یونیکوڈ کتابیں

تلاش

باب 7 — دودھ کا پیالہ

تلاش — ممتاز مفتی، کتاب کا سرورق

باب 7 : دودھ کا پیالہ

ٹرانسکرپشن : حریم زاہرہ

اللہ کی سول سروس میں طرح طرح کے لوگ شامل ہوتے ہیں۔ کوئی موچی ہے کوئی گڈریا ہے، کوئی گڈریا ہے، کوئی افسر ہے، کوئی سدھو ہے، کوئی فوجی ہے، کوٸی عالم ہے، کوئی بھڑوا ہے، کوئی شاعر ہے، کوئی گداگر ہے، کوئی سرمایا دار ہے۔ اس سروس میں فقیر کی گڈری کی طرح، طرح طرح کی ”ٹلیاں“ لگی ہوتی ہیں۔ یہ کھدر ہے یہ کمخواب ہے یہ زر بسٹ ہے۔
اللہ تعالیٰ نے ایسا پاکھنڈ مچا رکھا ہے کہ خلقِ خدا پر حیرت کا عالم طاری ہے۔
کئی ایک بزرگوں نے وجدان کی مستی کے علم میں بھید کھولنے کی کوشش کی۔ اک بولا ”تیری بکل دے وچ چور“۔ دوسرے نے کہا ” میں ہی تو ایک راز تھا سینئہ کائنات میں“۔ تیسرا چلّایا ” انا لحق“۔ بھید پھر بھی نہ کھلا۔
داتا نے کہا ” میں بھید کھول دوں گا “۔
اس نے فرمایا ” کھول دو اگر کھول سکتے ہو تو“۔
داتا نے ایک کتاب لکھ دی، کشف المحجوب مطلب ”بھید کھولو“ کتاب
صاحبو میں داتا کی کتاب بھید کھولو چار پانچ بار پڑھی ہے لیکن بھید نہیں کھلا۔
جو تھوڑی سی عقل ذہن میں تھی وہ بھی گڑبڑا گئی۔
بہرصورت بزرگ کے بارے میں تھوڑی سی بات سمجھ میں آئی۔
بزرگوں کے متعلق داتا صاحب لکھتے ہیں ( جو میں اپنے الفاظ میں بیان کرتا ہوں ( کہ اللہ نے اولیا ٕ کو کاٸنات کا گورنر بنایا ہے۔
1- ان میں سے 400 ایسے ہوتے ہیں جو پردے میں رہتے ہیں۔ ایک دوسرے کو نہیں جانتے۔ اپنے مقام کا خود شعور نہیں رکھتے۔ اور ہر طور خود سے اور لوگوں سے مخفی رہتے ہیں۔
2- پھر ایسے بھی ہیں جنہیں بست و کشاد کی اقتیں حاصل ہیں۔ وہ اللہ کے دربار کے افسر ہیں۔ وہ تعداد میں 300 ہوتے ہیں جنہیں اخیار کہتے ہیں۔
3- 4 کو ابدال کہتے ہیں۔
4- 7 ایسے ہیں جنہیں برار کہتے ہیں۔
5- 4 کو اومار کہتے ہیں۔
6- 3 جنہیں نقابہ کہتے ہیں۔
7- 1 جسے قطب یا غوث کہتے ہیں۔
داتا صاحب ؒ نے نام گنوا دیے، تعداد بتا دی لیکن کام کی نوعیت پر روشنی نہیں ڈالی کہ یہ عہدے دار کرتے کیا ہیں؟ اور یہ روحانی سروس کیوں قاٸم کی گئی ہے؟ نہ ہی داتا صاحب نے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ بزرگ کی پہچان کیا ہے؟

