یونیکوڈ کتابیں

تلاش

باب 11 — پلاؤ کی دیگ

تلاش — ممتاز مفتی، کتاب کا سرورق

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : منیب احمد

اگر یہ تسلیم کر لیا جائے کہ ہمارے ہاں جو اسلام مروج ہے٬ وہ قرآنی اسلام نہیں بلکہ ان پڑھ اجارہ داروں کی خود ساختہ روایات٬ خوش اعتقادیاں اور توہمات کا ملغوبہ ہے تو بڑے بھیانک سوالات پیدا ہوتے ہیں :
1- پہلا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہم خود کو مسلمان سمجھتے ہیں٬ کیا واقعی مسلمان ہیں؟
2- کیا صرف نمازیں پڑھنے سے اور روزے رکھنے سے فرد مسلمان بن جاتا ہے؟
3- کیا اسلام ایک ریچوال کا نام ہے جس پر عمل کرنے کے بعد ہمیں مکمل آزادی ہے کہ جھوٹ بولیں ٬ دھوکہ دیں٬ منافقت روا رکھیں جسے مہذب دنیا ڈپلومیسی کہتی ہے٬ ہیرا پھیریاں کریں جسے آج سیاست کا نام دیا جاتا ہے؟
4- کیا انا پرست حاکموں اور خود ساختہ ان پڑھ مذہبی رکھوالوں کی من مانیوں کے خلاف کلمۂ حق نہ کہنا اخلاقی جرم نہیں؟

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : منیب احمد

آلنا

صاحبو ! یہ سوالات بہت خوفناک ہیں۔ ان پر ہم سنجیدگی سے غور نہیں کرتے۔ کریں تو ہمارے پاؤں تلے سے زمین نکل جائے٬ چڑیا کے بوٹ (بچے) کی طرح ہم آہلنے سے گر جائیں۔ ہر شخص نے اپنے متعلق خوش فہمیوں کا آلنا بنایا ہوا ہے۔ یہ آلنا ہمارے لیے باعثِ سکون ہوتا ہے٬ باعث اطمینان ہوتا ہے٬ باعثِ تحفظ ہوتا ہے۔ یہ خوش فہمیاں ہمیں خود راضی رکھتی ہیں۔ صاحبو ! جینے کے لیے خود سے راضی رہنا ضروری ہے۔
ہمیں حالات سے شکایت ہوتی ہے٬ خود سے نہیں٬ چاہے ہمارا کردار کتنا ہی ٹیڑھا کیوں نہ ہو۔ یقین کیجیے کہ ہمارے رہبر ہم سے رنجیدہ خاطر ہیں کہ ہم اسلامی اصولوں پر نہیں چلتے۔ وہ خود پر بہت راضی ہیں۔ انھیں کبھی خیال نہیں آیا کہ انھوں نے بڑی نیک نیتی سے اسلام کو ریچوال میں تبدیل کر رکھا ہے۔
دراصل یہ نیک نیتی خوش فہمی کی پیداوار ہے جسے آجکل Wishful Thinkig کہتے ہیں۔ سب سے بڑی خوش فہمی جو راہبروں میں پیدا ہوتی ہے ٬ یہ ہے کہ میں جانتا ہوں۔ مجھے علم ہے٬ میں عالم ہوں۔ جو سمجھتا ہے کہ میں جانتا ہوں ٬ اس میں مزید جاننے کی خواہش پیدا نہیں ہوتی۔ دوسروں کی بات سننے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ دوسری خوش فہمی یہ کہ چونکہ میں جانتا ہوں ٬ اس لیے میرا فرض ہے کہ عوام (جو کہ نہیں جانتے) کو سیدھے راستے پر چلنے کی تلقین کروں۔
صاحبو ! ایسے ہی ہوتا ہے۔ ہر مذہب کے ساتھ ایسے ہوا۔ پہلے Revelation آیا٬ پھر Revolation آ گیا اور بالآخر Superstition چھا گیا۔ پہلے الہامی باتیں ہوتی ہیں ٬پھر تعمیری انقلاب ہے۔ اس کے بعد اجارہ دار آ جاتے ہیں اور پھر ریچوال معجزات٬ کرامات٬ توہمات۔ اجارہ داروں کی آمد کے بارے میں کسی صاحب ذوق نے کیا خوب لطیفہ لکھا ہے۔ کہتے ہیں:

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : منیب احمد

بھوں بھوں

ایک شام پروانوں کی بستی میں ایک بھڑ بھوں بھوں کرتا آگیا۔ پروانوں نے پوچھا٬ آپ کون ہیں؟ بھڑ بولا ٬ میں بھی پروانہ ہوں۔ پروانے بہت حیران ہوئے٬ ایسا بھوں بھوں کرنے والا پروانہ انھوں نے پہلے کبھی دیکھا نہ تھا۔ کہنے لگے٬ میاں ! آپ یہاں انتظار کریں٬ ہم اپنے بڑے بوڑھوں سے پوچھ آئیں۔ بڑے بوڑھوں نے کہا ٬ یہ بتاؤ کہ وہ جو خود کو پروانہ کہتا ہے ٬ وہ ہے کیسا؟
پروانے بولے٬ دیکھنے میں عجیب سا ہے٬ رنگ بسنتی ہے اور بھوں بھوں کرتا ہے۔
بڑے بوڑھوں نے جھانک کر نووارد کو دیکھا تو بڑے حیران ہوئے۔ بولے٬ یہ تو کوئی عجیب سی شے ہے ٬ پروانہ نہیں لگتا۔ اندر سے ایک بوڑھا پروانہ بولا٬ نہ میاں ! جلد بازی نہ کرو٬ کیا پتا پروانہ ہی ہو۔ بڑے بولے٬ بابا ! وہ تو ہم سے بالکل ہی مختلف ہےاور پھر بات یوں کرتا ہے جیسے دھونس دے رہا ہو۔ بوڑھا بولا : میاں آج کل ساری چیزیں ادل بدل رہی ہیں٬ اس لیے یقین سے کچھ کہا نہیں جا سکتا۔ پروانے بولے ٬ تو کیا کریں بابا؟
بابا نے کہا٬ جا کر اس سے کہو کہ بھائی پروانے ! پہلے شہر جا٬ جا کر دیکھ آ شہر میں تمام بتیاں روشن ہو گئی ہیں۔ پروانوں نے بھڑ سے کہا٬ بھائی ! پہلے شہر جا٬ جا کر دیکھ آ کہ شہر میں تمام بتیاں جل رہی ہیں کیا۔ آدھ گھنٹے بعد بھڑ بھوں بھوں کرتا ہوا واپس آ گیا۔ کہنے لگا٬ شہر میں تمام بتیاں جل رہی ہیں٬ جگ مگ ہو رہی ہے۔ آج عالم اسلام میں اکثر پروانے ایسے ہیں جو بڑی خوشی سے بھوں بھوں اعلان کرتے ہیں کہ شہر میں بتیاں روشن ہیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے جگ مگ ہو رہی ہے۔
صاحبو ! یہ کوئی انوکھی بات نہیں٬ ہر مذہب کے ساتھ ایسا ہی ہوا ہے۔ جس طرح ہمارے ہاں ہر نئی حکومت کے ساتھ جیالے آ جاتے ہیں٬ اسی طرح ہر نئے مذہب کے ساتھ رکھوالے آ جاتے ہیں۔ اور جناب سیدھی بات ہے کہ رکھوالے ہمیشہ یہی کوشش کریں گے کہ عوام کو بھیڑیں بنائے رکھیں تا کہ ان کی اجارہ داری قائم رہے۔ ہندو آیا تو ساتھ برہمن آ گئے۔ پھر منو جی نے مستقل بنیادوں پر براہمنوں کی اجارہ داری قائم کر دی۔ ہیومن سوسائٹی کو ذاتوں میں تقسیم کر دیا۔ براہمنوں کو دیوتاؤں کا درجہ دینے کے لیے چھوت کی رسم چلا دی۔ ہندی سوسائٹی کا ایک بہت بڑا حصہ نیچ بنا دیا گیا۔ ہریجن اور غیر ہندو سبھی Untouchables قرار دے دیے گئے۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : منیب احمد

