یونیکوڈ کتابیں

تلاش

باب 12 — دشمنی یا خوف

تلاش — ممتاز مفتی، کتاب کا سرورق

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : شبانہ حنیف

حقارت بھرا تعصب


حیرت کی بات ہے کہ مغربی ممالک میں عام لوگوں کے دلوں میں جو حقارت بھرا تعصب اسلام کے خلاف پایا جاتا ہے، وہ کسی اور مذہب کے خلاف نہیں پایا جاتا۔۔
مغربی ممالک میں مسلمانوں کو وحشی قوم سمجھا جاتا ہے۔ اسلام ایسا مذہب سمجھا جاتا ہے جو تلوار کے زور پر پھیلا۔۔ مسلمان کثرتِ ازدواج کی وجہ سے بدنام ہیں، مسلمان عورت کو اپنی جنس کی تسکین کا ذریعہ سمجھتے ہیں اور بس۔
حقارت بھرا تعصب:
ڈاکٹر عبد الغنی فاروق نے ایک کتاب مرتب کی ہے۔ عنوان ہے: ” ہم مسلمان کیوں ہوۓ؟ ” اس کتاب میں 85 نو مسلموں کے بیانات درج ہیں۔ تقریباً سب کے سب اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ مغربی ممالک میں اسلام کے خلاف حقارت بھرا تعصب پایا جاتا ہے یہاں تک کہ پڑھے لکھے لوگ بھی اسلام کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے روادار نہیں۔ مثلاً چند ایک مغربی نو مسلموں کی آرا ملاحظہ ہوں:

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : شبانہ حنیف

انگلستان کی محترمہ فردی، ڈاکٹر شیلڈرک

جو چرچ آف انگلینڈ سے وابستہ تھیں، کہتی ہیں ، ” اس وقت میں اسلام کے بارے میں کچھ نہیں جانتی۔ اخبارات کے مضامین سے اتنی خبر ضرور تھی کہ اسلام غلامی کا قائل ہے اور اب تک عرب ممالک میں غلامی کا مکروہ کاروبار جاری ہے۔ تعداد ازواج کی صورت میں عورتوں پر ظلم ڈھائے جاتے ہیں… اسکول کے زمانے میں صلیبی جنگوں کے بارے میں بھی پڑھا تھا جن میں مسلمانوں کو پرلے درجے کا سفاک اور بے رحم بتایا گیا تھا۔”
ڈاکٹر شیلڈرک:
انگلستان کے صحافی تھے، وہ لکھتے ہیں : ” مذاہبِ عالم پر انگلستان کی لائبریریوں میں جتنی بھی کتابیں ملیں، میں نے سب پڑھ ڈالیں۔ کتابوں میں یہودیت، ہندومت اور بدھ مت وغیرہ کے بارے میں تو صرف معلومات تھیں مگر اسلام کا جہاں بھی ذکر آتا تھا، کوئی مصنف بھی طعنو تشنیع کے بغیر نہیں گزرتا تھا۔ اسلام کے بارے میں ان کتابوں کا ماحصل یہ تھا کہ اسلام بذاتہِ خود کوئی مستقل مذہب نہیں، بلکہ محض عیسائی لٹریچر سے ماخوذ چند اقوال کا مجموعہ ہے۔ اگر عیسائی مصنفین مذہب اسلام سے خائف نہ ہوتے… نہ ہی اٹھتے بیٹھتے، اس کی توہین و تذلیل کے درپے ہوتے تو میں اسلام کا مطالعہ کبھی نہ کرتا۔ "

