یونیکوڈ کتابیں

تلاش

باب 6 — یہ خدا، وہ خدا

تلاش — ممتاز مفتی، کتاب کا سرورق

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : رابعہ حمید سیٹھی

لفظ اور مفہوم


سیانے کہتے ہیں کہ لفظ خالی برتن ہوتے ہیں۔ ان میں مفہوم ہم ڈالتے ہیں۔ لفظ ایک ہوتا ہے ہر شخص کا مفہوم مختلف ہوتا ہے، اپنے علم اور تجربے کے مطابق ہوتا ہے۔ شاعر کے ذہن میں دل کا مفہوم اور ہے۔ ایم بی بی ایس ڈاکٹر کے ذہن میں اور ہے۔ ماں کے لیے بچے کا مفہوم اور ہے باپ کے لیے اور۔ سیاست دان کے لیے عوام کا مفہوم اور ہے، اخبار نویس کے لیے اور۔ اس سلسلے میں تاریخ میں ایک دلچسپ واقعہ مرقوم ہے:
پرانے زمانے کی بات ہے، جب ایشیا میں بدھ ازم کے باقیات موجود تھے۔ برما کی سرحد پر بودھوں کا ایک گاؤں آباد تھا۔ انگریزوں نے سوچا کیوں نہ اس گاؤں پر قبضہ کر لیا جائے۔ چنانچہ انگریزوں نے گاؤں کا محاصرہ کر لیا۔ گاؤں والے بڑے حیران ہوئے کہ یہ لوگ گاؤں سے باہر کیوں رک گئے ہیں، اندر کیوں نہیں آ جاتے؟
گاؤں کے بڑے بوڑھوں نے دو آدمی باہر بھیجےکہ ان سے بات کریں۔ وہ کمانڈر سے ملے۔ کہنے لگے، حضور! ہم آپ کی کیا خدمت کر سکتے ہیں؟ آپ کیا چاہتے ہیں؟
کمانڈر نے کہا :
"ہم گاؤں پر قبضہ کرنے کے لیے آئے ہیں۔”
"قبضے کا کیا مطلب ہے؟” بودھوں نے پوچھا۔
کمانڈر بولا: "ہم یہ گاؤں لے لینا چاہتے ہیں۔”
بودھوں نے کہا: "اچھا یہ بات ہے۔ تو ہمیں اجازت دیں کہ ہم اپنے بڑے بوڑھوں سے بات کر لیں۔ پھر آپ کو اطلاع دیں گے۔”
کچھ دیر کے بعد وہ واپس آئے’ کہنے لگے” عالی جاہ! اب دیر تو دیر ہو چکی ہے کل صبح آپ بےشک گاؤں پر قبضہ کر لیجئے گا۔ "
اگلے روز فوجیوں نے دیکھا کہ گاؤں کے لوگ سر پر گٹھڑیاں اٹھائے گاؤں سے باہر نکل رہے تھے۔
جب گاؤں کے سب لوگ اپنا اپنا سامان اٹھائے گاؤں سے باہر نکل آئے تو آخری آدمی نے کمانڈر سے کہا۔” جناب عالی اب آپ بےشک گاؤں پر قبضہ کر لیں۔ "
دراصل بودھوں کے دلوں میں قبضے اور لڑائی بھڑائی کا تصور نہ تھا۔ ان کے ذہنوں میں یہ الفاظ مفہوم سے خالی تھے۔ علم نباتات کوجاننے والے کے ذہن میں بوٹے کا مطلب ایک سر سبز خوشنما جھاڑی ہی نہیں ہوتا’ ساتھ ہی ایک حیران کن تخلیقی نظام بھی ہوتا ہے۔

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : رابعہ حمید سیٹھی

یہ خدا، وہ خدا


میں نے بچپن میں محلے کے بڑے بوڑھوں کی باتوں سے اللہ کا جو مفہوم اخذ کیا تھا اس کی تصویر کچھ اس طرح بنتی تھی کہ ایک غصیل، زود رنج، دیو قامت بہت بڑا الاؤ جلائے بیٹھا ہے۔ ہاتھ میں لاٹھی ہے، ماتھے پہ تیوری ہے۔ انتظار کر رہا ہے کہ کب کوئی بندہ فوت ہو کے آئے تو اسے گردن سے دبوچ کر آگ میں جھونک دے۔
میری کوئی خاص بات نہ تھی۔ عام مسلمان گھرانوں میں جو بچے پرورش پاتے ہیں اللہ کے متعلق ان کے ذہنوں میں ایسی ہی تصویر ہوتی ہےجو نفس لاشعور میں بیٹھ جاتی ہےاور دیر تک جوں کی توں قائم رہتی ہے۔
میرے ذہن میں بھی اللہ کا یہ تخیل دیر تک قائم رہا۔
پھر اتفاق سے سر جیمس جینز کی مشہور عالم کتاب The Mysterioys Universe میرے ہاتھ لگ گئی۔ اسے پڑھ کر میرے ذہن کا فیوز اڑ گیا۔ ارے اتنی وسیع، اتنی منظم، اتنی عظیم کائنات….. اسے تخلیق کرنے والا کیا ہو گا۔ میرے نفس غیر شاعر میں الاؤ جلائے بیٹھا ہوا پہلوان نما اللہ شرم سے پانی پانی ہو کر بہہ گیا۔ ایک عظیم خالق ابھرا۔ میں حیرت سے اسے بت بنا اسے دیکھتا رہا، دیکھتا رہا۔
پھر میں نے جانا کہ جو شخص کائنات کی حیران کن وسعتوں کو نہیں جانتا، وہ اللہ کی عظمت اور ہیبت کو نہیں سمجھ سکتا۔ دینی مدرسے کا پڑھا ہوا مسجد کا مؤذن جو دن میں بار بار اللہ اکبر کی آواز لگاتا ہے، وہ اللہ اکبر کے مفہوم سے واقف نہیں ہے۔
کائنات کی حیران کن منصوبہ بندی اور کائنات کے خالق کی عظمت اور حکمت کو سمجھنے کے لیے فزیکل علوم کا جاننا لازم ہے۔

