یونیکوڈ کتابیں

تلاش

باب 5 — آٹے میں پانی، دودھ میں سفیدی

تلاش — ممتاز مفتی، کتاب کا سرورق

باب 5 : آٹے میں پانی، دودھ میں سفیدی

ٹرانسکرپشن : شبانہ حنیف

نفاذِ اسلام


اس روز میرے ایک پڑھے لکھے بزرگ، جو ملازمت سے ریٹائر ہونے کے بعد گاؤں میں رہائش پذیر تھے، مجھ سے ملنے کے لئے آۓ ہوۓ تھے۔۔ بر سبیل تذکرہ اسلام کی بات چل پڑی۔ میں نے کہا: ” چچا جان! ایک بات میری سمجھ میں نہیں آتی۔”
بولے: ” کیا؟ "
میں نے کہا: ” ہم نے پاکستان اس لئے بنایا تھا کہ ہم یہاں اسلام نافذ کریں گے اور اسلامی روایات کے مطابق زندگی بسر کریں گے۔ ہے نا؟”
” بالکل۔۔ ” وہ بولے
” یہاں ہر شخص اس بات کا خواہش مند ہے اور ہر سیاسی پارٹی چاہتی ہے کہ اسلام نافذ ہو۔ آج پاکستان کو بنے چھیالیس سال ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک ہم اسلام نافذ کرنے میں کامیاب نہیں ہوۓ۔۔ کتنی حیرت کی بات ہے۔۔ اخر کیوں؟ بات سمجھ میں نہیں آتی۔”
چچا بولے:”” بھئی جس علاقے میں میں رہتا ہوں، وہاں تو اسلام نافذ ہے۔۔”
"کیا کہا؟ ” میں نے حیرت سے چلا کر پوچھا
بولے: ” بالکل ٹھیک کہہ رہا ہوں۔۔”
” آپ مذاق تو نہیں کر رہے؟ ” میں نے کہا
” بالکل نہیں۔۔” وہ بولے
” لیکن کیسے؟”
بولے:” مثلاً ہمارے گاؤں میں چار عورتیں بیٹھی کام کر رہی ہیں۔۔ پاس ایک بچہ کھیل رہا ہے۔ بچے کو ٹھوکر لگتی ہے، وہ گرنے لگتا ہے تو چاروں عورتوں کے منہ سے انجانے میں نکلتا ہے، بسم اللہ! حالانکہ کہ بچے کے گرنے کو اللہ کے نام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔۔
” مثلاً چار آدمی بیٹھے ہیں۔۔ کوئی شخص ایک خوبصورت چیز لا کر انھیں دکھاتا ہے تو انجانے میں سب چلا کر کہتے ہیں، سبحان اللہ!
” کوئی شخص چیز کی تعریف نہیں کرتا، چیز بنانے والے کی تعریف نہیں کرتا، سب اللہ کی تعریف کرتے ہیں۔۔ کوئی پوچھے کہ بھئی اللہ کہاں سے آ گیا؟ اللہ کا کیا مطلب ہے؟ لیکن اللہ آ جاتا ہے۔۔ لوگوں کے دلوں کے اندر والے خانے سے ” پڑپ” کر باہر نکل آتا ہے۔۔
"بچے کو چپ کرانا ہو تو ” اللہ ہو، اللہ ہو ” کا ورد کرتے ہیں۔۔ بچے کو رونے سے چپ کرانے کے لئے اللہ کو بلانے نے کیا مطلب؟ کوئی ایک بات ہو تو بتاؤں۔۔” چچا بولے: "وہاں تو بات بات پر اللہ دلوں سے نکل کر ہونٹوں پر آ جاتا ہے۔۔ ماشاءاللہ، ان شاء اللہ ! استغفر اللہ! لاحول ولا! اللہ کرے! خدانخواستہ! "چچا ہنسے۔۔”لوگوں کے دلوں میں اللہ اس طرح سمایا ہوا ہےجیسے گندھے ہوئے آٹے میں پانی۔۔”
"اور جانتے ہو؟ ” وہ بولے۔۔”یہ سب کس نے کیا ہے؟ ” صوفیوں نے۔۔ انھوں نے ہمارے Unconscious …… کیا کہتے ہو تم اسے؟” چچا نے پوچھا۔۔
” لا شعور ” میں نے جواب دیا۔۔

