں کو یاد لاتے رہتے ہیں کہ آؤ اللہ کے حضور سربسجود ہونے کا وقت ہے۔
اشفاق احمد کا کہنا ہے کہ مولویوں نے اسلام کو زندہ رکھا ہے۔
اشفاق احمد کی بات ایک حد تک درست ہے
اسلام کے دو پہلو ہیں۔ ایک فارم، دوسرا سپرٹ۔ بے شک مولویوں نے اسلام کی فارم کی خدمت کی ہے، وہ بھی صرف نماز کی حد تک۔ انھوں نے اسلام کو نماز تک محفوظ کر دیا ہے۔ آج اسلام کا مبلغ صرف نماز کی تلقین کرتا ہے۔ اس نے اسلامی کردار کو بلکل پس پشت ڈال دیا ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ آج اسلام صرف فارم تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔ نماز پڑھو، پاجامہ ٹخنوں تک نہ پہنچے۔
آج سنت صرف جسمانی حد تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ کہتے ہیں، کمرے میں داخل ہوتے وقت خیال رکھو کہ دایاں پاؤں اندر دھرنا ہے۔ دائیں ہاتھ سے پانی پیو۔ لبیں کاٹو۔ کوئی نہیں کہتا سچ بولو، سنت ہے۔ لوگوں کے حقوق ادا کرو، سنت ہے۔
مولوی نے خدمت کے نقطۂ نظر سے مسجد کو آباد نہیں رکھا بلکہ اپنی امامت قائم کرنے کے لیے آباد رکھا ہے۔ مولوی نے نماز کا پرچار اس لیے کیا کہ نماز کے پرچار سے مولوی کی ذاتی اہمیت وابستہ ہے۔ مولوی آج بھی دیہات پر حکومت کر رہے ہیں۔
مولوی نے اسلام کو زندہ نہیں رکھا بلکہ اس سمندر کو چو بچہ بنا دیا ہے۔ اسلام کو زندہ صوفیوں نے رکھا، اولیائے کرام نے رکھا، خود اس نے رکھا جس نے قرآن کی حفاظت کا ذمہ اٹھایا ہے۔

باب 4 : بڑی سرکار

ٹرانسکرپشن : عاصم عباسی

حکم، مصلحت

مبلغ کہتے ہیں، نماز قائم کر لو تو کردار خودبخود قائم ہو جاتا ہے۔ ممکن ہے کچھ نمازیوں میں ہو جاتا ہو بیشتر نمازی محروم رہتے ہیں۔ ہمارے مبلغ کہتے ہیں کہ نماز کا اس لیے حکم دیا گیا ہے کہ وہ ہمیں برائیوں سے بچاتی ہے، حفظان صحت ہے۔ میری دانست میں اللہ کے حکم کو rationalise کرنا، اس میں تمصلحتیں تلاش کرنا، حکم کے لفظ کی توہین کے مترادف ہے۔ نماز قائم کرو، اس لیے کہ اللہ کا حکم ہے۔ بس، اس کے بعد بات کرنے کی گنجائش بھی ہو۔
قدرت اللہ شہاب کی بیگم ڈاکٹر عفت لندن کے ایک ہوٹل میں بیٹھی تھیں۔ اسی ٹیبل پر ایک فوجی افسر وردی پہنے بیٹھا تھا۔ فوجی افسر نے ڈاکٹر عفت سے پوچھا: "لیڈی ! آپ مسلمان ہیں؟”
"الحمداللہ !” ڈاکٹر عفت نے کہا۔
فوجی بولا:” کیا میں آپ سے ایک بات پوچھ سکتا ہوں؟”
"پوچھیے !” ڈاکٹر عفت نے کہا۔
فوجی بولا:”آپ سور کا گوشت کیوں نہیں کھاتے؟”
عفت نے کہا:”میرے اللہ کا حکم ہے مت کھاؤ، اس لیے نہیں کھاتی۔”
فوجی بولا:” اس حکم کے پیچھے کیا دلیل ہے؟”
عفت نے کہا:” آپ فوجی ہو کر حکم کے مفہوم کو نہیں جانتے، حکم کی عظمت کو نہیں جانتے۔ حکم دلیل اور مصلحت سے بے نیاز ہوتا ہے۔”

Back to top button