یونیکوڈ کتابیں

تلاش

باب 9 — کریش سولائزیشن

تلاش — ممتاز مفتی، کتاب کا سرورق

باب 9 : کریش سولائزیشن

ٹرانسکرپشن : فرحین فرحان

کتا۔۔۔۔۔ باہر کا، اندر کا

صاحبو! کیا آپ کو پتا ہےاس وقت ہم ایک کریش (Crash) تہذیب کے طیارے میں سوارہیں۔ اس طیارے میں صرف ایکسلیریٹر ہے، بریک (Brake) نہیں ہے۔ لینڈنگ کے پہیے جام ہو چکے ہیں۔
کتا۔۔۔۔۔۔ باہرکا، اندر کا
سبھی جانتے ہیں کہ حادثہ ہونے والا ہے۔ ابھی ابھی ہونے والا ہے۔ لیکن کوئی مانتا نہیں۔ کیسے مانے؟ مغربی تہذیب کے زیراثرشدت کا جنون بڑھتا جارہا ہے۔ حرکت کے رقص کی لے چڑھتی جا رہی ہے۔ آزادی کے جنون نے سب کچھ دھندلا دیا ہے۔ مغرب میں آج آزادی کا دوردورہ ہے۔ سیاسی آزادی، مذہبی آزادی، جنسی آزادی، آزادی کا ایک طوفان چل رہا ہے۔ آزادی کا یہ جنون اس قدر دھول اڑا رہا ہے کہ لوگوں کے دلوں میں بندشوں کی قدر پیدا ہوگئی ہے۔
ویسے تو مفکروں نے بہت پہلے بندشوں کی اہمیت کی بات کی تھی۔ ایک نے کہا تھا "جانتے ہو آزادی کیا ہے؟ تمھارے کتے کے گلے کی زنجیر تمھاری آزادی ہے”
لیکن بات ایسے انداز میں کہی تھی کہ ہمارے دل میں نہ بیٹھ سکی۔ ہم سمجھے کہ آزادی کے راستے کی رکاوٹ پڑوسی کا کتا ہے۔ آزادی کا دشمن باہر ہے۔ ہم نے اپنے اندر کے کتے کی طرف توجہ نہ دی جس کے گلے کی زنجیر باہر کے کتے کےگلے کی زنجیر سے زیادہ اہم ہے۔ ہمارے مفکروں نے یہ تو کہہ دیا کہ انسان مجلسی جانور ہے لیکن انھوں نے بات کی وضاحت نہیں کی۔ اگر انسان اپنی فطرت میں مجلسی ہے تو ظاہر ہے کہ وہ میل جول کا محتاج ہے، تعلقات کا محتاج ہے، رشتوں کا محتاج ہے اور ” کسے رابا کسے کارے نہ باشد کے بہشت ” کا مفروضہ غلط ہے کہ انسان کے لیے بندھن اتنے ہی ضروری ہیں جتنی آزادی۔

باب 9 : کریش سولائزیشن

ٹرانسکرپشن : فرحین فرحان

فیملی

مغربی تہذیب، جو آج کل کریش تہذیب بنی ہوئی ہے، بنیادی طور پر بہت خوبیاں تھیں۔ طلب علم تھی، سائنسی تہذیب کا شوق تھا۔ یہ دونوں اوصاف انہوں نے مسلمانوں سے سیکھے تھے۔ اہل مغرب میں سادگی تھی، خلوص تھا، سچائی تھی۔ پھر پتا نہیں کیا ہوا، وہ حرکت کی زد میں آگئے۔ ایک بگولے نے انہیں چاروں طرف سے گھیرل یا۔Who Cares کا میری گو راؤنڈ (Merry Go Round) چل پڑا۔ بے محابا آزادی کا جنون پیدا ہوا۔ انہوں نے رفتار اور شدت کو اپنا لیا۔ بندھنوں کی عظمت کو نظر انداز کر دیا اور کرپشن کو اس تہذیب کا مقصد بنا دیا۔
اب سمجھدار لوگ کھڑے دیکھ رہے ہیں کہ کب گئی؟ اب گئی کہ اب گئی۔ خوف زدہ ہیں۔ لیکن کوئی اسے کرپشن سے نہیں بچا سکتا۔ اس بے محابا آزادی نے ہیومن سوسائٹی کے بنیادی سیل (Cell) فیملی کو توڑ دیا۔
صاحبو ! شادی صرف جنسی تعلق ہی نہیں، عام لوگ میاں بیوی کے تعلق کو Love Relationship سمجھتے ہیں۔ یہ ایک بہت بڑی خوش فہمی ہے۔ دارصل شادی ایک درسگاہ ہے جہاں افراد ایک دوسرے کے ساتھی بن کر جینا سیکھتے ہیں۔ ایک دوسرے کی کمزوریوں، پسندیدگیوں، ایک دوسرے کے وہموں یعنی irrational attitude کو برداشت کرنا سیکھتے ہیں۔ ایک دوسرے کی طبیعتوں میں ڈھل جانا سیکھتے ہیں۔ اختلاف رائے کو برداشت کرنا سیکھتے ہیں۔ روداری سیکھتے ہیں۔ ایک دوسرے کو خوش رکھنا سیکھتے ہیں اور پھر جب بچے ہو جاتے ہیں تو ان کے لیے ایثار اور قربانی پیدا کرنا سیکھتے ہیں۔ اپنی شخصیت کے نوکیلے چبھتے کونوں کو گول کرنا سیکھتے ہیں۔