دھرم بھرشٹ

1932ء میں جب دھرم سالہ کے گورنمنٹ مڈل سکول میں پڑھاتا تھا تو مجھے چھوت کے صحیح معنوں کا علم ہوا۔ دھرم سالہ اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں ہندو اکثریت تھی۔ سکول میں صرف دو لڑکے مسلمان تھے۔ میری مشکل یہ ہے کہ میں بہت پیاسا ہوں۔ ہر دو چار گھنٹوں کے بعد مجھے پانی کی طلب ہوتی ہے۔ ایک روز جب جماعت کا واحد مسلمان لڑکا چھٹی پر تھا٬ میں نے ایک ہندو لڑکے سے کہا کہ مجھے ایک گلاس پانی لا دو۔ وہ سر جھکا کر کھڑا ہو گیا۔ میں نے اس سے پوچھا کہ تم پانی کیوں نہیں لائے؟ وہ بولا سر میرا دھرم بھرشٹ ہو جائے گا۔
میں نے اسے سمجھایا کہ میاں دھرم بھرشٹ تب ہوتا ہے جب تم میرے ہاتھ سے پانی پیو٬ مجھے پانی پلانے سے نہیں ہوتا۔ میرے سمجھانے کے باوجود لڑکے نے پانی پلانے سے انکار کر دیا۔ سر ! میرا دھرم بھرشٹ ہوئے جائے۔ پھر دفعتاً بات میری سمجھ میں آ گئی کہ مسلمان اکثریت کے علاقوں میں مسلمان کے ہاتھ سے کھانے سے دھرم بھرشٹ ہوتا ہے لیکن ہندو اکثریت کے علاقے میں مسلمان کو کھانے پلانے سے بھی دھرم بھرشٹ ہوتا ہے۔
تقسیم کے بعد پہلی مرتبہ جب میں بھارت کے دارالحکومت دلی میں گیا تو حیران رہ گیا۔ ارے یہ میں کیا دیکھ رہا ہوں ! کیا یہ دلی شہر ہے؟ میں کسی اور جگہ تو نہیں آ گیا۔ کیا ہندو بدل گیا ہے۔ نہیں٬ نہیں٬ یہ نہیں ہو سکتا٬ ہندو کبھی نہیں بدل سکتا۔ ہندو نے چھوت چھوڑ دی۔ کیا untouchables ختم ہو گئے۔ نہیں نہیں یہ کیسے ہو سکتا ہے۔ میرے سامنے دلی کے بازار میں ٹھنڈے پانی کی ریڑیاں چل رہی تھیں۔ ٹھنڈے پانی کا گلاس صرف ایک آنے میں اور ریڑی پر صرف ایک گلاس رکھا ہوا تھا۔ صرف ایک گلاس اور سبھی اس ایک گلاس میں پانی پی رہے تھے۔ میَں نے ایک معزز لالا جی سے پوچھا۔ میں نے کہا ٬ لالہ جی ! یہ کیا ہو رہا ہے؟ بولے ٬ مہاراج ! دھرم اپنی جگہ، بیوپار اپنی جگہ۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : منیب احمد

انسان کی تذلیل

صاحبو ! سیدھی سی بات ہے٬ جوں جوں تعلیم عام ہو رہی ہے اور سائنس ترقی کر رہی ہے، توں توں بت پرستی ناممکن ہوتی جا رہی ہے۔ آپ دولت کی پوجا کر سکتے ہیں ٬ اقتدار کی پوجا کر سکتے ہیں٬ لیکن بتوں کی پوجا نہیں کر سکتے۔ پھر ایک اور بات ہے ! اللہ تعالی نے انسان کو بڑا شرف بخشا ہے۔ اشرف المخلوقات بنایا ہے اسے۔ یہ ساری کائنات انسان کے لیے بنائی ہے۔ قرآن میں اللہ کہتا ہے٬ اس کائنات کو دیکھو۔ سوچو، غور کرو۔ اس کائنات میں بڑی طاقتیں پوشیدہ ہیں۔ ہم نے یہ کائنات اس لیے بنائی ہے کہ تم اسے تسخیر کرو اور ان پوشیدہ طاقتوں کو اپنے کام میں لاؤ۔ کتنا بڑا شرف ہے جو اللہ نے انسان کو بخشا ہے۔
ہندو نے انسانوں کے ایک بڑے طبقے کو اس قدر ذلت اور رسوائی کا ہدف بنا دیا ہے کہ ان سے چھو جانا بھی ناگوار ہے۔ چھونا تو درکنار ان کا سایہ بھی پڑ جائے تو ہندو ناپاک ہو جاتا ہے اور اس پر لازم ہو جاتا ہے کہ اشنان کر کے پھر سے پوتر ہو جائے۔ انسان کی یہ تذلیل فطرت کے اصولوں کے منافی ہے اخلاق کے اصولوں کے خلاف ہے انسانیت کے اصولوں کے خلاف ہے۔ ایسا مذہب قوم یا سرکار جو انسان کی تذلیل کرے٬ دور حاضر میں پنپ نہیں سکتے۔ اپنی تصنیف "میکنگ آف ہیومینیٹی” میں رابرٹ بریفالٹ لکھتے ہیں :
"کوئی انسانی نظام جس کی بنیاد غلط اصول پر قائم ہے٬ پنپ نہیں سکتا، چاہے ہزار چالاکی یا ہیرا پھیرے سے اسے قائم رکھنے کی کوشش کی جائے۔” ماضی میں بھی ایسے لوگوں کو جنھوں نے انسان کی تذلیل کی٬ فطرت نے حرف غلط کی طرح مٹا دیا۔ قدرت کے اس اصول کے مطابق ہندو سماج کا بھی یہی مقدر ہے۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : ایمان عائشہ

ناسور

1- بے شک بھارت ایک بڑا ملک ہے۔
2- ایک طاقتور ملک ہے۔
3- بیرونی خطرات کے خلاف اپنا تحفظ کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔
لیکن اس کے اندر ایک ناسور ہے، انسان دشمنی۔ انسان دشمنی کا ایک رستا ناسور جو پیپ سے بھرا ہوا ہے جو ایک روز پھٹ کر بھارتی سلطنت کو ٹکڑے ٹکرے کردے گا۔
صاحبو ! یہ میں نہیں کہہ رہا، ساری دنیا کے دانشور بھارت کے اس المیے کو محسوس کر رہے ہیں۔ پڑھے لکھے دانشور ہندو بھی اس حقیقت کو جانتے ہیں، اگرچہ زبان پر نہیں لاتے، بھارت میں علم نجوم ہے بھارت کے نجومی جانتے ہیں کہ یہ ہی بھارت کا مقدر ہے لیکن وہ اس کا اپائے نہیں کر سکتے۔ اس لیے بے بس ہیں، یہ حقیقت اتنی عام ہو چکی ہے کہ آج کل دانشور اخباروں میں بھارت کا جائزہ لیتے ہوئے برملا کہہ رہے ہیں کہ ٹکڑے ٹکڑے ہو جانا بھارت کا مقدر ہے۔ مثلاً انگریزی اخبار سے ایک تراشہ ملاحظہ ہو۔ (جولائی 1994ء)
The "aura” of Gandhi and Nehru’s
personalities and their cherished dream to weave the diversities of India into a beautiful mosaic of unity is fast disappearing and India, over the years, has emerged as the most troubled country where communariots inter-caste rivalries and regionalism has become rampant, threatening the very existence of the country appearing at the brink of disaster and disintegration.
(نہرو اور گاندھی کی شخصیات اور ان کے اس سہانے خواب کا "طلسم” کہ بھارت کی مختلف قومیتوں کی وحدت کی ایک خوبصورت لڑی میں پرونا ہے، تیزی سے ٹوٹ رہا ہے اور کئی برسوں سے بھارت ایک متلاطم ملک کے طور پر سامنے آرہا ہے جہاں فرقہ وارانہ جھگڑے اور علاقائیت کے جن قابو سے باہر ہو رہے ہیں۔ ان سے ملک کے وجود کو خطرہ لاحق ہے اور بھارت تباہی اور ٹوٹ پھوٹ کے دہانے پر ہے۔)

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : ایمان عائشہ

سیکولرازم

صاحبو ! مجھے آج تک سمجھ میں نہیں آیا کہ اسلام کیا ہے۔ ہمارے راہبر کہتے ہیں کہ میاں آسان بات ہے ! داڑھی رکھ لو، لبیں کٹواؤ مسجد میں نمازیں پڑھو، خطبے سنو، پاجامے کا پائنچا ٹخنے سے اونچا رکھو، روزے رکھو، زکوٰۃ دو، حج کرو تو تم سچے مسلمان بن جاؤ گے۔ تمہاری روح میں پاکیزگی پیدا ہو جائے گی، اور تم بہشت کے حقدار بن جاؤ گے۔ کچھ لوگ جو قرآن کی رہنمائی کے قائل ہیں، کہتے ہیں کہ اسلام کا مقصد یہ نہیں کہ فرد بہشت کا حق دار بن جائے۔ اPurification of Sou تو ہر مذہب کا مقصود تھا۔ دنیا میں بیسیوں مذہب آئے، ہر مذہب کا مقصد دیوتاؤں یا خدا کی خوشنودی اور روح کی پاکیزگی حاصل کرنا تھا۔
اسلام عام مذاہب کی طرح نہیں ہے۔ الٹا اسلام تو مذاہب کے خلاف ایک چیلنج ہے۔ عام مذاہب میں تنگ نظری کا پہلو اس قدر شدید ہے کہ پڑھے لکھے نوکروں کے لیے مذہب ناقابل قبول ہو جاتا ہے۔ عام مذاہب سائنسی تحقیق کی اجازت نہیں دیتے، اس لیے سائنسی محقق مذہب سے بے زاری کا رویہ اپنانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اس لیے سیکولر ازم وجود میں آیا ہے۔ مذہب کے خلاف رویہ فیشن بن گیا ہے۔ دراصل یہ رویہ مذہب کے خلاف نہیں ہے بلکہ ان اجارہ داروں کے خلاف ہے جو مذہب کے رکھوالے بن کر بیٹھ گئے اور احکامات جاری کرنے لگے۔ یہ نہ کرو، وہ نہ کرو سوچنا گناہ ہے تحقیق کرنا کفر ہے۔ عیسائی سائنس دانوں اور مفکروں نے برملا کہنا شروع کر دیا تھا کہ مذہب ترقی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ مغربی مفکروں نے علانیہ کہہ دیا کہ:
1- مذہب ہمارے بچوں کو عقل پر مبنی تعلیم حاصل کرنے نہیں دیتا۔
2- مذہب ہمیں آپس میں لڑاتا ہے۔
3- مذہب امن کا بیری ہے۔
4- مذہب جزا اور سزا کے چکر کے سوا کچھ بھی نہیں۔
مغربی دانشوروں کا کہنا ہے کہ آج انسان اس دور کی دہلیز پر آ پہنچا ہے جسے اہل نجوم امن کا سنہرا دور کہتے ہیں۔ اس لیے اب ہم پر لازم ہے کہ ہم مذہب کے عفریت کا قلع قمع کر دیں، مذہب سے بے زاری کی فضا دراصل مذہب کے اجارہ داروں کے رویے کی وجہ سے پیدا ہوئی جو روز بروز تقویت حاصل کرتی جارہی ہے۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : ایمان عائشہ

