یونیکوڈ کتابیں

تلاش

باب 8 — جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

تلاش — ممتاز مفتی، کتاب کا سرورق

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : کرن احمد نواز

روزنامہ نوائے وقت میں آج کل گوہر الطاف ایک کالم لکھ رہے ہیں۔ انھوں نے اپنے کالم میں لکھا کہ کراچی کے ایک پوش محلے کی مسجد میں جہاں صاحبِ حثیت اور پڑھے لکھے لوگ رہتے ہیں، انھیں مولوی صاحب کا خطبہ سننے کا اتفاق ہوا۔
مولوی صاحب کے خطبے کا موضوع تھا کہ مسلمان نمازی پر لازم ہے کہ وہ اپنی شلوار ٹخنوں سے اوپر رکھے ورنہ اس کی نماز فسق ہو جاے گی۔
الطاف گوہر مولوی کی جسارت پر حیرت زدہ تھے کہ وہ پڑھے لکھے لوگوں کے سامنےایسے فروعی موضوع پر خطبہ دے رہے تھے اور جوش اور جذبے سے بات کر رہے تھے جیسے سامعین پر ایک نئے، انوکھے اور اہم ترین موضوع کا انکشاف کر رہے ہوں اور اسلام کے ایک اہم اور بنیادی مسئلے پر روشنی ڈال رہے ہوں۔

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : کرن احمد نواز

خطبہ

مجھے بھی مولوی صاحب کا ایسا ہی خطبہ سننے کا اتفاق ہوا تھا۔
سردیوں کا موسم تھا۔ اسلام آباد میں آبپارہ کی لال مسجد کا ملحقہ میدان کھچا کھچ نمازیوں سے بھرا ہوا تھا۔ اجتماع میں زیادہ تر سیکشن آفیسر، ڈپٹی سیکرٹری، سکریٹریٹ کا پرسنل سٹاف اور سیکرٹری بھی موجود تھے۔ مولوی صاحب خطبہ دینے کے لیےاٹھے تو اتفاق سے ان کی نگاہ ایک صاحب پر پڑی جس نے جرابیں پہن رکھی تھیں۔ مولوی صاحب کو خطبے کے لیے ایک موضوع مل گیا۔
انھوں نے مجمع کو ڈانٹنا شروع کر دیا کہ پڑھے لکھے ہو کر آپ ایسی حرکتیں کرتے ہیں۔ اور نماز میں بھی سنت محلوظ خاطر نہیں۔ آپ کو علم ہونا چاہیے کہ نماز میں جراب پہننا ممنوع ہے۔ جو شخص جراب پہن کر نماز پڑھتا ہے اس کی نماز فسق ہوجاتی ہے۔
مجمع میں کوئی چلا کر بولا مولانا اسکمیولینڈ کے مسلمان کیا جرتے ہوں گے؟
مولانا غصے میں چلائے، ہم اسکمیولینڈ کی بات نہیں کر رہے۔ ہم پاکستان کی بات کر رہے ہیں اور صاحبو !
جان لو کہ خطبے میں حجت کرنا شیطانی فعل ہے۔
مجمع پر سکوت چھا گیا۔
مجھے مولوی صاحب کی جسارت ہر حیرت نہیں ہو رہی تھی کہ وہ پڑھے لکھے اور اسلام سے باخبر لوگوں کے سامنے ایسی باتیں کر رہے تھے۔ اس جذبے، جوش اور conviction سے بات کر رہے تھے جیسے وہ جانتے ہوں اور ان جانوں کو سمجھانےکا مقدس فریضہ ادا کر رہے ہوں۔ مجھے تو اس بات پر حیرت ہو رہی تھی کہ پڑھے لکھے با خبر لوگ مولوی صاحب کی فروعی باتوں کو بیٹھے خاموشی سے سن رہے ہیں۔ کسی کے دل میں احتجاج پیدا نہیں ہو رہا تھا۔ They were suffering it
میرے دل میں خواہش پیدا ہوئی کہ مولوی صاحب سے کہوں’
جناب والا ! خطبے میں کسی اسلامی مسئلے پر روشنی ڈالیے۔ میں اٹھ بیٹھا اور ایک بار کوشش کی لیکن بات کرنے کی ہمت نہ ہوئی۔
میں نے سوچا چلو احتجاجاً واک آؤٹ ہی کرلو۔ مجھے مجمع سے باہر نکلتے دیکھ کر مولوی صاحب نے ایک دم پینترا بدلا، کہنے لگے خطبہ سننا لازم ہے چونکہ یہ نماز کا ایک لازم حصہ ہے۔
اس روز میرا موڈ بہت آف رہا۔
شام کو میرے گھر ” چھڈ یار” کی میٹینگ تھی
چھڈ یار ہماری ایک تنظیم ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ چھوڑو، سیاسی صورت حال کو چھوڑو۔ دفتر کی پالیٹکس کو چھوڑو، گھریلو چخ چخ کو چھوڑو۔ اپنے اندر کا بچہ باہر نکالو۔ اسے اپنے کاندھے پر بیٹھاؤ اور باہر نکل کر آٹھ دس دن کسی کھوہ میں، کسی جنگل میں وادی یا پہاڑی پر جا کر تیاگی بن جاؤ۔
چھڈیار کے چھ رکن ہیں۔ جو "میں میں” سے یوں بھرے ہوئے ہیں جیسے بھڑ "بھوں بھوں” سے بھرے ہوتے ہیں۔

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : کرن احمد نواز

جھولا اور نمرود

سب سے پہلے عماد آیا۔ عماد ذات کا انجینئر ہے جو عبادات میں یوں بھیگا ہوا ہے جیسے جلیبی شیرے میں بھیگی ہوتی ہے، کہنے لگا
"آج تو موڈ آف نظر آتا ہے۔ کیا ہوا؟
میں نے مولوی صاحب کے خطبے کی بات سنائی۔ اس پر عماد ہنسا، کہنے لگا۔ مفتی جی ! خطبے ایسے ہی ہوتے ہیں۔ جراب والی بات تو بہت معصوم ہے ہم نے وہ خطبہ سنا ہے کہ آلاامان
مثلاً ہمارا گاؤں بڑے پر فضا مقام پر واقع تھا۔ جب برسات کا موسم آتا تو سبزے کا مخملی فرش بچھ جاتا۔ درختوں کی شاخیں دھنا دھن جھولتیں، طرح طرح کے پرندے اپنی اپنی بولیاں بولتے ایک سماں بندھ جاتا۔ بچے ضد کرتے تو بڑے رسوں کے جھولے بنادیتے جن پر بچے جھولتے۔ اس پر ہمارے گاؤں کی مسجد کے مولوی صاحب نےجمعہ کی نماز کے دوران خطبے میں ہم سب کو خبردار کیا کہ جھولا جھولنا ایک غیر اسلامی بلکہ شیطانی فعل ہے۔
مولوی صاحب کی یہ بات سن کر ہم سب حیران ہوئے۔
اعظمی نے کہا: آپ مولوی صاحب سے پوچھتے کہ شیطانی فعل کیسے ہے؟
عماد مسکرایا۔ کہنے لگا
آپ گاؤں کے مولوی صاحب کو نہیں جانتے۔ دئیات میں وہ اسلام پر اتھارٹی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان سے بحث نہیں کی جا سکتی۔
مولوی صاحب نے خود ہی جھولے کے مسئلے پر روشنی ڈالی اور کہنے لگے۔
نمرود نے جھولا ایجاد کیا تھا۔
قصہ یوں ہے کہ جب حضرت ابراہیمؑ کو آگ میں ڈالنے کے لیے ایک بہت بڑا بھانبھڑ لگایا گیا تو وہ اس قدر بڑا ہو گیا کہ اس الاؤ کے قریب جانا مشکل ہو گیا اور کوئی شخص حضرت ابراہیمؑ کو اس میں دھکیلنے کے لیے تیار نہ تھا۔ اس وقت نمرود کو سوجھی اور اس نے رسے کا ایک جھولا درخت سے باندھا۔ جھولےکا رخ آگ کے الاؤ کی طرف کر دیا نمرود نے کہا، "حضرت ابراہیم ؑ کو جھولے پر بٹھا کر دھکا دو۔ جب جھولا الاؤ کے اوپر جائے گا تو رسہ جل جائے گا اور ابراہیمؑ الاؤ میں گر پڑیں گے۔
مولوی صاحب نے کہا۔ جو جھولا لگاتے ہیں وہ نمرود کے پیروکار ہیں۔ لوگوں اس بدعت میں مت پڑو۔
عمر ہنسنے لگا اور بولا۔ یہ خطبہ تو پرانا ہے۔ آج بسنت کے خلاف خطبے دئیے جارہے ہیں کہ بسنت منانا کفر کے مترادف ہے۔ یہ موسمی تہوار نہیں بلکہ ہندوانہ تہوار ہے۔ اسلام میں صرف مذہبی تہوار ہوتے ہیں۔