باب 9 : کریش سولائزیشن

ٹرانسکرپشن : فرحین فرحان

پروفیسر احمد رفیق اختر

اس بات پر مجھے پروفیسر احمد رفیق اختر یاد آگئے جنکا مقصد حیات ہی ہارمنی پیدا کرنا اور نوکیلے کونے گول کرنا ہے۔ گذشتہ چند ایک برس میں مجھے چند ایک بزرگوں سے ملنے کا اتفاق ہوا ہے۔ پروفیسر احمد رفیق طارق سے میں بہت متاثر ہوا ہوں۔ وہ عام انسان کی طرح جیتے ہیں۔ نہ لباس میں خصوصیت، نہ شکل وشباہت میں نہ ہی انداز میں نہ ہی برتاؤ میں۔
نہ جبہ نہ دستار، نہ گیسو نہ داڑھی، کلین شیو ہیں۔ چہرے پر مصنوعی وقار نہیں ہے، صرف ذہانت اور انسانیت ہے۔ بات میں "ہم” نہیں۔ گلے میں "اہم” نہیں۔ انداز میں اجلا پن نہیں۔ دوسرے کو میلا ہونے کا احساس نہیں کشف نہیں چلاتے۔ فراست ہے لیکن جتاتے نہیں۔ اختلاف رائے کو کاٹتے نہیں، برداشت کرتے ہیں۔ طبیعت میں بڑا "سنس آف ہیومر” ہے۔ صاف لگتا ہے کہ QURA دیکھنے کی حس موجود ہے لیکن ظاہر نہیں ہونے دیتے۔ خود نمائی نہیں کرتے۔ دعوی نہیں کرتے۔ پیری مریدی نہیں کرتے۔ بیعت کی دعوت نہیں دیتے۔ مسئلہ مسائل نہیں چھانٹتے۔ قدریہ سلسلہ کے مشاہیر کو استاد مانتے ہیں۔ لیکن جو تصوف پرموٹ کرتے ہیں، وہ انہوں نے خود قرآن سے اخذ کیا ہے۔ لوگوں کو پڑھنے کے لئے اسما دیتے ہیں۔
مجھے بھی دیے۔ میں نے کہا، پروفیسر صاحب ! یہ ظلم نہ کرو۔ میں تو اللہ کا ادنی منشی ہوں، عبادت میرا کام نہیں۔ سیانے کہتے ہیں جس کا کام اسی کو ساجے۔
کہنے لگے: ” یہ ضروری ہے، تین ماہ کے لئے پڑھو ”
میں نے کہا ” تین ماہ بعد کیا ہوگا ”
وہ مسکرا دیئے۔
میں نے تین ماہ تسبیح چلائی۔ میرا خیال تھا تین ماہ بعد میرے دائیں ہاتھ سے آواز آئے گی، بولو میرے آقا ! میرے لیے کیا حکم ہے؟ میں تیرے لیے کیا کرسکتا ہوں؟ لیکن کوئی آواز نہیں آئی۔
پروفیسر کا کہنا ہے، اسلام توازن کا نام ہے۔ اپنے اندر ہارمنی پیدا کرنے کا نام ہے۔ نہ لاگ ہو نہ لگاؤ۔
حضور ﷺ نے فرمایا تھا ” لوگو ! حد میں رہو، حدیں نہ توڑو۔”
میں نے پوچھا ” پروفیسر ! آپکا شغل کیا ہے؟”
بولے” تحلیل نفسی کرتا رہتا ہوں۔ وہ کونے جو دوسروں کو چبھتے ہیں، انہیں گول کرتا رہتا ہوں۔”
میاں بیوی کا بھی یہی مسئلہ ہے، چھبتے کونے گول کرتے رہو تو Domestic Happiness حاصل ہوتی ہے۔
صاحبو ! Domestic Happiness سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں۔
ایک دن میرے بابا نے مجھ سے پوچھا ” مفتی ! دنیا میں جنت حاصل کرنا چاہتے ہو؟”
میں نے کہا ” بلکل چاہتا ہوں۔ آگے ملے نہ ملے، یہاں مل جائے۔”
بولے” آسان سی بات ہے کہ بیوی کوئی بات کہے، جواب میں کہو ہاں جی۔”
صاحبو ! اس روز سے میں جنت میں رہتا ہوں۔
بے شک فیملی ایک عظیم درسگاہ ہے لیکن اہل مغرب نے آزادی کے جنون میں فیملی کی اہمیت کو قائم نہ رکھا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ یہ غلط فہمی عام ہو گئی کہ شادی محبت کا رشتہ ہے۔ شادی کے بعد کچھ دن تو محبت کی شوگر کوٹنگ قائم رہی، پھر ایک دوسرے کو چبھنے لگے تو قانون نے طلاق عام کر دی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ پہلے خاوند سے دو بچے ہوئے، دوسرے سے ایک بیٹی اور تیسرے سے دو بیٹے۔ ان پانچوں بچوں کو گھر نصیب نہیں ہوا۔ ماں باپ نصیب نہ ہوئے۔ انھیں وہ محبت نصیب نہ ہوئی جو بچے کی پرورش کے لیے ضروری ہے۔ طبعاً وہ اکھڑے اکھڑے رہے، رشتوں کے مفہوم سے ناواقف۔۔۔ (Un owned) سیلف سنٹرڈ (Self centred) پھر جنسی آزادی نے لٹیا ہی ڈبو دی۔ اہل مغرب کو احساس نہ ہوا کہ جنسی آزادی خودکشی کے مترادف ہے۔ وہ اسے Emancipation سمجھتے ہیں۔