باب 7 : دودھ کا پیالہ

ٹرانسکرپشن : حریم زاہرہ

دودھ کا پیالہ

بزرگ کی پہچان کے متعلق میرا ایک ذاتی مفروضہ ہے۔ وہ یہ کہ بزرگ کے ہاتھوں میں دودھ سے لبالب بھرا ہوا ایک پیالہ ہوتا ہے، لیکن ٹھہریے ! یہ بات وضاحت طلب ہے۔
کہتے ہیں کہ ایک گرو تھا۔ اس کا ایک چیلا تھا جس کا نام داس تھا۔ گرو نے کئی ایک سال اس کو تعلیم دی۔ ایک روز اس نے داس سے کہا، دیکھو میاں جتنی تعلیم میں تمہیں دے سکتا تھا وہ دے دی۔ اب مزید تعلیم تمہیں مہاراج دیں گے۔ تم فلاں ریاست میں چلے جاؤ۔ یہ ریاست پچھم میں پہاڑوں کے دامن میں واقع ہے۔ وہاں پہنچ کر تم ریاست کے مہاراج سے ملو۔ انہیں ہمارا سلام دو اور کہو کہ ہم نے تمہیں تعلیم کے لیے بھیجا ہے۔ پھر جو حکم وہ دیں اس پر عمل کرو۔ داس نے پچھم کا رخ کیا اور پیدل چلتا رہا۔ چلتے چلتے وہ ایک مہینے میں ریاست میں پہنچ گیا لیکن مہاراج کے محل کے دروازے پر دربانوں نے اسے روک لیا۔ اس نے انہیں ساری بات بتائی کہ گرو نے مہاراج کی خدمت میں حاضری دینے کے لیے بھیجا ہے لیکن دربانوں نے اسے اندر جانے نہ دیا۔
ایک مہینہ داس مہاراج کے محل کی دیوار تلے پڑا رہا۔ وہ مہاراج کی سواری کو آتے جاتے دیکھتا رہا۔ مہاراج گھوڑے پر سوار ہوتے، ساتھ زرق برق لباس میں ملبوس مصاحبوں کی قطار ھوتی۔
مہاراج کی شان و شوکت دیکھ کر داس سوچ میں پڑ جاتا۔

باب 7 : دودھ کا پیالہ

ٹرانسکرپشن : حریم زاہرہ

شک و شبہات

گرو نے مجھے کہاں بھیج دیا ہے؟ یہ مہاراج تو اتنی بڑی ریاست کا حکمران ہے۔ دنیا کی ہر نعمت اسے حاصل ہے۔ شان و شوکت میں رہتا ہے۔ خدمت کرنے کے لیے نوکر چاکر ہیں۔ یہ تو بری طرح سے دنیا داری میں پھنسا ہوا ہے۔ یہ مجھے کیا تعلیم دے گا؟ ایک روز اتفاق سے مہاراج کی سواری محل کی دیوار کے اس حصے سے گزری جہاں داس پڑا ہوا تھا۔ مہاراج کی سواری دیکھ کر داس ہمت کر کے راستہ روک کر کھڑا ہو گیا۔
مصاحبوں نے اسے پکڑ لیا اور مہاراج کے حضور میں لے گئے۔ مہاراج نے غصے میں پوچھا، پاگل آدمی بول تو نے یہ حرکت کیوں کی؟
داس زیر لبی میں بولا، مہاراج ! گرو نے آپ کی خدمت میں بھیجا ہے۔ مہاراج بات سمجھ گئے۔ پینترا بدل کر بولے، اسے محل میں لے جاؤ وہاں ایک حجرے میں رکھو۔ خدمت گار لگا دو جو اس کے کھانے پینے کا خیال رکھیں اور اس پر نگاہ رکھی تاکہ یہ بھاگ نہ جائے۔ اس کے مقدمے کا فیصلہ ہم خود کریں گے۔ ہم خود سزا تجویز کریں گے۔ داس محل کے اندر مقیم رہا۔ اسکی ہر ضرورت پوری کرنے کے لیے خدمت گار موجود تھے۔ محل کا اندرونی منظر دیکھ کر اس کی آنکھیں چکاچوند ہوگئیں۔ دل میں شکوک اور ابھرے۔
ایک روز تہوار کی رات تھی۔ محل جگمگ جگمگ کر رہا تھا۔ سارے شہر میں چراغاں ہو رہا تھا۔ آدھی رات کے وقت خدمت گار نے داس سے آ کر کہا کہ مہاراج نے حاضری کا حکم دیا ہے۔
داس حاضر ہوا تو مہاراج بولے، دیکھو آج تہوار کی رات ہے۔ سارا شہر جگ مگ کر رہا ہے۔ شہر میں جگہ جگہ کھیل تماشے ہورہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ تم شہر کی سیر کرو۔ خدمت گار تمہارے ساتھ جائے گا اور سارا شہر گھما لائے گا۔