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : رابعہ حمید سیٹھی

کنویں کے مینڈک


ایک کنویں میں ایک مینڈک رہا کرتا تھا۔ وہ کنواں اس کی کائنات تھا جس پر وہ حکمران تھا اور ہمہ وقت خوشی سے ٹراتا ریتا تھا۔ کرنا خدا کا ایسا ہوا کہ سیلاب آیا اور سمندر کا ایک مینڈک کنویں میں آ گرا۔ کنویں کا مینڈک اسے دیکھ کر حیران ہوا۔
بولا: "ابے تو کہاں سے آیا ہے؟”
سمندر کے مینڈک نے کہا: "میں سمندر سے آیا ہوں”
"سمندر کیا ہوتا ہے؟” کنویں کے مینڈک نے پوچھا۔
"سمندر بہت بڑا ہوتا ہے” سمندری مینڈک نے جواب دیا۔
کنویں کے مینڈک نے اپنے آپ میں پھونک بھری۔ بولا: ” کیا سمندر اتنا بڑا ہوتا ہے؟”
"اس سے بہت بڑا” سمندری مینڈک بولا۔
کنویں کے مینڈک نے خود کو اور پھلایا۔” کیا اتنا بڑا؟”
خود میں پھونک بھرتے بھرتے دفعتاً ایک دھماکہ ہوا اور کنویں کے مینڈک کے چیتھڑے اڑ گئے۔ صاحبو ہم سب جو کائنات اور اس کے فزیکل علوم سے واقف نہیں، کنویں کے مینڈک ہیں۔ دراصل ساری کنفیوژن لفظ علم کی پیدا کردہ ہے۔
ہمارے عالم دین سمجھتے ہیں کہ علم سے مراد علم دین ہے۔
جب حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ علم حاصل کرنے کے لیے اگر چین بھی جانا پڑے تو ضرور جاؤ۔ ان کا مطلب کائنات سے متعلق فزیکل علوم تھا، دینی علم نہیں.. چونکہ دینی علم کا مرکز تو مدینہ تھا۔ دینی علوم حاصل کرنے کے لیے باہر جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔
قران پاک میں بھی جگہ جگہ علم اور عالم کی فضیلت کا ذکر آیا ہے۔ وہاں بھی علم کا مفہوم کائناتی اور فزیکل علوم ہیں۔
جب تک اپ اللہ کی تحقیقات کا علم حاصل نہیں کرتے تب تک آپ اللہ کی عظمت، اللہ کی کائنات کی وسعت، اس کے نظم اور منصوبہ بندی کی عظمت کو نہیں سمجھ سکتے۔ اور تب تک آپ قرآن پاک کے مفہوم کو بھی نہیں سمجھ سکتے۔ قرآن پاک کی عظمت کو نہیں سمجھ سکتے۔
دیناوی علوم حاصل کئے بغیر دینی علم ایسے ہے جیسے بن پہیوں کے گاڑی ہو۔
صاحبو ہمارے دینی مدرسے جو ہیں وہ صرف کنویں کے مینڈک پیدا کر سکتے ہیں اور دھڑا دھڑ کر رہے ہیں۔
افسوس ناک بات یہ ہے کہ ہر قصبے میں، ہر شہر میں، جگہ جگہ دینی مدارس قائم کئےجا رہے ہیں اور اس خوش فہمی میں کہ ہم اسلام کی خدمت کر رہے ہیں۔ ہم ان دینی مدارس کے قیام کے لیے دھڑا دھڑ چندے دیتے ہیں۔

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : ناہید خلیل

فنڈامنٹلسٹ


ان کنوؤں کے مینڈکوں کی وجہ سے اسلام بدنام ہورہا ہے۔ اہل مغرب ہمیں Fundamentalist ہونے کے طعنے دے ریے ہیں
صاحبو! اہل مغرب کتنے بے خبر ہیں فنڈامنٹلسٹ تو میں ہوں۔ ہم ہیں جو اسلام کے بنیادی اصولوں کو اہمیت دیتے ہیں، اور وہ نہیں جو فروعات سے چمٹے ہوئے ہیں۔ اہل مغرب مسلمانوں کو دیکھ کر اناپ شناپ اندازے لگاتے ہیں انہوں نے کبھی اسلام کو جاننے کی کوشش نہیں کی۔ ایک روز محمد عمر بھڑ کی طرح بھوں بھوں کرتا اندر آگیا ..محمد عمر میرا دوست ہے صرف دوست ہی نہیں وہ ہمارا لیڈر بھی ہے۔ ہماری تنظیم "چھڈ یار ” کا لیڈر ہے۔ محمد عمر لیڈر کی شخصیت کی جاذبیت کو جاننا چاہتے ہیں تو آپ اشفاق احمد کی تصنیف "سفر در سفر "پڑھیے جو "چھڈ یار ” تنظیم کے ایک سفر کا احوال ہے۔ بھڑ کی طرح بھوں بھوں کرتا محمد عمر کی ایک شناخت ہے۔ اس بھڑ میں خالی بھوں بھوں ہے۔ ڈنگ نہیں۔ اس کا غصہ ٹی وی کی شہرت کی طرح بھڑ بھڑ جلتا ہے۔ اور پھر راکھ کا ڈھیر بن جاتا ہے۔ جب محمد عمر کا غصہ ٹھنڈا پڑ جاتا ہے تو ہم سب اس کا مذاق اڑاتے ہیں۔ اس سے چہلیں کرتے ہیں اور وہ مسکراتا رہتا ہے۔ محمد عمر براے نام لیڈر ہے۔ خود کو لیڈر کہلوانے کا شوق ہے۔ ویسے عملی طور پر ہر وقت وہ اپنے ساتھیوں کی خدمت میں لگا رہتا ہے۔
اسے ابھی تک سمجھ نہیں آیا کہ لیڈر کا کام خدمت کرنا نہیں بلکہ حکومت کرنا ہے۔
ہاں تو اس روز وہ بھوں بھوں کرتا ہوا آیا، بولا، بند کرو اپنی بکواس کو۔
کس بکواس کو؟ میں نے پوچھا۔
بولا، "تم جو کہتے ہو امریکہ میں ولیوں کا اک شہر ہے۔
"ہاں ہے۔ میں نے کہا "وہ دن رات، صبح و شام تحقیق میں لگے رہتے ہیں۔ نہ کھانے کا ہوش، نہ پہننے کا، تحقیق کے کام میں خود کو بھلاۓ بیٹھے ہیں۔
وہ غصے میں چلایا، "یہ سائنسدان جو ہیں سب ملحد ہیں۔ نہ خدا کو مانتے ہیں نہ مذہب کو ".
"نہیں۔ "میں نے کہا ” یہ نہیں ہوسکتا میں نہیں مانتا "
"کیا نہیں ہوسکتا "؟ وہ چلایا۔
"جس نے اللہ کی کائنات کی ایک جھلک دیکھ لی، وہ ملحد نہیں ہو سکتا جس کے دل میں کائنات کی عظمت کا نقش بیٹھ جائے، وہ اللہ کی عظمت، اس کا لاشریک اور قادر مطلق ہونا، میری نسبت بہتر طور پر سمجھتا ہے۔