باب 9 : کریش سولائزیشن

ٹرانسکرپشن : فرحین فرحان

حجاب، بے حجابی

صاحبو ! بے حجابی اخلاقی یا مذہبی مسئلہ نہیں۔ یہ تو بیالوجی کا مسئلہ ہے۔
میرے دور میں لڑکی ہمیشہ چوبارے کی کھڑکی میں نظر آیا کرتی تھی۔ وہ بھی کھلے منہ نہیں چق کے پیچھے۔ دو حنائی انگلیاں چق کے کونے پر نظر آتیں اور چق کی تیلیوں کے پیچھے ایک چٹا سفید دھبا سا چہرہ، ایک مبہم سی مسکراہٹ، دو ڈولتی کالی کشتیاں۔ چق ہلتی تو دل ہلتے تھے۔ تحریک پیدا ہوتی تھی۔
برقعے میں لپٹی عورت بازار میں نظر آتی تو ہوا کے جھونکے سے نقاب کا ایک پلو اڑتا۔ نیچے گلابی رخسار نظر آتا تو تحریک پیدا ہوتی تھی۔
اگر تحریک پیدا نہ ہو تو ملاپ نہیں ہو سکتا۔ انگریزی میں اسے Preparation سٹیج کہتے ہیں۔ پرپریشن کی ذمہ داری مرد پر عائد ہوتی ہے۔ پرانے زمانے میں بڑے بوڑھے مل بیٹھے۔ انہوں نے سوچا، مرد پر جو یہ بڑی ذمہ آ پڑی ہے، اسے نبھانا پڑے گا۔ مرد میں تحریک پیدا کرنے کا آسان اور یقینی طریقہ یہ ہے کہ مرد اور عورت کو علیحدہ علیحدہ کر دیں۔ یہ فیصلہ مشرق اور مغرب دونوں کے بڑوں نے کیا تھا۔ مشرق والوں نے نقاب عائد کردیا، مغرب والوں نے فیصلے پر اکتفا کیا۔
صاحبو ! 1921 میں جب میں فرسٹ ایئر میں داخلے کے لیے لاہور آیا تو دیکھا کہ انار کلی میں کوئی عورت نظر نہیں آتی تھی۔ عورت کو دیکھنے کے لیے ڈبی بازار جانا پڑتا تھا۔ سالم عورت وہاں بھی نظر نہیں آتی تھی۔ کبھی رخسار، کبھی توجہ طلب کالی آنکھیں، ان دنوں عشق اور محبتیں کھڑکیوں، جھروکوں اور چھتوں کی محتاج تھیں۔
اشفاق احمد اٹلی میں پروفیسری اور براڈکاسٹنگ سے فارغ ہو کر لاہور آیا۔ یہ پاکستان کے قیام سے پہلے کی بات ہے۔ اس نے مجھے بتایا:
” میں چھٹی کے دن سیر سپاٹے کے لیے شہر سے باہر نکل جایا کرتا تھا۔ ایک دفعہ شہر سے دس میل دور ایک گاؤں میں رکا تو گاؤں کی موٹی موٹی میموں نے مجھے روک لیا۔ پوچھنے لگیں، کیا تو شہر میں رہتا ہے؟ میں نے کہا، ” بلکل۔” کہنے لگیں، ہم نے سنا ہے کہ شہر کی لڑکیوں نے پاجامے اوپر چڑھالیے ہیں اور ننگی ٹانگوں سے گھومتی پھرتی ہیں، کیا یہ سچ ہے؟ میں نے کہا، ہاں یہ سچ ہے۔ وہ حیرت سے چلائیں ” انھیں شرم نہیں آتی۔ اتنی بے حیائی۔ توبہ توبہ توبہ۔”