باب 5 : آٹے میں پانی، دودھ میں سفیدی

ٹرانسکرپشن : شبانہ حنیف

جانے۔۔۔۔ ان جانے


” صوفیوں نے ہمارے لاشعور کے پنجرے میں اللہ میاں کا مٹھو بند کر دیا ہے۔۔ ہم انجانے میں اللہ کی تعریفیں کرتے رہتے ہیں۔ انجانے میں اللہ کے حضور دعائیں مانگتے رہتے ہیں۔ انجانے میں اپنی امیدیں استوار کئے بیٹھے ہیں۔۔”
چچا رک گئے۔۔ کچھ دیر تک خاموش رہے۔ پھر بولے: ” صرف لاشعور ہی نہیں، شعوری طور پر بھی اللہ ہمارے ذہن سے نہیں نکلتا۔۔ کسان صبح اٹھ کر جب آسمان کی طرف دیکھتا ہے تو وہ آسمان کو نہیں دیکھتا۔ اسے احساس ہوتا ہے کہ آسمان کے پیچھے اللہ بیٹھا ہوا ہے۔ وہ بادلوں کی طرف نہیں دیکھتا۔۔ اسے احساس ہے کہ اللہ بادل لاتا ہے، اللہ مینہ برساتا ہے، اللہ ہوا چلاتا ہے۔۔ وہ اللہ کے حوالے کے بغیر کچھ نہیں دیکھتا۔۔ موسم بذات خود اس کے لئے کوئی مفہوم نہیں رکھتا۔ بد بختی، خوش بختی، خوشی، غمی، رزق سب کے پیچھے اللہ موجود ہوتا ہے۔۔”
کچھ دیر کے لئے وہ پھر رک گئے، پھر بولے
” اب تم ہی بتاؤ کہ اس کے علاوہ اسلام کا نفاذ اور کیا ہوگا؟ "
میں نے کبھی اس زاویہ نظر سے نہیں سوچا تھا۔۔ میں نے چچا سےپوچھا تو وہ بولے:
” تم سمجھتے ہو، اسلام قانون سے آتا ہے۔ یہی تمھاری بھول ہے۔ اسلام قانون سے نہیں بلکہ کلچر سے آتا ہے، جذبات سے آتا ہے، لا شعور سے آتا ہے۔۔”
"لیکن یہ جو سیاسی ہیراپھیریاں ہیں، مفاد پرستیاں ہیں، شر اور……..”
چچا میری بات کاٹ کر ہنسے۔۔ بولے: ” یہ جو دودھ بھری چاٹی ہے نا، چھلک چھلک کر اس کے اوپر مکھن آ گیا ہے۔ طمع اور حرص کی وجہ سے یہ مکھن زہریلا ہوگیا ہے۔۔ اس زہریلے مکھن کو اتار پھینکو گے تو نیچے کا خالص دودھ ہی دودھ ہے۔”