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : ناہید خلیل

سر جیمس جینز


اگر سر جیمس جینز کی تصنیف ایک عام قاری پر اتنا اثر رکھتی ہے تو سر جیمس جینز کے مشاہدات نے خود ان پر کتنا اثر کیا ہوگا۔
سر جیمس جینز اور خوف خدا کے متعلق ایک واقعہ مشہور ہے۔ یہ واقعہ عنایت اللہ خان مشرقی نے بیان کیا ہے۔ جسے میں نے
,عزیز احمد کی قابل قدر تصنیف "اللہ کی عظمت "سے اخذ کیا ہے۔
1909,کا ذکر ہے اتوار کا دن تھا، ہلکی ہلکی بارش ہو رہی تھی۔ علامہ مشرقی کسی کام کے لیے باہر نکلے تو دیکھا کہ مشہور ماہر فلکیات سر جیمس جینز چرچ کی طرف جارہے ہیں۔
علامہ مشرقی یہ دیکھ کر حیران ہوئے، کیونکہ عام طور پر سائنسدان مذہبی رسومات کے قائل نہیں ہوتے۔
علامہ مشرقی نے بڑھ کر سر جیمس جینز کو مؤدبانہ سلام کیا۔ سر جیمس جینز نے ان کے سلام کا نوٹس نہ لیا اور چلتے رہے۔ مشرقی نے ان کا پیچھا کیا اور دوبارہ سلام کیا۔ سر جیمس جینز رک گئے اور۔ حیرت سے پوچھا، "بولو کیا چاہتے ہو۔ ؟
اہل مغرب بے مقصد ادب و احترام بھرے سلام سے واقف نہیں ہوتے، وہ سمجھتے ہیں کہ سلام کرنے والے کا کوئی مقصد ہوتا ہے۔ اس لیے سر جیمس نے کہا ” بولو کیا چاہتے ہو؟
مشرقی نے کہا، "دو باتیں عرض کرنا چاہتا ہوں "
سر جیمس نے کہا., "ہاں ہاں، کہیے۔”
مشرقی بولے پہلی بات تو یہ ہے کہ بوندا باندی ہو رہی ہے اور آپ نے چھاتا بغل میں رکھا ہے، اسے کھولا نہیں "
سر جیمس اپنی بدحواسی پر مسکرائے اور چھاتا کھول لیا۔
مشرقی نے کہا "دوسری بات یہ ہے کہ آپ چرچ کی طرف عبادت کے لئے جارہے ہیں .؟
مشرقی کی اس بات پر سر جیمس لمحہ بھر کے لیے خاموش ہوئے، پھر بولے،” آپ آج شام کو چائے میرے ساتھ پیئیں۔ بیٹھ کر چائے پر بات کریں گے۔
مشرقی شام کو سر جیمس کے گھر پہنچے سر جیمس انتظار کر رہے تھے
تپائی پر چائے لگی ہوی تھی۔
سر جیمس نے اجرام فلکی کے حیرت انگیز نظام کی بات شروع کی، ان کے لامتناہی فاصلے، پہنائیاں، پیچدار مدار کی بات کرنے لگے۔ ان کی باتیں سن کر مشرقی کا دل اللہ کی کبریائی اور جبروت پر دہلنے لگا، خود سر جیمس کی یہ کیفیت تھی کہ ان کے بال کھڑے تھے آنکھیں حیرت سے پھٹی ہوئی تھیں ہاتھ کانپ رہے تھے۔ آواز لرز رہی تھی۔ بولے۔
عنایت اللہ خان !جب میں خدا کے تخلیقی کارناموں پر نظر ڈالتا ہوَں تو میرا رواں رواں خدا کے جلال سے کانپنے لگتا ہے۔ جب گرجے میں جاکر کہتا ہوں کہ اللہ تو عظیم ہے تو میرے جسم کا رواں رواں اس بات کی شہادت دیتا ہے مجھے عبادت میں دوسروں کی نسبت ہزار گنا زیادہ کیف حاصل ہوتا ہے "
علامہ مشرقی نے کہا۔ "عالیجاہ۔”اس بات پر تو مجھے قران کریم کی ایک آیت یاد آگئی ہے۔ اجازت ہو تو اس کا مطلب بیان کر دوں”؟
"ضرور، ضرور "سر جیمس بولے
مشرقی نے عربی میں آیت پڑھی اور کہنے لگے، اس کا مطلب یہ ہے کہ "اللہ سے صرف اہل علم ڈرتے ہیں "
"کیا واقعی "؟ سر جیمس حیرت سے چلائے۔ "یہ وہ حقیقت ہے جسے میں نے سالہا سال کے مشاہدے کے بعد جانا ہے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اس حقیقت کا علم کیسے ہوا ؟؟
اگر یہ قران میں موجود ہے تو قران الہامی کتاب ہے "

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : ناہید خلیل

دو ایمان


قرآن پر میرا ایمان دل کا ایمان ہے۔ کیونکہ میں قرآن کی ایک ایک بات کو بن جانے مانتا ہوں۔ اس میں دینی ایمان شامل نہیں ہے۔ وہ لوگ جو کائنات کے متعلقہ علوم سے واقف ہیں۔ ان کا ایمان دو آتشہ ہوتا ہے۔ جسے حق الیقین کہتے ہیں کیونکہ اس میں ذہن بھی شامل ہوتا ہے۔
اگرچہ قرآن کے ایک ایک لفظ پر یقین رکھتا ہوں۔ لیکن یہ یقین خام ہے کیونکہ میں قرآن کی بہت سی باتوں کو سمجھ نہیں سکتا۔ یہ میرے علم کی خامی ہے۔ مثلاً قرآن میں جو بہشت اور دوزخ کی تصویر کھینچی گئی، میں انھیں سمجھ نہیں پاتا کیونکہ میں پانچ حواس کا قیدی ہوں۔ اس لیے میری سمجھ محدود ہے۔
مثال کے طور پر میں یہ بات نہیں سمجھ سکتا کہ جہاں دکھ نہیں وہاں سکھ کیسے ہو سکتا ہے۔ ؟ جہاں اندھیرا نہیں وہاں روشنی کیسے ہو سکتی ہے؟ جہاں درد نہیں وہاں سکون کیسے ہو سکتا ہے؟
میری دانست میں دکھ اور سکھ دو نہیں، ایک چیز ہیں۔ میں ایسے کسی مقام کا تصور نہیں کر سکتا جہاں سکھ ہی سکھ ہوں۔ کسی ایسی زندگی کا تصور نہیں کر سکتا جو ابدی ہو۔

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : منیب احمد

اپنی اپنی آگ

دوزخ کے متعلق تذکرہِ غوثیہ کی ایک کہانی مجھے اپیل کرتی ہے۔
پہاڑ کی کھوہ میں ایک فقیر رہتا تھا جو دن رات عبادت میں مصروف رہتا تھا۔ اس کے ساتھ ایک بالکا بھی تھا۔ فقیر حقہ پینے کا شوقین تھا، اس لیے اس نے بالکے کو حکم دے رکھا تھا کہ ہر وقت آگ کا انتظام رکھے۔
ایک روز آدھی رات کے وقت فقیر نے بالکے کو حکم دیا کہ چلم بھر دے۔ بالکے نے دیکھا کہ بارش کی وجہ سے آگ بجھ چکی تھی۔ اتفاق سے ماچس بھی ختم ہو چکی تھی۔
بالکا گھبرا گیا کہ اب کیا کرے۔ اس نے فقیر سے کہا: ” عالی جاہ! آگ تو بجھ چکی ہے، ماچس ہے نہیں کہ سلگا لوں۔ فرمائیے اب کیا کروں۔”
فقیر جلال میں بولا: ” ہم تو چلم پئیں گے، چاہے آگ جہنم سے لاؤ”.
بالکا چل پڑا۔ چلتے چلتے جہنم جا پہنچا۔ دیکھا کہ جہنم کے صدر دروازے پر ایک چوکیدار بیٹھا اونگھ رہا ہے۔
بالکے نے اسے جھنجھوڑا۔ پوچھا۔”کیا یہ جہنم کا دروازہ ہے”؟.
چوکیدار بولا: "ہاں یہ جہنم کا دروازہ ہے”.
بالکے نے کہا: "لیکن یہاں آگ تو دکھائی نہیں دیتی”.
چوکیدار نے کہا: ” ہر جہنمی اپنی آگ اپنے ساتھ لاتا ہے”.
جہنم کی یہ conception تو سمجھ آتی ہے..