سب سے بڑی رکاوٹ

جب انگریز ایسٹ انڈیا کمپنی کی حیثیت میں ہندوستان آئے تو آتے ہی انہیں اس بات کا احساس ہو گیا کہ ان کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ مسلمان ہیں۔
ابتدائی رپورٹ میں انھوں نے اس رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے پروگرام تجویز کیے۔ ایک یہ کہ مسلمانوں کا رخ بدل دو۔ ان کی توجہ قرآن سے ہٹا کر فروعات میں الجھادو، ان پڑھ ملا اور اجارہ داروں کی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کرو۔ دوسری تجویز تھی کہ ہندوستان میں مغربی تعلیم رائج کر دو۔ نصاب ایسا مرتب کرو کہ مسلمان نوجوانوں کی توجہ سب سے ہٹ جائے اور وہ سیکولر خیالات کی طرف مائل ہو جائیں۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : ایمان عائشہ

زبان

سب سے مشکل تو یہ تھی کہ ہندوستان کے بیشتر حصوں میں پٹھانوں اور مغلوں کے ادوار کی وجہ سے جو سرکاری زبان رائج تھی، اس میں عربی اور فارسی زبانوں کی آمیزش تھی۔ زبان کی وجہ سے ہندی مسلمانوں کا جذباتی تعلق فارس اور عرب ممالک سے تھا۔ اس تعلق کو ختم کرنا ازبس ضروری تھا۔ لہذا انھوں نے اردو زبان کی بنیاد ڈالی جو مقامی زبانوں اور ہندی کی آمیزش سے مرتب کی گئی تھی۔ صاحبو ! یوں ہم اردو سے ہوتے ہوئے انگریزی زبان تک پہنچے اور آج صورتحال یہ ہے کہ ہماری کوئی قومی زبان نہیں۔ اردو جسے ہم رابطہ زبان تسلیم کرتے ہیں، وہ ہمارے سیکرٹریٹ کے باہر دھتکاری ہوئی کھڑی ہے۔
سیکرٹریٹ کے اندر گورا صاحب کے بجائے کالا صاحب ہے جو گورے کی نسبت زیادہ سٹیٹس زدہ ہے۔ انگریزی ہماری سرکاری زبان ہے اور سماجی طور پر سٹیٹس سمبل ہے۔
ہمارا دارالحکومت ایک سٹیٹس کالونی ہے جس میں گریڈوں کی ذات پات سختی سے رائج ہے۔ یہاں کے لوگ اپنے بچوں کو اردو اسکول میں داخل کرنے کو کسر شان سمجھتے ہیں۔ بچے میٹریکولیشن کو نفرت کی نظر سے دیکھتے ہیں، وہ او لیول اور اے لیول کرنے کے خواہش مند ہیں، انگلش اسکول یوں دھڑا دھڑ قائم ہوتے جا رہے ہیں، جس طرح برسات میں کھمبیاں اگتی ہیں۔ گورے کا پروگرام پھل لایا ہے۔ نوجوان، تہذیب کو عقل سے گری ہوئی گھٹیا چیز سمجھنے لگے ہیں۔ مذہب پر شرمسار ہیں۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : ایمان عائشہ

موسیقی

صرف مذہب ہی نہیں، ہمارا تمام تر ورثہ ان کی نظر میں مضحکہ خیز چیز ہے، یہاں تک کہ نوجوانوں میں انگریزی گانے گنگنانے کا رواج چل نکلا ہے اور ان کی بے سری بھدی آوازوں کو ہمارا ٹیلی ویژن بڑے اہتمام سے پیش کرتا ہے۔
ہماری موسیقی سر کی موسیقی تھی، جو سیدھی دل پر اثر کرتی تھی۔ انگلش موسیقی تال کی موسیقی ہے جو ٹانگیں جھلانے پر مجبور کرتی ہے۔ سبھی جانتے ہیں کہ اہل مغرب نے ٹانگیں جھلا جھلا کر اپنا سوا ستیاناس کر لیا ہے۔ اس کے باجود ہمارے نوجوان ٹانگیں جھلانا سیکھ رہے ہیں۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : ایمان عائشہ

امن کا سنہرا دور

لوگ کہتے ہیں مفتی پاکستان کے مستقبل کے متعلق بڑے دعوے کرتا ہے۔ کہتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل بڑا شاندار ہے۔ نشاة ثانیہ میں پاکستان دنیائے اسلام کا مرکز بنے گا۔ ایک پروفیسر نے کہا کہ مفتی باباؤں کی باتیں کرتا ہے۔ کہتا ہے، ایک مستری بابا آنے والا ہے جو پاکستان کو رنگ و روغن کرے گا۔ صاحبو ! میری کیا حیثیت ہے کہ میں ایسے دعوے کروں۔ ایسے دعوے تو ہمارے بزرگ صدیوں سے کرتے آئے ہیں۔ کہتے ہیں کہ حدیث میں بھی نشاۃ ثانیہ کا ذکر ہے۔
علم نجوم کے ماہر بھی کئی ایک سالوں سے یہی کہتے آئے ہیں۔ کہتے ہیں کہ آسمانوں پر ستاروں کے نئے جھرمٹ نمودار ہورہے ہیں۔ ظاہر ہوتا ہے کہ زمین پر ایک سنہرا دور آنے والا ہے جب امن کا دور دورہ ہوگا سکون و اطمینان ہوگا۔
آج کے دور میں شدت ہے، حرکت ہے، جلدی ہے، اضطراب ہے، بے چینی ہے، تلخی ہےکشمکش ہے، جنگ و جدل ہے۔ بظاہر تو کوئی ایسی صورت نہیں کہ امن، سکون و اطمینان کا دور آئے۔ لیکن
اگر بزرگوں اور عالموں کی بات مان لی جائے تو ظاہر ہے کہ ایسا دور ہماری وجہ سے نہیں بلکہ ہمارے باوجود آئے گا۔ ایسی حالت میں Providential Factor کو شامل کرنا لازم ہوجاتا ہے۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

پراویڈنشل فیکٹر

مثال کے طور پر پاکستان کو لیجیے ! قیام پاکستان کے لیے ہندوستان کے مسلمانوں نے کئی ایک سال کوششیں کیں لیکن حالات سازگار نہ تھے۔ پاکستان بننے کی کوئی صورت نہ تھی۔ ہندو نہیں چاہتا تھا کہ بٹوارہ ہو۔ وہ اٹوٹ ہندوستان کے نعرے لگاتا رہا تھا۔ انگریز کا ابتدا سے ہی ہندو سے گٹھ جوڑ تھا۔ ہندو نے ہمیشہ انگریز کا ساتھ دیا تھا۔ ویسے بھی کردار کے لحاظ سے ہندو بہترین ماتحت اور بدترین آقا ہے۔
ان حالات میں اللہ نے مسلمانوں کو ایک لیڈر عطا کر دیا۔ بے شک محمد علی جناح ایک عظیم لیڈر تھا لیکن پاکستان کے حصول کے لیے اس کا انتخاب بہت غیر موزوں تھا۔ محمد علی جناح اعلی کردار کا مالک تھا وہ اصولوں کا پابند تھا۔
صاحبو ! تم ہی بتاؤ، کیا سیاست میں بھی کبھی کوئی اصول کا پابند لیڈر کامیاب ہوا ہے۔ خصوصاً جب مقابلے میں پنڈت نہرو اور پٹیل جیسے گھاگ سیاستئے ہوں۔ ظاہر ہے کہ قیام پاکستان ایک معجزہ تھا۔ پھر یہ بھی قابل توجہ ہے کہ گذشتہ 48 سال سے ہم…. آپ، میں، اور ہم پاکستان کو توڑنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ اس خداداد پلاؤ کی دیگ کو کھا رہے ہیں، کھائے جا رہے ہیں۔ حرص اور طمع نے ہمیں پاگل کر رکھا ہے۔ شوکت نفس سے ہم فرعون بنے ہوئے ہیں۔ چاروں طرف سے میں میں کی آوازیں آرہی ہیں۔ اقتدار کے لیے ہم آپس یوں لڑ رہے ہیں جیسے بچے کھلونوں کے لیے لڑتے ہیں۔
ہماری کوششوں کے باوجود پاکستان نہیں ٹوٹا۔ ہماری شکم پروری کے باوجود یہ دیگ جوں کی توں بھری ہوئی ہے۔ سڑکوں پر موٹروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ دکانیں مال سے لبالب بھری ہوئی ہیں۔ پلازے یوں بھرے ہوئے ہیں جیسے برسات میں کھمبیاں اگتی ہیں۔ بازاروں میں ایک ہجوم ہے راستہ نہیں ملتا۔ بازاروں میں پاؤڈر تھپے ہوئے چہروں، کاجل میں تیرتی آنکھوں، معطر خضابوں سے رنگے ہوئے بالوں اور لپ اسٹک رنگے دعوتی ہونٹوں کی بھیڑ لگی ہوئی ہے۔ شاپنگ، شاپنگ، شاپنگ، بخار چڑھ رہا ہے۔ ہندوستان سے آنے والے لوگ یہ مناظر دیکھ کر منہ میں انگلی ڈال لیتے ہیں۔ ہے بھگوان ! یہ ملک ہے یا میلہ لگا ہوا ہے۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : فرمان اللہ