باب 5 : آٹے میں پانی، دودھ میں سفیدی

ٹرانسکرپشن : سیدہ حنا حسین

جہاں بیٹھ گئے، بیٹھ گئے

چچا کی بات پر سوچتا ہوں تو مجھے حیرت ہوتی ہے کہ اس زاویے سے میں نے کیوں نہ سوچا؟ بات تو سامنے دھری تھی، پھر میری توجہ اُدھر کیوں نہ منعطف ہوئی؟ ہمارے تمام رسم و رواج، طور طریقوں، رہن سہن میں اللہ گھسا بیٹھا ہے۔
بچہ پیدا ہوتا ہے تو بسم اللہ کہہ کر اسے” گڑھتی” چٹاتے ہیں۔ پھر اس کے کان میں اذان دیتے ہیں۔ صاحبو : یہ اذان ظاہری طور ایک معصوم سا بلاوا ہے کہ “ آؤ اللہ کے حضور سر بسجود ہو جائیں” بڑی پر اثر چیز ہے۔ کانوں سے دل میں جا بیٹھتی ہے۔ ہمارے اندر کوانڈے کی طرح پھینٹ کر رکھ دیتی ہے۔ جبھی تو غیر مسلموں کی نظر میں بڑی خطرناک چیز ہے۔ سکھوں کو علم ہے کہ اذان کان میں پڑے تو کانوں میں انگلیاں ڈال لو اور بھاگ کر کسی محفوظ مقام پر پہنچ جاؤ تاکہ اذان کی آواز سنای نہ دے۔
یہاں اسلام آباد میں کچھ سفارت خانے ایسے ہیں جہاں اذان سننے کی ممانعت ہے۔ ایک سفیر صاحب سے پوچھا گیا کہ اپ اذان سے کیوں خائف ہیں؟ بولے “ پتا نہیں کیوں؟ لیکن اذان کی اواذ سُن کر مجھ پر وحشت طاری ہو جاتی ہے۔
تاریخ شاہد ہے کہ کئ غیر مسلم بادشاہوں نے اذان پر پابندی لگا رکھی تھی۔ یہ تو خیر جملہ معترضہ تھا۔ بہر صورت یہ ایک حقیقت ہے کہ ہمارے تمام رسم و رواج میں اللہ یوں رچا بسا ہے جیسے دودھ میں سفیدی۔ اور صاحبو، ایک بات کہہ دوں آپ سے، آپ اسے پلے باندھ لیجیے کہ اللہ کی ایک خصلت یہ بھی ہے کہ جہاں بیٹھ گۓ، پھر آپ ہزار کوشش کر دیکھیں، وہاں سے نکلیں گے نہیں۔

باب 5 : آٹے میں پانی، دودھ میں سفیدی

ٹرانسکرپشن : سیدہ حنا حسین

باپ یا ماں

دراصل سارا قصور ہمارے راہبروں کا ہے۔ انہوں نے اللہ کے متعلق یہ غلط فہمی پھیلا رکھی ہے کہ اللہ ایک Father Head ہے۔ اس خیال کو پھیلانے میں عیسائیوں کا بھی حصہ ہے۔ ممکن ہے اس خیال کی ابتدا ہی عیسائیت نے کی ہو۔
بہرصورت یہ ایک غلط فہمی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اللہ ہماری ماں ہے۔ اسے اپنی تخلیق سے اتنی ہی محبت ہے جتنی ماں کو اپنے بچوں سے ہوتی ہے۔
قرآن حکیم میں جگہ جگہ لوگوں کو ڈرایا گیا ہے۔ بار بار کہا گیا ہے کہ ہم نے لوگوں کو ڈرانے والے بھیجے۔
مائیں بھی تو اپنے بچوں کو ڈرایا کرتیں ہیں۔ اکثر سرزنش بھی کرتیں ہیں لیکن ماں کی سرزنش میں تشدد نہیں ہوتا، بے رحمی نہیں ہوتی، انتقام نہیں ہوتا، بلکہ بسا اوقات غصہ بھی دکھاوے کا ہوتا ہے، اصلی نہیں ہوتا۔
ہمارے علمائے دین نے قرآن حکیم کی اس ڈرانے والی تفصیل اور سرزنش کی دھمکی کو اس قدر اہمیت دے رکھی ہے کہ لگتا ہے جیسے اللہ تعالی قصائی ہو۔ ایک شاعر نے کیا خوبصورت شعر کہا ہے۔
کہتے ہیں:
رنگین تر از حنا است بہار و خزان ما
بر دست خویش بوسہ زند باغبان ما
کہتے ہیں، انسان کی بہار اور خزاں اتنی رنگین ہے کہ اللہ تعالی اپنی اس مخلوق کو دیکھ کر خوشی سے پھولے نہیں سماتا کہ یہ میں نے کیا چیز بنا دی ہے۔

