یونیکوڈ کتابیں

تلاش

باب 10 — گلاب کا پھول

تلاش — ممتاز مفتی، کتاب کا سرورق

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : رفعت شیخ

صاحبو ! بات کہنے کی نہیں – لیکن کہے بغیر چارہ بھی نہیں، بڑی تلخ بات ہے لیکن بڑی سچی، اتنی سچائی کہ ماننے کو جی نہیں چاہتا ،
وہ یہ کہ ہم میں سے چند ایک افراد ہوں گے جو قرآن پڑھتے ہیں، انگلیوں پر گنے جا سکتے ہیں اتنے چند !
باقی سب آپ، میں، ہم قرآن پڑھتے نہیں، اسے استعمال کرتے ہیں، زیادہ تر لوگ ثواب کمانے کے لئے تلاوت کرتے ہیں، کچھ اسے مرحوم عزیز و اقربا کو ثواب پہنچانے کے لئے قرآن پڑھتے ہیں، کئی لوگ آیات کو تعویذ کے طور پر استعمال کرتے ہیں،
کچھ اپنی ذاتی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے ورد کرتے ہیں،
صوفی اکھٹے ہو کر ذکر کرتے ہیں تاکہ وجدان کی کیفیت پیدا ہو، وجدان بھی تو ایک قسم کی لذت ہے۔
ہمیں راہ دکھانے والے اپنے نظریات کی تقویت کے لئے، عوام کو مرعوب کرنے کے لئے، شوکت نفس کے لئے قرآن پڑھتے ہیں، لیکن بہر صورت کوئی شخص قرآن کو سمجھنے اور جاننے کے لئے قرآن نہیں پڑھتا۔
سیانے کہتے ہیں __ قرآن گلاب کے پھول کی مانند ہے پتی در پتی
پتی در پتی
اوپر کی پتی اٹھاؤ تو نیچے ایک اور پتی، اسے اٹھاؤ تو ایک اور پتی، اسے اٹھاؤ تو ایک اور پتی۔۔۔۔
مفہوم در مفہوم ۔۔۔
اوپر کا مفہوم ہٹاؤ تو نیچے ایک اور مفہوم ،
اوپر سطحی، نیچے کائناتی، اکثر لوگ پہلی پتی یعنی اوپر کے مفہوم پر ہی اکتفا کر لیتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ پا لیا، ہم نے پا لیا۔
قرآن کی بات تو وہی تیتر کی بولی والی بات ہے، تیتر بولا تو مفکر نے کہا کہ کہہ رہا ہے’ سبحان تیری قدرت ‘۔ بنیا بولا ابے نہیں ! کیوں خواہ مخواہ بات کو الجھا رہا ہے، تیتر کہہ رہا ہے
نون- تیل- ادرک۔۔۔!
پہلوان بولا، تم دونوں غلط کہہ رہے ہو تیتر کہہ رہا ہے کہ کھا گھی اور کر کسرت ۔۔۔۔
قرآن کہتا ہے لوگو ! مجھے پڑھو، سمجھو، غور و فکر کرو، پھر تمھیں ایسی ایسی عقل و دانش کی باتیں ملیں گی کہ تم حیران رہ جاؤ گے، پردے اٹھ جائیں گے، بڑے بڑے راز کھلیں گے جو تمہیں تسخیر کائنات میں مدد دیں گے۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : رفعت شیخ

بچہ اور بڑا

صاحبو ! ہم سب کے اندر ایک بچہ ہے، معصوم بچہ، جو ارد گرد کی چیزوں کو دیکھتا ہے اور حیران ہوتا ہے کہ یہ کیا ہے؟ کیسے ہے؟ کیوں ہے؟ یہ دنیا دراصل ایک ونڈر لینڈ ہے اور ہمارے اندر کا بچہ ایلس ہے، دنیا میں جتنا علم ابھی تک حاصل ہوا ہے سب اس بچے کی وجہ سے ہوا ہے جو گرد و پیش کو سرسری نظر سے نہیں بلکہ حیرت سے دیکھتا ہے۔
پھر ہمارے اندر ایک بڑا بھی ہے جو سمجھتا ہے کہ میں سب سمجھتا ہوں، اس میں حیرت کا جذبہ مفقود ہے، یہ بڑا اس بچے کو ڈانٹ ڈپٹ کرتا رہتا ہے، تو خواہ مخواہ حیران ہو رہا ہے، بھئی یہ تو پتا ہے اور یہ پھول ہے اور یہ مٹی کا ذرہ ہے، اس میں حیرت کی کیا بات ہے، بڑے کو احساس نہیں کہ ہم ونڈر لینڈ میں رہتے ہیں، یہاں کی ایک ایک چیز حسن اور حکمت سے بھری ہوئی ہے۔
قرآن کہتا ہے لوگو ! گرد و پیش کو اس بچے کی آ نکھ سے دیکھو، تمھیں کیا کیا نظر آ تا ہے، اگر اس بڑے کی نظر سے دیکھو گے تو سب کچھ سپاٹ نظر آ ئے گا، سچی بات ہے جس نے تخلیق کی رنگارنگی کو نہ دیکھا وہ تخلیق کار کی عظمت کو کیا سمجھے گا؟
اللہ کہتا ہے، لوگو ! ہم نے یہ کائنات ایک ونڈر لینڈ بنایا ہے، شرط یہ ہے کہ تم میں دیکھنے کی صلاحیت ہو، تم اس بچے کی آنکھ سے دیکھو، بڑے کی آنکھ سے نہیں، جو صرف اپنے مطلب کی چیز دیکھتا ہے اور باقی کو نظر انداز کر دیتا ہے۔
قرآن کی سب سے بڑی خصوصیت اس کی سائنسی سپرٹ ہے، اس کا انداز تحکمانہ نہیں ،
اس میں رواداری ہے ،
عقل و فکر کی تلقین ہے۔
ہمارے رکھوالوں نے تبلیغ میں قرآن کا رویہ نہیں اپنایا بلکہ اس سے بالکل الٹ انداز اختیار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے اندر کے بچے کو ڈانٹ ڈپٹ کر ہمیشہ کے لئے چپ کرا دیا ہے وہ کہتے ہیں – یہ بچہ خواہ مخواہ میں مین میخ نکالتا رہتا ہے، سیدھی باتوں کو الجھاتا ہے، کفر پھیلاتا ہے۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : رفعت شیخ

جوڑے

ہمیں راستہ دکھانے والے خود کو بڑا سمجھتے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ ہم جانتے ہیں، سب کچھ جانتے ہیں، ہمارا کام تو یہ ہے کہ لوگوں کو سیدھا راستہ دکھائیں ۔۔۔۔
ادھر اللہ کی عادت ہے کہ وہ چلتے چلتے بر سبیل تذکرہ اتنی بڑی بات کہہ دیتے ہیں کہ زندگی بھر سوچتے رہو اور بھید نہ پاؤ، اللہ کی ہر بات ہفت پہلو ہوتی ہے، باری تعالیٰ نے بر سبیل تذکرہ قرآن میں کہہ دیا کہ زمینی چیزوں کو جوڑوں میں بنایا ہے۔ ہمارے بڑے جو سمجھتے ہیں کہ ہم جانتے ہیں۔ بولے یہ تو سیدھی سیدھی بات ہے، مطلب یہ کہ جاندار مخلوق کو جوڑوں میں بنایا ہے، انسان میں مرد اور عورت، باقی جانداروں میں نر اور مادہ۔۔۔۔
بچہ چلّایا، نہیں ! اللہ کی باتیں سطحی نہیں ہوتیں، ان میں گہرائی ہوتی ہے، توجہ فرمائیے سوچئے، غور کیجئے، ضرور اس میں کوئی بھید ہو گا، بڑے بولے، ہشٹ بچے ! خواہ مخواہ کی گڑ بڑ نہ کر، ہمیں سوچوں میں نہ الجھا ،
کچھ لوگ جو تحقیق کے رسیا تھے، کہنے لگے، اس کا مطلب یہ ہے کہ نباتات میں بھی جوڑے ہوتے ہیں، یہ بات بالکل نئی تھی، یہ انکشاف سب سے پہلے قرآن نے کیا تھا۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : رفعت شیخ