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : منیب احمد

یہ دنیا، وہ دنیا

میری بات چھوڑیئے میں تو ایک ادھ پڑھ شخص ہوں۔ پڑھے لکھے دانشور سائنس دان جنہوں نے قرآن کا مطالعہ کیا ہے، وہ بھی قرآن کے کئ ایک نکات کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔ ابھی ہمارا علم، ہماری تحقیق خام ہے، اس لیے ہم قرآن کے گہرے اشارات کو نہیں سمجھ سکتے۔
آج کے سائنسدان اور محقق قرآن کی ایک اور خصوصیت کو حیرت سے دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ:
عام طور پر مذہبی کتابیں اس دنیا اور زندگی کو اہمیت نہیں دیتیں۔ کہتی ہیں اس دنیا سے منہ موڑ لو۔ یہ دنیا ایک بصری دھوکا ہے۔ Illusion ہے۔ دیکھنا چاہتے ہو تو آنکھیں موند لو۔ یہ زندگی فانی ہے۔ اسے حقیقت نہ سمجھو۔ اس کے برعکس قرآن اس دنیا اور زندگی کو اہمیت دیتا ہے۔
قرآن بار بار ہماری توجہ کائنات کی طرف مبذول کرتا ہے۔ بار بار کہتا ہے: ” تم دیکھو تو ہم نے زمین کو کیسے بنایا ہے۔ آسمان کو کیسے سجایا ہے۔ دیکھو تو ہم نے زمین سے بوٹے کیسے اگائے ہیں۔ تم دیکھو تو سہی۔ پھر ان چیزوں پر غور کرو”.
ایک جگہ قرآن کہتا ہے:
"یقیناً خدا کے نزدیک بدترین قسم کے جانور وہ بہرے گونگے لوگ ہیں جو عقل سے کام نہیں لیتے۔”
"ان کے پاس دل ہیں مگر وہ سوچتے نہیں”.
"ان کے پاس کان ہیں مگر وہ سنتے نہیں”.
"وہ حیوانوں کی طرح ہیں بلکہ ان سے بھی گئے گزرے ہیں”.
دوسرے مزاہب کی طرح قرآن یہ نہیں کہتا کہ اس دنیا سے دل نہ لگاؤ۔ اس دنیا کو تیاگ کر پہاڑ کی کسی کھوہ پر بیٹھ کر خدا کے نام کا جاپ کرو۔
قرآن دنیا سے علیحدگی کا سبق نہیں دیتا۔ الٹا اس دنیا اور زندگی کی اہمیت کا احساس دلاتا ہے کہ یہی وہ بوٹا ہے جس پر آخرت میں بہشت یا دوزخ کا پھل لگے گا۔
دانش ور اور سائنس دان کہتے ہیں کہ قرآن ہمیں تعلیم دیتا ہے کہ دین اور دنیا میں ہم آہنگی پیدا کرو۔ توازن پیدا کرو۔ Adjustment پیدا کرو۔ لوگوں سے اچھے تعلقات پیدا کرو۔ اللہ سے بھی اچھے تعلقات قائم رکھو۔ سکھی رہو، سکھی رکھو۔ دوسروں کو اذیت دو نہ خود کو اذیت دو۔ اسلام دین اور دنیا میں توازن پیدا کرتا ہے۔

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : منیب احمد

دادی اماں

پرانے زمانے کی بات ہے جب میں بچہ تھا۔ ان دنوں دادی اماں نوے بیانوے کی ہوں گی۔ وہ بیشتر وقت اپنے کمرے میں اپنے تخت پر بیٹھی رہتی تھیں۔ یہ تخت ایک کھڑکی کے پاس تھا جس پر جائے نماز بچھی رہتی تھی۔ اس تخت کے بائیں ہاتھ کھڑکی تھی، بائیں ہاتھ کا ایک بہت بڑا لکڑی صندوق تھا جس پر ڈھکنا نہیں تھا۔ اس صندوق میں الم غلم چیزیں پڑی رہتی تھیں۔
دادی اماں بیٹھ کر نماز پڑھا کرتی تھیں۔
جب وہ نماز پڑھ رہی ہوتیں تو میں اکثر اپنے کمرے میں داخل ہو کر چلاتا ” دادی اماں میرا گیند کہاں ہے؟” میں نے کبھی نہیں سوچا کہ دادی اماں نماز پڑھ رہی ہیں۔ جب وہ نماز سے فارغ ہو جائیں تو گیند کی بات کروں۔
"دادی اماں! میرا گیند، دادی اماں! میرا گیند۔”
سجدے میں جانے سے پہلے دادی اماں کانی آنکھ سے صندوق کی طرف دیکھتیں جہاں گیند رکھا ہوتا۔ پھر جب وہ سجدے میں جاتیں تو بایاں ہاتھ صندوق میں ڈال کر گیند اٹھا لیتیں اور پھر سجدے سے اٹھ کر وہ گیند میری طرف پھینک دیتیں۔
صرف میرے گیند کی بات نہ تھی۔
جب دادی اماں نماز پڑھ رہی ہوتیں تو باہر صحن سے کوئی خاتون چولہے کے سامنے بیٹھے ہوئے چلاتی،” اب میں چاولوں کو دم دے دوں”. دادی اماں نماز پڑھتے ہوئے زور سے کہتیں:” اوں ہوں” اور نماز جاری رکھتیں۔
محلے کی بڑی بوڑھیاں دادی اماں کی اس عادت پر ہنسا کرتی تھیں۔ دادی اماں سے مخاطب ہو کر کہتیں” نواب بی بی تو یہ کیا کرتی ہے۔ نماز پڑھتے ہوئے یکسوئی کا خیال نہیں رکھتی”. اس پر دادی اماں چلا کر کہتیں:” اے ہے! صرف اس کی نماز ہی تو ضروری نہیں، اور کام بھی ضروری ہوتے ہیں۔ یہ لڑکا گیند کے لیے روتا رہے اور میں نماز پڑھتی رہوں۔ ایسی نماز کس کام کی۔ اسے نہیں پتا کہ دنیاوی کام بھی ضروری ہوتے ہیں۔ میں تو کہتی ہوں دین اور دنیا ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ خالی نماز کا چھنکنا چھنکاتے رہو۔”
ان دنوں محلے والیاں سب دادی اماں کی باتوں پر ہنسا کرتی تھیں۔ کہتی تھیں:” نواب بی بی سٹھیا گئی ہے”. اب میں جو سوچتا ہوں تو محسوس کرتا ہوں دادی اماں نے دین اور دنیا میں کتنا سادہ قابلِ عمل اور خوشگوار توازن قائم کر رکھا تھا۔

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : منیب احمد

فقیر چند

پرانے زمانے کی بات ہے جب میں سنٹرل ٹریننگ کالج لاہور میں پڑھتا تھا۔ وہاں میرا ایک یار تھا فقیر چند۔ سبحان اللہ! کیا باغ و بہار آدمی تھا۔ آج 62 سال ہو چکے ہیں لیکن فقیر چند کی شخصیت کی خوشبو آج بھی میرے ذہن میں محفوظ ہے۔
میں کہتا : فقیر چند ! "you are a loveable man” جواب میں وہ چلاتا : یار مفتی ! مجھ ہی سے کہتا رہتا ہے، تو کبھی اسے بھی جا کر بتا کہ میں "لووےبل” ہوں۔ خاک "لووےبل” ہوں۔ دھرم سے دو گھنٹے دم ہلاتا رہتا ہوں، پھر کہیں وہ ایک میٹھی نظر ڈالتی ہے اور تو کہتا ہے”لووےبل” ہوں۔
اس زمانے میں سنٹرل ٹریننگ کالج میں نئی نئی کو ایجوکیشن (مخلوط تعلیم) شروع ہوئی تھی۔ ہمارے ساتھ خواتین ٹریننگ حاصل کر رہی تھیں۔ ان میں سے ایک خاتون کو فقیر چند نے اپنا رکھا تھا۔
وہ روز اپنے رومان کی انوکھی خبر لاتا تھا۔ مثلاً وہ کہتا : ” یار مفتیب! سارا دن محنت مزدوری کی، تعریفیں کیں، حسن و عشق کے جتنے شعر مجھے آتے تھے، سنا دیئے۔ دیوی کو منانے کے لیے آرتی چڑھائی، سیس نوایا، ماتھا ٹیکا اور پتا ہے اس دن بھر کی محنت مزدوری کا کیا انعام ملا ! سالی نے اپنا ہاتھ میری طرف بڑھا دیا۔ بولی: You may kiss it. ہے بھگوان ! تیری اس دنیا میں اتنا انیائے۔ یار ہمارے بھگوان سے تو تمہارا اللہ ہی بہتر ہے جو کہتا ہے کہ پسینہ خشک ہونے سے پہلے مزدور کی مزدوری ادا کر دی جائے۔”
میں کہتا: ” یار فقیر چند ! یہ تو نے کیسی محبوب بنائی ہے۔ منہ نہ متھا۔”
وہ جواب دیتا: ” ہائے مفتی ! تو نے اسے نہیں دیکھا۔ بھگوان کی قسم ! دودھ کی نہریں چل رہی ہیں وہاں”.