باب 7 : دودھ کا پیالہ

ٹرانسکرپشن : حریم زاہرہ

سر پر لٹکتی تلوار

جب داس جانے لگا تو مہاراج نے آواز دی۔ بولے، میاں ہمارا ایک کام کرو، یہ کہہ کر مہاراج نے ایک لبا لب بھرا ہوا پیالہ داس کے ہاتھ میں تھما دیا۔ بولے، دودھ کا یہ پیالہ اٹھائے رکھنا۔ خبردار ! اس پیالے سے ایک قطرہ دودھ بھی نیچے نہ گرے۔
پھر مہاراج نے جلاد کو بلوایا۔ بولے، تم ان کے ساتھ جاؤ، اگر دودھ کا ایک قطرہ بھی پیالے سے گرے تو تم اس کا سر قلم کر دینا۔
اگلے روز مہاراج نے پھر داس کو بلا بھیجا۔
پوچھا میاں بتاؤ، کل رات شہر میں کیا کیا تماشے دیکھے؟ کیا کیا رونقیں دیکھیں؟
داس ہاتھ جوڑ کر بولا، مہاراج ! میری تو ساری توجہ دودھ کے پیالے پر مرکوز تھی اور سر پر جلاد کی تلوار تھی۔
مہاراج مسکرائے، بولے، ہمارا بھی یہی حال ہے۔ ہمارے گرو نے بھی ہاتھوں میں دودھ کا پیالہ تھما دیا تھا اور حکم دیا تھا کہ جاؤ ریاست کا راج پاٹ سنبھالو۔ دنیاوی شان و شوکت کے تماشے دیکھو۔ لیکن دھیان رہے کہ دودھ کا قطرہ زمین پر نہ گرے۔
ہاں! تو میں کہہ رہا تھا کہ بزرگ کی شناخت یہ ہے کہ اس کے ہاتھوں میں دودھ کا ایک پیالہ ہوتا ہے۔ چاہے وہ کرسئی اقتدار پر بیٹھا ہو یا چکلے کی نالی میں لت پت پڑا ہو اس کی تمام تر توجہ دودھ کے پیالے پر مرکوز رہتی ہے۔ لیکن ٹھہرئیے۔
صاحبو میری حماقت ملاحظہ کرو۔ میں دودھ کے پیالے کی بات کر رہا ہوں جب کہ میرے ساتھی دانشور بزرگوں کے وجود ہی سے منکر ہیں۔
الکھ نگری کی اشاعت کے بعد کچھ دانشوروں نے اخبارات میں مجھ پر اعتراضات کیے تھے۔

باب 7 : دودھ کا پیالہ

ٹرانسکرپشن : سعیدہ سونی

بابے

ایک جانے پہچانے ادیب نے٫ جو کہ پروفیسر ہیں٫ کہا کہ مفتی ہمیں خوامخواہ بابوں کے چکر میں ڈال رہا ہے ٫ یہ بابے ہماری سمجھ میں نہیں آتے۔ یہ بابے اچھے خاصے مزاحیہ کردار لگتے ہیں۔ مفتی کا کہنا ہے کہ مستری بابا آنے والا ہے۔ جس نے پاکستان کو رنگ و روغن کر نا ہے۔
مفتی نے پروفیسر صاحب کی خدمت میں عرض کیا۔
عالی جاہ ! میری کیا حثیت ہے کہ بابوں کی بات کروں ٫ میں ایک ادھ پڑھ آدمی ہوں ٫مذہب کے متعلق سراسر منہ زبانی ہوں۔ باباؤں کی بات تو اپ کے داتاؤں نے کی ہے۔ جو لاہور شہر کے بادشاہ ہیں۔ جنہیں سلام کرنے کے لیے آپ مہینے میں ایک مرتبہ دربار عالیہ پر ضرور حاضری دیتے ہیں۔ جنہیں آپ عالم مانتے ہیں۔
داتا اپنی تصنیف کشف المحجوب میں باباؤں کے متعلق لکھتے ہیں
1۔ اللہ نے اولیاء کو کائنات کا گورنر بنایا ہے۔
2۔ اولیاء نے اپنی تمام تر زندگی اللہ کے لیے وقف کر رکھی ہے۔
3۔ اولیاء نے اپنی ذات کو نفی کر رکھا ہے۔
4۔ ان کی برکتوں کی وجہ سے آسمان سے مینہ برستا ہے۔
5۔ ان کی زندگی کی پاکیزگی کی وجہ سے زمین سے بوٹے اگتے ہیں۔
6۔ ان کی روحانیت کی وجہ سے مسلمان٫ کافروں سے لڑائیاں جیت جاتے ہیں