Polarity

پھر صدیوں بعد جب سائنس دانوں نے polarity کا راز فاش کیا اور غیر مادی جوڑے سامنے آ ئے، جب انرجی کے جوڑوں کا پتہ چلا، کشش اور دور ہٹانے والی طاقتوں کا راز فاش ہوا تو سائنس دان حیرت سے چلائے کہ یہ بات تو قرآن نے 14 سو سال پہلے بتا دی تھی یہ انکشاف تو قرآن نے واضح الفاظ میں کر دیا تھا بلکہ یہاں تک کہہ دیا تھا کہ ایسے بھی جوڑے ہیں جنھیں تم نہیں جانتے۔
صاحبو ! مقام شکر ہے کہ ہم اللہ کی کائنات کی بہت سی باتوں کو نہیں سمجھتے، خدانخواستہ ہمیں سوجھ بوجھ ہوتی تو ہم حیرت زدہ ہو کر آسمان کی طرف بٹ بٹ تکتے اور اللہ کی عظمت کے احساس سے یوں بھیگ جاتے کہ کسی کام جوگے نہ رہتے ،
بڑی بڑی باتوں کو چھوڑیے، یہ سوچیے کہ ہم دو متضاد حرکتوں کی زد میں رہتے ہیں، کشش ثقل اور گردشی حرکت، اگر ان دونوں کے توازن میں ذرہ برابر بھی فرق آ جائے تو ہمارا تو پٹاخہ بول جائے، ذرا سوچئے میرے صاحب ! کہ ہماری زمین کشش ثقل اور دور ہٹانے والی قوتوں کے درمیان توازن رکھنے کی کوشش میں چار مختلف محوروں پر گھوم رہی ہے، چار مختلف سفروں پر رواں دواں ہے، آ ج جب محقق لوگوں کو احساس ہوتا ہے کہ قرآن چودہ سو سال پہلے جوڑوں کے بیان میں ہمیں کیا کچھ سمجھا گیا ہے تو حیرت ہوتی ہے۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : رفعت شیخ

اجارہ دار

ہماری بد قسمتی کہ ہم میں وہ بچہ نہیں جو کیا؟ کیوں؟ کیسے؟ سوچنے کا متوالا تھا وہ بچہ سائنس دان تھا۔ قرآن کے نزول کے بعد مسلمانوں میں بہت سائنس دان پیدا ہوئے تھے جس نے بھی قرآن کی سپرٹ کو سمجھا اور قرآن کے اشارات پر چلا وہ سائنس دان بن گیا۔
پھر پتہ نہیں کیا ہوا؟ اجارہ دار میدان میں آ گئے اجارہ دار ہمیشہ میدان میں آ جایا کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ لوگو ! قرآن، صراط مستقیم بتانے کے لئے آیا ہے، سائنسی پہیلیاں بجھوانے نہیں آیا
اسلام مداری نہیں ہے، کائنات تو ایک تماشہ ہے تمھاری توجہ ہٹانے کے لئے یہ تماشہ لگایا گیا ہے، یہ دنیا فانی ہے، اسے رد کر دو، صراط مستقیم پر چلو، اللہ اللہ کرو، اگلی دنیا میں اپنے لئے ایک برتھ ریزرو کروا لو، اور جان لو بہشت کی کنجی ہمارے ہاتھ میں ہے، چونکہ ہم تمھارے رہبر ہیں تمھیں راستہ بتانے آئے ہیں، پتہ نہیں ایسے کیوں ہوتا ہے؟
مگر ایسے ہوتا ہے کہ ہمیشہ اجارہ دار جیت جاتے ہیں اور کامی ہار جاتے ہیں۔ اس کی ایک اور وجہ بھی تھی۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : عائشہ ستار

لے پالک باندی

اسلام سے پہلے عیسائیت سائنس کے سخت خلاف تھی۔ اس نے رہبانیت کو اونچا مقام دے رکھا تھا وہ طاقتور اجارہ دار تھے۔
کوئی مفکر کہتا کہ مجھے لگتا ہے کہ زمین گول ہے تو پادری اس کے خلاف فتوے دے دیتے کہ یہ شخص ملحدانہ باتیں کر رہا ہے۔ مذہب کے خلاف فضا پیدا کر رہا ہے۔ اسے پکڑ لو اور سنگسار کر دو۔
اس طرح اسلام سے پہلے یہ خیال عام تھا کہ سائنس اور مذہب دو متضاد چیزیں ہیں۔ سائنس مذہب کی بیری ہے۔ پادری ڈرتے تھے کہ اگر سائنس کی عظمت تسلیم کر لی گئی تو ہمارا راج پاٹ ختم ہو جائے گا۔ پھر قرآن نے آ کر کہا، لوگو ! یہ جو سائنس ہے یہ کوئی غیر نہیں ہے یہ تو ہماری باندی ہے یہ تو وہ سیمنٹ ہے جس سے ہم نے تخلیق کائنات کی اینٹیں جوڑی ہیں۔ یہ وہ اصول اور قاعدے ہیں جو ہم نے کائنات بنانے میں برتے ہیں۔ اسے غیر نا جانو، اسے دشمن نہ جانو، الٹا اسے اپناؤ۔ تحقیق کر کے بنانے میں اس کے راز جانو تاکہ تم بھی تخلیق کار بن جاؤ۔
جس طرح پادری سائنس سے خوفزدہ تھے ایسے ہی ہمارے راہبر بھی خوف زدہ تھے۔ انھوں نے جان بوجھ کر اپنی عظمت برقرار رکھنے کے لیے سائنس کے خلاف پروپیگنڈا جاری رکھا اور اب وہ سائنس کو اہل مغرب کا فتنہ سمجھنے لگے ہیں۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : عائشہ ستار

ایٹم

اس کے برعکس قرآن سائنسی اشارات سے بھرا ہوا ہے حیرت کی بات ہے کہ سائنس دان روز نیا سے نیا انکشاف کرتے ہیں۔ پھر جو دیکھتے ہیں تو وہ قرآن میں پہلے ہی سے مو جود ہوتا ہے۔ حیران ہوتے ہیں کہ یہ کیسی کتاب ہے جو 14 سو سال پرانی ہے لیکن ذرا بھی پرانی نہیں ہر نئی سے نئی بات، ہر نیا سے نیا انکشاف اس میں پہلے سے ہی موجود ہے۔ مثلاً ایٹم کی بات لیجیے ! 23 صدیاں پہلے یونان کے مفکروں نے کہا تھا کہ مادے کا چھوٹے سے چھوٹا ذرہ ایٹم ہوتا ہے جو ٹوٹ نہیں سکتا۔ چونکہ سب سے چھوٹا ذرہ ہے پھر صدیوں بعد سائنس دانوں نے دریافت کیا کہ ایٹم سب سے چھوٹا ذرہ نہیں، اسے توڑا بھی جا سکتا ہے اس کے حصے کیے جا سکتے ہیں یہ بہت بڑی بات ہے۔ نئی بات، انوکھی بات، نیا انکشاف۔
پھر جو دیکھا تو حیرت کی حد ہوگئی کہ قرآن میں یہ بات پہلے سے موجود تھی اور واضح الفاظ میں موجود ہے اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ہمیں اس کائنات کے ایک ایک ذرے کا علم ہے، شعور ہے بلکہ ذرے سے بھی چھوٹے ٹکڑوں کا علم ہے۔
سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر قرآن میں اتنے عظیم سائنسی حقائق موجود ہیں تو سائنس دان قرآنی خطوط پر تحقیق کیوں نہیں کرتے؟ اس لیے کہ عیسائی سائنس دان کو قرآن کے بارے میں کچھ علم نہیں۔
کروسیڈ کے زمانے میں پادریوں نے مسلمانوں کے خلاف اس قدر پروپیگنڈا کیا کہ لوگ سمجھنے لگے مسلمان ایک شدت پسند وحشی قوم ہے جو غیر مسلموں سے ظالمانہ سلوک روا رکھتے ہیں اور اختلاف رائے کو قطعی برداشت نہیں کرتے۔ حیرت کی بات ہے کہ پادری ایسا پروپیگنڈا کرنے میں کامیاب کیسے ہوئے حالانکہ مسلمان سات صدیاں آدھی دنیا پر حکمران رہے اور تاریخ شاہد ہے کہ انھوں نے ایسے عدل و انصاف سے حکومت کی کہ دنیا حیران رہ گئی۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : عائشہ ستار