باب 5 : آٹے میں پانی، دودھ میں سفیدی

ٹرانسکرپشن : سیدہ حنا حسین

سی اور لک


صرف انسان پر ہی محدود نہیں، یہ بات تمام مخلوقات پر عائد ہوتی ہے۔ اس دنیا کی ہر چیز اس قدر خوبصورت ہے۔ گل، بوٹے، پتے، کانٹے، ایک ایک ذرہ حکمت اور حسن سے بھرا ہوا ہے۔ پتا نہیں وہ کون عالم تھا۔ جس نے کہا تھا کہ اگر میں خدا ہوتا تو بالکل ایسی دنیا بناتا، اس لیے کہ اس سے بہتر دنیا بن ہی نہیں سکتی۔
ایک عالمی شہرت کے آرٹسٹ نے کہا تھا “ لوگو شکر کرو کہ مانوسیت کے پردے کی وجہ سے ہمیں اس دنیا کا حسن نظر نہیں آتا۔ اگر ہمیں نظر آ جاۓ کہ پتے پتے میں، ذرے ذرے میں کتنی حکمت ہے، کتنا حسن ہے تو ہم ہر ایسا عالم حیرت طاری ہو جاۓ کہ کھڑے کے کھڑے رہ جائیں اور کسی کام جوگے نہ رہیں۔
قرآن حکیم میں بھی باری تعالیٰ بار بار فرماتے ہیں کہ لوگو دیکھو، غور سے دیکھو۔ تم دیکھتے کیوں نہیں؟ دیکھو تو سہی کہ ہم نے کیا کیا بنایا ہے۔ جب قرآن کہتا ہے کہ دیکھو۔ تو مطلب سرسری دیکھنا نہیں ہوتا۔ دیکھو سے مراد see نہیں بلکہ look ہوتا ہے یعنی خالی دیکھنے کے لیے نہیں بلکہ سمجھنے کے لیے دیکھو۔ یہ سائنسی رویہ ہے۔ سائنس نے یہ رویہ قرآن سے لیا ہے۔
ایک معروف سائنسدان Nathanial Shaler نے دیکھنے کی اہمیت کو اپنے مضمون میں واضح کیا ہے۔ مضمون کا عنوان ہے
“ اوگاسز نے مجھے دیکھنا کیسے سیکھایا۔”
اوگاسز اس کا استاد تھا۔ شیلر لکھتا ہے۔
“ جب میں اپنے استاد اوگاسز کی لیب میں داخل ہوا تو انہوں نے ایک ٹین کی تھالی میں ایک مچھلی رکھ دی اور مجھ سے کہا، اسے دیکھو، غور سے دیکھو۔ اس کے بارے کسی سے بات کرنا نہ ہی کوئی حوالے کی کتاب پڑھنا۔ جب میں پوچھوں کہ تم نے کیا دیکھا؟ اس وقت مجھے بتانا، اس پہلے نہیں۔
ایک گھنٹہ بھر میں مچھلی کو دیکھتا رہا۔ میں سمجھا، میں نے مچھلی کو پورے طور پر دیکھ لیا ہے۔ اب میں امید لگا کر بیٹھ گیا کہ اوگاسز مجھ سے پوچھے گا۔
اوگاسز میرے قریب ہی تھا لیکن اس نے مجھ سے نہ پوچھا۔ ایک دن گزر گیا، دو دن گزر گۓ، پورا ایک ہفتہ گزر گیا لیکن اوگاسز نے نے میری طرف توجہ نہ دی۔ ویسے رسمی طور پر علیک سلیک کرتا رہا۔ کبھی کبھی کانی آنکھ سے مجھے دیکھ بھی لیتا۔ میں مجبوری میں مچھلی کو بار بار دیکھتا رہا اور یوں پورے طور پر اس سے واقف ہو گیا۔
آخر اوگاسز میرے پاس آیا اور پوچھا :” بتا تو نے مچھلی میں کیا کیا دیکھا؟”
“ میں نے ایک ایک کر کے ساری باتیں بتا دیں۔”
“ وہ غور سے سنتا رہا۔ جب میں بتا چکا تو وہ بولا: “ اونہوں ! ابھی مشاہدہ کچا ہے اور دیکھو۔” یہ کہہ کر چلا گیا۔
میں نے پھر سے مچھلی کو دیکھنا شروع کر دیا۔ اب کی بار مجھے نئی نئی باتیں نظر آنے لگیں، ایسی باتیں کہ میں خود بھی حیران رہ گیا۔
“ ایک ہفتے بعد جب میں نے اوگاسز کو سب کچھ بتا دیا تو اس نے مجھے شاباش نہ دی بلکہ کہا : “ ہاں اگر کوشش کرتے رہے تو دیکھنا سیکھ جاؤ گے۔”