باب 7 : دودھ کا پیالہ

ٹرانسکرپشن : سعیدہ سونی

جھگڑا

صاحبو ! دیکھ لو دانشور کتنے منافق ہیں۔ یہ مفتی باباؤں کی بات کرے تو اسے ڈانٹتے ہیں۔ لیکن جنہوں نے ہمیں باباؤں سے متعارف کروایا ہے٫ ان سے اظہار عقیدت کرتے ہیں۔ انہیں سلام کرتے ہیں٫ فاتحہ پڑھتے ہیں۔ ان سے برکات کی استدعا کرتے ہیں۔ لیکن دوستو ! یہ کوئ نئی بات نہیں۔ یہ تو پرانا جھگڑا ہے جو دانشوروں اور اللہ کے درمیان چلا آرہا ہے۔
دانشور کہتے ہیں٫ اے اللہ ! اس دنیا کے نظام کو ایسے چلا جیسے ہم چاہتے ہیں ٫ یا کم از کم ایسے جو ہماری سمجھ میں آ جائے
ادھر اللہ میاں ٫ضد کئے بیٹھے ہیں۔ کہتے ہیں ٫ میاں ! ہم قادر مطلق ہیں۔ جو چاہیں گے کریں گے۔ تم ہمیں پابند نہیں کر سکتے۔
اس پر دانشور بھی ضد میں آ جاتے ہیں۔ اور کہتے ہیں اگر تو ہماری بات نہیں مانتا تو ہم بھی تجھے قادر مطلق نہیں مانتے۔ جو بات دل کو لگے گی۔ وہ مانیں گے۔ جو نہیں لگے گی وہ نہیں مانیں گے۔
نتیجہ یہ کہ دانشور اللہ تعالی کی باتوں پر نقطہ چینی کرتے رہے ہیں۔ اور کر رہے ہیں۔ یہ کیسے ہوا۔ اور کیوں ہوا۔ نہیں ایسا نہیں ہوسکتا۔ یہ قانون کے خلاف ہے۔
دانشور بھی سچے ہیں۔ کہتے ہیں جب اللہ تعالی نے کائنات کو چلانے کے لیے اصول اور قانون بنائے ہیں، پھر اسے کیا حق حاصل ہے کہ اپنے بنائے ہوے اصولوں کی خلاف ورزی کرے۔؟ خود معجزے دکھائے اور بابوں کو کرامات دکھانے کی اجازت نہ دے۔ ایک بات یہ بھی ہے کہ ہمارے دانشور اللہ کو اپنی لاجک lojic کے تابع کرنے کے شوقین ہیں۔ وہ جج بن کر بیٹھ جاتے ہیں۔ اور اللہ کے کاموں پر فیصلے سناتے ہیں۔ فلاں کام اللہ نے ٹھیک نہیں کیا٫ فلاں کام بلکل گڈ مڈ کر دیا۔ کیا خدائی یوں کی جاتی ہے؟ ہمارے دانشوروں کو سب سے زیادہ اعتراضات معجزوں اور کراماتوں پر ہے۔