انسان یا جن

البتہ ایک بات ضرور ایسی تھی جو پادریوں کے پروپیگنڈے کو تقویت پہنچاتی تھی۔ وہ یہ کہ مذہبی جنگوں میں مسلمان شوق شہادت سے سرشار ہو کر لڑتے تھے۔ نتیجہ یہ تھا کہ ایک مسلمان دس دشمنوں پر حاوی رہتا تھا۔ اس بات کو پادریوں نے جھنڈے پر چڑھا کر لہرایا کہ لوگو ! یہ لوگ جو خود کو مسلمان کہتے ہیں، انسان نہیں بلکہ جنات میں سے ہیں۔ اگر انسان اس دنیا میں امن و امان سے جینے کا خواہش مند ہے تو ہمیں دنیا کو ان جنات کے وجود سے پاک کرنا پڑے گا۔ اس کے علاوہ ایک اور بدقسمتی ہو گئی۔ اجاردہ داروں نے دیکھا کہ دنیاوی علوم کے سائنس دان چھا گئے ہیں اور دینی راہبروں کو کوئی پوچھتا نہیں تو انھوں نے اپنی حیثیت پیدا کرنے کے لیے یہ پروپیگنڈا شروع کر دیا کہ مسلمان دین کو چھوڑ کر دنیا کی طرف متوجہ ہو گئے ہیں، انھوں نے عبادات کو چھوڑ دیا ہے، یہ تنزل کا نشان ہے۔ ان کے اس پروپیگنڈے کی وجہ سے مسلمانوں نے علوم اور تحقیق کو چھوڑ دیا اور عبادات کو اپنا لیا۔
یوں عبادات کے مختلف طریقے رائج ہو گئے۔ تصوف میدان میں آ گیا۔ پھر تصوف نے کئی روپ دھار لیے، کئی سلسلے بن گئے۔ نقشندیہ، قادریہ، سہروردیہ، چشتیہ، یہ سب سلسلے بلاشبہ عظیم تھے لیکن نتیجہ خوشگوار نہ تھا۔ چونکہ مسلمان گروہوں میں بٹ گئے، مکہ معظمہ میں کئی ایک مصلے بچھ گئے _
صاحبو ! میں صوفیا اور دوسرے بزرگوں کا احترام کرتا ہوں۔ یہ سب بڑے لوگ تھے۔ اللہ کے عاششق تھے لیکن اللہ سے عشق کرنا افراد کا کام ہے قوم کا کام نہیں صاحبو ! ذرا سوچو، ایک خاتون کا عشق فرد کو پاگل کر دیتا ہے اور وہ کسی جوگا نہیں رہتا تو اللہ کا عشق کیا ھوگا؟ شاعر کہتا ہے: ہوش اڑا دیتا ہے اک خاک کے پتلے کا جمال خود وہ کیا ہو گا اسے ہوش میں لانے والا اگر میرے جیسے عام مسلمان بھی اللہ کے عشق میں گرفتار ہو جائیں تو سارا کھیل ہی ختم ہو جائے گا۔ نہ دنیا رہے گی نہ دین رہے گا۔ نہ اسلام رہے گا نہ جزا نہ سزا نہ کچھ۔ سیانے کہتے ہیں اللہ کی طرف ایک قدم بڑھاؤ تو وہ تمھاری جانب دس قدم بڑھاے گا۔ صاحبو ! میرا مخلصانہ مشورہ ہے کے اللہ کی جانب ایک سے زیادہ قدم نہ بڑھانا ورنہ اگر اس نے تمہیں جپھا ڈال لیا تو کسی جوگے نہ رہو گے

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : عائشہ ستار

ساتھی۔۔۔۔ محبوب

بے شک اسے دوست بنا لو، ساتھی بنالو پر اس سے عشق نہ کرنا۔ وہ بہت ہی اچھا دوست ہے، بڑا ہی پیارا ساتھی ہے۔ اس کے حکم کی تعمیل میں پانچ وقت اسے سلام کرو۔ حاضری دو، ضرور دو لیکن صرف حاضری کیونکہ پانچ وقت حاضری دینے سے وہ ساتھی نہیں بنتا۔ ساتھی بنانا ہو تو ہر وقت اسے ساتھ رکھو۔ انگلی لگا کر لیے پھرو۔ پھول کو دیکھو تو کہو، واہ بھئی واہ ! کیا حسین چیز بنائی ہے تو نے۔ گائے کو دیکھو تو گائے کو نہ دیکھو، دیکھو کہ اس نے ایک چلتا پھرتا دودھ کا چشمہ بنا دیا ہے۔ کوئی چیز اس کے حوالے کے بغیر نہ دیکھو۔
کھانا کھانے لگو تو اسے پاس بٹھا لو اور کہو بلے بلے کیا کیا نعمتیں بنائی ہیں تو نے میرے لئے۔ ہر وقت اس کے وجود کا احساس رہے، اس کی کرم فرمائیوں کا احساس رہے، بے شک اس سے گلے شکوے بھی کرو لیکن ساتھی جان کر، اپنا مان کر، بیگانہ جان کر نہیں۔ بے گانہ جانو گے تو وہ بے گانہ بن جائے گا۔ اپنا جانو گے تو وہ اپنا بن جائے گا۔ وہ تو پانی سمان ہے، چاہے کٹورے میں ڈال لو گلاس میں یا رکابی میں۔ نہ نہ نہ اسے محبوب نہ بنانا۔ محبوب بناؤ گے تو وہ محبوبانہ شان دکھائے گا، آزمائے گا، نخرے دکھائے گا، چھیڑے گا۔ اس کی محبوبانہ شان کا متحمل ہو جانا بڑے بڑے صوفیوں بزرگوں کا کام ہے، ہم عام لوگوں کا نہیں۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : فبیہا احمد

ڈر اور پیار

ایک روز میں نے اپنے گرو سے کہا۔ ایک بات پوچھوں؟ بولے پوچھو۔ میں نے کہا اللہ تعالی قرآن میں فرماتے ہیں مجھ سے ڈرو۔
بولے، اچھا ! پھر؟
میں نے کہا، پتہ نہیں کیوں مجھے اللہ سے ڈر نہیں لگتا، حالانکہ میرا ایمان ہے اللہ کے سوا کوئی قوت نہیں ہے، کوئی خوف نہیں ہے، لیکن مجھے ایسا لگتا ہے جیسے وہ بچوں کی طرح معصوم ہو، چھوٹی چھوٹی باتوں پر خوش ہوجاتا ہے۔ مجھے لگتا ہے جیسے وہ ھمارے لیے بے پناہ ہمدردی سے بھرا ہوا ہے۔ اتنا دیالو ہے کہ دینے کے لیے بہانے ڈھونڈتا پھرتا ہے۔
وہ ہنسے، بولے، مفتی ! تم زیادہ سوچا نا کرو، یہ جو سوچیں ہیں یہ گھمن گھیریاں ہیں۔ ڈوبنے دیتی ہیں نا تیرنے۔ بہت سے بھید ایسے ہیں جو سامنے دھرے ہیں مگر ہمیں دکھتے نہیں چونکہ باری تعالی نہیں چاہتے کہ وہ کھل جائیں۔
میں نے کہا، عالی جاہ ! میں تو ڈرنے کی بات پوچھ رہا تھا کہ مجھے اس سے ڈر نہیں لگتا، اس پر پیار آتا ہے۔
بولے، جنہیں ڈر لگتا ہے، وہ بھی خوش قسمت ہیں، جنہیں پیار آتا ہے وہ بھی خوش نصیب ہیں۔
یہ کیا بات ہوئی؟ میں نے چڑ کر کہا۔
مسکرا کر بولے، ڈر بھی ایک تعلق ہے محبت بھی ایک تعلق ہے۔ مطلب تو یہ ہے کہ اس کے ساتھ تعلق قائم رہے۔ سارا کھیل تعلق کا ہے۔ اگر اللہ سے تعلق قائم ہے تو سب اچھا۔ ہماری سرکاری فوج ایکسرسائیز کیا کرتی ہے نا ! آدھی فوج ایک طرف ہوجاتی ہے آدھی دوسری طرف، آدھی سرکاری، آدھی باغی۔ پھر وہ آپس میں باقاعدہ جنگ کرتے ہیں۔ چاہے باغی فوج جیت جائے، چاہے سرکاری۔ ہر صورت میں فتح سرکار کی ہوتی ہے۔ زیادہ سوچوں میں نا پڑو، اس رام لیلا کو دیکھو، دیکھتے رہو۔ یہ جو رنگ ہیں، سب سرکاری ہیں۔ ایک ہی پرزم (prism ) سے نکلتے ہیں۔