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : رضوانہ رائے

سکہ وہ جو رائج الوقت ہے

ان خطبوں میں اسلام کے متعلق کتنی ڈس انفارمیشن پھیلائی جاتی ہے” اعظمی نے کہا ” اسلام کو مسخ کر کے پیش کیا جاتا ہے”
اس دوران مسعود قریشی بھی آ گیا- مسعود نے آتے ہی شور مچا دیا، کہنے لگا” یار تم سب کتنے احمق ہو- جسے تم مسخ شدہ کہتے ہو یہی اسلام ہے- جسے تم ڈس انفارمیشن کہتے ہو وہی اسلام ہے-
” تیرا دماغ تو نہیں چل گیا؟” عمر غصے سے غرایا-
” میرا نہیں ” مسعود نے جواب دیا ” تمہارا دماغ چل گیا ہے- تم سمجھتے ہو کہ اسلام وہ ہے جو کتاب میں درج ہے یا وہ ہے جو پڑھے لکھے عقل مند با خبر لوگوں کے ذہنوں میں محفوظ ہے- نہیں میرے پیارو ! اسلام وہ ہے جو رائج الوقت ہے- اسلام وہ ہے جو مسجدوں میں خطبوں کے ذریعے پھیلایا گیا- پھیلایا جا رہا ہے”
اس پر سب احتجاجاً چیخنے لگے-
مسعود نے کہا” اچھا یہ بتاؤ پاکستان میں کل کتنی مسجدیں ہوں گی- ہر اڈے پر ہے- ہر شاہراہ پر ہے- شہروں میں ہر محلے میں ہے- مل ملا کے دس لاکھ تو ہوں گی”-
ہاں شاید!” عماد نے کہا-
” تو جان لو دوستو” مسعود بولا: ” کہ ہر جمعے کو ہر تہوار کے دن دس لاکھ مسجدوں میں ایسے خطبے دئیے جاتے ہیں- دیہات کے اسی فی صد لوگ تو ان خطبوں کو حرف آخر سمجھتے ہیں- شہر کے عام لوگ ان خطبوں کو ڈھل مل یقین سے سنتے ہیں – پڑھے لکھے با خبر لوگ ان خطبوں کو سنتے ہیں اور suffer کرتے ہیں، بولتے نہیں – پھر ریڈیو ٹی وی پر، اخباروں میں ایسے خطبے تقاریر اور مضامین کی صورت میں نشر ہوتے رہتے ہیں”-
اس روز مسعود کی بات نے میری آنکھیں کھول دیں- میں سمجھتا تھا کہ اسلام وہ ہے جو کتاب میں ہے- جو صاحبان غوروفکر کے ذہن میں ہے یا جس کا پرچار بزرگان دین، اولیاء کرام یا صوفیاء اکرام نے کیا ہے- میں نے زندگی میں پہلی بار اس حقیقت کو جانا کہ اسلام وہ ہے جو رائج الوقت ہے۔ جسے ملا نے رائج کیا ہے اور یہ پاکستان میں دس لاکھ نشر گاہوں پر قابض ہیں – وہ اسلام کے صرف ان پہلوؤں کو boost کرتے ہیں جن سے انکی ذات کو اہمیت ملے، ان کے توہمات کا پرچار ہو-

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : رضوانہ رائے

اجارہ دار

صاحبو ! یہ کوئی نئی بات نہیں۔ یہ سلسلہ تو روز اول سے چل رہا ہے۔ جب بھی کوئی نیا مزہب آیا تو ساتھ ہی اسکے اجارہ دار پیدا ہو گئے۔
عیسائیت آئی تو رہبانیت کا سلسلہ چل پڑا اور پادری اس قدر طاقتور ہو گئے کہ بادشاہوں سے ٹکر لینے سے بھی گریز نہ کیا-
بدھ ازم واحد مذہب تھا جس نے خدا کے بارے میں اقرار کیا تھا نہ انکار، جس نے کوئی فلاسفی نہیں دی تھی۔ صرف نروان کی بات کی تھی۔ peace without, peace within اجارہ داروں نے بدھ ازم میں بھی رہبانیت کی رسم چلا دی اور خود اتھارٹی بن بیٹھے۔ بدھ کے بھکشو برہمن بن بیٹھے۔
اسلام میں رہبانیت کا کوئی مقام نہیں ہے، اسلام نے مکمل طور پر مساوات دی ہے۔ لیکن اسلام میں اجارہ دار آ پہنچے۔ سیانے کہتے ہیں جہاں گڑ ہو گا، وہاں چیونٹے آ پہنچیں گے۔ اسلام جیسے سادہ اور صاف مذہب کو اجارہ داروں نے اپنے مفاد کے لیے، اپنی برتری قائم کرنے کے لیے ritual میں بدل دیا۔

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : رضوانہ رائے

بالشتے نو گزے

اسلام کی سادگی کی بات پر مجھے محمد فاضل یاد آگیا – محمد فاضل جہلم کے کسی گاؤں کا رہنے والا ایک ان پڑھ مسلمان تھا- قسمت آزمائی کے لئے وہ کسی نہ کسی طور یورپ میں جا پہنچا- پیرس میں کئی سال رہتا رہا- سارا دن ہوٹل میں برتن دھوتا- باورچی خانے میں جھاڑو دیتا- رات کو کسی فٹ پاتھ پر جا کر پڑ رہتا-
آٹھ دس سال کے بعد پتہ چلا کہ محمد فاضل پیرس کے سب سے پوش ہوٹل کا چیف شیف بن گیا ہے۔ شیف باورچی کو کہتے ہیں۔ ہوٹل میں تمام کھانا پکانے کی زمہ داری شیف پر ہوتی ہے- شیف کی تنخواہ ہوٹل کے چیف مینیجر کے برابر ہوتی ہے۔
میں فاضل کو جانتا تھا، یہ خبر سن کر کہ وہ پیرس کے ایک پوش ہوٹل کا شیف بن چکا ہے، مجھے یقین نہ آیا- یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ایک جہلمی ان پڑھ جوان چند سالوں میں اتنے اونچے مقام پر پہنچ جائے۔
میں نے اپنے فارن آفس کے دوست سے پوچھا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک ان پڑھ شخص بڑے ہوٹل کا شیف بن جائے-
میرا دوست ہنسا، کہنے لگا” مفتی! پاکستانی عجیب قوم ہے۔ یہاں سست الوجود ہوتے ہیں، جزباتی ہوتے ہیں، منافقت اور کرپشن میں لت پت ہوتے ہیں۔ مغربی ممالک میں پہنچ کر پتہ نہیں انہیں کیا ہو جاتا ہے۔ جن بن جاتے ہیں۔ ہمارے ایک رشتہِ دار گئے تھے۔ چار سال وہاں رک رک کے جئے اور اب دو ہوٹلوں کے مالک ہیں۔ سندھ کی ایک مٹیار کسی صاحب حیثیت کی میڈ کی حیثیت سے گئی تھی۔ اب ایک کروڑ پتی لارڈ کی بیگم ہے- اسکے لئے تازہ پان کراچی سے جاتے ہیں۔ کتھہ ہندوستان سے جاتا ہے، آم پاکستان سے جاتے ہیں، پاپڑ اور وڑیاں بھارت سے جاتی ہیں، محل میں رہتی ہے، چار نوکر ہیں۔ سفر کے لئے اپنا ہیلی کاپٹر ہے”۔
وہ ہنسنے لگا، بولا ” یہ پاکستانی قوم عجب مخلوق ہے۔ بیک وقت بالشتے بھی ہیں نو گزے بھی۔”