باب 7 : دودھ کا پیالہ

ٹرانسکرپشن : سعیدہ سونی

معجزے

اللہ ان کی باتوں پر ہنستا ہے۔ کہتا ہے۔ اندھو ! غور سے دیکھو۔ میرا تو ہر کام معجزہ ہے، اس مشین کو دیکھو٫ جس کو تم گائے کہتے ہو٫ یہ گھاس کھاتی ہے۔ اور ہم نے اس کا ایسا نظام بنا دیا ہے۔ ایک طرف سے گھاس سے خون بنتا ہے۔ دوسری طرف سے فضلا باہر نکلتا ہے اور تیسری طرف سے تمہارے لیے میٹھا اور پاکیزہ دودھ٫ کیا یہ معجزہ نہیں ہے؟
تم دیکھو تو۔ ایک ہی ٹکڑا زمین میں ایک جانب ایک بوٹا زمین سے فرحت بخش کٹھاس اکھٹی کر کے "نیمبو” بنا دیتا ہے۔ دوسری طرف ایک بوٹا لذت بھری مٹھاس چوس کر "آم” بنا دیتا ہے۔ کیا یہ معجزہ نہیں؟
تم دیکھو تو ! لق و دق صحرا میں جہاں میلوں پانی کا نشان نہیں٫ ایک سوکھی پتلی سی بیل شیریں پانی سے بھرا ہوا اتنا بڑا تربوز اگا دیتی ہے۔ کیا یہ معجزہ نہیں؟
پھر ہم نے ایک چھوٹے سے پتنگے کی دم میں شعلہ لگا دیا٫ ٹھنڈی آگ کا شعلہ۔ تم ہمارے کس کس معجزے کو جھٹلاؤ گے؟
پھر تم اپنی طرف دیکھو۔ ہمارے بابے نے جسے تم اپنی کم فہمی کی وجہ سے علامہ کہتے ہو، ایسے ہی تو نہیں کہہ دیا:
میں ہی تو ایک راز تھا ٫ سینۂ کائنات میں

باب 7 : دودھ کا پیالہ

ٹرانسکرپشن : سعیدہ سونی

کردار کی عظمت

معافی چاہتا ہوں۔ بات دودھ کے پیالے کی ہو رہی تھی۔ میں نے خوامخواہ دانشوروں کے چھتے میں انگلی ڈال دی۔ ہاں تو میں کہہ رہا تھا کہ دودھ کا پیالہ بزرگ کی پہچان ہے۔ داتا صاحب دودھ کا پیالہ اٹھائے لاہور میں آ بیٹھے۔ انہوں نے اسلام کی تبلیغ نہیں کی٫ صرف ان کے دودھ کے پیالے کے زور پر آدھا لاہور مسلمان ہوگیا۔ دودھ کا پیالہ اٹھا کر ایک بابا ہندوؤں کے گڑھ اجمیر شریف میں جا بیٹھا۔ پچھلے سال عرس پر میں نے اجمیر شریف میں حاضری دی۔ اور یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ لاکھوں زائرین میں غیر مسلموں کی تعداد مسلمانوں کی نسبت بہت زیادہ تھی۔
سب سے بڑا دودھ کا پیالہ عظیم کردار حضرت محمد ﷺ کا تھا۔
آج چودہ سو سال بعد بھی بڑے بڑے دانشور ٫humanist٫ سائنسدان ٫مورخ٫ علماء٫ خصوصاً غیر مسلم حضرت محمد ﷺ کے کردار کی عظمت کے قائل ہیں۔
یہاں تک کہ محققوں نے دنیا کے سو بڑے لوگوں کی ایک فہرست مرتب کی ہے۔ جس میں حضرت محمدﷺ کا نام سب سے اول شمار کیا گیا۔ حضور ﷺ کے کردار کی عظمت کو عیسائیوں کے بڑے پادریوں اور راہبوں نے بھی تسلیم کیا ہے۔