باب 9 : کریش سولائزیشن

ٹرانسکرپشن : فرحین فرحان

برہنگی

یورپ اور امریکہ کی یہ بے حجابی حال ہی کی پیداوار ہے۔ خواتین سمندر کے کنارے ننگی پڑی رہتی ہیں۔ بازاروں میں گھومتی پھرتی ہیں۔ وہ سمجھتی ہیں اپنی نمائش کر رہی ہیں۔ انہیں علم نہیں کہ ننگی عورت ایک عام منظر بن چکا ہے، اس قدر عام کہ وہ مرد میں تحریک پیدا نہیں کر پاتا۔ نتیجہ یہ ہے کہ مرد خواتین کے لیے ناکارہ ہوتا جا رہا ہے۔ عورت کی بارآوری کم ہوتی جا رہی ہے۔
مرد جنسی شاہراہ کو چھوڑ کر پگڈنڈیوں میں جنسی تسکین تلاش کر رہا ہے۔ گورے خوفزدہ ہیں کہ اگر یہی صورتحال رہی تو دس پندرہ سال میں یورپ اور امریکہ میں کالے ہی کالے نظر آئیں گے۔
افسوس ناک بات یہ ہے کہ اسٹیٹ نے جنسی بے راہ روی کو قانونی تحفظ دے دیا ہے۔ اب وہاں مرد، مرد سے شادی کر رہا ہے اور عورت، عورت سے۔
ہاں تو مغربی تہذیب ایک کریش تہذیب ہے۔ اس طیارے میں صرف ایکسیلریٹر ہے، بریک نہیں اور لینڈنگ کے پہیے جام ہو چکے ہیں۔
سبھی جانتے ہیں کہ حادثہ ہونے والا ہے۔ ابھی ابھی کیا ہوگا لیکن کوئی مانتا نہیں۔ کیسے مانے؟ شدت کا جنون بڑھتا جا رہا ہے۔ حرکت کے رقص کی لے چڑھتی جا رہی ہے۔ چڑھتی لے کو صرف وجدان جذب کرسکتا ہے۔ اہل مغرب وجدان سے محروم ہیں اس لیے چڑھتی لے ہیسٹریا پیدا کر رہی ہے۔ صاحبو ! یہ مغربی تہذیب جس سے ہم اس قدر مرعوب ہیں، دنیا پر صرف دو ڈھائی سو سال تک حکمران رہی ہے۔ اس کے برعکس مسلمان کی تہذیب سات سو سال حکمران رہی۔ اسلامی تہذیب کرپشن تہذیب نہیں تھی۔ اس میں بے محابا آزادی نہیں تھی۔ آزادی تو تھی، ساتھ بندھن بھی تھے۔ اس میں توازن تھا۔