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : رضوانہ رائے

ہانڈی

کچھ دنوں کے بعد پتہ چلا کہ فاضل چھٹی پر گاؤں آیا ہوا ہے۔ میں اس سے ملنے کے لئے گاؤں چلا گیا- بڑے تپاک سے ملا- باتوں کے دوران میں نے پوچھا: "فاضل کیا واقعی تو ہوٹل میں شیف ہے؟”
وہ ہنسا اور بولا: ” ہاں شیف تھا- چار سال شیف کا کام کیا- اب میں نے ہوٹل خرید لیا ہے”-
میں نے پوچھا: ” یہ بتا کہ تو کون کون سے کھانے پکانا جانتا ہے؟”
بولا:”سب”—- انگریزی، فرانسیسی، جرمن، اطالوی، چینی، روسی، عربی۔۔۔۔۔ سب کھانے۔ ہر ملک کی ڈش پکانا جانتا ہوں”۔
میں نے کہا: ” یہ بتاؤ سب سے عمدہ ڈش کونسی ہے؟”
ایک منٹ کے لئے اس نے توقف کیا- سوچنے لگا- پھر بولا: ” سچی بات پوچھتے ہو تو دنیا کی کوئی ڈش ہماری ہانڈی روٹی کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔”
ہانڈی روٹی کا کیا مطلب ہے؟” میں نے پوچھا-
بولا” یہی ہانڈی روٹی جو ہم پکاتے ہیں۔”
حیرت سے میرا منہ کھلا کا کھلا رہ گیا-
کہنے لگا” مفتی جی ذرا سوچو وہ کتنا بڑا آدمی تھا جس نے ہانڈی رائج کی۔ آج صدیوں کے بعد یورپ والوں کو احساس ہوا ہے کہ ہمیں بیلنسڈ فوڈ کھانی چاہئیے۔ ہانڈی کے موجد نے صدیاں پہلے اس بات کو جان کر ہانڈی ایجاد کی تھی جو بیلنسڈ فوڈ کی بہترین شکل ہے۔ ہانڈی میں شوربہ ہوتا ہے، گوشت ہوتا ہے، سبزی ہوتی ہے، جرحے سائیڈل ہوتے ہیں، مرچ ہوتی ہے، ہلدی ہوتی ہے، ادرک ہوتی ہے، پیاز ہوتی ہے، ٹانکس ہوتی ہیں۔ ہمیں آج پتہ چلا ہے کہ لہسن دل کے لئے کتنی بڑی ٹانک ہے۔ ہانڈی کے موجد کو یہ راز صدیاں پہلے معلوم ہوگیا تھا- پھر مصالحے میں بڑی الائچی، چھوٹی الائچی، دار چینی، کالی مرچ۔ ابھی تک ہمیں علم نہیں کہ ان چیزوں کے خواص کیا ہیں، وہ ہمارے جسم کے لئے کس قدر مفید ہیں؟” وہ رک گیا
پھر بولا” بھائی جی ہانڈی صرف بیلنسڈ فوڈ ہی نہیں اس میں جو ذائقہ ہے، چٹخارہ ہے، اسکا جواب نہیں۔ مغرب والے تو پھیکی بے سواد ڈشیں کھاتے ہیں، انہیں کھانے کی تمیز نہیں۔”