بشاشت زندگی

جب میں دلی گیا تھا، ایک ہومیوپیتھک سٹور پر کتابیں خرید رہا تھا تو ایک جاندار سکھ خاتون آ گئی۔ آتے ہی بے تکلفی سے پنجابی میں پوچھنے لگی۔ بولی” کد آۓ پاکستان توں؟“ ارے میں حیران رہ گیا۔ اس خاتون کو کیسے پتہ چلا کہ میں پاکستان سے آیا ہوں؟ میں نے پوچھا، تجھے کیسے پتہ چلا کہ میں پاکستان سے آیا ہوں؟ بولی آ میرے ساتھ بازار کی نکڑ پر کھڑے ہوجاتے ہیں۔ میں چہرہ دیکھ کر بتادوں گی کہ کون پاکستانی ہے۔
کوٸی جادو ہے تیرے پاس؟ میں نے پوچھا۔
ہاں ہے۔ وہ مسکراٸی۔
وہ بھید مجھے بھی بتا۔ میں نے کہا۔
بولی، جس کے چہرے پر بشاشت ہے، زندگی ہے، رونق ہے، وہ پاکستانی ہے۔
اس لحاظ سے تو بھی پاکستانی ہے۔
وہ مسکراٸی۔
اس کی مسکراہٹ ان کہی بات سے بھری ہوٸی تھی۔ دلی کے بڑے بازاروں میں بھیڑ تھی۔ لوگ آ جا رہے تھے۔ کاروبار چل رہے تھے۔ لین دین ہو رہا تھا۔ لیکن بے نام اداسی چھاٸی ہوٸی تھی۔ وہ میلا نہیں لگ رہا تھا جو پاکستان میں لگا رہتا ہے۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : فرمان اللہ

کلر زدہ سانپوں کی زمین

پھر ایک اور بات ہے۔ اسلام آباد بننے سے پہلے یہ علاقہ جہاں آج ایک خوبصورت ہرا بھرا شہر کھڑا ہے یہ علاقہ کلرزدہ ویرانہ تھا۔ راولپنڈی سے دو پتلی پتلی سڑکیں ادھر سے گزرا کرتی تھیں۔ ایک نور پور کو جاتی تھی اور ایک سید پور کو۔ ان دنوں نور اور سید پور دونوں تفریح گاہوں کی حیثیت رکھتے تھے۔ چونکہ ان مقامات پر برساتی نالے کثرت سے بہتے تھے جن کی وجہ سے یہ دونوں جگہیں تفریح گاہیں بن گئی تھیں۔ ان دونوں مقامات پر پہنچنے کے لیے اس علاقے سے گزرنا پڑتا تھا جہاں آج اسلام آباد واقع ہے۔ ان دنوں یہ علاقہ بنجر اور ویران تھا۔ درخت نہ بوٹا۔ ہم مقامی لوگوں سے پوچھتے کہ بھائی یہاں کاشت کیوں نہیں ہوتی تو جواب دیتے کہ اس علاقے میں کوئی درخت نہیں اگ سکتا اور نہ ہی کاشت ہو سکتی ہے کیونکہ زمین کلر سے بھری ہوئی ہے یہاں سانپ رہتے ہیں یا نیولے۔
آج اسلام آباد کو دیکھ کر یقین نہیں آتا کہ یہ وہی کلر زدہ زمین ہے۔ اس میں درختوں اور پودوں کی رونق ہے۔ اس قدر ہرا بھرا شہر سارے پاکستان میں نہیں ہے۔ یہاں لاکھوں درخت اور پودے ہیں جو مختلف ملکوں سے منگوا کر لگائے گئے ہیں۔
میرے صاحبو ! مجھے بتاؤ کیا یہ معجزہ نہیں ہے۔ صرف ایک معجزے کی بات نہیں یہاں تو معجزوں کی لائن لگی ہوئی ہے۔ ایک کلر زدہ علاقہ جو اب پھولوں کا شہر کہلاتا ہے۔ ایک پھلوں سے لدا ہوا درخت جسے لوگ بری طرح جھنجھوڑ رہے ہیں۔ جھولیاں بھر بھر کر لے جارہے ہیں۔ پھر بھی وہ ہر بھرا ہے، پھل سے لدا ہوا ہے۔ ایک دیگ جسے لوگ کھائے جا رہے ہیں لیکن وہ جوں کی توں بھری ہوئی ہے۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : فرمان اللہ

پلاؤ کی دیگ

تذکرہ غوثیہ سے نقل ہے کہ شہر میں ایک فقیر آیا۔ اس نے آتے ہی لوگوں سے کہا کہ ایک بہت بڑی دیگ لاؤ لوگ حیران ہوئے کہ فقیر نے دیگ کو کیا کرنا ہے۔ بہر حال انھوں نے ڈھونڈ ڈھانڈ کر ایک دیگ مہیا کر دی۔ فقیر نے کہا کہ چولہا گرم کرنے کے لیے لکڑیاں اکٹھی کرو۔ چولہا جل گیا تو فقیر نے کہا، اس دیگ کو چولہے پر رکھ دو۔ لوگوں نے احتجاج کیا۔ بولے سائیں جی ! خالی دیگ کو چولہے پر رکھنے کا کیا فائدہ؟
فقیر بولا، حجت نہ کرو، جو میں کہتا ہوں، سو کرو۔
مجبوراً لوگوں نے دیگ چولہے پر رکھ دی۔
اگلے روز لوگوں نے دیگ کا ڈھکنا اٹھا کردیکھا تو انکی حیرت کی انتہا نہ رہی۔ دیگ پلاؤ سے بھری ہوئی تھی۔
فقیر نے کہا اب تم شہر میں منادی کرو کہ حاجت مند لوگ جب بھی چاہیں فقیر کے دارے میں آ کر کھانا کھا سکتے ہیں۔
لوگوں نے آنا شروع کردیا، فقیر دیگ پر کھڑا ہوگیا۔ جو بھی آتا رکابی بھر کر چاول نکال دیتا۔ دو ایک دن بعد سارا شہر دیگ پر ٹوٹ پڑا۔ فقیر سارا دن چاول بانٹتا رہا۔
رات کو ڈھکنا دے دیا جاتا، اگلے روز جب وہ ڈھکنا اٹھاتے تو دیکھتے کہ دیگ جوں کی توں بھری ہوئی ہے۔
ایک روز فقیر کے سامنے ایک ملنگ آ کر کھڑا ہوا۔ فقیر نے کہا، میاں یہاں کھڑا میرا منہ کیا دیکھ رہا ہے۔ اپنے حصے کے چاول لے اور رخصت ہو۔
ملنگ بولا، سائیں ! میں چاول لینے کے لیے نہیں کھڑا میں تو تیری زیارت کے لیے کھڑا ہوں کہ تو اس شہر پر رب بن کر نازل ہوا ہے۔ دھڑا دھڑ لوگوں کو رزق بانٹ رہا ہے۔ فقیر بولا، میاں رزق تو وہی بانٹتا ہے میں تو برتاوا ہوں برتا رہا ہوں۔
صاحبو ! پاکستان کی مالی حالت بڑی پتلی ہے۔ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے لیکن میرے دوستو دیکھو، صرف دیکھو نہیں دیکھو اور سمجھو کہ جس پاکستان میں ہر چوتھی دوکان کھانے پینے کی دوکان ہے، جہاں لوگ کھا رہے ہیں، کباب کھا رہے، نہاری کھا رہے ہیں، سری پائے کھا رہے ہیں یہ دیگ ختم ہونے میں نہیں آتی ادھر حکمران کھا رہے ہیں اور ادھر جیالے کھا رہے ہیں، ادھر شاہی افسر کھا رہے ہیں اس طرف عوام کھا رہے ہیں۔ کھاؤ میرے بھائیو کھاؤ یہ دیگ کبھی ختم نہیں ہوگی۔
صاحبو ! اگر میں کہوں کہ اسلام مذہب ہی نہیں ہے تو کیا آپ میری بات مان لیں گے۔ غالباً نہیں لیکن اگرآپ قرآن کا مطالعہ کریں تو یہ بات واضح ہو کر سامنے آجائے گی کہ اسلام میں کوئی ایسی بات نہیں جو ہر مذہب میں لازماً پائی جاتی ہے جو مذہب کی پہچان ہے۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : فرمان اللہ