پیار

ایک روز میں نے اپنے گرو سے کہا۔ ایک بات پوچھوں؟ بولے پوچھو۔ میں نے کہا اللہ تعالی قرآن میں فرماتے ہیں مجھ سے ڈرو۔
بولے، اچھا ! پھر؟
میں نے کہا، پتہ نہیں کیوں مجھے اللہ سے ڈر نہیں لگتا، حالانکہ میرا ایمان ہے اللہ کے سوا کوئی قوت نہیں ہے، کوئی خوف نہیں ہے، لیکن مجھے ایسا لگتا ہے جیسے وہ بچوں کی طرح معصوم ہو، چھوٹی چھوٹی باتوں پر خوش ہوجاتا ہے۔ مجھے لگتا ہے جیسے وہ ھمارے لیے بے پناہ ہمدردی سے بھرا ہوا ہے۔ اتنا دیالو ہے کہ دینے کے لیے بہانے ڈھونڈتا پھرتا ہے۔
وہ ہنسے، بولے، مفتی ! تم زیادہ سوچا نا کرو، یہ جو سوچیں ہیں یہ گھمن گھیریاں ہیں۔ ڈوبنے دیتی ہیں نا تیرنے۔ بہت سے بھید ایسے ہیں جو سامنے دھرے ہیں مگر ہمیں دکھتے نہیں چونکہ باری تعالی نہیں چاہتے کہ وہ کھل جائیں۔
میں نے کہا، عالی جاہ ! میں تو ڈرنے کی بات پوچھ رہا تھا کہ مجھے اس سے ڈر نہیں لگتا، اس پر پیار آتا ہے۔
بولے، جنہیں ڈر لگتا ہے، وہ بھی خوش قسمت ہیں، جنہیں پیار آتا ہے وہ بھی خوش نصیب ہیں۔
یہ کیا بات ہوئی؟ میں نے چڑ کر کہا۔
مسکرا کر بولے، ڈر بھی ایک تعلق ہے محبت بھی ایک تعلق ہے۔ مطلب تو یہ ہے کہ اس کے ساتھ تعلق قائم رہے۔ سارا کھیل تعلق کا ہے۔ اگر اللہ سے تعلق قائم ہے تو سب اچھا۔ ہماری سرکاری فوج ایکسرسائیز کیا کرتی ہے نا ! آدھی فوج ایک طرف ہوجاتی ہے آدھی دوسری طرف، آدھی سرکاری، آدھی باغی۔ پھر وہ آپس میں باقاعدہ جنگ کرتے ہیں۔ چاہے باغی فوج جیت جائے، چاہے سرکاری۔ ہر صورت میں فتح سرکار کی ہوتی ہے۔ زیادہ سوچوں میں نا پڑو، اس رام لیلا کو دیکھو، دیکھتے رہو۔ یہ جو رنگ ہیں، سب سرکاری ہیں۔ ایک ہی پرزم (prism ) سے نکلتے ہیں۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : فبیہا احمد

شیرے کی انگلی

تذکرہ غوثیہ سے مروی ہے کہ ابلیس کے ایک دوست نے ابلیس سے کہا : یار ! تو تو بڑا سیانا ہے، بڑی سمجھ والا ہے، تونے یہ حماقت کیوں کی؟
کون سی والی؟ ابلیس نے پوچھا۔
بولے انسان کو سجدہ نا کیا، بڑی سرکار کی حکم عدولی کی۔ ابلیس ہنس کر کہنے لگا : ” سبھی اس بھید کو جانتے ہیں، پھر بھی سبھی خوش فہمی میں مبتلا ہیں۔ "
دوست نے پوچھا، کس بھید کی بات کر رہے ہو؟ ابلیس نے کہا، سبھی جانتے ہیں کہ اس کائنات پر صرف بڑی سرکار کا حکم چلتا ہے۔ کسی میں دم مارنے کی سکت نہیں۔ کوئی حکم عدولی نہیں کرسکتا۔ جو کرتا ہے وہ بھی اللہ کی ایما پر کرتا ہے۔ میری کیا مجال تھی کہ میں حکم عدولی کرتا۔ صرف انسان واحد مخلوق ہے جسے حکم عدولی کی توفیق عطا کی گئی ہے۔ بڑی سرکار کا لاڈلا ہے نا اس لیے۔ ہم فرشتے تو حکم کے پابند ہیں۔
ابلیس نے اپنے دوست سے کہا آؤ میں تمہیں تماشا دکھاؤں، یہ سامنے چھوٹی سی بستی جو ہے، اسے دیکھو۔ حکم ہے کہ آج یہ بستی تباہ ہو جائے گی۔ دوست نے دیکھا کہ بستی کے بازار میں حلوائی نے بڑے سے چولہے پر کڑاہی رکھی ہوئی تھی جس میں چاشنی پک رہی تھی۔
ابلیس بولا لو تماشا دیکھو، یہ کہہ کر اس نے چاشنی سے ایک انگلی بھرکر دیوار پر لگا دی۔ چاشنی کی بو سونگھ کر مکھیاں آ گئیں، مکھیوں کو دیکھ کے چھپکلی نے تاک لگائی۔ کڑاہی کے قریب بلی بیٹھی تھی۔ بلی چھپکلی پر جھپٹی، اتفاق سے ایک فوجی ادھر آ نکلا۔ اس کے ساتھ شکاری کتا تھا۔ کتے نے بلی کو جھپٹتے دیکھ کر اسکو جا دبوچا۔ بلی اپنا توازن برقرار نا رکھ سکی اور حلوائی کے کڑاہے میں جا گری۔ حلوائی کو غصہ آیا اس نے کتے کو ایسا کفچہ مارا کہ وہ وہیں ڈھیر ہوگیا۔ سپاہی نے حلوائی کو پکڑ کر مار مار کر اس کا بھرکس نکال دیا۔ اس پر محلے والے نکل آئے اور انہوں نے سپاہی پر حملہ کر دیا۔ سپاہی کی پٹائی کی خبر لشکر میں پہنچی تو وہ گولا بارود لے کر آگئے اور بستی کو تباہ کر دیا۔ یہ دیکھ کر ابلیس نے اپنے دوست سے کہا، دیکھا تم نے، میرا قصور تو اتنا تھا کہ چاشنی کی انگلی دیوار پر لگائی، باقی بکھیڑا کس نے کیا؟ لیکن کرنے والے کا نام کوئی نہیں لیتا۔ لوگوں نے بس مجھے ہی نشانا بنا رکھا ہے۔
صاحبو ! ایک بہت بڑا گھپلا ہوگیا ہے، بہت بڑا بھید کھل گیا۔ روز بروز کھلتا جارہا ہے کہ یورپ اور امریکا کے پڑھے لکھے سمجھدار لوگوں نے جان لیا ہے کہ مستقبل قریب میں اسلام کے سوا کوئی مذہب قابل قبول نا ہوگا۔ جوں جوں لوگ تعلیم یافتہ ہوتے جا رہے ہیں جوں جوں سائنسی تحقیق ترقی کرتی جا رہی ہے، توں توں یہ بات کھل کر سامنے آرہی ہے کہ مذہبی توہمات کے اس بے پناہ جنگل میں صرف اسلام ہی ایک جائے پناہ ہے۔ یہ بات تو عرصہ دراز سے سامنے دھری تھی مگر ہمیں نظر نہ آئی، پتہ نہیں ایسے کیوں ہوتا ہے کہ سامنے دھری نظر نہیں آتی۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : فبیحہ احمد