باب 5 : آٹے میں پانی، دودھ میں سفیدی

ٹرانسکرپشن : محمد مزمل

ڈرو لوگو، ڈرو


پتا نہیں ہمارے علمائے دین کو یہ حسن کیوں نظر نہیں آتا؟ اللہ تعالی کا اپنی مخلوقات سے محبت بھرا لگاؤ نظر نہیں آتا؟ وہ ہر وقت ہمیں اللہ کے غیظ و غضب سے ڈراتے رہتے ہیں، سرزنش سے ڈراتے رہتے ہیں۔ وہ ہمارے دلوں میں اللہ سے محبت یا اپنائیت کا جذبہ پیدا نہیں کرتے۔ صرف ڈر اور خوف۔ اللہ سے ڈرو، اس کی لاٹھی بےآواز ہے، اس کی رسی دراز ہے، اس کی سزا انتقامی ہے۔ ڈرو لوگو ڈرو۔ جان کنی کے عذاب سے ڈرو، قبر کے عذاب سے ڈرو، گرزبردار فرشتوں کے سوال و جواب سے ڈرو، قیامت کے عذاب سے ڈرو۔
ہمارے علمائے دین نے لوگوں کے دلوں میں اسلام کی دہشت پھیلا رکھی ہے۔
دہشت کے اس جذبے کی وجہ سے آج تک کسی الیکشن میں کسی اسلامی پارٹی کو کبھی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔
عورتیں ڈرتی ہیں کہ اگر اسلام نافذ ہوگیا تو انہیں لپ اسٹک لگانے کی اجازت نہ رہے گی۔ ننگے چہرے گھومنے پھرنے کی اجازت نہ ہوگی۔ ورکنگ وومن خوف زدہ ہیں کہ اگر اسلام نافذ ہو گیا تو ان کی نوکری چھوٹ جائے گی۔ نوجوان ڈرتے ہیں کہ اسلام نافذ ہوگیا تو جینز اور پرنٹڈ شرٹ پہننا ممنوع ہوجائے گا۔ جدید موسیقی کے دلدادہ نوجوان ڈرتے ہیں کہ ناچنا گانا منع ہوجائے گا۔ دکاندار ڈرتے ہیں کہ زیادہ منافع کمانا ممکن نہ رہے گا۔