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : شبانہ حنیف

امریکہ کی سسٹر امینہ

جو امریکہ کے سنڈے سکولوں میں عیسائیت کی تعلیم دیا کرتی تھیں، لکھتی ہیں:
” مجھے مسلمانوں سے سخت نفرت تھی۔ میرے نزدیک جیسا کہ عام یورپین سمجھتے ہیں، اسلام وحشت اور جہالت کا مذہب تھا اور مسلمان غیر مہذب، عیاش، عورتوں پر ظلم کرنے والے، اپنے مخالفوں کو زندہ جلا دینے والے لوگ تھے۔ امریکا اور یورپ کے عام مصنفین اور مؤرخ یہی لکھتے آ رہے ہیں۔ "
” یہ تو خیر پرانی باتیں ہیں جو کتابی صورت میں شائع ہو چکی ہیں۔ آج کی بات بھی سن لیجئے جس کو ہفت روزی ” تصویر پاکستان ” کے 23 ستمبر کے شمارے میں جاوید چوہدری نے اپنے کالم میں سنڈے ٹائمز لندن کی حالیہ اشاعت کے حوالے سے پیش کیا ہے۔ لکھتے ہیں : ” میرا خیال تھا اسلام ایسا جال ہے جو جکڑ لیتا ہے۔ زندگی کی ساری آسائشیں، آرام اور آزادی شجر ممنوعہ ہوجاتی ہے اور مسلمان…ایک بدتہذیب، اجڈ اور وحشی قوم ہیں جو بات بات پر تلواریں سونت کر گلے کاٹنا شروع کر دیتے ہیں۔ محبت کرنے والوں کو سنگسار کر دیتے ہیں۔ شراب پینے والوں پر کوڑے برسائے جاتے ہیں۔ مرد چار چار عورتیں رکھتے ہیں جو گھروں میں بڑی غلامانہ زندگی گزارتی ہیں۔ وغیرہ وغیرہ۔ اپنے اسی تصور کی وجہ سے میں لندن اور اس کے گردونواح میں مسلمان آبادیوں سے بچ بچا کر رہتی تھی۔ لیکن ایک دن مجھے مذاہبِ عالم پر کتاب پڑھنے کا اتفاق ہوا تو محسوس ہوا مصنف جہاں اسلام کا ذکر آتا ہے، فوراً جانبدار ہو کر اس کے خلاف تبلیغ شروع کر دیتا ہے اور اس سلسلے میں اس کے پاس کوئی دلیل بھی نہیں ہوتی۔ مجھے تجسس ہوا اور میں نے اسلام کا مطالعہ شروع کر دیا اور پھر تیسرے مہینے مسلمان ہو گئی۔
یہ ماریہ ہے جو یورپ، آمریکا، آسٹریلیا اور مشرق بعید کے ان ڈیڑھ لاکھ افراد میں سے ایک ہے جو پچھلے چند برسوں کے دوران حلقہ بگوش اسلام ہوۓ۔ اس کا انکشاف ” سنڈے ٹائمز ” نے اپنی حالیہ اشاعت میں کیا۔ اخبار کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران برطانیہ کے دس ہزار انگریز شہریوں نے اسلام قبول کیا۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : شبانہ حنیف

انجانے میں، یورپی سازشیں

اسلام کے متعلق ایسے حقارت آمیز خیالات رکھنے میں یورپ اور امریکا کے عوام کا کوئی قصور نہیں۔ سالہا سال کے مسلسل اور منظم پروپیگنڈے سے انھیں condition کر دیا گیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ یورپ اور امریکہ کے عوام مخلص ہیں، معتصب نہیں، تنگ دل نہیں، تنگ نظری کا شکار نہیں۔
درحقیقت اسلام کے خلاف یہ ایک منصوبہ بند سازش ہے۔ مغرب میں بیسیوں خفیہ سوسائٹیاں اسلام کے خلاف پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔ یہ پروپیگنڈا عام طور پر بین السطور ہوتا ہے لیکن کہیں برملا اور بھونڈے انداز میں بھی ہوتا ہے۔ ان سوسائٹیوں کے محرک یہودی پادری اور راہب ہیں۔
اس پروپیگنڈے کی کامیابی کی وجہ صرف یہ ہے کہ اہلِ مغرب اسلام سے متعلق بالکل بے خبر ہیں۔ اس کے علاوہ کالے مسلمانوں کا ابتدائی رویہ گوروں سے حقارت پر مبنی تھا۔ علامہ جلال العالم ایک عربی مصنف ہیں جنھوں نے اس موضوع پر ایک کتاب ترتیب دی ہے۔ عنوان ہے : ” اسلام اور مسلمانوں کے خلاف یورپی سازشیں۔ ”
یورپی سازشیں
اداریہ نداۓ فرقان لاہور کے ناظم اعلیٰ قاضی ابو سلمان محمد کفایت اللہ نے اس کتاب کا ترجمہ کیا ہے اور اسے شائع کیا ہے۔ اس کتاب میں چند ایک اقتباسات اپنے الفاظ میں پیش کرتا ہوں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ یورپی اقوام کے اسلام سے متعلق کیا جذبات تھے:

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : شبانہ حنیف

مسٹر آئی یو جین روستو

جو امریکہ کا نائب وزیر خارجہ تھا، ساتھ ہی منصوبہ بندی کے شعبے کا صدر تھا، وہ 1967ء تک صدر جانسن کا مشیرِ خاص رہا تھا۔ اس نے اپنے ایک بیان میں کہا:
” حقیقت تو یہ ہے کہ امریکا اسلام کے حوالے سے معاندانہ مؤقف کے سوا کوئی دوسرا مؤقف اختیار کر ہی نہیں سکتا اور امریکہ کے لئے یہ ممکن ہی نہیں کہ وہ مغربی دنیا اور صیہونی ریاست (اسرائیل) کے بارے میں غیر دوستانہ رویہ اختیار کرے۔ ہم امریکیوں کی منصوبہ بندی کی اصل بنیاد اس کے سوا کچھ نہیں کہ ہم یورپ والوں اور مسلمانوں کے مابین ہر قیمت پر صلیبی جنگیں جاری رکھیں۔”
جنگِ عظیم اوّل میں جنرل بنٰی نے بیت المقدس پر حملہ کر کے اسے فتح کر لیا تھا۔ اس پر سارے یورپ اور امریکا میں خوشیاں منائی گئیں۔ برطانوی وزیر خارجہ مسٹر لائسنس جاری نے اسے صلیبی جنگوں کا آٹھواں حملہ قرار دیا۔ جنرل بنٰی اور اس کے رفقا کار کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : شبانہ حنیف

فرانسیسی جرنیل غورو

شام کو فتح کرنے کے بعد جب دمشق پہنچا تو غازی صلاح الدین ایوبی کی قبر پر لات مار کر بولا : ” او صلاح الدین ! اٹھ اور دیکھ کہ ہم اپنی شکستوں کا بدلہ لے چکے ہیں اور تیری سر زمین پر فاتحوں کی حیثیت سے لوٹ آئے ہیں۔ "
فرانسیسی پارلیمنٹ کے ایک وفد نے کہا کہ مراکش میں ہمیں جنگ وجدل ختم کر دینی چاہیے۔ اس پر فرانس کے وزیر خارجہ نے کہا، یہ معرکہ نہیں رکے گا۔ یہ معرکہ فرانس اور مراکش کے مابین نہیں چل رہا بلکہ ہلال اور صلیب کے درمیان چل رہا ہے۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : ناہید خلیل

پھر مسٹر چرچل

بولے۔ کہنے لگے ” بیت المقدس کو مسلمانوں کے غلبے سے رہائی دلانا ہم مسیحیوں اور یہودیوں کا مشترکہ خواب تھا۔ ہمارا نصب العین تھا۔۔۔۔۔۔ اس بیت المقدس کو اب دوبارہ کسی قیمت پر مسلمانوں کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔ "
صیہونیوں نے اس روز نعرے لگائے۔” آج کے دن خیبر کا انتقام لیا جا چکا ہے، محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا دین دم دبا کر بھاگ گیا۔ "
صاحبو ! ملک و قوم کے درمیان تو جنگیں ہوتی رہتی ہیں۔ پھر صلح بھی ہو جاتی ہے۔ تعلقات از سرِ نو نارمل ہوجاتے ہیں۔ لیکن مسلمانوں کے خلاف یہودیوں اور عیسائیوں کا رویہ ہمیشہ انتقامی رہا۔ صلیبی جنگوں میں انہوں نے مسلمانوں سے جو شکستیں کھائی تھیں، ان کے زخم آج تک رسنے بند نہیں ہوئے۔
آج بھی بیسیوں سوسائٹیاں مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔ جن کہ متعلق علامہ جلال العالم نے اپنی کتاب ” اسلام اور مسلمانوں کے خلاف یورپی سازشیں ” میں کوائف جمع کیے ہیں۔ مصنف نے ان کوائف سے ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ یورپی اقوام اسلام دشمنی سے بھری بیٹھی ہیں۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : ناہید خلیل