کیا اسلام مذہب ہے

1۔ کوئی مذہب عقل کو اہمیت نہیں دیتا اور غور و فکر کی تلقین نہیں کرتا۔ الٹا ہر مذہب کا مطالبہ ہے کہ جانے بغیر ہماری بات مان لو۔ دل میں شک و شبہات مت آنے دو۔ عقل پر بھروسا نہ کرو چونکہ تمہاری عقل خام ہے۔ اس کے برعکس اسلام کہتا ہے، عقل انسان کے لیے اللہ کی سب سے بڑی دین ہے۔ اسے کام میں لاؤ، سوچو، سمجھو، فکر کرو، آنکھیں بند کر کے ایمان نہ لاؤ۔ اگر دل میں شکوک پیدا ہوتے ہیں تو ہونے دو انھیں دباؤ نہیں، ان پر غور کرو۔ جو لوگ جانتے ہیں ان سے مشورہ کرو۔
2۔ کوئی مذہب دنیاوی زندگی کو اہمیت نہیں دیتا۔ کہتے ہیں یہ زندگی ایک سراب ہے۔ آنکھ کا دھوکا ہے، فانی ہے اس دنیا سے دل نہ لگاؤ۔ اصل زندگی وہ ہے جو آنے والی ہے۔ اس کے برعکس اسلام کہتا ہے کہ یہ زندگی بڑی اہم ہے۔ آنے والی زندگی تو اس کا نتیجہ ہے۔ یہ بوٹا ہے جس پر وہاں پھل لگے گا۔ جیسا بوٹا ہو گا ویسا ہی پھل لگے گا۔ اس زندگی میں رچ بس جاؤ، ہم آہنگ ہو جاؤ، توازن پیدا کرو، سکھی رہو۔ علم حاصل کرو، اپنا مرتبہ پیدا کرو، دولت کماؤ اور بانٹ کر کھاؤ۔ تمام تر اہمیت اس بات پر موقوف ہے کہ تم یہ زندگی کیسے گزارتے ہو !
3۔ تمام مذاہب دوسرے مذہبوں کے خلاف تعصب پیدا کرتے ہیں۔ کہتے ہیں صرف میں سچا ہوں، باقی سب جھوٹے ہیں۔
مثلاً ہندوازم کو لیجیے ! ہندوازم کے مطابق صرف ہندو پاکیزہ ہیں، باقی تمام مذاہب اور اس کے ماننے والے سب پلید ہیں، ناپاک ہیں، نجس ہیں، ان سے دور رہنا چاہیے ان کے ہاتھ سے لے کر کوئی چیز کھاؤ گے تو دھرم بھر شٹ ہو جائے گا۔ ان کا سایہ بھی نہ پڑے۔ اگر پڑ گیا تو پھر سے پاک ہونے کے لیے اشنان کرنا لازم ہو جائے گا۔ اسلام دوسرے مذاہب سے تعصب کی تعلیم نہیں دیتا بلکہ غیر مسلموں کے عقائد، بزرگوں، رسم و رواج کی تعظیم پر زور دیتا ہے۔
غیر مسلموں کو برابر کے حقوق دیتا ہے۔ انھیں نجس نہیں سمجھتا۔ مشاہیر کہتے ہیں اس حوالے سے اسلام کو مذہب کہنا سراسر غلط ہے کیونکہ اسلام میں مذہب والی کوئی بات نہیں پائی جاتی۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : سعدیہ درانی

ہائیں ایسا ہے !

لیکن اب جو بات میں آپ سے کہنے والا ہوں، اسے سن کر آپ چونک جائیں گے۔
” ہائیں ایسا ہے ! ” مسلمان ہونے کے باوجود ہم سب اس بات سے بے خبر ہیں یا اگر خبر ہے تو ہم نے اس بات پر کبھی غور نہیں کیا، اسے سمجھا نہیں۔ بہرحال جب میں نے قرآن پڑھا تھا تو میں حیرت زدہ رہ گیا۔ ” ہائیں ایسا ہے ! ” ۔ ایسا کیسے ہوسکتا ہے؟ میری سوئی اٹک گئی تھی۔ پتا نہیں کتنی دیر اٹکی رہی۔ صاحبو ! میرا کوئی قصور نا تھا، بات ایسی ہے کہ سوئی اٹک جاتی ہے۔ بات یہ ہے کہ اسلام کا مقصد صرف افراد کو انسانیت سکھانا نہیں۔ سوسائٹی کے کسی ایک گروپ کو اچھے انسان بنانا نہیں۔ مسلمانوں کو انسانیت کی منزل تک پہنچانا نہیں بلکہ تمام بنی نوع انسان کو، چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں، انہیں اچھے انسان بنانا ہے۔ انہیں انسانیت کی تمام خوبیوں سے آراستہ کرنا ہے۔
قرآن میں اللہ تعالٰی کہتا ہے، ” ہمارا کام صرف انسان کی تخلیق کرنا ہی نہیں، یہ بھی ذمہ داری ہے کہ ہم انسان کو اس کی منزل کا شعور بخشیں بلکہ اسے منزل تک پہنچائیں۔” ایسا لگتا ہے جیسے انسانیت، اخلاق اور تہذیب اسلام کے جزو ہوں۔ اسلام کے محلے کی گلیاں ہوں مسلمان کی پہچان ہوں۔ یارو ! میرا دوست فقیر چند سچ کہتا تھا۔ کہتا تھا، مفتی ! تمھارا اللہ کیسا اللہ ہے، ایک طرف تو اپنی پارٹی بناتا ہے پھر اپنی پارٹی یعنی مسلمانوں کو سپورٹ نہیں کرتا۔ انہیں شہ نہیں دیتا، ان کی پیٹھ نہیں ٹھوکتا، انہیں اپنے جیالے نہیں سمجھتا، الٹا مسلمانوں اور غیر مسلموں کو ایک آنکھ سے دیکھتا ہے۔ دوسرے مذاہب کے خلاف نعرے لگانے کی تلقین نہیں کرتا، تعصب کا سبق نہیں پڑھاتا۔ اس ساری دنیا کا رازق بنا بیٹھا ہے۔ ساری انسانیت کو منزل تک پہنچانے کا ذمہ لئے بیٹھا ہے۔ قرآن مُسلمانوں پر نازل کرتا ہے، خطاب انسان سے کرتا ہے۔ ہمارے آخری پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم جو اللہ کے احکامات جیتے تھے، قرآن جیتے تھے، انہیں ساری دنیا عظیم انسان مانتی ہے عظیم مسلمان نہیں۔
صاحبو ! سچ پوچھو تو اپنی سمجھ میں نہیں آیا کہ اسلام کیا چیز ہے۔ میرا ایک دوست ہے۔ اس نے اسلام کا مطالعہ کیا ہے۔ میں اس کے پاس چلا گیا۔ میں نے کہا، یار مجھے بھی سمجھا دو کہ اسلام کیا ہے۔ وہ ہنسا، بولا، مجھے خود سمجھ میں نہیں آیا، تجھے کیا سمجھاؤں۔ میں نے کہا، وہ جو اتنا سارا مطالعہ کیا ہے تو نے، اس کا نتیجہ نہیں نکلا۔ بولا، نکلا ہے۔ میں نے کہا، کیا نکلا ہے؟ بولا اللہ سے یارانہ لگ گیا ہے، محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے محبت ہو گئی ہے، بس اور کسی بات کی سمجھ نہیں آئی۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : سعدیہ درانی

انوکھی تنظیم

صاحبو ! اسلام ایک انوکھی اور عظیم تنظیم ہے۔
1۔ نہ یہ Dogma ہے۔
2۔ نہ Ritual ہے۔
3۔ نہ ہی اس میں مولویوں اور دینی عالموں کو کوئی اعزازی مقام دیا گیا ہے جیسے کہ ہر مذہب میں پادریوں کو خصوصی اہمیت سے نوازا گیا ہے۔
4۔ نہ ہی یہ رہبانیت کو جائز قرار دیتا ہے۔
5۔ نہ ہی یہ Self denial کے لئے خود کو اذیت دینے کے حق میں ہے۔ نہ ہی یہ دنیا سے تیاگ کا سبق دیتا ہے۔
6۔ الٹا اسلام تو کہتا ہے کہ جیو لیکن آنکھیں بند کر کے نہیں۔ ہم سے جینے کا سلیقہ سیکھو، پھر جیو، پیٹ بھر کر جیو۔ صرف خود ہی نہیں بلکہ دوسروں کو بھی جینے دو۔
7۔ ہمارے راہبر کہتے ہیں، اسلام ایک ضابطہ حیات ہے۔ یہ بات میں ایک زمانے سے سنتا آیا ہوں لیکن میں اس کا مفہوم نہیں سمجھا۔ کسی سے پوچھا بھی نہیں۔ کیسے پوچھتا؟ لوگ کہتے، ویسے تو اردو کا لکھار بنا پھرتا ہے اور ضابطہ کا مفہوم پوچھتا ہے۔
صاحبو ! بہت سے ایسے Phrase ہیں جنہیں میں سمجھتا نہیں لیکن اپنا بھرم رکھنے کے لئے سمجھتا ہوں کہ سمجھتا ہوں۔ پھر ایک دم ہومیوپیتھی کی ایک کتاب پڑھتے پڑھتے دفعتاً مجھے بات سمجھ آئی۔ ہومیوپیتھی کی کتاب میں اس درویش ہانمن نے لکھا تھا، ہومیوپیتھی کرو نہیں ہومیوپیتھی جیو۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : سعدیہ درانی