باب 7 : دودھ کا پیالہ

ٹرانسکرپشن : محمد سمیع اللہ

قبیلہ تہذیب

عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ اسلام کی آمد سے پہلے مکے اور اسکے گرد و نواح کے علاقوں میں جہالت کا دور دور تھا۔ یہ غلط فہمی ہے کیونکہ ان علاقوں میں رہنے والے بدو قبیلوں میں بٹے ہوئے تھے۔ قبیلہ تہذیب ایک مخصوص رنگ میں رنگی ہوتی ہے۔ ڈاکٹر افضل اقبال نے اپنی تصنیف ‘دی کلچر آف اسلام’ میں قبیلہ نفسیات کو وضاحت سے بیان کیا ہے۔ ڈاکٹر افضل اقبال کی تحریر ‘Convenincing اور Power ہےاور انکی تحقیق کا رخ حقیقت پسندانہ ہے۔ انہوں نے قبلہ نفسیات اور اسلامی کردار کا بہت خوبی سے موازنہ کیا ہے۔
قبیلہ تہذیب میں رسم و رواج بہت اہم ہوتے ہیں ہر قبیلہ کے رسم و رواج مختلف ہوتے ہیں۔ یہی ہر قبیلے Tribal Law ہوتا ہے جس پر چوں و چرا کئے بغیر عمل کرنا ہوتا ہے۔ قبیلہ تہذیب میں فرد کی ذاتی اہمیت نہیں ہوتی۔ اپنی تمام تر اہمیت وہ قبیلے سے اخذ کرتا ہے۔ کردار کی ان خوبیوں کو سراہا جاتا ہے جو قبیلے کی تقویت کا باعث ہوں۔
قبیلہ تہذیب کے افراد شیخی خورے ہوتے ہیں۔ اونچی ناک والے، لڑاکا، غصیل، انتقام کے رسیا، شجاعت کے زعم سے بھرے ہوئے، کھانے کے رسیا، کھانے پلانے کے شوقین۔ اسلامی کردار کی خصوصیات قبیلہ تہذیب سے مختلف اور متضاد ہیں۔

باب 7 : دودھ کا پیالہ

ٹرانسکرپشن : محمد سمیع اللہ

مکے کی اہمیت

ان دنوں مکے میں مختلف قبیلوں میں مختلف قبیلوں کے سردار رہتے تھے۔ مکہ ایک بت خانہ تھا جہاں ہر قبیلے کے دیوتاؤں کے بت رکھے ہوئے تھے۔ مکے کی حیثیت ایک متبرک مذہبی مرکز کی تھی۔ سرداروں کی اہمیت بھی دیوتاؤں کے بتوں کے حوالے سے تھی۔
لوگ دور دور سے مکے آتے تھے۔ اپنے دیوتاؤں کی پرستش کرتے، رسومات بجا لاتے، مکے میں قیام کرتے اور خرید و فروخت کرتے۔ یوں مکہ خریدو فروخت کے مرکز کی حیثیت اختیار کر گیا تھا۔ پھر ایک اور بات تھی۔ عرب کے دوسرے علاقوں میں جانے کے لئے صرف ایک ہی راستہ تھا۔ یہ درہ مکے کے قریب واقع تھا، اس لئے تجارتی قافلے روانہ ہونے سے پہلے مکے میں جمع ہوتے وہاں پڑاؤ کرتے۔ اسی وجہ سے مکے کی تجارتی حیثیت میں اضافہ ہوتا تھا۔

باب 7 : دودھ کا پیالہ

ٹرانسکرپشن : محمد سمیع اللہ

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کردار

حضور صلی اللہ علیہ وسلم کم گو تھے میل ملاپ کے شوقین نا تھے تنہائی پسند تھے۔ دولت مند نا تھے۔ چرواہے کا کام کیا کرتے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق اور کردار کی وجہ سے مکے والے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت کرتے تھے۔ انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو امین کا خطاب دے رکھا تھا۔ سبھی مانتے تھے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی دروغ بیانی نہیں کی۔ کبھی منافقت نہیں کی۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تجارت کا کام شروع کیا۔
مکے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کاروباری لین دین اور دیانت داری کی دھوم پڑ گئی۔ گمان غالب ہے کہ مکے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرد واحد تھے جنہوں نے اپنے کردار کے زور پر، اپنی سچائی اور دیانت داری کے زور پر عزت کروائی ان حالات میں یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ جب حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے پغمبر ہونے کا اعلان کیا تو مکے والوں نے دل ہی دل میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سچائی پر یقین کر لیا ہوگا۔ پھر وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دشمن کیوں بن گئے اس لئے کہ اگر وہ بتوں کو توڑ دیتے تو انکی سرداری ختم ہو جاتی اور مکے کی اقتصادی اہمیت ٹھپ ہو جاتی۔ لہذا اپنی اور شہر کی اہمیت کو برقرار رکھنے کے لیے وہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف ہو گئے۔