دشمنی یا خوف

مجھے مصنف کے اس خیال سے اتفاق نہیں۔ میری دانست میں انھیں مسلمانوں سے دشمنی نہیں بلکہ ان کے ذہنوں پر اسلام کا خوف طاری ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اسلام ایک ایسی تلوار ہے جو ان کے سروں پر لٹک رہی ہے۔ انھیں احساس ہے کہ اگر یورپی عوام کو اسلامی اصولوں کا پتہ چل گیا تو وہ عیسائیت اور یہودیت سے منحرف ہو جائیں گے اس لئے وہ اسلام کے متعلق ڈس انفارمیشن پھیلاتے رہتے ہیں۔
بہرحال ان کے بیانات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اسلام کی عظمت کے معترف ہیں اور اسلام سے خوفزدہ ہیں۔ سر لارنس براؤن اپنے بیان میں کہتے ہیں :
” جو چیز حقیقی طور پر ہمارے لیے خطرہ ہے وہ صرف اسلام ہے۔ ہمارے وجود کے لیے، ہماری تہذیب و ثقافت کے لئے، کیونکہ اسلام میں آگے بڑھنے، پھیلنے عوام کے قلب و ذہن کو مسخر کرنے اور اپنے اندر جذب کرنے کی بے پناہ صلاحیت پائی جاتی ہے۔ "
فرانس کے ایک سابق وزیر خارجہ ہاتونو نے اپنے بیان میں لوگوں کو خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ روئے زمین پر ایسی کوئی جگہ نہیں جہاں اسلام نہ پہنچ چکا ہو۔ اور اس نے لوگوں کے دلوں پر نہ اثر کیا ہو۔ اسلام میں بڑی کشش ہے اور جاذبیت ہے۔ "

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : ناہید خلیل

جہاد بھرا جن

ایک اور مغربی دانشور، البر مشادور نے کہا۔”میرے ہم وطنو، میری بات غور سے سنو ! مسلمان بیدار ہو چکا ہے اور چلا چلا کر کہہ رہا ہے کہ میں موجود ہوں، وہ ہرگز مرا نہیں "
اشیابومان نے کہا ” مسلمان اپنا وجود قائم رکھے ہوئے ہے اور وہ آگے بڑھ رہا ہے۔ پھیلتا جارہا ہے ڈرو کہ اس میں جہاد کی قوت ہے۔
فرانس کی وزارتِ خارجہ کے ایک افسر نے 1952 میں ایک بیان دیا کہ، مسلمان سے خبردار رہو، وہ عالم نو ( new world ) کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔
ایک شاندار مستقبل کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔ ہم فرانسیسیوں نے الجزائر میں اپنی حکومت کے دوران پوری کوشش کی لیکن ہم مسلمانوں کا تشخص نہیں چھین سکے۔ مسلمان ایک جن ہے جسے فی الحال ہم یورپ والوں نے مقید کر رکھا ہے۔ اگر ہم اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوئے، اسے قابو میں نہ رکھ سکے تو وہ پورے یورپ پہ مسلط ہو جائے گا۔ "
یورپ اور امریکہ کے چند ایک مشاہیر نے بات بالکل ہی کھول کر سامنے رکھ دی، مثلاً برطانیہ کے مشہور وزیراعظم گلیڈ اسٹون نے ایک بیان میں کہا ” جب تک قرآن مسلمانوں کے دل اور دماغوں میں حکمران رہے گا۔ اس وقت تک ہم اسلامی مشرق کو اپنے قبضے میں نہیں لا سکتے اور بغرض محال لے بھی آئیں تو تادیر تسلط میں نہیں رکھ سکتے۔
الجزائر میں سو سالہ فرانسیسی قبضے کی ایک تقریب ہوئی۔ اس تقریب میں فرانس کے گورنر نے تقریر کی۔ اس تقریر میں انہوں نے برملا کہہ دیا :
ہم فرانسیسی الجزائر پر اپنے قبضے کو برقرار نہیں رکھ سکتے، جب تک الجزائری قرآن پڑھتے رہیں گے عربی بولتے رہیں گے۔ لہٰذا ہم پر لازم ہے کہ ان کے دل و دماغ سے قرآن کو محو کر دیں۔ "
صرف عیسائیت اور صیہونیت ہی اسلام سے خائف نہیں بلکہ کمیونزم کو بھی پورے طور پر احساس تھا کہ اسلام ان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
ازبکستان سے اشتراکی پارٹی اپنا ایک روزنامہ "کیزیل "شائع کیا کرتی تھی۔ اس روزنامے کے 22 مئی 1952 کے شمارے پر ایڈیٹر نے جو اداریہ شائع کیا تھا اس میں انہوں نے بغیر کسی لاگ لپیٹ کے لکھا تھا، اسلام کو نیست و نابود کیے بغیر کمیونزم کے لیے ازبکستان میں ہی نہیں بلکہ عالم اسلام میں کہیں بھی جڑ پکڑنا ممکن نہیں۔”