باب 9 : کریش سولائزیشن

ٹرانسکرپشن : افزا فاطمہ

نزول قرآن

قرآن کا نزول ایک بہت اہم واقعہ تھا۔ قرآن سے پہلے کسی مذہبی کتاب نے عقل و خرد اور علم و تحقیق کو اتنا بلند مرتبہ نہ بخشا تھا بلکہ عام طور پر سمجھا جاتا تھا کہ مذہب اور عقل دو متضاد چیزیں ہیں۔ قرآن کا رویہ حیرت انگیز تھا۔ وہ علم و حکمت کا خزانہ ہی نہیں تھا بلکہ سائنسی علوم کا سر چشمہ بھی تھا۔
قرآن نے عقل و خرد اور علم و تحقیق کی ایک فضا پیدا کر دی۔ جگہ جگہ علمی درسگاہیں بن گئیں۔ یونیورسٹیاں وجود میں آ گئیں۔ نوجوانوں میں علم حاصل کرنے کا شوق پیدا ہوا۔ سائنسی تجربات کے لیے لیبارٹریاں بن گئیں۔ جگہ جگہ کتب خانے بن گئے۔ علمی ترقی کے ساتھ ساتھ لوگوں میں مطالعہ کا شوق پیدا ہوا۔ کتابیں اکٹھی کرنا فیشن بن گیا۔ ہر بڑے اور چھوٹے شہر میں کتب خانے بنا دئیے گئے۔ صرف شہر بغداد میں چھ ہزار کتب خانے تھے۔ خلیفہ ہارون رشید کی بیوی زبیدہ کی لائبریری میں چھ لاکھ کتابیں تھیں۔ قرطبہ کے کتب خانے میں چار لاکھ نادر کتابیں موجود تھیں جس کا کیٹلاگ 44 جلدوں میں مکمل ہوا تھا۔ کہتے ہیں بغداد کی ایک گلی میں کتابوں کی سو دکانیں تھیں۔
علم کے اس شوق کی وجہ سے دو سو سال میں عرب علماء نے کئی ایک کتابیں تصنیف کر ڈالیں۔ ان کتابوں نے چاروں طرف علم کی روشنی پھیلا دی۔ جب عربوں نے سپین فتح کر لیا تو علم کا ذوق وہاں بھی پھیل گیا۔ عربوں کی تحقیقاتی کتابیں سپین، فرانس، اٹلی اور انگلستان میں پہنچ گئیں۔ ان کتابوں کے مختلف زبانوں میں ترجمے ہوئے۔
بہت دیر بعد یورپ میں یونیورسٹیاں قائم ہوئیں تو یہی کتابیں پڑھائی جانے لگیں۔ یوں مسلمانوں کی لکھی ہوئی سائنس اور فلکیات کی کتابیں یورپی درسگاہوں میں چار سو سال تک پڑھائی جاتی رہیں، اٹھارویں صدی عیسوی تک۔
چونکہ یہی تعلیم کا مستند ذریعہ تھا۔

باب 9 : کریش سولائزیشن

ٹرانسکرپشن : افزا فاطمہ

علم و تحقیق

قرآن کے پیغام اور حضور اعلیٰ ﷺْ کے کردار کے زیرِ اثر صحرا نشیں عربوں کی زندگی ہی بدل گئی۔ قرآن کی راہنمائی میں عرب ہر شعبہ میں آگے بڑھنے لگے اور نصف صدی کے اندر ہی اندر علم و عمل کے متوالوں نے آدھی سے زیادہ دنیا فتح کر لی۔
انہوں نے قیصر و کسریٰ جیسی پر ہیبت سلطنتوں کو زیر نگوں کر ڈالا اور ساری دنیا میں علم و فکر کا ماحول پیدا کر دیا۔ اس علم و فکر کے ماحول کے زیرِ اثر سینکڑوں عرب مفکر پیدا ہو گئے۔ انہوں نے مختلف علوم میں تحقیق کا کام شروع کر دیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ بہت سی ایجادات عمل میں آئیں۔ مثلاً تھرمامیٹر، اصطرلاب، پنڈولم والی گھڑی، قطب نما۔
ظاہر ہے جہاں ایجادات ہوں گی، وہاں پروڈکشن بھی ہو گی۔ کارخانے وجود میں آئیں گے۔ ان دنوں بغداد میں دھڑادھڑ کارخانے بنے، یعنی قرآن نے علم حاصل کرنے کا شوق پیدا کیا۔ تحقیق کی جانب مائل کیا۔ سائنسی سپرٹ پیدا کی اور انڈسٹریل ریوولیوشن کی ابتدا کی۔
صاحبو، ایک بات کہوں ! تلخ بات ہے، ناقابل قبول، لیکن سچی ہے۔ وہ یہ کہ آپ میں ہم سب میں سے کسی نے قرآن کی عظمت کو نہیں سمجھا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ قرآن ایک مذہبی کتاب ہے، اس لیے لائق صد احترام ہے۔ ہم قرآن پڑھتے ہیں تو صرف ثواب کمانے کے لیے۔ علمائے دین قرآن پڑھتے ہیں تو وہ دینی موشگافیاں پیدا کرنے کے لیے، اپنے خیالات کو تقویت دینے کے لیے اور عوام کو اللہ کے غیض و غضب سے ڈرانے کے لیے۔ جنہیں قرآن حفظ ہے، وہ صرف الفاظ سے واقف ہیں۔ اہل قرأت صرف حسنِ قرأت کا خیال رکھتے ہیں۔