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : نوشابہ جواد

مٹی اور لذت

پھر ایک اور بات ہے جس میں ہانڈی کا جواب نہیں” ۔ یہ کہہ کر وہ ہنسنے لگا۔ بولا ” جب میں شیف تھا تو ایک روز میں نے ہوٹل کے مالک سے کہا ، "صاحب جی ! باورچی خانے میں پکیرے کے لئے برتن چاہئیں۔ "
وہ حیران ہوا۔ بولا، ” باورچی خانے میں تو پکیرے کے لئے برتن سب نئے ہیں۔ ہر برتن کے چار چار سیٹ ہیں۔ کسی برتن کی کمی نہیں ہے۔”
ہاں کسی برتن کی کمی نہیں ہے۔” میں نے کہا۔
پھر تم کونسا برتن مانگتے ہو۔” اس نے پوچھا۔
میں نے کہا ،” صاحب جی ! جس میں پکائے ہوئے کھانوں میں لذت چار گنا بڑھ جائے گی۔”
اس نے میری بات سمجھی نہیں لیکن مان لی۔ کیونکہ یہ مغرب والے ہیں۔ یہ کھانے میں پیورٹی کو مانتے ہیں۔ نفاست کو مانتے ہیں۔ انہیں لذت کا شعور ہی نہیں۔ خیر جب میں نے اسے بتایا کہ” صاحب جی ! مجھے ایسے برتن چاہئیں جو مٹی کے بنے ہوں۔ تو اسکے ذہںن کا فیوز اڑ گیا۔
میں فاضل کی بات سن کر خود حیران ہوا۔ میں نے پوچھا” تو کیا تم نے وہاں مٹی کے برتن بنوائے؟”
،فاضل بولا ” بھائی ! جو لذت مٹی کے برتن کے پکیرے میں ہوتی ہے وہ کسی اور برتن میں نہیں ہوتی۔ مٹی کے برتن میں کھروڑے ڈال دو اور نیچے ہلکی آنچ جلا دو، ساری رات پکنے دو۔ صبح اس میں جو لذت پیدا ہو جاتی ہے اس کا جواب نہیں۔ پتا نہیں مٹی کنٹرولڈ ہیٹ پیدا کرتی ہے یا کیا؟ بس لذت ہی لذت ہو جاتی ہے۔ صرف گوشت ہی نہیں، ثابت ماش پکا لو، چنے پکا لو، اوجری پکا لو۔”
"مٹی کے برتنوں کی وجہ سے کیا فرق پڑا؟” میں نے پوچھا۔
بولا ،” میں نے لوگوں کو لذت کی لت ڈال دی۔ وہ وہ ہانڈیاں پکائیں کہ گوروں کے منہ میں رال چل پڑی۔ بس جی! میں نے وہاں ایک بات سیکھی ہے کہ کھانوں میں ہانڈی اور مذہبوں میں اسلام دونوں کا جواب نہیں۔”
"ارے !” میں حیرت سے چلایا۔ ” ہانڈی اور اسلام کا کیا جوڑ ہے؟”۔
وہ بولا : بھائی صاحب! ہانڈی بیلینسڈ فوڈ ہے اور اسلام بیلنسڈ مذہب ہے۔ اسلام میں ہانڈی کی سب خوبیاں موجود ہیں۔ دنیا بھی ہے، اللہ بھی ہے، اسکی مخلوق بھی ہے، مخدومی بھی ہے، محبت بھی ہے، جہاد بھی ہے، انتقام بھی ہے، رحم بھی ہے، معافی بھی ہے، سزا بھی ہے۔ کیا بیلینسڈ مذہب ہے بھائی جی! دنیا سے بھی تعلق قائم رہے۔ اللہ سے بھی تعلق قائم رہے۔
کماؤ کماؤ، دولت کے ڈھیر لگا دو، مگر پھر بانٹ کر کھاؤ۔
اپنے لئے بنگلہ بناؤ تو کسی غریب کے لئے ایک جھونپڑا بنا دو۔
اپنے لئے ریشمی سوٹ بناؤ تو کسی حاجت مند کے لئے کھدر کا جوڑا بنوا دو۔ اپنے بیٹے کی فیس دو تو کسی غریب طالب علم کی فیس بھی ادا کر دو۔
فاضل جذباتی ہوگیا۔ کہنے لگا "اسلام بھی کیا مذہب ہے۔ بے شک دولت کی ریل پیل ہو لیکن دولت ایک جگہ ڈھیر نہ ہو، چلتی پھرتی رہے۔ بانٹنا سیکھ لو تو سرمایہ دارانہ نظام قائم نہیں ہوتا۔”
فاضل سے مل کر میں واپس آرہا تھا تو میرے ذہن میں کھتر پتر ہو رہی تھی۔ فاضل کے ذہن میں اسلام کی تصویر کتنی سادہ تھی۔ لیکن ہمارے راہبروں نے خوامخواہ پیچیدگیاں پیدا کر رکھی ہیں۔
گھر پہنچا تو ڈاکٹر بیلا میرا انتظار کر رہا تھا۔ وہ مجھے دیکھتے ہی چلایا۔” کیوں کیا ہوا؟”
"کچھ بھی نہیں۔” میں نے جواب دیا۔
"جھوٹ” وہ بولا، ” تمہارے اندر تو کھچڑی پک رہی ہے۔ غدر مچا ہوا ہے اور تم کہتے ہو کچھ بھی نہیں۔”
میں نے کہا۔ "پیرس کے باورچی کی باتیں سن کر آرہا ہوں۔ کہتا ہے کہ دنیا میں دو چیزیں لاجواب ہیں۔ کھانوں میں ہانڈی اور مذہبوں میں اسلام۔”
” ارے ! "ہانڈی کا کیا مطلب؟”
میں نے کہا ” ہماری ہانڈی مٹی کی جس میں ہم آلو گوشت پکاتے ہیں، کدو گوشت پکاتے ہیں۔ "
"بات سمجھ میں نہیں آئی۔ ” بیلا نے کہا۔
میں نے تفصیل سے اسے بات بتائی۔
کہنے لگا۔ "یار ! جب ہم میڈیکل کالجوں میں تھے تو وہاں ایک پروفیسر تھا، ڈاکٹر جدون۔ وہ بھی ہانڈی کا بڑا قائل تھا۔ اس کے گھر میں کھانا مٹی کی ہانڈی میں پکتا تھا۔ اور وہ کچے گھڑے سے پانی پیتا تھا۔ کہتا تھا کہ مٹی کا گھڑا پانی کی سب impurities کو چوس لیتا ہے۔ عجب خیالات تھے اسکے۔ بڑا پڑھا لکھا تھا۔ یورپ اور امریکہ میں پندرہ سال گزار کے آیا تھا۔ ہم اسے جدون کے بجائے ڈاکٹر جنون کہا کرتے تھے۔ وہ عجیب باتیں بتایا کرتا تھا۔”
ڈاکٹر بیلا ہنسنے لگا۔ بولا ” ان دنوں ہم بھی اسے جنونی سمجھے تھے۔”
"کہتا کیا تھا؟” میں نے پوچھا۔
بولا ،” کہتا تھا کہ اگر اللہ پر سچے دل سے ایمان لے آؤ تو پچاس فیصد بیماریوں سے immune ہو جاتے ہو۔ مطلب ہے کہ پچاس فیصد بیماریوں سے محفوظ ہو جاتے ہو ”
اور کہتا تھا، "اگر اللہ سے تعلق پیدا کر لو تو تم میں اتنی resistance پیدا ہو جاتی ہے کہ بیماری حملہ کرے بھی تو تمہارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔”
"حیران کن بات ہے ” میں نے کہا۔
"جب حیران کن تھی، اب نہیں۔”
بیلا نے کہا کہ پروفیشن میں آنے کے بعد بڑے راز کھل جاتے ہیں۔” وہ ہنسنے لگا۔ پھر بولا،”پروفیسر جنون کبھی موڈ میں آتا تو کھل کے دل کی بات کیا کرتا تھا۔ کہتا تھا، ” بوائز ! ہم بڑے احمق ہیں جو اب تک سمجھتے ہیں کہ جسم بیماری جنریٹ کرتا ہے۔ یہ غلط ہے۔ جسم نہیں، ذہںن بیماری جنریٹ کرتا ہے۔ ہم صرف ظاہری اعضاء کو اہمیت دیتے ہیں۔ دل جگر، پھیپھڑے گردے ،
وہ اعضاء جو ذہنی خیالات اور جذبات سے reactivate ہوتے ہیں۔ وہ ڈھکے چھپے ہیں۔ مثلاً غدود ہیں، جھلیاں ہیں، نسیں ہیں۔ ان سے عجیب و غریب قسم کی رطوبتیں نکلتی ہیں جو ہمارے جسم پر اثر رکھتی ہیں۔
پروفیسر کہا کرتا تھا ” جدید سائنس سے اب یہ بات طے شدہ ہے کہ انسانی جذبات میں سب سے زیادہ اثر رکھنے والا بنیادی جذبہ خوف ہے۔ پھر خوف کے بچونگڑے ہیں۔ جس طرح شیطان کے شتونگڑے ہوتے ہیں۔
مثلاً کشمکش ہے، انگزائٹی، وہم، فکر، تذبذب ہے۔
یہ سب جذبات انسان کے معدے پر اثر رکھتے ہیں۔ تیزابیت پیدا کرتے ہیں۔ السر بناتے ہیں۔
اگر ایک اللہ پر یقین کامل ہو۔ اگر دل میں یہ یقین ہو کہ نہیں کوئی خوف اور نہیں کوئی قوت، ماسوائے اللہ کے، تو انسان ان irrational fears سے نجات پا جاتا ہے۔”
پروفیسر جدون کہا کرتا تھا کہ” اللہ ایک سرہانہ ہے۔ جس پر سر رکھ دو تو تم ان پریشانیوں اور ڈب جھلکوں سے آزاد ہو جاتے ہو۔ اور اسلام کیا ہے؟
اسلام انسان کو ان منفی خیالات سے محفوظ رکھتا ہے۔ شر سے بچاتا ہے
نفرت، غصہ، دشمنی، انتقام، حسد جیسے منفی خیالات سے محفوظ رکھتا ہے۔ منفی جذبات ہمارے جسم کے غدودوں سے زہریلی رطوبات خارج کرتے ہیں۔ اسکے برعکس محبت، خدمت، ہمدردی ایسے مثبت جذبات صحت مند رطوبات پیدا کرتے ہیں۔”
بیلا کی باتیں سن کر میں مزید سوچوں میں پڑ گیا۔ پتا نہیں ہمارے رہبر ہم میں خوف کا جذبہ کیوں پیدا کرتے ہیں۔ کیوں منفی باتوں پر زور دیتے رہتے ہیں۔
انہوں نے کبھی اس بے پایاں حسن کی بات نہیں کی جو دنیا میں ہمارے گرد چاروں طرف پھیلا ہوا ہے۔ اس خیر کے جذبے کی بات نہیں کرتے جو ہمارے دل میں جا گزیں ہے۔ اس رحمت، کرم اور نعمتوں کی بات نہیں کرتے۔ جو اللہ نے ہمیں عطا کر رکھی ہیں۔ اس شرف کی بات نہیں کرتے جو باری تعالٰی نے انسان کو عطا کر رکھا ہے۔
صاحبو ! قرآن کے متعلق صاحب نظر بزرگ کہتے ہیں۔ کہ وہ گلاب کے پھول کے مصداق ہیں۔
اوپر کی پتی اٹھاؤ تو نیچے سے ایک اور پتی نکل آتی ہے۔ نچلی پتی اٹھاو تو اس کے نیچے سے ایک اور پتی نکل آتی ہے۔ پتی کے نیچے پتی، پتی کے نیچے پتی، پتی کے نیچے پتی۔ ایسے ہی قرآن پاک میں مفہوم در مفہوم ہیں۔
جتنا غور کرو اتنا گہرا مفہوم۔
ہمارے رہبر صرف اوپر کے مفہوم کو آخری مفہوم سمجھتے ہیں۔ اور اسکا ڈنکا بجاتے رہتے ہیں۔
قرآن میں اللہ تعالیٰ بار بار فرماتے ہیں کہ ہماری کائنات کو دیکھو۔ سرسری طور پر نہیں، غور سے دیکھو۔ خالی دیکھو نہیں۔ فکر کرو، سمجھو۔ پھر دیکھو اور سوچو، پھر دیکھو اور سوچو۔
قرآن کو پڑھو۔ سرسری طور پر نہیں۔ غورو فکر سے پڑھو اور سمجھو۔ پھر پڑھو اور سمجھو۔ پھر وہ لمحہ آئے گا جب قرآن کے اشارات کے حوالے سے تم کائنات کے راز پا لو گے۔
ہمارے راہبروں میں کائنات پر غور و فکر کرنے اور کائنات کے راز پانے کی خواہش نہیں ہے۔ انہیں قرآن کو سمجھنے کی خواہش نہیں ہے۔ وہ تو صرف قرآن کی تلاوت کرنے کے خواہش مند ہیں۔ صرف اس لئے کہ ثواب کمائیں۔ بہشت کے حق دار ہو جائیں۔
دودھ کی نہریں بہہ رہی ہوں۔ پھلدار درختوں کی ٹہنیاں اشارے سے نیچے ہو جائیں۔ پھر خوبصورت حوریں۔
صاحبو ! قرآن ایک حیرت انگیز کتاب ہے۔ ایسی کتاب جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
آج دنیا بھر کی لائبریریاں کتابوں سے بھری ہوئی ہیں۔ علم کے ہر شعبے پر ہزاروں کتابیں موجود ہیں۔
مذہبی کتابیں، سائنس کی کتابیں، فنی کتابیں۔
ان لاکھوں کروڑوں کتابوں میں ایک کتاب بھی قرآن جیسی نہیں ہے۔ قرآن پاک کا رویہ انوکھا ہے۔ اسکے موضوعات انوکھے ہیں۔ اس کے اشارے انوکھے ہیں۔
ہم عام مسلمان سمجھتے ہیں کہ قرآن اسلامی کتاب ہے۔ قرآن میں باری تعالیٰ مسلمانوں سے مخاطب ہے۔ نہیں، ایسا نہیں ہے۔ یہ کتاب تو بنی نوع انسان سے مخاطب ہے۔
ایسے ہی محمد صلى الله وسلم کا کردار ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا کردار صرف مسلمانوں کے لئے ہی مثالی کردار نہیں بلکہ بنی نوع انسان کے لئے مثالی کردار ہے۔
ہم عام مسلمان سمجھتے ہیں کہ قرآن عام مذہبی کتاب ہے۔ یہ ہماری کوتاہ فہمی ہے۔
قرآن تو کائناتی کتاب ہے۔ اس میں کائنات کے رموز و اسرار پر اشارے ہیں۔
جو بیک وقت ظاہر بھی ہیں، مخفی بھی ہیں۔
قرآن کے اشارات کائناتی بھیدوں کا راستہ تلاش کرنے پر ہمیں اکساتے ہیں۔ راستہ دکھاتے ہیں۔
قرآن تاریخی کتاب ہے۔ اس میں وہ واقعات درج ہیں جو تاریخ ریکارڈ کرنے کے زمانے سے پہلے وقوع پذیر ہوئے تھے۔
قرآن اخلاقیات کی کتاب ہے جس میں انسانی برتاؤ ہیں۔ اخلاق کے اصول درج ہیں۔ قرآن صحتِ عامہ کی کتاب ہے، جس میں حفظانِ صحت کے اصول درج ہیں۔ اور ادویات کا تذکرہ ہے۔ ایسی ادویات جو ہمیشہ کے لئے شفا بخش ثابت ہوتی ہیں۔
برسبیلِ تذکرہ، صاحبو ! آج کے اخبار میں ایک حیران کن خبر درج ہے۔ پی آئی ایم ایس ہسپتال میں ایک جھلسی ہوئی مریضہ آئی۔ چولہا پھٹنے کی وجہ سے اسکا چہرہ جھلس کر مسخ ہو چکا تھا۔
جسم جھلس گیا تھا۔ ڈاکٹروں کی کوششیں بے کار ثابت ہوئیں۔ انہوں نے اسے لا علاج قرار دے دیا۔ شہر سے ایک خاتون آئی جو قرآنی ادویات کی قائل تھی۔ اس نے ڈاکٹروں سے کہا ،” آپ مریضہ کی زندگی سے مایوس ہو چکے ہیں۔ اب مجھے اجازت دیجیے کہ میں اس کا علاج کروں۔”
ڈاکٹروں نے اجازت دے دی۔ خاتون نے مریضہ کے جسم اور چہرے پر شہد کا لیپ کر دیا۔ تین دن وہ لیپ کرتی رہی۔ مریضہ میں حیرت انگیز تبدیلی واقع ہوئی۔ اور اب اسکا چہرہ اور جسم رو بہ صحت ہے۔
صاحبو ! قرآن کا جواب نہیں۔ جواب کیسے ہو۔ یہ اللہ کا کلام ہے۔ لا شریک اللہ کا، قادر مطلق اللہ کا۔
اللہ کا بھی جواب نہیں۔ اللہ بیک وقت محبوب بھی ہے۔ بہت بڑا محبوب۔
کہتا ہے۔ میری طرف دیکھو، میری بات کرو، میرا نام جپو، مجھ سے یارانہ لگاؤ، میرے عشق میں سرشار رہو۔
اللہ بہ یک وقت محبوب بھی ہے اور عاشق بھی ہے۔ وہ اپنی مخلوق سے پیار کرتا ہے۔ ہر ذی روح کا خیال رکھتا ہے۔
لاڈ لڈاتا ہے۔ کھلاتا ہے، پلاتا ہے۔ کسی کو تکلیف نہ ہو۔ رزق ملتا رہے۔ نعمتوں کی بارش ہوتی رہے۔
یہ عاشق اپنی مخلوق پر بکا ہوا ہے۔ در پردہ۔
صاحبو ! میں نئی نسل کا ایک نوجوان ہوں۔ مغربی لٹریچر پر پلا ہوں۔ مغرب زدہ ہوں۔ مغربی فیشن کا دلدادہ ہوں۔
پہناوے میں بھی، خیالات میں بھی۔ مزاج کا سیکولر ہوں۔
سیکولر ازم کے مفہوم کا پورے طور پر شعور نہیں ہے۔ صرف چالو معنے سمجھتا ہوں۔ وہ یہ کہ مذہب برائے نام چیز ہے۔ اہم نہیں۔ اسکے بغیر بھی گزارا ہو سکتا ہے۔
اللہ کو مانتا ہوں منہ زبانی۔ ہے۔ ہو گا۔
کیا فرق پڑتا ہے۔
محترم علمائے دین ! اللہ کے واسطے مجھے رد نہ کیجیے۔ مجھ پہ لاحول نہ پڑھیے۔ مجھے ملحد یا کافر نہ سمجھیے۔ مجھ سے نفرت نہ کیجیے۔
ذرا ٹھنڈے دل سے سوچیے۔ میں آپکی ہمدردی کا مستحق ہوں۔ آپ کی توجہ کا محتاج ہوں۔