سامنے دھری

میری اماں کہا کرتی تھی، پتر ! بات کو چھپاؤ نہیں۔ چھپی ہوئی کو لوگ ڈھونڈ لیتے ہیں۔ سامنے دھری کی طرف کوئی دھیان نہیں دیتا۔ چھپانا مقصود ہو تو سامنے دھر دو۔
میں پوچھتا، اماں ! تو نے یہ بات کیسے جانی؟ کہتی، مجھے میری ماں نے سکھائی تھی۔ میری اماں نے مجھے یہ بات سنائی۔ کہنے لگی یہ بات سنی سنائی نہیں، ہڈ بیتی ہے۔
پرانی بات ہے۔ ان دنوں ہم شہر کے ایک مضاف میں رہتے تھے۔ دیہاتی قسم کا گھر تھا۔ گھر میں تین جی تھے۔ بابا تھے اماں تھی اور میں تھی۔ بابا اور اماں دونوں بوڑھے تھے۔ میں ابھی کم سن تھی۔ ہمارے ایک عزیز حج پر جانے لگے تو جاتے ہوئے زیورات کی ایک پوٹلی ہمیں دے گئے کہ اس کی حفاظت کرنا۔ اس زمانے میں نا تو لوہے کے سیف ہوتے تھے نا بینکوں میں لاکر۔ جب رات پڑی تو اماں اور بابا سوچنے لگے کہ پوٹلی کہاں رکھیں۔ بابا نے کہا اسے لکڑی کے بڑے صندوق میں رکھ دو اور تالا لگا دو۔ اماں کہنے لگی نہ نہ ! خدانخواستہ اگر چور آگئے تو سب سے پہلے وہ لکڑی کا صندوق کھولیں گے۔
بابا کہنے لگے تو پھر کہاں رکھو گی اسے۔ اماں کہنے لگی تالے والی جگہ نا رکھوں گی، نا صندوق میں نا الماری میں۔ پھر اماں ساتھ والے کمرے میں گئی جہاں گائے بندھی رہتی تھی اورکونے میں اپلوں کا ڈھیر لگا ہوا تھا۔ اس نے پوٹلی اپلوں کے ڈھیر تلے رکھ دی۔
اماں کی بات سچ ثابت ہوئی اتفاق سے ایسا ہوا کہ ہمارے ہاں واقعی چور آگئے۔ انہوں نے سارے صندوق کھولے الماری پر تالا لگا ہوا تھا اسے بھی توڑ دیا لیکن زیورات کی پوٹلی جوں کی توں اپلوں تلے پڑی رہی۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : مظہر علی انصاری

اللہ کی ریت

صاحبو ! اللہ نے خود اس ریت کو اپنا رکھا ہے۔ ڈال ڈال سے، پات پات سے، ذرے ذرے سے جھانک رہے ہیں۔ لیکن سامنے پڑے پر دھیان نہیں جاتا۔ کراچی کے بزرگ مولوی ایوب جو گلی گلی کپڑا بیجا کرتے تھے، بہت بڑے مفکر تھے۔ سچی بات بے دھڑک کہہ دیتے تھے۔ کہتے تھے ہمارے چاروں طرف وہ براجمان ہیں۔ پتے پتے سے جھانک رہے ہیں لیکن ہمیں دکھائی نہیں دیتے۔ میاں شکر کرو دکھائی نہیں دیتے۔ جو دکھائی دینے لگیں تو سب کچھ سپاٹ ہو کر رہ جائے۔ رنگ رہے نہ روپ، دین رہے نہ دنیا۔ بس اللہ ہی اللہ ہو جائے۔ صاحبو ! ایسا لگتا ہے کہ کچھ ہونے والا ہے کیونکہ سامنے دھری بات لوگوں کو نظر آنے لگی ہے۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : مظہر علی انصاری

مستقبل کا مذہب

خبریں آ رہی ہیں کہ یورپ میں لوگ دھڑادھڑ مسلمان ہوتے جا رہے ہیں۔ یہ خبریں حیرت انگیز ہیں، اس لئے کہ یورپ اور امریکہ میں عرصہ دراز سے اسلام کے خلاف بڑی متعصب رائے عامہ پائی جاتی ہے اور وہاں کی لائبریریوں میں مذہب کے متعلق وافر لٹریچر موجود ہے ماسوائے اسلام کے۔ اس کے باوجود لوگ دھڑادھڑ مسلمان ہوتے جا رہے ہیں۔
9-9-94 کانوائے وقت ہی لیجیے۔ اس میں انگریزی خبروں کے صفحہ میں ایک خبر درج ہے جسے نوائے وقت نے The News سے نقل کیا ہے اور دی نیوز نے لندن کے سنڈے ٹائمز سے لیا ہے۔ خبر تو لمبی ہے مگر اس کا پہلا پیراگراف ملاحظہ ہو؛
LONDON: Thousands of British women are becoming Muslims in a trend that has baffled feminists and caused concern to Christians. Of an estimated 10,000 British converts to Islam over the past decade. Most are single educated women. Doctors, College lecturers and lawyers have converted to the region. That is traditionally seenas being oppressive to women, says a report in Sunday times.
صاحبو! یہ جو میں نے کہا ہے کہ ایک بہت بڑا بھید کھل گیا ہے، روز بہ روز کھلتا جا رہا ہے کہ ساری دنیا کے پڑھے لکھے سمجھدار لوگوں نے یہ جان لیا ہے کہ مستقبل قریب میں اسلام کے سوا کوئی مذہب قبول نہ ہوگا۔ یہ بات صرف میں ہی نہیں کہہ رہا، میری کیا حیثیت ہے کہ اتنی بڑی بات کہہ دوں، دنیا کے بڑے بڑے با حیثیت عالم نو مسلم یہ بیانات دے رہے ہیں۔ مثلاً چند ایک بیانات سے مختصر اقتباسات پیش کرتا ہوں۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : مظہر علی انصاری

جاپان کے مسٹر موری، امریکہ کے نامور مفکر اور اہل قلم پروفیسر بینل

جاپان کے مسٹر موری:
ان کا اسلامی نام علی محمد موری ہے۔ انھوں نے 1960میں اسلام قبول کیا تھا۔ لکھتے ہیں کہ : میں پورے وثوق کے ساتھ کہتا ہوں کہ دنیا کو جتنی ضرورت اسلام کی آج ہے، شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ اگر دنیا اسلام کی نعمت کو قبول کر لے تو سرزمین ارضی امن و راحت کا لازوال نمونہ بن سکتی ہے اور دکھوں اور بلاؤں میں گھرا ہوا یہ کرہ باغ جنت میں تبدیل ہوسکتا ہے۔
امریکہ کے نامور مفکر اور اہل قلم پروفيسر بینل:
ان کا اسلامی نام عبداللہ بینل ہے۔ لکھتے ہیں : موجودہ سائنسی دور میں اسلام ہی ایک ایسا مذہب ہے جو ترقی یافتہ دنیا کا ساتھ دے سکتا ہے۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : مظہر علی انصاری