کرنا اور جینا

دفعتاً گویا ایک پردہ میری نگاہ سے اٹھ گیا جیسے کسی نے مدھم آواز میں میرے کان میں کہہ دیا میاں کچھ باتیں کرنے کی ہوتی ہیں، کچھ جینے کی۔ ٹھیک تو ہے۔ آپ نے انڈا تلنا ہے۔ یہ کرنے کی بات ہے۔ فرائی پین میں گھی ڈالا، اور پھر جب گھی کڑکڑایا تو انڈا انڈیل دیا۔ لیجیے انڈا فرائی ہو گیا۔ کرنے کا کام تھا ختم ہو گیا۔ جو باتیں جینے والی ہیں، وہ ختم نہیں ہوتیں۔ فرض کیجیے، آپ کو کسی خاتون سے محبت ہوگئی ہے۔ رات کو بستر پہ پڑے پڑے آپ اس کا تصور قائم کر لیتے ہیں، پھر آہیں بھرتے ہیں، شعر گنگناتے ہیں۔ اس کے بعد یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ کتاب کھول کر ارسطو کا فلسفہ پڑھنا شروع کر دیں۔ نہیں جناب ! عشق کرنے کی چیز نہیں جینے کی چیز ہے۔ یہ تو روگ ہے، لگ جائے تو لگا رہتا ہے۔ صبح شام دن دوپہر رات۔ ایسے ہی سارے مذاہب Rituals ہیں۔ سب کرنے کی چیز ہیں۔ مندر میں جاؤ پوجا کرو، آرتی چڑھاؤ۔ چلو مذہبی فرائض پورے ہوئے۔ اب باقی وقت آرام سے اپنے دھندے میں لگ جاؤ۔ اس کے برعکس اسلام کرنے کی چیز نہیں کہ دو چار فرض ادا کیے، پھر آرام سے اپنے کام میں لگ گئے۔ نہیں یہ بات نہیں۔ محبوبہ کی طرح اسلام تو کہتا ہے مجھے جیو۔ صبح، شام، دن، رات ہر وقت جیو۔ ہر کام میرے حوالے سے کرو۔ کوئی میرے حوالے کے بغیر نہ کرو۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : سعدیہ درانی

اپنا جانو

مثلاً اسلام کہتا ہے، اللہ سے تعلق قائم کرو، اسے اپنا لو، اسے اپنا جانو جیسے تم بھائی بہن، ماں باپ یا دوستوں کو اپنا جانتے ہو۔ تعلق کوئی کام نہیں بلکہ رویہ ہے اور رویہ تو ہر وقت قائم رہتا ہے، گھڑی کی طرح ہر وقت ٹک ٹک کرتا رہتا ہے۔
اگر آپ سمجھتے ہیں کہ پانچوں وقت جائے نماز پہ کھڑے ہو کر اللہ کو سلام کرنے سے اللہ سے تعلق پیدا ہو جائے گا تو یہ آپ کی بھول ہے۔ تعلق کوئی چو بچہ نہیں، وہ تو دریا ہے، جو ہر وقت چلتا رہتا ہے۔ اللہ سے تعلق پیدا کرنا ہے تو اسے انگلی لگا کر ساتھ ساتھ لئے پھرو۔ کھانا کھانے لگو تو پاس بٹھا لو۔ کہو یار ! آج تو تو نے مجھے اتنی ساری نعمتیں دی ہیں۔ کرکٹ کھیلتے وقت اسے اپنے پاس کھڑا کر لو۔ دوست ایک چھکا لگوا دے، اپنی ٹور بن جائے گی۔ تجھ سے کوئی پوچھنے والا نہیں کہ چھکا کیوں لگوایا۔ رات کو سونے لگو تو اسے ساتھ لٹا لو۔ کہو واہ میرے دوست ! سارا دن قدم قدم پر تو نے میرا ساتھ دیا ہے، کیا خوب ساتھ دینے والا ہے تو۔
سبحان اللہ اللہ سے تعلق تو ایسے ہونا چاہیے جیسے ماں سے ہوتا ہے۔ تھک جاؤ تو اسکی گود میں سر رکھ دو۔ پریشانی ہو تو اس کی آغوش میں سر رکھ کر کہو مجھے تھپک ماں۔ تیری تھپک میں پتا نہیں کیا جادو ہے کہ سب دکھ درد دور ہو جاتے ہیں۔ کھانا کھانا ہو تو اس کے گوڈے سے لگ کر بیٹھ جاؤ۔ ڈائننگ ٹیبل پر نہ بیٹھنا، وہاں اہتمام ہوتا ہے۔ اہتمام سے بچو۔ اہتمام ہو تو ماں بھی دور ہو جاتی ہے اور وہ بھی دور ہو جاتا ہے۔ امارات سے بچو۔ امارات ہو تو وہ دور ہو جاتا ہے۔ اسے دور نا ہونے دو۔ اقتدار کے پیچھے نہ بھاگو ورنہ تم اس سے بہت دور ہو جاؤ گے۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : محمد فاران

غربت کی عظمت

غربت میں ماں بہت قریب آ جاتی ہے، وہ بھی قریب آ جاتا ہے۔ افلونس میں ماں کی ممتا کو دولت کا گرہن لگ جاتا ہے۔ صاحبو ! ہم نے آج تک غربت کی عظمت کو نہیں سمجھا۔
ہمارا جو لیڈر آتا ہے، وہ آ کر غربت کے خلاف اعلان جنگ کر دیتا ہے، کہ ہم غربت کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے، ہر غربت کا قلع قمع کر دیں گے۔
میں اکثر سوچتا ہوں، کہ یا اللہ ! تو تو خیر عظیم ہونے کے ساتھ ساتھ انوکھا بھی ہے۔ بے شک تو نے انسان کو انوکھا لاڈلا بنا رکھا ہے۔ لیکن تو خود بھی تو انوکھا ہے، لاڈلا بھی ہے۔ تیری باتیں سمجھ میں نہیں آتیں، لیکن تیرے پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی باتیں بھی تو سمجھ میں نہیں آتیں، حالانکہ وہ آئیڈیل انسان ہیں۔
میں سوچتا ہوں، حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم جو دو جہانوں کے بادشاہ ہیں، ان کا چولہا کیوں ٹھنڈا رہتا تھا۔ وہ چٹائی پر کیوں سوتے تھے۔ وہ ایک کچے مکان میں کیوں رہتے تھے۔ کھانے کیلئے ان کی چنگیر میں صرف دو کھجوریں ہوتی تھیں۔ کھانے لگتے، تو دروازہ بجتا، میں بھوکا ہوں اور وہ ایک کھجور سائل کو دے دیتے اور ایک خود کھاتے۔ میں سوچتا ہوں، وہ جو دو عالم کے بادشاہ تھے، انہوں نے کیوں غربت Select کی۔ ماننا پڑے گا کہ غربت میں کوئی بڑی عظمت ہے، ورنہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کبھی غربت Select نہ کرتے۔ عمومیت میں کوئی بڑی خوبی ہے، ورنہ وہ عمومیت کی زندگی بسر نہ کرتے۔ عام لوگوں سا لباس نہ پہنتے۔ بوریا نشین نہ ہوتے۔ ایک عام سے کچے مکان میں رہائش نہ رکھتے۔
صاحبو ! میں صرف یہ جانتا ہوں کہ جن ممالک میں امارت نے قدم رکھا ہے، وہاں سے اللہ رخصت ہو گیا ہے۔ مغربی ممالک میں کوئی اللہ کا نام نہیں لیتا۔ وہاں مذہب غیر ضروری چیز سمجھا جانے لگا ہے۔ گرجے غیر آباد ہو چکے ہیں۔ اگر کچھ آباد ہیں، تو صرف اس لیے کہ ان کی وجہ سے پادریوں کی شوکت نفس قائم ہے۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : محمد فاران

روٹی، کپڑا، مکان

میرا بیٹا عکسی ڈاکٹریٹ کیلئے چیکوسلواکیہ گیا تھا۔ وہاں سے وہ مجھے خط لکھا کرتا تھا۔ ابو ! یہاں پراگ میں بڑے خوبصورت گرجے بنے ہوئے ہیں۔ لیکن سب غیر آباد ہیں۔ دروازوں پہ زنگ آلود تالے پڑے ہوئے ہیں اور ابو ہر گرجے کے پھاٹک پہ اللہ بیٹھا ہے۔ وہ امید بھری نظروں سے راہگیروں کو دیکھ رہا ہے، کہ شاید کوئی اس کی جانب دیکھے۔ لیکن کوئی نہیں دیکھتا۔ ہر شخص اپنے اپنے کام میں مصروف ہے۔ لیکن ابو اللہ ابھی تک اپنے بندوں سے مایوس نہیں ہوا۔ یہ وہ ملک تھا، جہاں سے کمیونسٹوں نے اللہ کو ملک بدر کر دیا تھا، جہاں کے حاکموں نے کہا تھا، اللہ رزق دینے والا کون ہوتا ہے۔ ہم سب کو روٹی کپڑا مکان دیں گے۔ ہم غربت کا نام مٹا دیں گے۔ ہم اس نظام کو بدل دیں گے، جو انسان کو Haves اینڈ Have not میں تقسیم کر دیتا ہے۔ لیکن جب انھیں اقتدار حاصل ہوا، تو سب کچھ فیڈ آؤٹ ہو گیا۔ صرف ہم رہ گئے، ہم جو کرتا دھرتا تھے۔ جو روٹی کپڑا مکان دینے کا دعویٰ کرتے ہیں۔
پاکستان کے ادیب جب روس کے بلاوے پر ماسکو گئے، تو بانو قدسیہ بھی وفد میں شامل تھیں۔ ماسکو میں ان کی بڑی آؤ بھگت کی گئی۔ مہمان نوازیاں کی گئیں۔ سیر و تفریح کے ٹرپ ہوئے۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : محمد فاران