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : عائشہ چوہدری

کھچڑا کلچر کا جھکڑ

عالی جاہ ! کیا آپ سمجھتے ہیں کہ یہ جو کوک، کلاشنکوف، پاپ اور ڈش انٹینا تہذیب کا جھکڑ چل رہا ہے، جس سے دنیا بھر کے نوجوان بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، یہ جھکڑ اہل مغرب کا چلایا ہوا ہے اور یہ جھکڑ اسلام کے خلاف ایک سازش ہے۔ آپ کا یہ خیال سراسر تعصب پہ مبنی ہے۔ اس جھکڑ کی وجہ سے تو تمام یورپی ممالک خود زچ ہوئے بیٹھے ہیں۔ سوچ رہے ہیں کہ کس طرح mass culture یعنی کھچڑا کلچر کی دھول سے خود کو بچائیں کیونکہ انکا اپنا کلچر اس دھول کی تہہ تلے دب کر رہ گیا ہے۔
عالی جاہ ! یقین کیجیے، آج کے نوجوان جو اس جھکڑ کی زد میں آئے ہوئے ہیں، خود مظلوم ہیں۔ بالکل ایسے جیسے برسات میں چیونٹوں کو پر لگ جاتے ہیں اور وہ شمع کے گرد چکر لگانے پہ مجبور ہو جاتے ہیں۔
ممکن ہے یہ جھکڑ خود قدرت نے چلایا ہو اور اس کا کچھ مقصد ہو۔
صاحبو ! قدرت بڑی چالاک ہے۔ سیدھی انگلی سے گھی نہ نکلے تو ٹیڑھی انگلی استعمال کرتی ہے۔ ایکشن سے کام نہ چلے تو ری ایکشن سے چلاتی ہے۔ ہمارے ایک مزاحیہ شاعر تھے، نذیر شیخ۔ ذات کے سائنسدان تھے لیکن کیا خوب مزاح لکھتے تھے کیوں کہ تھے صاحب نظر۔
انہوں نے اس جھکڑ پرایک نظم لکھی ہے۔ علامتی نظم ہے۔ آندھی کے عنوان سے لکھتے ہیں۔
کھڑکی کھڑکے سرکی سرکے پھڑکے روشندان
ناکہ بندی کرتے کرتے گھر سب ریگستان
ٹوٹے پھوٹے چھپر آئیں گھٹتے گھٹتے سانس
پیروں سے چمکادڑ چمٹے سر پر کھڑکیں بانس
جھاڑو جھاڑن موج منائیں ان کا اپنا راج
پیپا بیٹھا ڈھول بجائے کتھک ناچے چھاج
درہم برہم سب تصویریں طرفہ تر احوال
مرزا غالب الٹے لٹکیں سجدے میں اقبال
چھت پر ہم جو بستر ڈھونڈیں عقل ہماری دنگ
کھاٹ بچاری اڑن کھٹولا بستر دور پتنگ
لڑکا لڑکی قسما قسمی جیون جیون ساتھ
جھکڑ ایسا تھپڑ مارے دونوں چھوڑیں ہاتھ
دائیں موڑو بائیں جائے موٹر کھائے جھول
آندھی سیدھی راہ بتائے دنیا ڈانواں ڈول
منزل غائب رستہ اندھا کیسے مانے بات
تانگے والا چابک مارے گھوڑا مارے لات
بکھری بکھری داڑھی دیکھی اڑتی اڑتی مونچھ
جتنا دابیں پنکھ پکھیرو اتنی اچھلے پونچھ
ساڑھی کھینچے چولی جھپٹے دھوبی باندھے پوٹ
پنکھ لگا کر اڑتے جائیں لہنگا پیٹی کوٹ
اڑتی پھرتی جھاڑی پکڑے لوگوں کی شلوار
جب تک وہ شلوار چھڑائیں رخصت ہو دستار
دنیا ساری بھوت بنی ہے گورا کالا ایک
بنئے نے جب دھنیا تولا مرچ مسالہ ایک