امریکہ کے مسٹر مفر، جرمنی کے ڈرک والٹر موسگ

امریکا کے مسٹر مفر :
ان کا اسلامی نام سلیمان شاہد مفر ہے۔ ایک بڑے پر جوش پادری تھے۔ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے ایک بیان میں کہا : حقیقت یہ ہے کہ امریکہ کے ہر باشندے کو اسلام کی صحیح صورت دکھانے کی ضرورت ہے۔ آج تک مغرب میں اسلام کو اس کی حقیقی شکل میں نہیں دکھایا گیا۔ یہاں لوگ عیسائیت اور یہودیت ایسے بے جان مذاہب سے اکتائے بیٹھے ہیں مگر انہیں کوئی راستہ دکھائی نہیں دے رہا۔ اب وقت آگیا ہے کہ اسلام کی دعوت حکمت اور جرأت سے دی جائے۔ تب یہ امر یقینی ہے کہ مغرب کا مستقبل اسلام سے وابستہ ہو جائے۔
جرمنی کے ڈرک والٹر موسگ :
ان کا اسلامی نام سیف الدین ہے۔ کٹر رومن کیتھولک تھے۔ مذہب سے بے حد شغف تھا۔ پادری بن کر زندگی بسر کرنے کا فیصلہ کر چکے تھے۔ اپنے بیان میں لکھتے ہیں : قرآن کے بارے میں میری رائے ہرگز اچھی نہ تھی۔ کھولا تو دل و دماغ پر نفرت اور حقارت کے جذبات مسلط تھے۔ ارادہ یہ تھا کہ اس کے موضوعات کی خوفناک غلطیوں، مضحکہ خیز تضادات، بے بنیاد اوہام اور کفریات کی نشاندہی کروں گا لیکن جوں جوں میں قرآن پڑھتا گیا، میرا دل اس کی سچائی سے مسحور ہوتا گیا اور بالآخر میں نے اسلام قبول کر لیا۔ میں پورا یقین رکھتا ہوں کہ جو شخص بھی قرآن کو سمجھ کر پڑھے گا، وہ اسلام قبول کر لے گا۔ انشاءاللہ۔ سلامت طبع رکھنے والا غیر متعصب شخص قرآن کو پڑھ کر بے دینی کے اندھیروں میں رہ سکتا ہی نہیں۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : مظہر علی انصاری

انگلستان کے ایچ ایف فیلوز، انگلستان کے ڈاکٹر شیلڈرک

انگلستان کے ایچ ایف فیلوز :
برطانیہ کے شاہی بیڑے میں ملازم تھے۔ اپنے بیان میں لکھتے ہیں : اسلام ایک مرتبہ پھر بیدار ہو رہا ہے۔ یہ چیز ثابت ہوتی جارہی ہے کہ صرف اسلام ہی عہد حاضر کے تقاضوں کو ساتھ لے کر انسان کی رہنمائی کر سکتا ہے۔ باقی سارے مذاہب اور نظریے اپنی حیثیت کھو چکے ہیں۔
انگلستان کے ڈاکٹر شیلڈرک :
اسلامی نام خالد شیلڈرک ہے۔ 17 سال کی عمر میں اسلام قبول کیا۔ انہوں نے دیکھا کہ عیسائی مصنفین بے وجہ اور بے ضرورت اسلام کی تذلیل کے درپے ہیں۔ اس پر انہیں خیال آیا کہ وہ اسلام سے اس قدر خائف کیوں ہیں؟ وجہ جاننے کے لیے انہوں نے اسلام کا مطالعہ کیا۔ اس مطالعے کا نتیجہ یہ نکلا کہ انہوں نے جان لیا کہ عیسائی اور یہودیوں نےمل کر اسلام کے خلاف سازش کر رکھی ہے۔ چنانچہ انہوں نے اسلام قبول کر لیا اور کہا : آج کون انسان ایسا ہوگا جو بدھ مت کا بھکشو بن کر در بدر بھیک مانگتا پھرے یا یسوع کی طرح دشت نوردی میں زندگی بسر کرے۔ آج اسلام جیسے مذہب کی ضرورت ہے جو انسان کو زندگی کی باوقار اور منفرد راہیں دکھائے۔ میں یقین سے کہتا ہوں کہ انشاء اللہ ایک دن تمام دنیا اسلام کا پرچم تھام لےگی۔
صاحبو ! یہ چند بیانات ڈاکٹر عبدالغنی فاروق کی کتاب ” ہم کیوں مسلمان ہوئے ” سے اخذ کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب نے اس کتاب میں 85 نو مسلموں کے بیانات شائع کیے ہیں۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : زاہد ملانہ

عجیب و غریب قصے

پرانے مذہبوں نے تخلیق کائنات کے متعلق عجیب و غریب قصے رائج کر رکھے تھے۔ کوئی کہتا دیوتاؤں نے ایک انڈا بنایا تھا۔ پھر اس انڈے کو چھوڑ دیا۔ اوپر کا حصہ آسمان بن گیا اور نچلا زمین۔ کوئی کہتا کہ اوپر زبردست آگ سلگ رہی ہے۔ ہمیں اس آگ سے بچانے کے لیے دیوتاؤں نے آسمان کی ڈھال بنا کر ہمارے اوپر پھیلا دی ہے۔ تاکہ ہم محفوظ رہیں اس ڈھال میں جگہ جگہ سوراخ ہیں۔ ان سوراخوں سےاوپر کی آگ کی جھلکیاں ہمیں دکھائی دیتی ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ تارے ٹمٹما رہے ہیں۔ زمین کے متعلق یہ خیال عام تھا کہ یہ تھالی کی طرح چپٹی ہے اور ایک بیل نے اسے سینگوں پر اٹھا رکھا ہے۔ جب کبھی بیل پاسا پلٹتا ہے تو زمین ہلتی ہے اور بھونچال آ جاتا ہے۔ کوئی کہتا ہے کہ زمین ساکن ہے اور سورج اس کے گرد گھومتا ہے۔ یونانی کہتے تھے کہ سورج ایک بڑا روشن تھال ہے جسے اپالو دیوتا نے اپنی رتھ پر رکھا ہوا ہے۔ رتھ کے آگے گھوڑے جتے ہوئے ہیں۔ اپالو روز اپنی رتھ میں بیٹھ کر زمین کے گرد چکر لگاتا رہتا ہے۔ اس زمانے میں کوئی مفکر کائنات یا زمین کے متعلق کوئی اور خیال پیش کرتا تو مذہبی اجارہ دار اسے پکڑ لیتے کہ یہ شخص باغیانہ خیالات کا مالک ہے۔ لوگوں کے دلوں میں شکوک پیدا کر رہا ہے۔ ملحدانہ خیالات پھیلا رہا ہے۔ اس پر باقاعدہ مقدمہ چلایا جاتا اسے مذہبی پروہتوں کے کورٹ میں پیش کیا جاتا۔ اسے یا تو سنگسار کر دیا جاتا یا قتل کر دیا یا زہر دے دیا جاتا۔
یونانی دور کے بعد بھی یہ رسم صدیوں جاری رہی۔ عیسائی راہبوں نے بھی اپنی اہمیت اور عظمت قائم رکھنے کے لیے مفکروں کو ایسی سزا دی جنہیں سن کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ حالانکہ عیسائیت میں کائنات کے متعلق ایسے مفروضوں کا جواز موجود نہ تھا جو پروہتوں نے رائج کر رکھے تھے۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : زاہد ملانہ

انوکھا مذہب

قرآن کا نزول براہمنوں، پروہتوں اور پادریوں پر بم کی طرح گرا۔ ارے یہ کیسا مذہب ہے جو صدیوں پرانے جانے پہچانے مانے ہوئے اعتقادات کو رد کر رہا ہے۔ جو لوگوں کو علم، عقل اور تحقیق کے راستے پر چلنے کی ہدایت کر رہا ہے۔ جانے بغیر ماننے کی رسم کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ مذہبی اجارہ داری کو نہیں مانتا۔ جو اپنے دین کے عالموں کو کوئی مقام نہیں دیتا۔ دنیا بھر کے براہمنوں، پروہتوں اور پادریوں کو اپنی اجارہ داری خطرے میں پڑتی نظر آئی۔ خصوصاََ پادریوں کو۔ ان دنوں پادریوں اور راہبوں کی حکومت تھی۔ وہ اتنے طاقت ور تھے کہ بڑے بڑے بادشاہوں سے ٹکر لینے سے نہیں گھبراتے تھے۔ لوگوں پر حکومت چلاتے تھے۔ پادری اسلام سے خوفزدہ ہو گئے۔ اس لیے انہوں نے مسلمانوں کے خلاف شدت سے پروپیگنڈا کر نا شروع کر دیا کہ یہ قوم جو خود کو مسلمان کہتے ہیں۔ وحشی قوم ہے۔ اپنے مذہب کو تلوار کے زور پر پھیلا رہی ہے۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : زاہد ملانہ