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : عمارہ مہدی

پارٹی سپرٹ

ایک دن وہ میرے پاس آیا۔ بڑا سنجیدہ تھا۔ بولا : "مفتی! وہ جو میں نے تمہارا دھرم اپنا لینے کا فیصلہ کیا تھا نا، آج وہ توڑ دیا میں نے۔”
"کیوں، کیا ہوا؟” میں نے پوچھا۔
کہنے لگا: "تمہارے دھرم کا بھید کھل گیا۔
میں نے کہا: "کیسے؟”
بولا: "مولوی صاحب کا وعظ سن کر آیا ہوں۔”
"کیا کہا اس نے؟”
"سب گڑ بڑ ہے۔ تمہارا اللہ جو ہے وہ تم سے تو کہتا ہے کہ مسلمان بنو لیکن خود ساری دنیا کا رب بنا بیٹھا ہے۔ یہ کوئی طریقہ ہے بھگوان بننے کا؟”
"کیوں، اس میں کیا ہے؟” میں نے پوچھا۔
"ابے تو بھی احمق نکلا۔ اتنی سی بات سمجھ میں نہیں آرہی تجھے۔ تیرے اللہ میں پارٹی سپرٹ نہیں ہے۔ بھئی اگر تو نے ایک پارٹی بنائی ہے مسلمانوں کی تو مسلمانوں کے بھگوان بنو، مسلمان کی طرف داری کرو، ان کی مدد کرو، دوسروں کی ایسی کی تیسی پھیرو اور جو تو نے سارے عالم کی رکشا کرنی ہے تو پھر پارٹی کیوں بناتے ہو؟”
ان دنوں فقیر چند کی یہ بات میرے دل لگتی تھی۔ صاحبو! ایمان داری کی بات ہے۔ اگر سچے دل سے دیکھو تو فقیر چند کی بات آپ کے دل کو بھی لگے گی۔

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : عمارہ مہدی

مثبت تعصب

میں سوچا کرتا تھا کہ تعصب منفی بھی ہوتے ہیں، مثبت بھی ہوتے ہیں۔ چلو منفی تعصب برے سہی، مانے لیتا ہوں لیکن مثبت تعصب کے بغیر تو گزارہ ہی ممکن نہیں۔ اپنے دین کے حق میں تعصب ہوتا ہے۔ اپنے ملک کے حق میں تعصب ہوتا ہے، چاہے وہ ملک ہمارے ملک جیسا ڈانواں ڈول ہی کیوں نہ ہو۔ پھر اپنی قوم کے حق میں تعصب ہوتا ہے۔ برادری کے حق میں ہوتا ہے۔ اپنے خاندان کے حق میں ہوتا ہے۔ ماں باپ کے حق میں ہوتا ہے۔ یہ تو تقاضا بشریت ہے۔
میں سوچا کرتا تھا کہ اللہ کو بھی یقیناً احساس ہوگا کہ اپنوں کی طرف داری کرنا ضروری ہوتا ہے۔ پھر وہ اتنی بے نیازی کیوں روا رکھتا ہے۔ کہتا ہے مجھ پر ایمان لاؤ۔ لوگوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرو۔ اگر تم نے میرے احکامات پر عمل نہ کیا تو سزا ملے گی۔ خبردار ! اس خوش فہمی میں نہ رہنا کہ چونکہ تم مسلمان ہو، اس لئے میں تمہاری طرف داری کروں گا۔ لو کرلو بات ! خود تو سارے عالم کا رب ہے اور ہم سے کہتا ہے کہ مسلمان بنو۔ اس میں تمہارا اپنا فائدہ ہے……خاک فائدہ ہے جو تو نے ہماری طرف داری نہ کی، اپنوں کو اپنا نہ جانا۔
صاحبو ! ساری جوانی میں نے اللہ کو جج کرنے میں گزاردی۔ اسے کٹہرے میں کھڑا کر لیتا تھا۔ خود کرسی عدالت پر بیٹھ جاتا اور جرح کرتا رہتا، کرتا رہتا، کرتا رہتا….اور وہ مسکراتا رہتا تھا۔
دوستو ! مجھ پر الزام نہ دھرو، صرف میں ہی نہیں۔ ہمارے نوجوان اسی شغل میں مبتلا رہتے ہیں۔ اسے کٹہرے میں کھڑا کر لیتے ہیں۔ خود کرسی عدالت پر بیٹھ جاتے ہیں اور جرح کرتے رہتے ہیں، کرتے رہتے ہیں۔
صاحبو ! لوگ مجھ سے ملنے آتے ہیں۔

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : عمارہ مہدی

شکایات ہی شکایات

جو بھی آتا ہے، اللہ کی شکایت کرتا ہے۔ چھوٹے چھوٹے گلے شکوے۔ کوئی کھل کر شکایت کا اظہار کرتا پے۔ کوئی دبے دبے الفاظ میں، کوئی صاف صاف کہہ دیتا ہے۔ کوئی کہے بغیر جتا دیتا ہے، کوئی "شکر” ہے کے پردے میں اپنی شکایت کو چھپا دیتا ہے جیسا کہ شاعر نے کہا ہے۔
جب کھینچ کے آہ سرد
کہتا ہے کوئی بندہ
جس حال میں بھی رکھے
صد شکر ہے اللہ کا
میں سوچنے لگتا ہوں
یہ شکر کیا اس نے
یا طعنہ دیا اس نے
رزاق دو عالم کو
سبھی اس پر گلے کرتے ہیں، شکایات کرتے ہیں، اعتراضات کرتے ہیں۔ وہ سب کی سنتا ہے اور مسکراتا رہتا ہے۔ ہماری ناشکر گزاریوں پر اسے کبھی غصہ نہیں آتا۔ اس کا دل ہماری طرف سے کبھی میلا نہیں ہوا۔
ہماری گلی میں ایک فقیر آتا ہے۔ وہ صدا دیتا ہے۔ ہر چند منٹ کے بعد اس کی صدا ساری گلی میں گونجتی ہے:
مری بار کیوں دیر اتنی کری
اس کی صدا سن کر مجھے غصہ آیا ہے۔ میرے اندر کی بھٹیارن چڑ چڑ دانے بھونتی ہے۔
ایک روز میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ میں نے دوڑ کر فقیر کو پکڑ لیا۔
"یہ تو کیا کر رہا ہے بابے؟” میں نے غصے سے پوچھا۔
"صدا دے رہا ہوں بابو جی!” وہ بولا۔
"کیا مطلب ہے تیرا اس صدا سے؟” میں نے اسے ڈانٹا۔
"میں منگتا ہوں، مانگ رہا ہوں۔” وہ بولا۔
"کیا ایسے مانگا کرتے ہیں۔ احمق! پہلے مانگنا سیکھ۔ جو مانگنا ہے منت کرکے مانگ۔ ترلے کر، سیس نوا، دینے والے کا ادب کر، احترام کر، تو تو اس کے خلاف شکایت کر رہا ہے۔ اسے طعنے دے رہا ہے۔ "مری بار کیوں دیر اتنی کری۔” بے وقوف! دینے والے کی مرضی ہے، چاہے جلدی دے چاہے دیر سے دے، چاہے کم دے، چاہے زیادہ دے۔”
فقیر بولا: "جا بابو جا، اپنا کام کر۔ ہمارے معاملے میں دخل نہ دے۔ مانگنے والا جانے اور دینے والا جانے، تو ماما لگتا ہے۔ میں نے ساری زندگی یہی صدا دی ہے۔ اس نے کبھی نہیں ٹوکا مجھے، کبھی غصہ نہیں کیا۔ الٹا وہ مجھے دیتا رہا ہے، دیتا رہا ہے۔”