تاشقند

اس کے بعد روسیوں نے وفد کے ہر ممبر سے پوچھا، کیا کوئی ایسی جگہ ہے، جسے دیکھنے کی آپ کی خواہش ہو۔ وفد کے ہر رکن نے کسی نا کسی جگہ کا نام لیا۔ بانو سے پوچھا، تو وہ کہنے لگی، میں تو تاشقند دیکھنا پسند کروں گی۔ تاشقند کا نام سن کر کمیونسٹ گھبرا گئے۔ بولے، محترمہ ! وہ جگہ تو دیکھنے کے قابل نہیں۔ آپ کوئی اور جگہ منتخب کر لیں۔ بانو نے کہا، مجھے تو وہی جگہ دیکھنی ہے، اگر مجھے وہاں لے جانا ممکن ہے، تو ٹھیک، ورنہ میں یہیں ماسکو میں رہوں گی۔
روسیوں نے بڑی کوشش کی، کہ بانو کسی اور جگہ کا انتخاب کر لے، لیکن وہ اپنی ضد پر اڑی رہی، کہ جاؤں گی، تو تاشقند، ورنہ نہ سہی۔ روسی مجبور ہو گئے۔ وہ بانو کو تاشقند لے گئے، لیکن کڑی سیکورٹی میں۔
وہاں جا کر بانو نے دیکھا، کہ مسجدوں پہ تالے پڑے ہوئے ہیں۔ محرابوں میں جالے لٹک رہے ہیں۔ گنبد اکھڑے ہوئے ہیں۔ اندر چمگادڑوں نے ڈیرہ لگا رکھا ہے۔ گھروں میں بوڑھی مائیوں نے بانو کو گلے لگایا۔ ان کی آنکھیں خوف سے بھیانک ہو رہی تھیں، بازو لرز رہے تھے۔
” تو اللہ کے گھر سے آئی ہے ” . انھوں نے زیر لبی آواز میں پوچھا اور پھر اسے چومنے لگیں۔ چوم چوم کر بے حال کر دیا، ساتھ ہی ان کے آنسو رواں تھے۔
بانو نے دیکھا کہ ” ہش ہش ” کا عالم ہے۔ بوڑھی مائیاں پچھلی کوٹھڑی میں نماز پڑھتی ہیں، تو جوان لڑکے پہرہ دیتے ہیں، کہ کوئی مخبر نہ جان لے۔ قرآن چھپائے ہوئے رکھے ہیں۔ دروازہ بجتا ہے، تو دل ڈوب جاتے ہیں، کوئی آ گیا۔ روٹی کپڑا مکان دینے والوں نے اللہ کو ملک بدر کر رکھا تھا۔
ہمارے ہاں بھی ایک حکمران آیا تھا۔ پیدائشی لیڈر تھے، عالم تھا، Hyper Intelligent تھا۔ عامل ایسا تھا، کہ دکھانا جانتا تھا۔ اس نے آتے ہی روٹی کپڑا اور مکان کا دعویٰ کر دیا۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : محمد فاران

پلاؤ بھری دیگ

نقل ہے کہ ایک شہر میں ایک مست بابا آگیا۔ آتے ہی اس نے حکم دیا، کہ ایک بہت بڑی دیگ لاو۔ دیگ آگئی، تو بولا، اس دیگ کے لائق ایک چولہا بناؤ، اس میں لکڑیاں رکھ کر بھانبڑ لگا دو۔ چولہا جل گیا، مست نے حکم دیا، کہ دیگ میں پانی بھر دو، اوپر ڈھکنا لگا دو، اسے چولہے پر رکھ دو۔ اگلی صبح انہوں نے دیگ کا ڈھکنا اٹھایا، کہ وہ پلاؤ سے بھری ہوئی ہے۔ سارے شہر میں اعلان کر دیا گیا، کہ حاجت مند آئیں، انھیں مفت کھانا تقسیم کیا جائے گا۔
اس اعلان پر سارا شہر دیگ پر امڈ آیا۔ مست پلاؤ کی تھالیاں بھر بھر کر دینے لگے۔ اگلے روز انھوں نے دیگ کا ڈھکنا اٹھایا، تو دیکھا، کہ دیگ جوں کی توں بھری ہوئی تھی۔ اس پر شہر میں مست بابا کی دھوم مچ گئی۔ برتاوے تھالیاں بھر بھر کر لوگوں کو بانٹتے، مگر دیگ جوں کی توں بھری تھی۔ حاجت مندوں میں ایک فقیر بھی تھا۔ وہ خالی ہاتھ آتا اور سارا دن کھڑا تماشا دیکھتا رہتا۔ برتاوے کہتے، میاں تو کیوں خالی ہاتھ کھڑا ہے، برتن لاؤ اور چاول لے لے۔ وہ کہتا، میں حاجت مند نہیں ہوں۔
اس بات پر برتاوے بہت حیران ہوتے، کہ کھڑا بھی رہتا ہے، بٹر بٹر دیکھتا بھی رہتا ہے، مگر کھاتا پیتا نہیں۔ انھوں نے مست بابا سے بات کی۔ مست بابا نے کہا، اس شخص کو میرے پاس لاؤ۔ وہ فقیر کو مست بابا کے پاس لے گئے۔ مست بابا نے پوچھا، میاں کیا بات ہے، کہ تو سارا دن دیگ کے سامنے کھڑا رہتا ہے، لیکن دیگ کے چاول نہیں کھاتا۔
فقیر بولا، میں یہاں چاول کھانے کے لئے نہیں آتا اور نہ ہی اس دیگ کو دیکھنے آتا ہوں، جو سدا بھری رہتی ہے۔ مست بابا نے پوچھا، پھر تو یہاں آتا کیوں ہے؟ فقیر بولا، میں تو تیری زیارت کرنے آتا ہوں، تو جو اس شہر کا رب بنا ہوا ہے اور لوگوں کو رزق تقسیم کر رہا ہے۔
مست بابا کا چہرہ اچانک بھیانک ہو گیا۔ وہ چلا کر بولا، ” دیگ کو انڈیل دو۔ چولہے پر پانی ڈال دو ” . یہ کہہ کے مست بابا نے اپنی لاٹھی اٹھائی اور شہر سے باہر نکل گیا۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : اقصیٰ حنیف

پاکستانی دیگ

میرے کئی ایک دوست کہتے ہیں، مفتی ! یہ کہانی تو نے خود گھڑی ہے۔ یہ تو پاکستان کی کہانی ہے۔ لوگ اس دیگ کو کھا رہے ہیں۔ وہ چلا جاتا ہے تو دوسرا گروپ آتا ہے۔ کھاتا ہے، وہ چلا جاتا ہے تو دوسرا گروپ آتا ہے۔ اس کے جیالے دیگ پر ٹوٹ پڑتے ہیں لیکن یہ دیگ ختم ہونے میں نہیں آتی۔ دیکھنے میں زبوں حالی کا دور دورہ ہے لیکن سڑکوں پر کاروں کی لائنیں روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں۔ دکانوں میں مال کے انبار بڑھتے جا رہے ہیں۔ شاپنگ کا بخار چڑھتا جا رہا ہے۔ ہوٹلوں کے فنکشن بڑھتے جا رہے ہیں۔ خواتین کے چہرے گلال ہوتے جا رہے ہیں۔ ان کی بھور کالی آنکھوں سے کرنیں پھوٹتی ہیں۔ سٹیٹس کے درجات بڑھتے جا رہے ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ وہ دیگ مست نے چڑھائی تھی اور یہ خود رب جلیل نے چڑھائی ہے لیکن یہ دیگ کی بات تو خواہ مخواہ در آئی ہے، ہم تو غربت کی بات کر رہے تھے۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : اقصیٰ حنیف

ارے یہ میں کہاں آ نکلا ہوں؟

صاحبو ! غربت کے چند ایک اوصاف تو سبھی جانتے ہیں، اگرچہ مانتا کوئی نہیں۔ میں بھی نہیں مانتا تھا۔ میں اس سٹیٹس زدہ شہر اسلام آباد میں 1972ء سے رہتا ہوں۔ یہاں سڑکوں پر بیرے، باورچی، ڈرائیور اور چوکیدار چلتے پھرتے نظر آتے ہیں۔ صاحب اور بیگمات بنگلوں کے اندر بند ہیں۔ کاروں میں آتے جاتے جھلکی دکھاتے ہیں۔ ہوٹلوں میں، کلبوں میں، فنکشنوں میں جھلکیاں دکھاتے ہیں۔ باہر سے دیکھو ےو یہ شہر ویرانہ ہے۔ اندر تو محفلیں لگی ہوئی ہیں۔ ایک دن پتا نہیں کیا ہوا، غالباً میں راستہ بھول گیا۔ ایک گلی میں داخل ہوا تو منظر دیکھ کر حیرت سے رک گیا۔ ارے یہ میں کہاں آ نکلا ہوں۔ لگتا تھا جیسے اسلام آباد نہ ہو کوئی اور شہر ہو۔ گلی کے بیچ میں چارپائیاں بچھی ہوئی تھیں۔ لوگ بیٹھے حقہ پی رہے تھے، ہنس ہنس کر باتیں کر رہے تھے۔ قہقہے لگ رہے تھے۔ چارپائیوں کے ارد گرد ننگ دھڑنگ بچے کھیل رہے تھے۔ غل مچا رہے تھے۔ بیبیاں پیڑیوں پر بیٹھی دال چن رہی تھیں۔ جوان لڑکیاں کوارٹروں کی کھڑکیوں سے جھانک رہی تھیں، ایسا لگتا تھا جیسے وہ گلی نہیں بلکہ ایک گھرانہ ہو۔ پتا چلا کہ وہ کوارٹر چپڑاسیوں کی بستی کے ہیں۔ وہ رونق، وہ خوشی، وہ قہقہے، وہ رشتے، ہمدردیاں، اپنائیت غربت کی تھی۔ اللہ خود گلی میں بیٹھا حقہ پی رہا تھا اور اپنی مخلوق کو دیکھ دیکھ کر خوش ہو رہا تھا۔
صاحبو ! ایسی چند ایک گلیاں آج بھی اسلام آباد میں موجود ہیں۔ اگر آپ اللہ کو دیکھنا چاہیں تو مسجد میں جانے کی ضرورت نہیں۔ وہاں اللہ نہیں ملتا، وہاں اللہ کے اجارہ دار بیٹھے ہیں۔ اللہ سے ملنا ہے تو غریبوں کے محلے میں جاؤ، وہاں اللہ خود بیٹھتا ہے۔ اس کا نام چاروں طرف گونجتا ہے۔ وہاں گھر میں، رشتے ہیں، مامے چاچے ہیں، وہاں اپنے ہیں، وہاں ہمدردی کی محبت ہے، وہاں ملک کی لگن ہے، درد ہے۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : اقصیٰ حنیف