سائنسی اشارات

قرآن تخلیق کائنات کے متعلق کھل کر بات نہیں کرتا۔ مختصر اشارات دیتا ہے اور کہتا ہے کہ ان اشارات کے مطابق تحقیق کرو اور حقیقت کو جان لو۔ مثلاً قرآن کائنات کے متعلق ایسے اشارات دیتا ہے کہ:
1- آسمان اور زمین پہلے دھواں ہی دھواں تھے۔
2- آسمان اور زمین آپس میں جڑے ہوئے تھے۔
3- ہم نے ان کو ایک دوسرے سے جدا کیا۔
4- ستارے آسمان میں بغیر کسی سہارے کے معلق ہیں۔ تیر رہے ہیں
5- آسمان ستونوں کے بغیر قائم ہے۔
6- آسمانوں اور زمینوں کو ایک دوسرے سے جدا کرنے کے لیے ہم نے ایک دھماکا کیا، ایسا زور دار دھماکا کہ جس کی طاقت ابھی تک ختم نہیں ہوئی۔ آج بھی وہ زمینوں اور خلا کو دھکیلے جا رہا ہے۔ فضا پھیل رہی ہے۔
صدیوں کی تحقیق کے بعد سائنس بھی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ ابتدا میں دھواں ہی دھواں تھا۔ پھر ایک دھماکا ہوا اور اس دھماکے کی قوت ابھی تک جاری ہے۔ سائنس آج اسی نتیجے پر پہنچی ہے جس کی نشان دہی قرآن نے چودہ صدیاں پہلے کر دی تھی۔ سائنس اور قرآن میں صرف ایک فرق ہے۔ سائنس سمجھتی ہے کہ یہ کائنات خود بخود حادثہ کے طور پر ظہور میں آئی ہے۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : زاہد ملانہ

سائنس کی آوارگی

قرآن نے پہلے ہی ہمیں خبردار کر دیا تھا کہ دیکھو اللہ کے حوالے کے بغیر کائنات کو سمجھنے کی کوشش نہ کرنا ورنہ بھٹک جاؤ گے۔ سائنسدان اللہ کے حوالے کے بغیر کائنات کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی لیے بھٹکے ہوئے ہیں اور کبھی منزل پر نہیں پہنچ سکتے۔ یورپین سائنسدان مذہب سے غالباً اس لیے بیزار ہوئے بیٹھے ہیں کہ مذہب کے اجارہ داروں نے ہمیشہ انہیں لعن طعن کی اور سیدھی راہ سے بھٹکے ہوئے گمراہ لوگ قرار دیا۔ آج کے سائنسدانوں کو اس بات کا علم ہی نہیں کہ اسلام ایک ایسا مذہب ہے جو علم و تحقیق کا شدت سے قائل ہے اور قرآن ایک ایسی کتاب ہے جس کا نواں سائنسی اشارات پیش کرتا ہے اور قاری کو مائل کرتا ہے کہ ان اشارات کے مطابق تحقیق کرے۔ سائنسدانوں میں ایک وصف ہے کہ چاہے وہ کسی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں یا مذہب سے بے نیاز ہوتے ہوں چاہے وہ کسی ملک یا قوم سے تعلق رکھتے ہیں وہ علم سے متعلق مخلص ہوتے ہیں۔ جو بات سائنسی طریقہ کار کے مطابق حقیقت بن کر سامنے آ جائے، اس سے انکار نہیں کرتے بلکہ سچے دل سے تسلیم کر لیتے ہیں۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : زاہد ملانہ

علمائے دین۔۔۔۔۔۔۔ بھڑوں کا چھتہ

ہماری پرابلم صرف یہ تھی کہ یورپی سائنسدانوں کو قرآن کے سائنسی اشارات مہیا کرتے۔ علمائے دین کا فرض تھا کہ یورپ میں قرآن کی اشاعت کرتے لیکن ہمارے علمائے دین تو آپس کے اختلافات میں اس بری طرح سے پھنسے ہوئے ہیں کہ انہیں ایسے کام کی توفیق ہی نہیں۔
1968 میں جب میں حج کرنے گیا تو اسی سال حکومت پاکستان نے چند علمائے دین کا ایک وفد سرکاری خرچ پر حج کرنے بھیجا تھا۔ سعودی عرب میں چار ایک مقام پر ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے۔ جہاں بھی علماء کی گاڑی کو ٹیکس کے لیے روکا گیا علماء نے جھگڑا کرنا شروع کر دیا کہ ہم سرکاری مہمان ہیں۔ لہٰذا ہم ٹیکس ادا نہیں کریں گے۔ اس پر ٹول ٹیکس کے سٹاف نے چندہ کرکے خود ٹیکس ادا کیا کیونکہ وہاں کوئی ٹیکس سے مستثنیٰ نہیں۔ پھر مدینہ منورہ میں مجھے علماء کے وفد سے ملنے کا اتفاق ہوا۔ مسجد نبوی عام طور پر رات کو مقفل کر دی جاتی ہے۔ کبھی کبھار خصوصی مہمانوں کی درخواست پر اسے چند گھنٹوں کے لئے کھول دیا جاتا ہے۔ حکومت پاکستان کی درخواست پر مسجد نبوی کو علمائے کرام کے لیے کھول دیا گیا۔ وہاں عجیب صورتحال دیکھنے میں آئی۔ وہاں علماء کے ذاتی اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔ بھن بھن کرتا بھڑوں کا چھتہ چھڑ گیا۔ کوئی کسی کی امامت میں نماز پڑھنے کے لئے تیار نہ تھا۔ جس کو مسجد کا جو مقام ہاتھ آیا، اس نے اس پر قبضہ جما لیا اور کسی دوسرے کو وہاں آنے کی اجازت نہ دی۔ اس کے برعکس بزرگانہ رویہ کیا تھا۔ ایک روز حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی جالی تک ہماری رسائی ہو گئی۔ ابھی میں پڑھ ہی رہا تھا کہ قدرت اللہ شہاب بولے یہاں زیادہ دیر مت رکو، دوسروں کی حق تلفی ہوتی ہے۔ اس روز اپنے راہبروں کو نفسا نفسی عالم میں دیکھ کر میں نے محسوس کیا کہ ہمارے مبلغوں کا یہ حال ہے تو ہمارا کیا بنے گا؟ بہرحال ان سے یہ توقع رکھنا کہ وہ تبلیغ اسلام کریں گے، کار لاحاصل ہے۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : مریم جگنو

تبلیغِ اسلام

ہمارے ہاں تبليغ اسلام کے لئے بہت سی جماعتيں کام کر رہی ہیں۔ مجھے آج تک سمجھ نہیں آیا کہ ان کے ذہن میں تبليغ اسلام کا کیا مفہوم ہے۔ عام طور پر دیکهنے میں آیا ہے کہ تبليغی لوگ کچے مسلمان بنانے کی کوشش میں مصروف رہتے ہیں۔ وہ نماز راٸج کرنے کی تبليغ کرتے ہیں۔ ہمارے محلے کی مسجد کے لوگ اتنی بڑی بڑی داڑھیاں لگائے، عمامے پہنے سال میں ایک دو بار گھر گھر جاتے ہیں دروازے بجاتے ہیں اور صاحب خانہ کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ مسجد میں آ کر نماز پڑھا کریں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ نماز پڑھنے سے بندہ پکا مسلمان ہو جاتا ہے۔ میں مانتا ہوں کہ نماز شریعت کا ایک اہم رکن ہے لیکن انھوں نے اسلام کو داڑھی رکھنے، تسبیح چلانے اور نماز پڑھنے تک محدود کر رکھا ہے۔ در پردہ ان کا مقصد یہ ہے کہ مسجد مرکز بن جائے۔ اور مولوی صاحب کی اہمیت اجاگر ہو۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : مریم جگنو