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : عائشہ چوہدری

میرے راہبر بچانا نہیں جانتے

یقین جانئے ! ہم مغرب زدہ نوجوان اس جھکڑ کی زد میں آئے ہوئے ہیں۔ علمائے دین کا فرض ہے کہ ہمیں بچائیں۔ دقت یہ ہے کہ علمائے دین رد کرنا جانتے ہیں، موردالزام ٹھہرانا جانتے ہیں، تنقید کرنا جانتے ہیں، بچانا نہیں جانتے۔ ان میں مشنری سپرٹ نہیں ہے۔ مشنری سپرٹ وعظ کرنے، تقریریں جھاڑنے، سرزنش کرنے میں نہیں ہوتی بلکہ جذبۂ ہمدردی سے خدمت کرنے میں ہوتی ہے۔ مجھے اس جھکڑ سے بچانے کے لیے وہ کہیں گے، دیکھو یہ کافرانہ پہناوا چھوڑ دو، داڑھی رکھ لو اور باقاعدہ پانچ وقت نماز پڑھا کرو۔
ہمارے راہبر کتنے معصوم ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ نماز پڑھنے سے سب ٹھیک ہو جائے گا۔
ہم نماز کی عظمت کو مانتے ہیں۔ لیکن ہمارے راہبروں نے اسلام کو صرف نماز تک محدود کر رکھا ہے۔ حضور اعلیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی کا مطالعہ کریں، جو اسلام جیتے تھے تو پتہ چلتا ہے کہ اسلام میں نماز کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے، بہت کچھ۔
علمائے نفسیات کا کہنا ہے کہ راہبر اس لیے نماز کی طرف توجہ دلاتے ہیں کہ نماز مسجد کی طرف متوجہ کرتی ہے اور مسجد پہ مولوی صاحب حکمران ہے۔ مقصد انا کی تقویت ہے، اجارہ داری کا حصول ہے۔ علمائے نفسیات کی یہ بات وزن رکھتی ہے۔
آج کے نوجوان کو اگر جھکڑ سے نکالنا مقصود ہے تو پہلے دل میں اسکے لیے ہمدردیاں پیدا کرو۔

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : عائشہ چوہدری

مان کرنا

اسکے دل میں اسلام کی عظمت کا شعور پیدا کرو۔
اسلام پر مان کرنا سکھاؤ۔ اسے بتاؤ کہ اسلام نے کتنی صدیاں آدھی دنیا پر حکومت کی۔ مغربی اقوام کو پڑھنا لکھنا سکھایا، انہیں سائنسی تحقیق کا رستہ دکھایا۔ علم کی عظمت کا سبق پڑھایا۔ حکومت کرنے کا انداز سکھایا۔ عدل و انصاف کا شعور پیدا کیا۔
آج کا نوجوان بے خبر ہے وہ تو دیکھ رہا ہے کہ مسلمان ان پڑھ ہیں۔ علوم سے عاری، زبوں حال، چاروں طرف سے پٹ رہے ہیں۔ افراق تفریق کے شکار ہیں۔ مذہبی جنون میں لت پت، منافق کرپٹ۔ اس لیے وہ اسلام سے مایوس ہے شرمندہ ہے۔ مسلمان ہونے پر معذرت خواہ ہے۔
کیوں نہ معذرت خواہ ہو ! اسلیے کہ وہ راندۂ درگاہ ہے۔ جن کا فرض تھا کہ اسے راستہ دکھائیں اسے اپنائیں، عزت دیں وہ خود برہمن بنے ہوئے ہیں اور عام مسلمانوں کو ہریجن سمجھتے ہیں۔ وہ خود کو مومن سمجھتے ہیں اور کلمہ گو مسلمان کو اسلام پسند۔ مسلمان نہیں اسلام پسند۔ ہمارے راہبر vanity of learning اور vanity of piety کے دو آتشہ تفاخر میں خدا بنے بیٹھے ہیں۔
صاحبو ! آج کے نوجوان کے اندر کے مسلمان کو جگاؤ۔ اسے بتاؤ کہ اسلام صرف ایک مذہب ہی نہیں، ritual ہی نہیں اور ورثہ ہی نہیں ہے۔ اسلام تو ایک عظیم انقلاب کا نام ہے۔ ذہنی انقلاب، کرداری انقلاب۔ اسلام ایک تہذیب کا نام ہے جس نے انسان کو ایسا شرف بخشا جو پہلے کسی مذہب نے نہ بخشا تھا۔ جس نے عوام کو وہ حقوق عطا کیے جو آج تک کسی تہذیب نے عطا نہیں کیے۔
اسلام کے تحت ایسے عظیم کردار پیدا ہوئے جن کی مثال نہیں ملتی۔

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : عائشہ چوہدری

اسلامی مساوات

میرے پیارے نوجوان دوستو ! مجھے اجازت دو کہ میں تاریخِ عالم سے ایک دو مثالیں پیش کروں۔
ایک مسلمان بادشاہ تھا جو دنیا پہ حکومت کرتا تھا، اپنے غلام کے ساتھ سفر پر جاتا ہے۔ سواری صرف ایک ہے۔ بادشاہ اور غلام باری باری اونٹ پر بیٹھتے ہیں۔ بادشاہ اونٹ پر بیٹھتا ہے تو غلام اونٹ کی نکیل پکڑ کر پیدل چلتا ہے، پھر غلام کی باری آتی ہے تو غلام اونٹ پر بیٹھتا ہے اور بادشاہ اونٹ کی نکیل پکڑ کر پیدل چلتا ہے۔
بولو میرے پیارے نوجوانو ! کیا تاریخ عالم میں ایسی مساوات کی کوئی مثال ملتی ہے۔ یہ مساوات اسلام کا عطیہ ہے۔
تاریخ ایک اور مسلمان بادشاہ کا قصہ سناتی ہے۔
یہ بادشاہ ذاتی اخراجات کے لیے سرکاری خزانے سے پیسے لینا گناہ سمجھتا تھا۔ وہ انتظامی امور سے فارغ ہو کر قرآن حکیم کی آیات کی کتابت کرتا تھا اور پھر اسے کسی ناشر کے ہاتھ بیچ کر جو رقم حاصل ہوتی، اس سے اپنے اور متعلقین کے لیے روٹی خرید کر کھاتا تھا۔
بولو میرے پیارو !
کیا کسی ملک میں کسی تہذیب نے دیانت کی ایسی مثال پیش کی ہے؟ کیا یہ ہمارے لیے فخر کی بات نہیں کہ ہم اس مذہب کے پیروکار ہیں جس نے ایسے عظیم کردار تخلیق کیے۔

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : احتشام الحق

گجری

اس بات پر مجھے گجری یاد آ گئی۔
یہ قیام پاکستان سے بہت پہلے کی بات ہے۔
ان دنوں ہم پر انگریزوں کا راج تھا۔
گجری ہماری بھنگن تھی، لیکن مجھے علم نہ تھا کہ گجری عیسائی ہے۔ ایک روز میں نے گجری سے پوچھا، گجری تیری ذات کیا ہے؟ یہ سن کر گجری نے ٹوکری نیچے رکھ دی۔ جھاڑو پرے پھینک دیا۔ پھر وہ تن کر کھڑی ہو گئی۔ گردن کو ایک باوقار خم دیا اور بولی، میری جات وہ ہے جو بادشاہ کی ہے۔ صاحبو! میرا بھی جی چاہتا ہے کہ میں اپنی ٹوکری نیچے رکھ دوں، جھاڑو دور پھینک دوں، پھر تن کر کھڑا ہو جاؤں اور فخر سے کہوں، لوگو! میری جات وہ ہے جو دو جہانوں کے بادشاہ کی ہے۔ یہ خیر جملہ معترضہ تھا۔
اسلام نے ایسے ایسے عظیم کردار پیدا کئے ہیں جن کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ مثلاً آج کے مغرب زدہ نوجوانوں کو اس مسلمان بادشاہ کا قصہ سناؤ جس نے اپنے محل میں زنجیر عدل لگا رکھی تھی۔ بادشاہ نے اعلان کر رکھا تھا کہ میری رعایا کے کسی فرد پر ظلم ہو تو وہ آ کر زنجیر عدل کھینچے۔ فریادی زنجیر کھینچتا تو گھنٹیاں بجنے لگتیں اور بادشاہ بہ نفس نفیس آ کر جھروکے میں ایستادہ ہو جاتا اور پوچھتا بول فریادی تم پر کس نے ظلم کیا۔