باب 7 : دودھ کا پیالہ

ٹرانسکرپشن : محمد سمیع اللہ

جزو اور کل

صاحبو جب بھی میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں سوچتا ہوں تو میرے ذہن میں ایک عظیم انسان کی تصویر ابھرتی ہے۔ عہدے دار کی نہیں، انسان کی۔ ایک دن میں نے قدرت اللہ سے پوچھا۔ یہ بتائیے سب سے افضل عبادت کون سی ہے؟
انہوں نے کہا سب سے افضل عبادت identification with Mohammed ہے حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم جیو۔ لیکن کیسے؟
بولے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سوانح سرہانے تلے رکھو۔ روز ایک واقعہ پڑھو۔ پھر سوچو کہ اس وقت حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے احساسات، جذبات کیا ہونگے، پھر آپ انکے جذبات سے واقفیت حاصل کرنے کے بعد جب بھی کسی سیچوئشن سے دو چار ہوں تو سوچیں کہ ان حالات میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا رد عمل کیا ہوتا۔
حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے عظیم اصول کو ہم نے یوں اپنایا کہ کل کو چھوڑ کر جزو پر توجہ مرکوز کر لی۔ دودھ کو نظر انداز کرکے پیالے کو اپنا لیا کہ پیالہ کس چیز کا بنا ہے۔ اسکی شکل کیسی ہے۔ اس پر کس طرح کے نقش و نگار بنے ہیں ہم سوچنے لگے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کتنی لمبی داڑھی رکھتے تھے۔ کمرے میں داخل ہوتے تو کون سا پاؤں پہلے اندر دھرتے پانی پیتے تو کٹورہ کس ہاتھ میں پکڑتے۔ کس قسم کا لباس پہنتے؟
ہم نے دودھ کو نظر انداز کر دیا، پیالے کو اہم سمجھ لیا۔ ہم نے کردار کو نظر انداز کر دیا۔ جسمانی ہیئت کو اہم سمجھ لیا اور ہم نے اس جزو پرستی کو سنت کا نام دے دیا۔

باب 7 : دودھ کا پیالہ

ٹرانسکرپشن : گل لالہ

معذرت

صاحبو میں معذرت خواہ ہوں یہ تحریریں جو میں "تلاش” کے عنوان سے آپ کی خدمت میں پیش کر رہا ہوں ان کی کوئی عالمانہ حیثیت نہیں ہے۔ الحمدللہ ! کہ میں عالم نہیں ہوں۔ بیشک قرآن میں بار بار علم حاصل کرنے کی تاکید کی گئی ہے لیکن اس کے ساتھ ایک شرط ملفوف ہے کہ علم حاصل کرو لیکن دھیان رہے کہ عجز کا دامن ہاتھ سے نہ چھوٹے۔
صاحبو ! علم تفاخر پیدا کرتا ہے۔ انا میں پھونک بھر دیتا ہے۔ سیانے کہتے ہیں : "Master’s are monsters” عالم فرعون بن جاتے ہیں۔
ہمارے علمائے دین کو دیکھئے درسگاہوں کے اساتذہ کرام کو دیکھئے ان کے رویے کو دیکھ کر مجھے ٹی وی کی وہ اشتہاری بچی یاد آ جاتی ہے جو بچوں کو دانت صاف کرنے کے طریقے بتانے کے بعد کہتی ہے” سمجھے؟ شاباش”۔
میری یہ تحریریں دانشورانہ حیثیت بھی نہیں رکھتیں۔ الحمدللہ ! کہ میں دانشور نہیں ہوں۔ میں تو خود تلاش میں ٹھوکریں کھاتا پھر رہا ہوں۔ منزل۔ کا پتا ہے نہ راستے کا۔