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : ناہید خلیل

انقلابی مذہب

روس کے مشہور وزیراعظم خروشیف نے ایک دفعہ الجزائر کے انقلابیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا :
"اسلام اپنی انقلابیت کی حفاظت کرتا رہے گا کیونکہ اسلام انقلابی عوام اور انقلابی اقوام کا دین ہے۔ جسے یورپ کی جنگجویانہ صلیبی ذہنیت کے ہاتھوں اور مشکلات کا مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے۔”
اسرائیل کے ایک سابق وزیر اعظم، گوریاں نے ایک بیان میں کہا : ” میں بڑی شدت سے اس بات کا خطرہ محسوس کر رہا ہوں۔۔۔۔۔۔ اور ہم میں سے کون ہے جو یہ خطرہ محسوس نہیں کر رہا، کہ ایسا نہ ہو کہ کل کلاں عالم عرب یا عالم اسلام میں ایک نیا محمد صلی اللہ علیہ وسلم پیدا ہو جائے ".
اسلام قرآن اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا خوف ابھی اہل مغرب کے دلوں میں چھایا ہوا ہے۔ یہ کوی نئی بات نہیں باطل ہمیشہ حق سے خائف رہا ہے۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : ناہید خلیل

ماؤ

ایک دن قدرت اللہ شہاب بڑے اچھے موڈ میں تھے، کہنے لگے ماؤ واقعی ایک بہت بڑا آدمی تھا۔
” آپ کو کیسے پتا ہے ” ؟ میں نے پوچھا۔
کہنے لگے میں ایک بار ان سے ملا تھا ہوا یوں کہ میں چین کے دورے پر گیا تو وہاں میں نے انتظامیہ سے درخواست کی کہ اگر آسانی سے ممکن ہو تو مجھے ماؤ صاحب سے ملنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان سے ملنے کا کوئی خاص مقصد ہے کیا؟ میں نے کہا ” نہیں، بالکل نہیں ” ان سے ملنے کا کوئی خاص مقصد نہیں۔ میں انھیں بڑا آدمی سمجھتا ہوں اور ان کا احترام کرتا ہوں۔ میں ان سے عام مداح کی حیثیت سے ملنا چاہتا ہوں۔ قدرت اللہ شہاب نے کہا کہ انتظامیہ کے رویے سے صاف ظاہر تھا کہ بات ٹال دی جائے۔ بہرحال انہوں نے بڑی سوچ بچار کے بعد مجھے ماؤ سے ملنے کی اجازت دے دی لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہہ دیا کہ وہ نحیف ہو چکے ہیں اور وہ لمبی ملاقات کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ لہٰذا آپ ملاقات کو طول نہ دیں۔
قدرت اللہ نے کہا، میرا خیال تھا کہ ماؤ کسی شاہی حویلی میں مقیم ہوں گے۔ لیکن وہ مجھے ایک عام سی آبادی میں لے گئے۔ ایک عام سی گلی کے ایک عام سے کوارٹر میں وہ مقیم تھے۔ مجھ سے مل کر وہ بہت خوش ہوئے۔ انہوں نے پہلا سوال مجھ سے یہ کیا کہ کہنے لگے، کیا یہ ملاقات کسی خاص مقصد کے لئے ہے؟ میں نے کہا نہیں جناب کوئی خاص مقصد نہیں۔ میں تو آپ کا ایک مداح ہوں۔ اور اظہار تعظیم کے لیے حاضر ہوا ہوں۔ یہ سن کر ان کی خوشی دوچند ہو گئی۔ اور وہ کھل کر باتیں کرنے لگے۔ ان کی باتوں میں بچوں کی سی معصومیت تھی۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : محمد مزمل