باب 9 : کریش سولائزیشن

ٹرانسکرپشن : افزا فاطمہ

قرآن اور سائنسی علوم

قرآن سے متعلق شماریات جمع کرنے والوں کا کہنا ہے :
1- قرآن میں اللہ کے حقوق سے متعلق کل 193 آیات ہیں۔
2- بندوں کے حقوق سے متعلق 673 آیات ہیں۔
3- کائنات سے متعلق سائنسی علوم پر 750 آیات ہیں۔
ان آیات میں مندرجہ ذیل موضوعات پر روشنی ڈالی گئی ہے :
1- آسمان اور دنیا کی پیدائش پر غوروفکر کا بیان۔
2- آفتاب کی پیدائش کی حکمتوں پر غوروفکر کا بیان۔
3- چاند کی پیدائش کی حکمتوں کا بیان۔
4- زمین کی پیدائش کی حکمتوں کا بیان۔
5- سمندری پیدائش کی حکمتوں کا بیان۔
6- پانی کی پیدائش کی حکمتوں کا بیان۔
7- ہوا کی پیدائش کی حکمتوں کا بیان۔
8- آگ کی پیدائش کی حکمتوں کا بیان۔
9- انسان کی پیدائش کی حکمتوں کا بیان۔
یہ تو کائناتی موضوعات ہیں جن پر قرآن ہمیں غوروفکر کی دعوت دیتا ہے۔ پوری بات نہیں بتاتا، اشارات دیتا ہے، راستہ سمجھاتا ہے۔ ہمیں تلاش پر مائل کرتا ہے۔ پنجابی شعر کے مصداق پلا مار کر دیا بجھاتا ہے اور آنکھ کے اشارے سے بات کرتا ہے۔ یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ قرآن تو برملا کہتا ہے کہ لوگو! ذرا دیکھو، غور سے دیکھو۔ سوچو، سمجھو، دیکھو تو ہم نے کیا کیا تخلیق کیا ہے۔ جان لو کہ یہ کائنات ہم نے اس لیے تخلیق کی ہے کہ تم اسے تسخیر کر سکو۔

باب 9 : کریش سولائزیشن

ٹرانسکرپشن : افزا فاطمہ

معجزے

اسلام تو ان کا مذہب ہے جو مظاہرۂ فطرت پر غوروخوض کے عادی ہیں۔ وہ تو غور و فکر سے بے بہرہ ہیں جنہیں بات منوانے کے لیے معجزے کا سہارا لینا پڑتا ہے۔
ٹالسٹائی روس کا ایک مفکر تھا۔ سفر کے دوران اسے ایک پادری ملا۔ پادری اس کے پاس بیٹھا اور حسبِ معمول عیسائیت کی عظمت پر باتیں کرنے لگا۔ ٹالسٹائی اس کی باتیں سنتا رہا۔ آخر میں پادری نے کہا ” عیسائیت واحد مذہب ہے جو ذات باری تعالیٰ کے ثبوت میں ایک معجزہ پیش کرتا ہے۔”
” کون سا معجزہ؟ ” ٹالسٹائی نے پوچھا۔
پادری بولا: ” یہ معجزہ کہ حضرت مسیح بغیر باپ کے پیدا ہوئے۔”
ٹالسٹائی نے جواب دیا: ” محترم پادری صاحب ! میں اس لیے خدا کے وجود کا قائل نہیں ہوا کہ مسیح بغیر باپ کے پیدا ہوئے تھے۔ میں تو پیدائش کے مسلسل معجزے پر حیران زدہ ہوں کہ میاں بیوی کے ملاپ سے دو حقیر مادے آپس میں مل جاتے اور ایک بچے کی پیدائش کا باعث بن جاتے ہیں۔ کیا عام پیدائش ایک حیران کن معجزہ نہیں۔”
ان کائناتی موضوعات کے علاوہ بھی قرآن میں زمینی علوم پر آیات ہیں، مثلاً ان کے موضوع یوں ہیں :
1- پرندوں کی پیدائش کی حکمتوں کا بیان۔
2- چوپایوں کی پیدائش کی حکمتوں کا بیان۔
3- شہد کی مکھی کی پیدائش کی حکمتوں کا بیان۔
4- مچھلی کی پیدائش کی حکمتوں کا بیان۔
5- نباتات کی پیدائش کی حکمتوں کا بیان۔
قرآن کا نواں حصہ سائنسی علوم کے بارے میں ہے۔
یہ ہماری بد قسمتی ہے کہ ہم نے قرآن کے ان حصوں کو کبھی اہمیت نہیں دی جو عقل و دانش اور سائنسی علوم کے متعلق ہیں۔ ہمارے علمائے دین نے اپنے خطبوں میں کبھی ان امور کا ذکر نہیں کیا۔ وہ بھی مجبور ہیں کیونکہ وہ خود ان علوم سے واقفیت نہیں رکھتے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ دین کا علم کافی ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا دین علم ہے؟ سیانے کہتے ہیں کہ دین تو ایک ضابطۂ حیات ہے جسے عمل سے تعلق ہے، ایمان سے تعلق ہے، علم سے نہیں۔