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : عمارہ مہدی

تلخی ہی تلخی

پھر وہ لڑکی ہے جو بلاناغہ ہفتہ وار میرے پاس آتی ہے۔ بڑی دور سے آتی ہے وہ۔ صبح منہ اندھیرے گھر سے چلتی ہے۔ ڈھائی گھنٹوں کے بعد میرے پاس پہنچتی ہے۔ آ کر چپ چاپ بیٹھ رہتی ہے۔ نہ بات اور نہ چیت۔ وہ بڑی خوبصورت ہے۔ میں اسے گجری کہہ کر بلاتا ہوں۔ عجیب لڑکی ہے وہ۔ اوپر حسن ہی حسن، اندر تلخی ہی تلخی۔ اتنی تلخی ہے کہ جب وہ بات کرتی ہے تو اس کا Suppressed anger ہونٹوں سے جھانکتا ہے۔ پھر اس کے سارے حسن پر پانی پھر جاتا ہے۔ وہ اللہ کے خلاف غم وغصہ سے بھری ہوئی ہے۔ میں اس سے پوچھتا ہوں، بی بی ! تجھ میں اتنی تلخی کیوں ہے؟ وہ غیظ و غضب سے میری طرف دیکھتی ہے: یہ کیا میرا قصور ہے کہ مجھ میں تلخی ہے، غصہ ہے۔ میرے اندر آگ لگی ہوئی ہے۔ "بھانبھڑ!” اور پتہ ہے کیوں ! یہ بھانبھڑ مجھے ورثے میں ملا ہے۔ ابا نے مجھے یہ تحفہ دیا ہے۔ میرا غصہ ابا کے غصے کے مقابلے میں کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ میرے ابا جب بولتے ہیں تو گھر میں زلزلہ آ جاتا ہے۔ سارا گھر سہم جاتا ہے۔ کچن کے برتن بجنے لگتے ہیں۔ اتنا غصہ ہے میرے ابا میں اور انہوں نے اپنا غصہ مجھے دے دیا ہے ورثے میں۔
"اس میں اللہ کا کیا قصور ہے؟” میں پوچھتا ہوں۔
"اور کس کا ہے؟” وہ چلاتی ہے۔ ” اس کے حکم کے بغیر پتا نہیں ہل سکتا۔ اس نے میرے ساتھ ایسا کیوں کیا؟ میری اور بہنیں بھی تو ہیں۔ سب ٹھنڈی میٹھی ہیں۔ ایک میں ہوں کہ بھڑ بھڑ جلتی رہتی ہوں۔

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : سعدیہ درانی

حسن کا فتور


” دیکھ تجھے اللہ نے حسن دیا ہے۔” میں کہتا ہوں۔
غصے سے اس کا چہرہ لال ہو جاتا ہے۔”مفتی جی! سارا قصور اسی حسن کا ہے۔ یہی میری بدقسمتی ہے۔ میرا میاں روز مجھے طعنے دیا کرتا تھا۔ کہتا تھا، تجھے اپنے حسن پر گھمنڈ ہے، میں تیرا یہ گھمنڈ توڑ دوں گا۔ تیرے منہ پر تیزاب چھڑک دوں گا۔ اسی وجہ سے اس نے مجھے قید کر رکھا تھا۔ کھڑکی میں کھڑے نہیں ہونے دیتا تھا۔ گھر سے باہر نہیں نکلنے دیتا تھا۔ اس نے میری اتنی ناقدری کی، اتنی بےعزتی کی کہ میں بھاگ کے اپنے گھر آگئی۔ گھر والوں نے مجھے پناہ دینے سے انکار کر دیا۔ امی بے چاری تو مدت سے ایک لاش بنی ہوئی ہیں، ابا گرجے برسے۔ میاں نے لکھ کے طلاق بھیج دی۔ میرا سہاگ صرف دو مہینے رہا۔ وہ سہاگ نہیں تھا عذاب تھا۔ اللہ نے میرا نصیبا ایسے کیوں بنایا ہے؟ میں نے اس کا کیا قصور کیا تھا؟ اور اب تم بھی مجھے دھتکار رہے ہو۔ کہتے ہو تم میرے پاس کیوں آتی ہو؟ میں آکر بیٹھ ہی رہتی ہوں نا، تمہارا کیا بگاڑتی ہوں۔ پتہ نہیں کیوں، یہاں آ کر مجھے سکون سا مل جاتا ہے۔”

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : سعدیہ درانی

دے، دے دینا سیکھ


پھر وہ نوجوان لڑکا ہے۔ کروڑ پتی کا بیٹا ہے، اکلوتا بیٹا۔ وہ آکر اپنا رونا روتا رہتا ہے۔
کہتا ہے ” اللہ نے ایک سبز پوش بوڑھا میرے پیچھے لگا رکھا ہے۔ میری زندگی عذاب بنی ہوئی ہے۔ دو پاٹوں میں میں پس رہا ہوں۔ میرا گھر امارات سے بھرا ہوا ہے لیکن گھر میں سبھی لینے کی بات کرتے ہیں۔ یہ بھی لے لو، وہ بھی لے لو۔ کوئی دینے کی بات نہیں کرتا۔ میرے گھر میں دینے کی بات کرنا گناہ ہے۔ لیکن جب بھی میں سونے کے لئے آنکھ بند کرتا ہوں، تو وہ سبز پوش بڈھا آجاتا ہے، کہتا ہے، پتر دے، دینا سیکھ۔ دینا بہت بڑا پن ہے۔ اللہ کو دینا بہت پسند ہے۔ تیرے پاس دو روپے ہوں تو ایک کسی کو دے دے۔ دو کپڑے ہوں تو ایک کسی کو پہنا دے۔ پتر دولت بری نہیں۔ کما جتنی جی چاہے کما لیکن اس لئے کما کہ اسے دوجوں میں بانٹ سکے۔ بانٹتا جا، بانٹتا جا۔”
جو بھی آتا ہے، اللہ کے خلاف شکایت سے بھرا ہوتا ہے۔ میں کہتا ہوں، یا اللہ ! ایسا کیوں ہے؟ کوئی تیرا شکر گزار نہیں۔ جسے کم دیا ہے، وہ بھی شاکی ہے۔ جسے اتنا کچھ دے رکھا ہے، وہ بھی شاکی ہے۔
جواب میں وہ مسکرا دیتا ہے، مسکرائے جاتا ہے۔ میں پوچھتا ہوں، یا اللہ ! یہ کیا بھید ہے کہ قدرت کے تمام مناظر، دریا، پہاڑ، سمندر، وادیاں تیری عظمت اور ہیبت سے لرز رہے ہیں۔ تمام چرند پرند تیرے احکامات کے تابع ہیں۔ کسی میں بھی ہمت نہیں کہ تیرے سامنے دم مار سکے لیکن تیری یہ مخلوق جسے انسان کہتے ہیں، تیری شکایت کرتی ہے۔ گستاخیاں کرتی ہے۔ حکم عدولیاں کرتی ہے اور تجھے غصہ نہیں آتا۔ تیرا دل نیلا نہیں ہوتا۔ تو مسکراتا رہتا ہے۔ اے قادر مطلق! مجھے بتا یہ کیا بھید ہے؟ کیوں تو نے اسے سر چڑھا رکھا ہے۔ بول یہ کیا بھید ہے؟