باب 7 : دودھ کا پیالہ

ٹرانسکرپشن : گل لالہ

نصیحت

میری یہ تحریریں نصیحتوں کی حیثیت بھی نہیں رکھتیں۔ میں کیا نصیحت کروں؟ میں نے خود گڑ کھایا ہے۔ کس منہ سے کہوں۔” من نہ کردم شما حزر بکنید ” میرے گرو نے مجھے واحد نصیحت کی تھی۔ کہنے لگے مفتی میری ایک نصیحت پلے باندھ لو۔ وہ یہ کہ کبھی کسی کو نصیحت نہ کرنا۔ نصیحت منہ سے کہنے کی چیز نہیں۔ کر دکھانے کی چیز ہے۔ منہ سے کہو تو الٹی چرخی چل جاتی ہے۔ ری ایکشن پیدا ہوتا ہے۔
نصیحت کی بات پر مجھے ایک کہانی یاد آگئی۔ میں اس کہانی کو دنیا کی عظیم کہانیوں میں شمار کرتا ہوں۔ حکیم۔ صاحب کی دکان تھی شام کا وقت تھا۔ حکیم صاحب شہد کے مرتبان پر ٹھیک سے ڈھکنا لگا کر نہیں گئے تھے۔ ایک مکھی مرتبان پر جا بیٹھی۔ ڈھکنے کے دراز سے اندر گھسی اور شہد چاٹنے لگی۔ چاٹتی رہی۔
جب سیر ہو گئی تو چاہا کہ اڑ جاؤں لیکن اڑ نہ سکی کیونکہ اسکی ٹانگیں شہد کے شیرے میں پھنسی ہوئی تھیں۔ پھر وہ دیر تک خود کو چھڑانے کی کوشش کرتی رہی۔ آخر کار کامیاب ہو گئی لیکن تھک کر بیٹھ گئی۔
اس دوران دکان میں ایک پتنگا آ گیا۔ وہ مکھی کو دیکھتا رہا۔ کچھ دیر بعد پھر مکھی شہد کی طرف بڑھی۔ پتنگا بولا بی بی ابھی تو اتنی مشکل سے شہد سے باہر نکلی ہو۔ اب پھر شہد کی طرف بڑھنے لگی ہو۔ عقل کر بی بی کیوں خود کو پھر سے مصیبت میں ڈالتی ہو۔ پتنگے کی بات سن کر مکھی شرمندہ ہو گئی۔ اتنے میں حکیم صاحب کا نوکر دیا جلا کر لے آیا اور دکان میں رکھ گیا۔ دئیے کو دیکھ کر پتنگے نے دیوانہ وار شعلے کا طواف کرنا شروع کر دیا۔ کچھ دیر بعد شعلوں کی زد میں آ گیا اور جل کر نیچے گر پڑا۔ مکھی یہ دیکھ کر مسکرائی۔ بولی لو ابھی ابھی مجھے نصیحت کر رہا تھا۔ عقل سکھا رہا تھا۔
صاحبو ! دراصل ان تحریروں کے پردے میں میں آپ سے باتیں کر رہا ہوں۔ حسن یار کی باتیں۔ اپنی خوش فہمیاں کج رویاں الٹی الٹی سوچیں سنی سنائی بیتی آپ بیتیاں۔
جو گوروں نے برصغیر میں براڈکاسٹنگ کا آغاز کیا تھا تو انہوں نے نشریات میں ایک نیا موضوع شامل کیا تھا۔ جس کا نام انہوں نے” ٹاک ” رکھا تھا۔
ہماری نشریات میں "ٹاک ” کامیاب نہ ہو سکا کیونکہ براڈکاسٹر یا تو اسے تقریر کی شکل دے دیتے یا مولویانہ وعظ کی یا سنجیدہ مقالے کی۔ میری یہ تحریریں دراصل "ٹاک” کی حیثیت رکھتی ہیں۔
1975 میں آپکی خدمت میں حج کی روداد پیش کی تھی عنوان تھا ” لبیک ” ۔
لبیک کی اشاعت پر قارئین نے مجھے تقریباً دو ہزار خطوط لکھے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ بیشتر خطوں کا نفس مضمون ایک ہی تھا۔۔۔۔۔ لکھا تھا کہ ان موضوعات پر ہمارے خیالات اور جزبات بالکل ایسے ہی ہیں جیسے آپ نے لبیک میں رقم کیے ہیں ایسا لگتا ہے جیسے آپ نے ہمارے خیالات اور جذبات کو لفظوں میں ڈھال کر لبیک میں پیش کر دیا ہے۔ تلاش لکھتے ہوئے کبھی مجھے ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے میں آپ ہی کے خیالات اور جذبات کو لفظوں میں ڈھال رہا ہوں۔

Back to top button