باب 9 : کریش سولائزیشن

ٹرانسکرپشن : افزا فاطمہ

دین، علم

چونکہ قرآن نے علم کو فضیلت کا مقام دیا ہے، اس لیے مذہب کے اجارہ داروں نے مشہور کر رکھا ہے کہ علم سے قرآن کی مراد علم دین ہے۔ علم دین ہی سچا علم ہے، باقی علوم تو انسانوں کو کفر کا درس دیتے ہیں۔ اپنی ذاتی اہمیت کو قائم کرنے کے لیے انسان کو کیا کیا حیلے کرنے پڑتے ہیں !
قرآن کی عظمت کا احساس صرف ان لوگوں کو ہے جو سائنسی علوم سے واقف ہیں۔
خلفائے راشدین کے دور میں جتنے بھی مسلمان سائنس دان پیدا ہوئے، وہ سب قرآن کے مرہون منت تھے۔ ان کی تصنیفات میں جگہ جگہ قرآن کے حوالے ملتے ہیں۔

باب 9 : کریش سولائزیشن

ٹرانسکرپشن : محمد مبشر اعوان

مغربی سائنس دان

مغربی سائنس دان قرآن علم سے بے بہرے ہیں، اس لیے ان کی تحقیق آوارہ ہے۔ ویسے بھی قرآن کہتا ہے :
” لوگو ! رموز فطرت پر غور کرو۔ انھیں سمجھو۔ لیکن خبردار ! ہمارے حوالے کے بغیر سمجھنے کی کوشش نہ کرنا، بھٹک جاؤ گے، راستہ نہیں ملے گا۔ کبھی پہنچ نہیں پاؤ گے۔”
مغربی سائنس دان محنت، خلوص اور ذوق کے باوجود آج تک کہیں پہنچ نہیں پائے۔ اس لیے انھوں نے خالق کے حوالے کے بغیر سچائی کی تلاش کی ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ کائنات ایک آٹو میٹسزم ہے جو حادثہ کی وجہ سے وجود میں آئی ہے، جس کی ابتدا ہے نہ انتہا۔ پلاننگ ہے نہ مقصد اور نہ منزل۔
صاحبو ! ہم قرآن پڑھتے ہی نہیں۔ عقل و دانش کی بات آ جائے تو اسے کانی آنکھ سے دیکھتے ہیں۔ ثواب اور عذاب کی بات آ جائے تو اٹینشن ہو جاتے ہیں۔ بڑے انہماک سے پڑھتے ہیں۔ اس زندگی کی بات آ جائے تو اسے جملہ معترضہ سمجھ کر چھوڑ دیتے ہیں۔ آنے والی زندگی کی بات آ جائے تو توجہ مرکوز کر دیتے ہیں۔

باب 9 : کریش سولائزیشن

ٹرانسکرپشن : محمد مبشر اعوان

ثواب کماؤ

ہمارے رہبروں نے ہمیشہ کنڈیشن (condition) کر دیا ہے کہ یہ زندگی فانی ہے، بے ہودہ ہے، بکواس ہے، سراب ہے۔ اصلی زندگی وہ ہے جو آنے والی ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ آنے والی زندگی تو جزا و سزا ہے۔ وہ ایک پھول ہے، جو موجودہ زندگی کے بونے پر لگے گا۔ تمام تر اہمیت تو موجودہ زندگی کی ہے۔ ہمارے رہبروں نے اسلام کو تجارت بنا رکھا ہے۔ یہاں ایک نماز پڑھو، وہاں 70 نمازوں کا ثواب ملے گا۔ یہاں بھوکے کو ایک روٹی کھلاؤ، وہاں اس کے عوض دس روٹیاں ملیں گی۔ مولوی صاحب اپنے خطبے میں اس مسئلے پر روشنی ڈال رہے تھے۔ انھوں نے اس حوالے سے ایک قصہ سنایا۔
کہنے لگے ، ” ایک روز مسجد میں ایک بزرگ مہمان آ گئے۔ اس وقت دسترخوان میں صرف دو روٹیاں تھیں جو ہم نے پیش کر دیں۔ کھانے لگے تو دروازہ بجا۔ حجرہ کے باہر ایک بھوکا مسافر کھڑا تھا۔ بزرگ نے ایک روٹی اسے دے دی اور دسترخوان لپیٹ کر ایک طرف رکھ دیا۔ کچھ دیر کے بعد دروازہ بجا۔ ہم نے پوچھا، کون ہے بھئی؟ آواز آئی۔ ختم کی روٹیاں لایا ہوں۔
بزرگ نے پوچھا، کتنی ہیں؟
آواز آئی کہ جناب ! پندرہ روٹیاں ہیں۔
بزرگ نے کہا: نہیں بھائی! یہ روٹیاں ہماری نہیں، لے جاؤ۔
کچھ دیر کے بعد پھر دروازہ بجا اور آواز آئی : جناب چوہدری صاحب نے پانچ روٹیاں بھیجی ہیں۔
بزرگ نے کہا: نہیں میاں ! یہ ہماری نہیں، کسی حاجت مند کو دے دو۔
کچھ دیر کے بعد پھر دروازہ بجا اور آواز آئی کہ جناب شادی والے گھر نے روٹیاں بھیجی ہیں۔
بزرگ نے پوچھا: کتنی ہیں؟
جواب آیا کہ جناب دس روٹیاں ہیں۔
بزرگ بولے : ٹھیک ہے! لے آؤ، یہ ہماری ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ ایک روٹی خیرات کرو گے تو اس کے عوض دس ملیں گی۔”