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : سعدیہ درانی

انوکھا لاڈلا


اس وقت آدھی رات کا وقت تھا۔ چاروں طرف خاموشی چھائی ہوئی تھی۔ ہم دونوں اکٹھے بیٹھے تھے۔ میں پوچھ رہا تھا، وہ مسکرائے جا رہا تھا۔
دفعتاً فضا میں ایک آواز بلند ہوئی:
"انوکھا لاڈلا، کھیلن کو مانگے چاند رے، انوکھا لاڈلا !
مجھے ایسے لگا جیسے میرے سوال کا جواب مل گیا ہو۔ میں نے اس کی جانب دیکھا، وہ مسکرا رہا تھا۔
اس کی مسکراہٹ میں اثبات کی چمک تھی۔
پھر ڈاکٹر غلام مرتضی میرے سامنے آ بیٹھا۔ بولا ” حیران کیوں ہوتے ہو، یہ کوئی بھید تو نہیں۔ اس کا تو وہ خود اعلان کر چکا ہے۔ وہ اپنے لاڈلے کو لاڈ لڈا رہا ہے۔
"اس لاڈلے کو اللہ نے بڑی عزت دی ہے۔ اللہ نے اس لاڈلے میں اپنی روح پھونک رکھی ہے۔ اللہ نے کائنات کو اس لاڈلے کے لیے مسخر کر دیا ہے۔ فرماتے ہیں ” ہم نے اسے کائنات کا اختیار بخش رکھا ہے۔”
میں حیرت سے غلام مرتضیٰ کی طرف دیکھ رہا تھا۔
اتنا اونچا مقام، اتنی بڑی بخشش!
آپ غلام مرتضٰی کو تو جانتے ہوں گے۔ وہی جو ٹی وی پہ آتے ہیں۔ چینی داڑھی، لمبا چہرا، سر پہ ٹوپی ٹھیٹھ مولوی۔ جب میں نے پہلی بار انہیں ٹی وی پہ دیکھا تو مجھے بڑا غصہ آیا۔ تو یہ ٹی وی والے ایک اور مولوی کو ڈھونڈ لائے ہیں۔ ان پڑھ، پرائمری پاس، چہرے پر ذرا ذہانت نہیں۔ لوگ پہلے ہی ہمیں فنڈامنٹلسٹ کا طعنہ دیتے ہیں۔
پھر جب وہ بولنے لگا تو میں حیران رہ گیا۔ ارے یہ ہونٹوں سے تو نہیں بول رہا۔ یہ تو دل سے بول رہا ہے۔ اس کی بات میں ڈانٹ ڈپٹ نہیں، انداز میں مولویانہ کرختگی نہیں۔ اس کی آواز میں تو درد ہے۔ اللہ سے ڈراتا نہیں، اس سے محبت کرنا سیکھاتا ہے۔
پھر مجھے پتہ چلا کہ وہ عالم ہے۔ فلسفے میں ایم اے، اسلامیات میں پی ایچ ڈی ہے۔ CPS بھی رہا ہے۔ استاد ہے۔ شملہ یونیورسٹی میں پڑھاتا رہا ہے۔ میں تو حیران رہ گیا کہ اتنا کچھ ہو کر بھی وہ کچھ بھی نظر نہیں آتا۔ نہ مولویانہ طمطراق اور نہ عالمانہ تفاخر۔
پھر طفیل صاحب آگئے۔ بولے ” تم قرآن کیوں نہیں پڑھتے؟ قرآن پڑھو تو تمھیں پتہ چلے کہ اللہ نے انسان کو کیا شرف عطا کر رکھا ہے۔ اللہ نے اسے اپنا نائب بنایا ہے، اسے اتنی طاقتیں بخشی ہیں کہ وہ کائنات کے مخفی بھیدوں کو جان سکے اور چھپی ہوئی قوتوں کو تسخیر کر کے اپنے استعمال میں لاسکے۔”
صاحبو ! قرآن سے پہلے بڑے بڑے فلسفی انسان کے وجود کو مانتے ہی نہ تھے۔ وہ کہتے تھے، یہ دنیا، یہ زندگی ایک سراب ہے۔ اس کا اپنا کوئی وجود نہیں۔ یہ تو ایک خواب ہے۔

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : ایمان گل

انسان کا شرف


جو کاٸنات کو مانتے تھے، وہ کہتے تھے، اس کی پیداٸش تو ایک حادثہ ہے۔ آپ ہی آپ وجود میں آ گٸ ہے۔ اس کا کوٸی مقصد ہے نا منزل۔ جو کاٸنات کے وجود کو ہی بے معنی سمجھتے ہوں، ان کے نزدیک انسان کی کیا حیثیت ہو سکتی ہے۔
قرآن نے لوگوں کو بتایا کہ کاٸنات ایک واحد خدا نے تخلیق کی ہے۔ اس کا ایک مقصد ہے، منزل ہے۔ یہ زندگی خواب نہیں، حقیقت ہے۔
بہت بڑی، بہت اہم حقیقت۔
یہ وہ بوٹا ہے جس پر دوزخ اور بہشت کا پھل لگے گا۔ انسان کو اللہ نے بڑا شرف عطا کر رکھا ہے۔
وہ فانی نہیں کیونکہ اللہ نے اس میں اپنی روح پھونکی ہے۔
یہ لاڈلا چاند سے کھیلے گا۔ ستاروں کو نوچے گا۔ اللہ نے اس لاڈلے کو بڑی قوتوں سے نوازا ہے۔
صاحبو ! اب تو ساٸنس دان بھی مان گۓ کہ انسان میں جتنی قوتیں پنہاں ہیں، ہم صرف اس کا دسواں حصہ استعمال کر رہے ہیں۔ نو حصے خوابیدہ پڑے ہوۓ ہیں جو منتظر ہیں کہ انھیں تصرف میں لایا جاۓ۔
سیانے کہتے ہیں دور کے ڈھول سہانے۔ ساٸنس دان نے سب سے پہلے دور کےڈھولوں کی طرف توجہ کی۔ چاند، ستارے، سورج، کہکشاں۔ انھوں نے اس بھید کو نہ سمجھا کہ سب سے بڑا اسرار تو خود انسان ہے۔
اس لیے چراغ تلے اندھیرا ہی رہا۔ پھر شاعروں نے شور مچایا
"تیری بکل دے وچ چور”
لیکن بکل کی طرف کسی نے توجہ نہ کی۔
اب ساٸنسی تحقیق کے سامنے ایک دیوار آ کھڑی ہے۔ آگے جانے کا کوٸی راستہ نہیں۔ رخ بدلنا لازم ہے۔ اب وہ انسان کی جانب توجہ کر رہے ہیں۔ انھیں احساس ہو گیا ہے کہ ساری کاٸنات میں انسان ہی سب سے بڑا معمہ ہے جس میں اللہ تعالی نے اپنی روح پھونک رکھی ہے۔ جسے اللہ نے اپنا ناٸب بنایا ہے۔ جس کی ساری کاٸنات خادم ہے۔ اللہ کا انوکھا لاڈلا۔