باب 5 : آٹے میں پانی، دودھ میں سفیدی

ٹرانسکرپشن : محمد مزمل

کروسیڈی پروپیگنڈا


کروسیڈز (صلیبی جنگیں) کے زمانے میں جب مسلمانوں نے حیرت انگیز فتوحات حاصل کی تھیں تو عیسائی پادریوں نے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف زبردست پرو پیگنڈا مہم چلائی کہ ایک مسلمان مجاہد دس عیسائی سپاہیوں پر بھاری ہوتا ہے، اس لیے کہ یہ لوگ انسان نہیں درندے ہیں، ظالم ہیں، بے رحم ہیں، سفاک ہیں۔
مسلمانوں نے سپین پر سالہا سال حکومت کی تھی۔ مؤرخ مسلمانوں کی حکومت کو آئیڈیل دور قرار دیتے ہیں لیکن عیسائی پادریوں نے مسلمان حکمرانوں کے اس پہلو کو ہمیشہ بلیک آؤٹ رکھا اور مجاہدوں کی بے رحمی اور تشدد کو بڑھا چڑھا کر بیان کیا۔
عیسائی پادری اور راہب اسلام کے سخت مخالف تھے، اس لیے کہ عیسائیت نے راہبوں اور پادریوں کو ایک متحرک مقام بخش رکھا تھا۔ یہ مقام اس قدر اہمیت کا حامل تھا کہ یہ بارہا عیسائی بادشاہوں سے ٹکر لینے سے بھی نہیں گھبراتے تھے۔ اس کے برعکس اسلام رہبانیت کے حق میں نہیں تھا۔ اسلام نے رہبانیت کو ممنوع قرار دیا تھا اور دینی علماء اور مولویوں کو کوئی اعزازی مقام نہیں دیا تھا۔ ان کی حیثیت عام مسلمانوں جیسی تھی۔
عیسائی راہب اور پادریوں نے ہمیشہ مسلمانوں کے بارے میں یہ مشہور کیا کہ وہ تنگ دل ہیں، وسعت قلب سے محروم ہیں،
Intorerant ہیں۔
یہ عیسائی پادریوں نے تو اسلام کے خلاف پرو پیگینڈا کر رکھا تھا۔ لیکن ہمارے مولوی اور ملا اپنے رویے سے غیروں کے پروپیگینڈے کو تقویت دے رہے ہیں۔ بات یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ اب امریکا اور مغربی ممالک ہمیں فنڈامینٹلسٹ کے طعنے دے رہے ہیں حالانکہ حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔ تاریخ شاہد ہے کہ جتنی رواداری اسلام میں ہے، کسی اور مذہب میں نہیں۔ حکم ہے کہ غیر مسلموں کو اتنی ہی آزادی دی جائے جتنی مسلمانوں کو حاصل ہے۔ ان کے مذہب کا احترام کیا جائے۔ ان کی عبادت گاہوں کا احترام کیا جائے۔
کہتے ہیں جب حضرت عمر فاتح کی حیثیت سے یروشلم میں داخل ہوئے اور نماز کا وقت آیا تو سوال پیدا ہوا کہ نماز کہاں ادا کی جائے۔ مسلمانوں نے عیسائیوں سے بات کی۔ عیسائیوں نے کہا: ’’بے شک آپ ہمارے گرجے میں نماز ادا کر لیں۔‘‘
حضرت عمر نے گرجے میں نماز پڑھنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا: ’’اگر میں نے ایسا کیا تو لوگ کہیں گے کہ مسلمانوں نے زبردستی عیسائیوں کی عبادت گاہ پر قبضہ کرلیا۔ اسلام اس بات کی اجازت نہیں دیتا۔ ہم پر لازم ہے کہ ہم غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کا احترام کریں۔‘‘
سپین میں الحمرا کی دیواروں پر جگہ جگہ یہ عبارت لکھی ہوئی ہے:
‘’اللہ کے سوا کوئی غالب فاتح نہیں ہے۔ ‘‘
مسلمانوں نے سپین پر حکومت کی تو یہی ان کا ماٹو رہا۔ قصہ یوں ہے کہ جب مسلمانوں نے ہسپانیہ کو فتح کرلیا اور غرناطہ کا مسلمان حکمران شہر میں داخل ہوا تو چاروں طرف سے لوگوں نے اس کا خیر مقدم کیا اور اسے ’’الغالب‘‘ کے خطاب سے نوازا۔ اس پر حکمران نے جواب دیا کہ میں فاتح یا غالب نہیں ہوں، صرف اللہ کی ذات فاتح اور غالب ہے۔
اسلامی تاریخ ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ آج کیوں کہا جاتا ہے کہ مسلمانوں میں رواداری نہیں؟ وہ Intolerant ہیں۔
مجھے یاد ہے، پرانے زمانے کے بڑے بوڑھے کہا کرتے تھے کہ اسلام تو ایک آسان سا سادہ سا طریقہ ہے۔ جیو اور جینے دو، سکھی رکھو اور سکھی رہو۔
پہلی بات یہ ہے کہ سچے دل سے مانو کہ اللہ واحد ہے، اس کا کوئی شریک نہیں۔ وہ قادر مطلق ہے اور محمد ﷺ، اللہ کے آخری پیغمبر ہیں۔
بڑے بوڑھے کہا کرتے تھے کہ یہ تو ایوان اسلام میں داخل ہونے کا دروازہ ہے۔
دوسری بات یہ ہے کہ لوگوں کے حقوق پورے کرو۔ لوگوں کی خدمت کرو، بانٹ کے کھاؤ، اپنی آمدنی میں ایک حصہ غریبوں کے لیے وقف کر دو۔
ماہ رمضان کے روزے رکھو۔ دن میں پانچ مرتبہ اللہ کے حضور سربسجود ہوا کرو اور اگر توفیق ہو تو مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں حاضری دو اور حج ادا کرو۔
میں نے ایک بزرگ سے پوچھا: ’’جناب والا ! اگر اسلام کے یہ پانچ رکن ہیں، پھر تو یہ واقعی بڑا سادہ اور آسان مذہب ہے۔‘‘
’’بالکل!‘‘ وہ بولے۔
’’سب سے اہم رکن کون سا ہے؟‘‘ میں نے پوچھا۔
بولے: ’’ہم تو یہ سمجھتے ہیں اسلام خدمت خلق سے شروع ہوتا ہے اور خدمت خلق پر ختم ہوجاتا ہے۔‘‘

Back to top button