باب 9 : کریش سولائزیشن

ٹرانسکرپشن : محمد مبشر اعوان

چالیس نمازیں

میں نے 1968 ء میں حج کیا تھا۔ فریضہ حج ادا کرنے کے بعد ہم مدینہ منورہ میں مقیم تھے۔ مسافر خانے میں چند ایک پاکستانی ہمارے ساتھ رہتے تھے۔
ان کا روز آپس میں جھگڑا لگا رہتا تھا۔ ایک کہتا تھا، بھائیو! مدینہ منورہ میں ہم نے 36 نمازیں پڑھی ہیں۔ دوسرا کہتا تھا، نہیں تمھاری گنتی ٹھیک نہیں۔ ہم نے صرف 34 نمازیں پڑھیں ہیں، چھ نمازیں پڑھنی باقی ہیں۔
پتا نہیں کیوں؟ لیکن یہ عام خیال ہے کہ مدینہ منورہ میں قیام کے دوران چالیس نمازیں پڑھنا ضروری ہے، اس لیے زائرین نمازوں کا حساب رکھتے ہیں۔ ابتدائی ایام میں تو مدینہ منورہ میں حاضری کا جزبہ انھیں مسحور رکھتا ہے۔ گھر پہنچنے کی خواہش ابھرتی ہے۔ جی چاہتا ہے اڑ کر گھر جا پہنچیں۔ مدینہ منورہ میں حاضری کا احساس مدھم ہو جاتا ہے۔ واپسی میں حائل وہ چالیس نمازیں ہوتی ہیں جنھیں پڑھے بغیر حج یا عمرہ کا ثواب ختم ہو جاتا ہے، اس لیے تمام تر توجہ نمازوں پر مرکوز ہو جاتی ہے۔ زائرین بھول جاتے ہیں کہ وہ کہاں بیٹھے ہیں، کن کی خدمت میں حاضری دے رہے ہیں، کن کے قدموں میں بیٹھنے کا اعزاز حاصل ہے۔
وہ چاہتے ہیں کہ جلد فرائض سے فارغ ہوں، گھر پہنچیں اور جا کر اپنے عزیزوں کو بتائیں کہ اس مقدس مقام سے واپس آنے کو جی نہیں چاہتا تھا۔ جی چاہتا تھا کہ سبز جالی کو پکڑ کر بیٹھیں رہیں۔

باب 9 : کریش سولائزیشن

ٹرانسکرپشن : محمد مبشر اعوان

رچوال

ہمارے راہبروں نے نماز کو بھی ایک رچوال (Ritual) بنا دیا ہے۔ ہم نماز اس لیے نہیں پڑھتے کہ اللہ کا حکم بجا لا رہے ہیں۔ اس لیے بھی نہیں کہ اللہ کے حضور حاضری دے رہے ہیں یا اللہ سے تعلق پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمارے رہبروں نے ہمیں کنڈیشن کر دیا ہے کہ ہماری سوچ ثواب اور گناہ تک محدود رہے۔ ہم نماز ثواب حاصل کرنے کے لیے پڑھتے ہیں۔
ہمارے راہبر ٹیلی ویژن پر آ کر ہمیں بتاتے ہیں کہ نماز بہشت کی کنجی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نماز قائم کرو، باقی سب باتیں ازخود ٹھیک ہو جائیں گی، کردار سنور جائے گا، اخلاق بہتر ہو جائے گا، معاملات ٹھیک ہو جائیں گے، لین دین درست ہو جائے گا۔ مطلب یہ کہ مسجد کو مرکز مان لو تو سب ٹھیک ہو جائے گا کیونکہ اس میں وہ خود دیوتا سمان براجمان ہیں۔

Back to top button