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : ایمان گل

اسلام پسند

سمجھ میں نہیں آتا کہ ہمارے علماۓ دین نے انسان کو کبھی اشرف المخلوقات نہیں سمجھا، کیوں؟
غیر مسلموں کو تو وہ بھٹکے ہوۓ راندہ درگاہ سمجھتے ہیں اور عام مسلمانوں کو بے عمل قرار دے کر تحقیر کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ انھوں نے اپنے نفس لاشعور میں مسلمانوں کہ درجہ بندی کر رکھی ہے۔ اس درجہ بندی کی نوعیت انگریزی کی کہاوت کے مترادف ہے۔ کہاوت یوں ہے
All are queer, Save thee & me.
And even thee, my dear A little bit queer.
اس حقیقت کا احساس سب سے پہلے 1964/65 میں ہوا۔ ان دنوں میں وزارت اطلاعات میں کام کر رہا تھا۔ میرے کمرے میں ایک الماری کتابوں سے بھری ہوٸی تھی۔ ایک دن اتفاقا میں نے الماری کھولی اور ایک کتاب نکالی۔ یہ کتاب ایک بہت بڑے عالم دین کی تصنیف تھی۔ اپنے پروفیشن کے حوالے سے میں جانتا تھا کہ وہ بہت بڑے عالم ہیں اور زندگی بھر کی محنت و مشقت سےانھوں نے بین الاقوامی شہرت حاصل کی ہے اور اپنے علم کے زور پر خود کو منوایا ہے۔
خصوصی بات یہ تھی کہ انھوں نے ذاتی کاوش کے زور پہ یہ اعزازی مقام حاصل کیا۔ اگرچہ میں دینی علوم سے ناواقف تھا لیکن میں انھیں بڑا مانتا تھا۔
تفریحاً کتاب کی ورق گردانی کرتے ہوۓ دفعتاً میں چونکا۔ ارے یہ کیا؟ انھوں نے اعلانیہ مسلمانوں کی درجہ بندی کر رکھی تھی۔
وہ کلمہ گو کو مسلمان نہیں مانتے تھے۔ خود کو اور اپنی قبیل کے لوگوں کو مسلمان سمجھتے تھے اور عام مسلمانوں کو اسلام پسند کہتے تھے۔ عام مسلمانوں کے لیے ان کے دل میں تحقیر کا جزبہ تھا جس کا بات بات پہ اظہار ہوتا تھا۔ مسلمانوں میں رابطہ پیدا کرنے کی بجاۓ وہ افراق و تفریق پیدا کر رہے تھے۔ میں نے ان کے کردار کو جاننے کے لیے کتاب کا بغور مطالعہ کیا۔ علم کے زعم نے انھیں بت بنا رکھا تھا۔
سیانے کہتے ہیں، لوگو دو تکبروں سے بچنا۔ ایک علم کا تکبر، دوسرا نیکی کا تکبر۔ ان میں دونوں موجود تھے۔

باب 6 : یہ خدا، وہ خدا

ٹرانسکرپشن : ایمان گل

شر کا پتلا

پتا نہیں ہمارے دینی راہبر انسان کو شر کا پتلا کیوں سمجھتے ہیں۔ گناہ میں لتھڑا ہوا، راستے سے بھٹکا ہوا۔
صاحبو اگر آپ مانتے ہیں کہ انسان کو اللہ نے اشرف المخلوقات بنایا ہے۔ انسان میں اپنی روح پھونکی ہے اور کاٸنات کو تسخیر کرنا اس کا مقدر ہے تو انسان شر کا پتلا نہیں ہو سکتا۔ میری دانست میں جس روز انسان میں خیر کی نسبت شر کا عنصر بڑھ گیا تو یہ زندگی، یہ دنیا ختم ہو کر رہ جاۓ گی۔ یہ دنیا بنی نوع انسان کے خیر کے جزبے کے زور پہ چل رہی ہے۔ کہتے ہیں جب داتا صاحب نئے نئے لاہور میں آۓ تو کچھ روز قیام کے بعد شہر کا جائزہ لینے کے لیے باہر نکلے۔ جب وہ گھوم پھر کر واپس آۓ تو استغفار پڑھ رہے تھے۔
کسی نے پوچھا، آپ استغفار کیوں پڑھ رہے ہیں؟ کہنے لگے میں حیران ہوں کہ یہ شہر غرق کیوں نہیں ہو جاتا۔ اتنی گندگی اور غلاظت ہے یہاں کہ اللہ معاف کرے۔
ایک ماہ کے بعد داتا صاحب پھر گھومنے پھرنے کے لیے باہر نکلے۔ واپس تو سبحان الله، سبحان الله ورد زبان تھا۔ کسی نے پوچھا تو بولے، اس شہر میں اتنی خیر ہے، اتنے برگزیدہ لوگ ہیں کہ اللہ تعالی ہمیشہ کے لیے اس شہر کو آباد رکھے۔
صاحبو اس دنیا اور زندگی کو اوپر سے دیکھیں تو شر ہی شر نظر آتا ہے۔ یہ زندگی سمندر کے مترادف ہے۔ اوپری سطح پر مدوجزر ہوتی ہے، طوفان چلتے ہیں، چھینٹے اڑتے ہیں، جھاگ پیدا ہوتی ہے لیکن نچلی سطح پر سکون ہی سکون، مسلسل گہرا سکون رہتا ہے۔ ایسے ہی ہیومن سوسائٹی میں اوپری سطح پر شر کے چھینٹے اڑتے رہتے ہیں۔ نیچے خیر کا سکون ہی سکون ہوتا ہے۔
صاحبو ! گناہ کرنا کوئی آسان کام نہیں۔ یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے جرم کرنا۔ جرم کرنے کے لیے فرد کو اپنے سیلف سے باہر نکلنا پڑتا ہے۔ اپنے اندر غصے کی بھٹی جلانی پڑتی ہے۔ انتقام کی آگ کو ہوا دینی پڑتی ہے۔ نفرت کی دھارا تیز کرنا پڑتی ہے۔ یعنی ایک جنونی کیفیت پیدا کرنی پڑتی ہے۔
ایسے ہی گناہ ہے۔ مثلاً آپ کو جھوٹ بولنا ہے، یہ کوئی آسان کام نہیں۔
میں عادی مجرموں کی بات نہیں کر رہا، عام افراد کی بات کر رہا ہوں۔
صرف زبان جھوٹ بولتی ہے۔ باقی سارے اعضاء زبان کا ساتھ نہیں دیتے۔ الٹا وہ احتجاج کرتے ہیں کہ جھوٹ ہے، جھوٹ ہے، بسا اوقات زبان بھی ہکلانے لگتی ہے۔
کسی سے بدسلوکی کرنا، دھوکہ دینا، کوئی آسان کام نہیں۔ اگر فرد دن میں 50 کام کرتا ہے تو ہو سکتا ہے ان میں دو کام شر کے تحت کیے جائیں۔ باقی 48 کاموں میں خیر ہی خیر ہوتی ہے۔
ہمارے علماۓ دین عام مسلمانوں کو تحقیر کی نظر سے دیکھنے پر مجبور ہیں کیونکہ اس کے ساتھ ان کی ذاتی اہمیت وابستہ ہے۔
وہ دل کی گہراٸیوں میں عام مسلمانوں کو بھیڑیں سمجھتے ہیں اور خود کو رکھوالے۔
ذہنی طور پر ان میں ہم آہنگی نہیں رہی۔ وہ بٹ کے ایک سے دو ہو چکے ہیں۔
باہر والا کچھ کہتا ہے اور اندر والا کچھ اور۔

Back to top button