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : احتشام الحق

میں مجرم ہوں

پھر اسے وہ تاریخی قصہ سناؤ جسے سن کر مسلمانوں کی عظمت کا احساس دلوں کو دہلا دیتا ہے۔
مسلمان سپاہ نے افریقہ کے ایک شہر کا محاصرہ کر لیا۔ شہر کے مقتدر لوگوں نے دیکھا کہ اتنی بڑی سپاہ کا مقابلہ کرنا ان کے بس کی بات نہیں۔ لہٰذا ہار مان لی اور صلح کی درخواست کر دی۔ مسلمان کماندار نے اپنی فوج کو حکم دیا کہ شہر میں داخل ہو جائیں۔ شر کے کسی فرد پر زیادتی نہ کی جائے۔ املاک کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔ کماندار نے کہا، سپاہیو ! اب تم شہر کے فاتح ہو اور فاتح کا کام لوٹ مار کرنا نہیں بلکہ مفتوح کی حفاظت کرنا ہے۔
اگلے روز شہر کے مقتدر لوگ کماندار کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ کہنے لگے، آپ نے ہماری حفاظت کا ذمہ لیا تھا لیکن حفاظت کے بدلے ہماری تذلیل کی گئی ہے۔ شہر کے بڑے چوک میں ہمارے ایک محبوب لیڈر کا مجسمہ نصب ہے، رات کے اندھیرے میں کسی تخریب کار نے مجسمے کی ناک کاٹ دی ہے۔ یہ کام کوئی شہری تو نہیں کر سکتا۔ لہٰذا آپ کے کسی سپاہی نے کیا ہے۔ مجرم کو کڑی سزا دی جائے۔
مسلم کماندار نے اپنے سپاہ کو حکم دیا کہ شہر کے بڑے چوک میں جمع ہو جائیں۔
کماندار نے ایک تقریر کی۔ کہنے لگا، ہم نے شہر کی حفاظت کا ذمہ لیا تھا۔ اہالیان شہر ہم سے عدل و انصاف مانگ رہے ہیں۔ اسلام کی عزت کا سوال ہے۔ لہٰذا میں تمہیں حکم دیتا ہوں کہ جس نے بھی یہ کام کیا ہے، وہ اٹھ کر کھڑا ہو جائے اور اقبال جرم کر لے۔
کماندار نے تین بار اس اعلان کو دہرایا لیکن کسی سپاہی نے اٹھ کر اقبال جرم نہ کیا۔
اس پر کماندار نے معززین شہر سے کہا کہ ان کے حالات میں ہم سے ہرجانہ وصول کر لیں۔ جو مطالبہ آپ کریں گے، ہم اسے پورا کریں گے۔ لیکن شہر کے بڑے اس بات پر مصر تھے کہ سر کے بدلے سر، آنکھ کے بدلے آنکھ اور ناک کے بدلے ناک۔
کماندار نے انہیں بہت سمجھایا لیکن وہ نہ مانے۔
بالآخر کماندار نے کہا، چونکہ آپ کی حفاظت کی ذمّہ داری مجھ پر عائد ہوتی ہے، لہذا میں اپنی ناک پیش کرتا ہوں۔
کماندار کا فیصلہ سن کر مسلمان سپاہیوں میں احتجاجی شور مچ گیا۔ پھر ایک سپاہی اٹھ کھڑا ہوا۔ بولا، عالی جاہ ! مجھے پہلے ہی اقبال جرم کر لینا چاہیے تھا لیکن ڈر کے مارے چپ رہا۔ اب میں اقبال جرم کرتا ہوں۔ لہٰذا میری ناک کاٹ لی جائے۔
ابھی وہ کچھ اور کہنا چاہتا تھا کہ دوسرا سپاہی اٹھ کھڑا ہوا۔ بولا، جناب ! یہ جھوٹ بول رہا ہے۔ دراصل مجرم میں ہوں۔ میں نے مجسمے کی ناک توڑی ہے۔ تیسرا سپاہی اٹھ کر کھڑا ہو گیا۔ کہنے لگا، عالی جاہ ! یہ دونوں جھوٹ بول رہے ہیں۔ اہالیان شہر نے مسلمان سپاہیوں کا جذبہ، ایثار دیکھا تو وہ اس قدر متاثر ہوئے کہ انھوں نے مطالبہ چھوڑ دیا۔
یہ تھی عظمت ہمارے اسلاف کی۔ صرف امن میں ہی نہیں، جنگ میں بھی غیر مسلموں کے لیے ان میں اتنی رواداری تھی۔ یہ تھی ایثار، رواداری اور انصاف کی تلوار جس کے زور پر اسلام پھیلا!

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : احتشام الحق

فتح مکہ

پھر مغرب زدہ نوجوانوں کو جو اہل مغرب کے اس الزام کو درست سمجھتے ہیں کہ مسلمان ایک متعصب اور تشدد پسند مذہب ہے، فتح مکہ کا قصہ سناؤ کہ
جنگ کے بغیر ہی مسلمانوں نے مکے کو فتح کر لیا۔ اہل مکہ نے ہتھیار ڈال دیے۔
مکہ وہ شہر تھا جہاں کے کفار نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ بدسلوکی کی انتہا کردی تھی۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی گھر سے باہر نکلنا محال کر دیا تھا۔ باہر نکلتے تو ان پر آوازیں کسے جاتے، نامناسب نعرے لگائے جاتے، ان پر پتھروں کی بوچھاڑ کی جاتی، ان کے قتل کے منصوبے بنائے جاتے۔ کفار مکہ کا برتاؤ اس قدر متشدد ہو گیا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ ہجرت پر مجبور ہو گئے۔ کفار مکہ نے ان کا پیچھا کیا۔
آج وہی ( حضرت) محمد ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) مکے کے فاتح کی حیثیت سے شہر میں داخل ہوئے تھے۔ کفار مکہ کو یقین تھا کہ انہیں قتل کر دیا جائے گا۔ یہی جنگ کا دستور تھا۔
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قردار کی عظمت ملا حظہ ہو کہ اعلان کر دیا کہ:

  1. کسی عورت یا بچے پر ہاتھ نہ اٹھایا جائے
  2. جو شخص زخمی ہو، معذور ہو یا بیمار ہو، اسے گزند نہ پہنچایا جائے۔
  3. جو بھاگ رہا ہو، اس کا پیچھا نہ کیا جائے۔
  4. جو اپنے گھر میں خود کو بند کر لے، اسے قتل نہ کیا جائے۔
  5. کسی قیدی کو قتل نہ کیا جائے۔
  6. جو شخص ہتھیار پھینک دے، اسے امان دی جائے۔
  7. جو شخص خانہ کعبہ میں داخل ہو جائے، اس پر ہاتھ نہ اٹھایا جائے۔
  8. جو شخص ابوسفیان یا حکیم ابن حزام کے گھر میں پناہ لے لے، اسے امان دی جائے۔
    یہ دونوں شخص اسلام کے بدترین دشمن تھے۔
    تبلیغ اسلام کا مؤثر ترین طریقہ یہ ہے کہ ہمارے نوجوانوں کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کردار کا درس دیجئے۔ انھیں بتائیے کہ غیر مسلم حتیٰ کے اسلام کے دشمن بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کردار کی عظمت کے معترف ہیں۔
    نوجوانوں کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کردار پر مان کرنا سیکھائیے۔ جان لیجئے صاحب کہ جس کے دل میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کردار پر مان پیدا ہو گیا، وہ اسلام کے راستے پر گامزن ہو گیا۔
    ہمارے نوجوانوں کو بتائیے کہ قرآن مذہبی کتاب نہیں۔ قرآن صرف مسلمانوں سے مخاطب نہیں۔ وہ تو بنی نوع انسان سے مخاطب ہے۔