سائنس دانوں سے مشورے

چاہیئے تو یہ کہ قرآن میں جتنے سائنسی اشارات ہیں۔ سب کو ایک جگہ جمع کر کے بڑے بڑے سائنس دانوں کو بھیج دیے جائیں اور ان سے درخواست کی جائے کہ ان کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟ یہ طرز عمل قرآن کے حکم کے عین مطابق ہے۔ قرآن کہتا ہے کہ اگر بات تمہاری سمجھ میں نہ آئے تو ان سے پوچھ لو جو علم رکھتے ہیں۔
حال ہی میں سعودی عرب کے شہر ریاض میں دو بھائیوں نے Foetus کے مطلق جو قرآن میں لکھا ہوا تھا وہ اکٹھا کیا اور دور حاضر میں foetus کے specialist ایک غیر مسلم ساٸنس دان کو بھیج دیا۔ اس ساٸنس دان کا نام تھا کیتھ مور۔ کیتھ مور یونیورسٹی آف ٹورینٹو میں پروفیسر تھا۔ اس نے foetus پر بڑا کام کیا تھا اور بہت ساری کتب لکھی تھیں جو ٹیکسٹ بکس کے طور پر پڑھائی جا رہی تھیں۔ دونوں بھائیوں نے کیتھ مور کی ہر طریقے سے مدد کی۔ عربی الفاظ کا مفہوم سمجھایا۔ دراصل کیتھ کے لئے ایک مشکل آن پڑی۔ قرآن میں لکھا ہے کہ ابتدائی دور میں foetus ایک چھوٹی سی جونک کی طرح ماں کے رحم کی دیوار سے چپکا ہوتا ہے۔ کیتھ مور نے کبھی جونک نہ دیکھی تھی اس لئے zoology کےمحکمے کی طرف گیا۔ وہاں جا کر اس نے جونک دیکھی۔ اس کی تصاویر کھینچیں۔
کیتھ کہتا ہے کہ میں تو حیرت زدہ رہ گیا کیونکہ قرآن نے foetus کی جو تصویر کھینچی تھی وہ بالکل صحیح تھی۔ حقيقت کے عین قریب تھی اس کے بعد کیتھ نے اپنی تمام تصانیف پہ نظر ثانی کی۔ اور foetus کی نئی تصویر کتابوں میں شامل کی۔
جب کیتھ نے ٹورینٹو میں اس پر بیان دیا تو ایک ہلچل مچ گئی پڑھے لکھے ریسرچ کے پروفيسر بے حد حیران ہوئے۔ اخباروں میں خبریں چھپیں جلی سرخیوں میں لیکن اخباری لوگ اخباری ہوتے ہیں انھوں نے جو سرخی چھاپی وہ ان کی ذہنیت کی مظہر تھی۔ انھوں نے لکھا۔
surprising thing found in anicient prayer book.
اخبار والے بھی سچے تھے انھوں نے سمجھا کہ قرآن ایک مذہبی کتاب ہے اور مذہبی کتابوں میں یا تو نمازیں ہوتی ہیں یا دعائيں۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : مریم جگنو

قرآن مذہبی کتاب نہیں

کینیڈا کے اخبار نویسوں کا قصور نہیں۔ قصور ہمارا ہے کہ ہم اب تک اہل مغرب کو یہ بات نہیں بتا سکے کہ قرآن کیسی کتاب ہے۔ وہ مسلمانوں سے نہیں بنی نوع انسانوں سے مخاطب ہے۔ صاحبو ! میں شرمندگی محسوس کر رہا ہوں اس بات پہ کہ ایک نو مسلم گورے نے مجھے قرآن سے متعارف کیا۔ ہمارے ہاں قرآن پر سینکڑوں کتابیں موجود ہیں لیکن یا تو وہ ایسے عالمانہ انداز میں لکھی گئی ہیں کہ ماڈرن ذہن کو اپیل نہیں کرتیں۔ یا ان کا بیان اس قدر جذباتی ہے کہ وہ ماڈرن ذہن پر الٹا Reaction پیدا کرتی ہیں۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : مریم جگنو

تبلیغ

سارا قصور ہماری تبليغ کا ہے۔ ہم میں وہ مشنری سپرٹ نہیں جو عیسائی مبلغوں میں ہے۔ وہ اپنی ساری زندگی تبلیغ کے لئے وقف کر دیتے ہیں۔ دور دراز اجنبی ملکوں میں جا کر رہتے ہیں عوام میں گھل مل جاتے ہیں۔ مذہب کی بات نہیں کرتے۔ تقریریں نہیں جھاڑتے۔ بحثیں نہیں کرتے۔ مناظرے نہیں کرتے۔ صرف لوگوں کی خدمت کرتے ہیں لوگوں کو دوا دیتے ہیں۔ مایوسوں کو امید دلاتے ہیں۔ دکھیوں کے دکھ بانٹتے ہیں۔ نیچ ذات والوں کو مساوات دیتے ہیں۔ پاس بٹھاتے ہیں اپناتے ہیں۔ ان کے برتاؤ کا لوگوں پہ اتنا خوشگوار اثر پڑتا ہے کہ لوگ خود بخود عیسائیت قبول کر لیتے ہیں۔
دراصل یہ طریقہ کار صوفیوں کا تھا۔ جو عیسائیوں نے اپنا لیا ہے۔ صاحبو میں بھی احمق ہوں جو تبليغ کی بات کر رہا ہوں۔ جب اصل ہی راہزنوں کے ہاتھ لٹ رہا ہے تو منافع کی بات کیا کرنا۔ ہمارے راہبر خود اسلام مسخ کر رہے ہیں۔ اسے ریچوال بنائے جا رہے ہیں انھوں نے اسلام کو جسم کی شکل دے رکھی ہے۔ روح کو نظر انداز کر رکھا ہے۔ ان کا تبليغ کا انداز جارحانہ ہے۔ ان میں شدت ہے وہ حکم چلاتے ہیں۔ حالانکہ قرآن کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ حکم نہیں چلاتا۔ authoritarian نہیں۔ مذہب کے معاملے میں ہمارے مبلغ جذباتی ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ مذہب کے معاملے میں جذباتی ہونا ایک وصف ہے۔

باب 10 : گلاب کا پھول

ٹرانسکرپشن : مریم جگنو

شدت

میں بھی عقيدت میں جذباتی ہونے کو ایک وصف سمجھا کرتا تھا۔ میں سمجھتا تھا کہ جذباتیت میں محبت ہے۔ لگن ہے۔ خلوص ہے۔ میرے بابا مجھے منع کرتے تھے وہ کہتے تھے۔ دیکھ مفتی، عقیدت نا پال عقیدہ پال۔ جواب میں میں کہتا میرے اندر تو عقیدت ہی ہے۔ تو کہتے پھر حضور اعلی ﷺ سے عقیدت لگا۔ عقیدہ خود سنور جاٸے گا۔ ان دنوں میرے بابا کے ایک دوست تھے بڑے بزرگ تھے۔ وہ مجھے بے حد پسند تھے ان میں بڑا جذبہ تھا۔ رنگ تھا۔ حضور ﷺ سے والہانہ عشق تھا۔ کھل کر بات کر دیتے تھے۔ بزرگو ں کی طرح پہیلیاں نہیں بجھواتے تھے۔ ایک روز میں نے اپنے بابا سے بات کی۔ میں نے کہا مجھے آپ کے بزرگ دوست بہت پسند ہیں۔ اس لئے کہ ان میں بڑا جذبہ ہے بڑا خلوص ہے۔
بابا نے کہا جذباتیت تو کوٸی اچھی چیز نہیں۔
it is a disqualification
ارے، میں گھبرا گیا۔ چونکا۔۔۔ وہ کیسے؟
کہنے لگے حضور ﷺ کو پسند نہیں تھی۔ فرماتے تھے حد میں رہو۔ حدیں پار نہ کرو۔ اسلام اعتدال پسندی کا نام ہے۔ توازن کا نام ہے شدت مسلمانوں کا شیوہ نہیں ہونا چاہیے۔ اسلام ٹھنڈے میٹھے لوگوں کو پسند کرتا ہے۔ اس کے برعکس آج اہل مغرب سمجھتے ہیں کہ مسلمان تشدد پسند قوم ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اسلام کے اجارہ داروں کا رویہ شدت بھرا ہے اور وہ شدت جنریٹ کرتے ہیں۔

Back to top button