اے پتر

صاحبو ! صوفی غلام مصطفیٰ تبسم بڑا عالم تھا، استاد تھا، شاعر تھا۔ اس سے غلطی ہو گئی۔ اس نے لکھ دیا :
اے پتر ہٹاں تے نئیں وکدے
کیوں لبدی پھریں بازار کڑے
اسے لکھنا چاہئیے تھا :
اے پتر بنگلیاں اچ نئیں لبدے
کیوں لبدی سلاماں باد کڑے
صاحبو ! اے پتر دین ہے غربت کی۔
1965ء کی جنگ میں اگر ان پتروں کی یلغار کو نہ روکا جاتا تو آج پاکستان کی شکل کچھ اور ہوتی اور انھیں روکا کس نے؟ تنخواہ دار مفاد پرستوں نے جو ڈالروں کے عوض بکے ہوئے تھے۔
صاحبو ! میں مستحق نہیں ہوں جو غربت کی عظمت کی تصویر کشی کر سکوں، صرف چند ایک باتیں جانتا ہوں،
1۔ غربت میں اللہ قریب آ جاتا ہے۔
2۔ غربت ایک دوسرے سے ہمدردی کا درس دیتی ہے۔ غربت کے زور پر ابھی تک ہمارے ہاں فیملی قائم ہے۔ یورپ میں فیملی ٹوٹ چکی ہے۔ بچی کھچی پر جھاڑو پھر رہا ہے۔ جہاں فیملی نہیں، وہاں رشتے نہیں۔ وہاں انسان سوشل اینیمل نہیں بلکہ سٹیٹس اینیمل ہے۔
3۔ غربت خدمت کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔
4۔ مشاہیر کا کہنا ہے کہ دنیا می۔ جو بڑا آدمی پیدا ہوا، عالم، سائنس دان، محقق، سوشل ورکر، ٹیکنیشن، وہ ہمیشہ غریبوں میں سے ابھرا ہے۔ آج تک دولت مندوں نے کوئی بڑا آدمی پیدا نہیں کیا۔ دولت مندوں نے ہمیشہ عیاش لوگ پیدا کیے ہیں۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : اقصیٰ حنیف

کالے گورے

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ لوگ جوں جوں امیر ہوتے جاتے ہیں، توں توں ان میں بچہ پیدا کرنے کی صلاحیت کم ہوتی جاتی ہے۔ یورپ اور امریکا میں Fertility کم ہوتی جا رہی ہے۔ اول تو وہاں فیملی ہی نہیں رہی، دوسرے فرٹیلیٹی کم ہوتی جا رہی ہے۔ تیسرے مادر پدر آزادی کی وجہ سے نوجوان میمیں رات کو گھر جاتے ہوئے رات ساتھی کی تلاش کرتے ہوئے گورے کی نسبت کالے کو ساتھ لے جانے کی خواہاں ہوتی ہیں۔ پتا نہیں اس کی کیا وجہ ہے؟ کوئی کہتا ہے کہ کالے جوڑے کے ملاپ میں Vibrations زیادہ ہوتی ہیں اور جنس کی ساری لذت وائی بریشنز پر موقوف ہے۔ جذبات کے تموجات بڑھتے بڑھتے طوفان بن جاتے ہیں۔ کچھ لوگ تموجات کو نہیں مانتے۔ ان کا کہنا ہے کہ کالے کا جسم Compact ہوتا ہے مسام قریب قریب ہوتے ہیں۔ قریب قریب ہوں تو جسم گھٹا ہوا ہوتا ہے۔ اس میں پکڑ ہوتی ہے۔ جان ہوتی ہے، دھماکہ ہوتا ہے۔ چاہے کوئی بات سچ ہو، نتیجہ یہ ہے کہ کالے گورے کا ملاپ مقبول ہوتا جا رہا ہے۔ اس بات پر گورا خوف زدہ ہے کہ پچاس سال بعد یورپ اور امریکا میں کالے ہی کالے نظر آئیں گے اور یہ بھی ممکن ہے کہ ایک ایسا دن بھی آئے جب گورے کو دیکھنے کے لیے آپ کو چڑیا گھر جانا پڑے۔ صاحبو ! معافی چاہتا ہوں، پھر پٹری سے اتر گیا، ڈائی گریشن ہو گئی۔

باب 11 : پلاؤ کی دیگ

ٹرانسکرپشن : اقصیٰ حنیف

کنڈوم

ادھر امیروں کی فرٹیلیٹی گھٹتی جا رہی ہے، ادھر غریبوں کی بڑھتی جا رہی ہے۔ گھر کھانے کے لیے روٹی نہیں لیکن آٹھ بچے اودھم مچا رہے ہیں اور نویں کی آمد آمد ہے۔ مغربی مشاہیر کہتے ہیں کہ کنڈوم کو عام کر دو، مفت بانٹو، سکول کے بچوں پر عائد کرو کہ ہر جیب میں ایک کنڈوم ہونا لازمی ہے۔ مجھے نہیں پتا کہ اس کا کیا نتیجہ ہو گا۔ مجھے یاد ہے جب میب سکس کا طالب علم تھا تو میں نے اپنے ایک دوست کو کنڈوم کا مشورہ دیا۔ جب اس کا تیسرا بیٹا پیدا ہوا تو اس نے اس کا نام ابن کنڈوم رکھ دیا۔ صاحبو ! غربت کی خوبیوں کی فہرست بڑی طویل ہے۔ غربت تکلیف سہنے کی شکتی پیدا کرتی ہے۔ Resistence کی طاقت پیدا کرتی ہے۔ Survival کی ذمہ داری ہے۔ مجاہد پیدا کرتی ہے۔ آخر میں دنیا کے امیر ترین ملک جاپان کے ایک نو مسلم نا کنچی کے بیان کا ایک اقتباس ملاحظہ ہو : ” آج عالم یہ ہے کہ جاپان صنعتی اعتبار سے ایشیا کا سب سے ترقی یافتہ ملک ہے۔ ٹیکنالوجی کی بے پناہ ترقی اور اس کے اثرات نے ہمارے معاشرے کو کلیتہً بدل دیا ہے اور مادی نقطہ نظر ہر بات پر حاوی ہے۔ چونکہ ہمارے ملک میں قدرتی وسائل کا فقدان ہے، اس لیے تمام تر انحصار سخت کوشی پر ہے۔ ہمیں اپنا معیار زندگی برقرار رکھنے کے لیے شب و روز محنت کرنی پڑتی ہے اور صرف یہی وہ ذریعہ ہے جس کے سبب ہماری تجارت اور صنعت زندہ رہ سکتی ہے۔ چنانچہ ہم ایک ایسی مادی دوڑ میں مصروف ہیں جہاں دور دور تک کہیں پتہ نشان نہیں ملتا۔ جاپانیوں کی ساری جدوجہد محض دنیاوی مفادات کے لیے ہے۔ انھیں ما بعد الطبیعاتی مسائل پر سوچنے کی فرصت ہی نہیں ملتی۔ ان کا کوئی مذہب ہے نہ روحانی معیار۔ وہ ان نقوش پر سجدہ کناں ہیں جو یورپ کی مادیت نے زمانے پر مرتسم کر رکھے ہیں۔ اس ساری یک طرفہ دوڑ کا نتیجہ ہے کہ روحانی طور پر جاپان زبردست افلاس کا شکار ہوتا جا رہا ہے اور خوبصورت لباس میں ملبوس ان کے صحت مند جسموں کے اندر بیمار اور مایوس روحیں کراہ رہی ہیں۔ مجھے یقین واثق ہے کہ جاپان میں اسلام کی اشاعت اور فروغ کے لیے موجودہ دور فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے۔ نام نہاد ترقی یافتہ قوموں نے مادی ترقی تو بلا شبہ کی ہے، مگر وہ زبردست روحانی خلا کا شکار ہیں۔ اسلام اور صرف اسلام اس خلا کو پر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ چنانچہ اگر جاپان میں اسلام کی اشاعت کے لیے مناسب اور مؤثر تدابیر اختیار کی جائیں تو میں یوں محسوس کرتا ہوں کہ دو یا تین نسلوں کے اندر اندر پورے کا پورا جاپان اسلام کی آغوش میں آ سکتا ہے اور اگر یہ قلعہ سر ہو جائے تو میں سارے مشرق بعید میں اسلام کے روشن مستقبل کی پیش گوئی کر سکتا ہوں۔ مسلم جاپان پوری انسانیت کے لیے باعث رحمت بن سکتا ہے۔ ”

Back to top button