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : سحرش حنیف

انقلابی کتاب

صاحبو! قرآن ایک انقلابی کتاب ہے۔
جب بھی انقلابی تھی جب چودہ سو سال پہلے نازل ہوئی تھی۔ چودہ سو سال گزر جانے کے بعد آج بھی انقلابی ہے قرآن نے انقلاب کا ایک طوفان برپا کر دیا۔ تخریبی نہیں، تعمیری طوفان۔ ذہنوں میں۔ سوچوں کا طوفان، دلوں میں جذبات کا طوفان۔
جب قرآن نازل ہوا تو اہلِ یورپ
ابھی رہنا سیکھ رہے تھے۔ انہوں نے ابھی سوچ سمجھ کر دنیا میں قدم نہیں رکھا تھا۔
یورپی ممالک میں سے ایک ملک تھا، یونان جہاں غور و فکر کے چشمے پھوٹے تھے۔ وہاں بڑے بڑے صاحب فکر پیدا ہوئے تھے۔ ارسطو تھا، افلاطون تھا، بطلیموس تھا۔
لیکن یونان کے مفکر سب فلسفی تھے۔ سوچوں کے شیدائی تھے، خواب دیکھنے کے متوالے۔ اپنے اپنے خوابوں میں مگن، اپنے اپنے نظریات کے دیوانے۔ ان کے نظریات کے اثرات دور دور تک پھیلے ہوئے تھے۔
قرآن نے آ کر کہا، بس میاں بس ! بہت خواب دیکھ لیے۔ نظریات کے جُھن جُھنے بہت جُھنجُھنا لیے۔ سوچوں کی آوارگی چھوڑو۔ اب خواب مت دیکھو، آنکھیں کھولو، حقائق کو دیکھو۔ ہم نے تمہارے چاروں طرف حقائق کی بھیڑ لگا رکھی ہے کہ تم دیکھو، سوچو، سمجھو۔ لیکن ایک بات کا خیال رکھنا، بھولنا نہیں کہ ہر چیز پر ہماری مہر لگی ہوئی ہے۔ ہر سبز پتے کے پیچھے ہم چھپے بیٹھے ہیں۔ ہر ذرے میں ہمارا پر تو ہے۔ ہر قطرے میں ہماری حکمت ہے۔ ہمارے حوالے کے بغیر نہ دیکھنا۔ ہمارے حوالے سے دیکھو گے تو راستہ ملتا جائے گا۔ منزل پر پہنچو گے۔ ہمارے حوالے سے نہیں دیکھو گے تو بھٹک جاؤ گے، راستہ نہیں ملے گا۔ کبھی پہنچو گے نہیں۔
قرآن نے بند آنکھیں کھولنے کی دعوت دی۔ دیکھنے کی دعوت دی۔ سوچوں کو آوارگی سے نکال کر ایک سمت بخشی، ایک مقصد عطا کیا۔ جمود سے نکالا، حرکت عطا کی۔
قرآن نے انسانی ذہن پر ایسا اثر کیا جیسے نمک کی چُٹکی سوڈے
کی بوتل پر کرتی ہے۔ بلبلے ہی بلبلے، حرکت ہی حرکت بامقصد حرکت۔ قرآن نے دو نئے تخیل دے کر انسانی جذبات میں تہلکہ مچا دیا۔ ایک واحدانیت، دوسرے مساوات۔
صاحبو ! قرآن کی آمد انسانی ذہن کے لئے ایک دھماکا تھا۔ ایسا ہی دھماکہ جیسا کائنات کی پیدائش پر ہوا تھا اور اس کے اثرات آج تک جاری و ساری ہیں ہیں۔ اس دھماکے کا احوال عظیم مفکروں نے بیان کیا ہے۔ یہ دھماکا انسانی ذہن میں وقوع پذیر ہوا۔
قرآن نے یوں ابتداء کی کہ اے محمد، پڑھ! ہمارے نام پر پڑھ۔ ہم جو کرم نواز ہیں، رحمت کرنے والے ہیں۔ ہم نے انسان کو قلم عطا کیا اور کہا کہ اسے استعمال کرنا سیکھ اور ہم نے انسان کو علم عطا کیا۔ قرآن نے انسان کو فکر کرنے کی دعوت دی۔ سوچ، مظاہر فطرت پر غور کر۔ آسمان اور زمین میں کیسے تخلیق کیے گئے؟ موسم کیوں بدلتے ہیں؟ رات اور دن کا چکر کیا ہے؟
سوچ بدل کیا ہیں؟ ہوائیں کیسے چلتی ہیں؟ سورج چاند اور ستارے کیوں حرکت میں ہیں؟
قرآن کہتا ہے سوچ، فکر کر کہ پیدائش کیا ہے؟ موت کیا ہے؟ بوٹے سر سبز ہو جاتے ہیں، سوکھ جاتے ہیں، کیوں؟ سوچ کہ بھور سمے کیا ہے؟ سورج غروب کیوں ہوتا ہے؟ پہاڑ کیوں کھڑے ہیں؟ ندیاں کیوں چلتی ہیں؟ سمندروں پر کشتیاں کیسے چلتی ہیں؟ آسمان پر تارے کیوں ٹمٹماتے ہیں؟ سوچ کے روح کی لطافتیں جسم کی لذتوں سے کیوں افضل ہیں؟
قرآن نے کہا علم تین قسم کا ہے۔ ایک وہ جس کا مشاہدہ کیا ہو، جو دوسروں پر بیتا ہو۔ دوسرا وہ جو خود پر بیتا ہو
اور تیسرا وہ جو تجربے سے سمجھا ہو۔
قرآن کی انقلابی تعلیم کے متعلق Dutsch کہتا ہے: ” قرآن وہ انقلابی کتاب ہے جس کے زور پر مسلمانوں نے یورپ میں آ کر علم کے دیئے سے اس علاقے کو منور کر دیا۔ انھوں نے اہلِ مغرب کو سائنسی تحقیق سے آشنا کیا اور یُوں جدید علوم کی بنیاد رکھ دی۔”
عقل اور علم کے بارے میں حضورِ اعلیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ "پہلی چیز جو تخلیق کی گئی، عقل تھی اور باری تعالیٰ نے عقل سے بہتر کوئی چیز تخلیق نہیں کی۔”
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، ” جو شخص علم کی تلاش میں گھر سے نکلتا ہے، در حقیقت وہ اللہ کے راستے پر گامزن ہے۔”
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، "علم حاصل کرو۔ پھر تمھیں صحیح اور غلط راستے کی تمیز ہو جاۓ گی۔ علم بہشت کے راستے کی روشنی ہے۔ علم خوشی اور سُکھ کا راستہ بتاتا ہے اور مشکل میں صبر کی توفیق عطا کرتا ہے۔ علم صحرا میں ہمارا مونس و غمخوار بن جاتا ہے۔ علم دوستی میں ایک زیور ہے اور دشمنی میں حفاظتی زرہ بکتر۔ علم تنہائی میں ساتھی ہے۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، "وہ شخص جو علم کا ذکر کرتا ہے، وہ دراصل اللہ کی حمد و ثنا کرتا ہے۔ جو علم حاصل کرنے کی کوشش میں لگا رہتا ہے، وہ اللہ سے محبت کرتا ہے۔ جو اس کی تبلیغ کرتا ہے، وہ گویا خیرات کرتا ہے اور جو دوسروں کو علم سکھاتا ہے، اللہ کی عبادت کرتا ہے۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، عالموں کی باتیں سُننا اور انکی صحبت میں وقت گزارنا عبادت سے بہتر ہے۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، جو عالموں کی قدر کرتا ہے، وہ دراصل میری عزت کرتا ہے۔
عالم کی دوات کی روشنائی مجاہد کے خون سے زیادہ متبرک ہے۔ قرآن نے عقل، علم اور تحقیق کو اہمیت دے کر ایک عظیم ذہنی انقلاب برپا کر دیا ہے۔
میرے پیارے محترم علماۓ دین ! اس خوش فہمی میں نہ رہیے کہ قرآن کا علم سے مطلب علمِ دین ہے۔ نہیں میرے محترم ! یہ بات نہیں۔ دین علم نہیں ہوتا بلکہ عمل ہوتا ہے۔ علم سے قرآن کا مطلب فزیکل علوم ہیں۔
اس سے پہلے کسی مذہب نے عقل و خرد، زندگی اور کائنات کو اہمیت نہ دی تھی۔ تمام مذاہب کی بنیاد توہمات اور مفروضوں پر قائم تھی۔ یہ خیال عام تھا کہ مذہب اور عقل دو متضاد رویے ہیں۔ تمام مذاہب اس زندگی اور کائنات کو سراب سمجھتے تھے اور آنے والی زندگی کو حقیقی۔

باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے

ٹرانسکرپشن : اقصیٰ حنیف

فادر آف ماڈرن سائنس

قرآن نے جو ذہنی انقلاب برپا کیا، اس کے نتیجے میں عقل و خرد اور تحقیق کو بڑا فروغ حاصل ہوا۔ بیسیوں عرب مفکر پیدا ہو گئے اور کائناتی علوم پر تحقیق کا سلسلہ چل پڑا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ سینکڑوں مسلمان سائنس دان میدان عمل میں آ گئے۔ انھوں نے سائنسی تحقیق کا بنیادی رویہ قائم کیا۔ تمام علوم کے بنیادی حقائق پر تحقیق کر کے اصول قائم کیے۔
آج کے سائنس دان، محقق اور مؤرخ اس حقیقت کا اعتراف کرتے ہیں کہ عرب محقیقین نے ماڈرن سائنسی علوم کی بنیاد ڈالی۔ مثلاً فلپ کے ہٹی لکھتا ہے کہ ” عربوں نے علم ریاضی میں صفر کو ترقی دے کر اس مقام پر پہنچایا کہ آج کے ریاضی دان اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ علم طب کو سائنسی بنیادوں پر قائم کیا اور علم طب کے حصول کے لیے درس گاہیں قائم کیں۔ بغداد میں 860 سند یافتہ ڈاکٹر کام کر رہے تھے "۔
ڈریپر لکھتا ہے : ” عربوں نے وہ سب کچھ ایجاد کیا جس کو ہم اپنی ایجاد سمجھتے ہیں۔ مثلاً رصدگاہیں بنائیں، اصطرلاب بنایا، ستاروں کے نقشے بنائے، جبر و مقابلہ اور جیومیٹری کے اصول بنائے۔ علم کیمیا کے اصول بنائے، پلی اور لیور بنائے، سورج اور چاند گرہن کے اوقات متعین کیے "۔
پنڈت نہرو اپنی کتاب Glimpses of World History میں لکھتے ہیں کہ عربوں سے پہلے ہندوستان، چین، مصر، کسی جگہ کوئی سائنٹیفک علم نہیں تھا۔ عربوں نے سائنٹیفک علم کی بنیاد ڈالی اور وہ فادر آف ماڈرن سائنس کہلانے کے مستحق ہیں۔

Back to top button