کمیونزم اور خدا

باتوں کے دوران میں نے کہا، اگر آپ برا نہ مانیں تو میں ایک سوال پوچھوں۔
’’بالکل پوچھئے۔‘‘ انھوں نے کہا۔ میں نے عرض کی کہ آپ نے جو اپنی تحریک کو God‪-‬Less رکھا، کیا اس کا کوئی خاص مقصد تھا؟ وہ مسکرا کر بولے، یہ سوال ہماری مجلس میں اٹھایا گیا تھا۔ وہاں اختلاف رائے تھا۔ کوئی کسی خدا کے حق میں تھا، کوئی کسی اور کے، اس لیے فیصلہ ہوا کہ اس ایشو کا فیصلہ اگلی میٹنگ میں کیا جائے۔ ہر کوئی اپنا منشور لکھ کر لے آئے۔‬
ماؤ نے کہا، میں فلسفے کا طالب علم ہوں اور تمام مذاہب کا مطالعہ کرچکا ہوں، اس لیے میری دانست میں کمیونزم کے پیچھے اسلام کے خدا کے سوا کوئی خدا قائم نہیں کیا جاسکتا تھا۔ لہٰذا میں نے اس موضوع پر ایک مقالہ تیار کر لیا تا کہ اسے اگلی مجالس میں پیش کر دوں۔
پتا نہیں کیسے ہمارے پروگرام کا انگریزوں کو علم ہوگیا۔ انھوں نے ہندوستان کے علمائے دین سے کمیونزم کے خلاف فتوے حاصل کیے۔ یہ فتوے بہت متشدد تھے۔ انھوں نے ان فتووں کو شائع کر کے لاکھوں ہینڈ بل ہوائی جہاز کے ذریعے گرا دیے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ جب ہماری مجلس کی نشست ہوئی تو ہر رکن کی میز پر ہنیڈ بل پڑا تھا، لہٰذا میرا مقالہ پڑھنا آؤٹ آف کوئسچن ہوگیا۔
قدرت الله نے ماؤ سے پوچھا، کیا میں آپ کے اس بیان کا حوالہ دے سکتا ہوں۔
ماؤ نے سر نفی میں ہلا دیا۔ کہنے لگے، میری زندگی میں نہیں۔
ایک روز میں نے قدرت اللہ سے پوچھا کہ فرض کیجیے، ماؤ کا مشورہ قبول کر لیا جاتا اور کمیونزم اسلام کے خدا کو سرکاری طور پر تسلیم کرلیتا تو نتیجہ کیا ہوتا؟
قدرت الله نے جواب دیا کہ کمیونزم کبھی اللہ کو قبول نہ کرتا۔ اگر کر لیتا تو ساتھ ہی اسلام کو قبول کرنا پڑتا اور اگر اسلام قبول کرلیتا تو اس کا اپنا تشخص ختم ہوجاتا۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : محمد مزمل

الٹی ہو گئیں سب تدبیریں

یورپ اور امریکا کے عیسائی اور صیہونی پادریوں اور راہبوں نے اسلام کے خلاف نفرت اور حقارت بھرے جذبات پھیلانے کا ایک مربوط پروگرام بنایا۔ انھوں نے مصنفوں، مفکروں، دانشوروں، عالموں اور لیڈروں سے اسلام کے خلاف تحقیر آمیز بیانات دلوائے اور میڈیا کے ذریعے ان کی تشہیر کی۔ ان کا یہ پراجیکٹ بہت کامیاب رہا، لیکن اس دوران مغربی عوام نے بہت ترقی کرلی۔ اب انھیں یہ بات کھلنے لگی کہ بغیر کسی وجہ کے، بغیر کسی دلیل کے اسلام کے خلاف ایسے حقارت بھرے بیانات کو کیوں نشر کیا جا رہا ہے۔ ان کی توجہ اسلام کی طرف مبذول ہوگئی اور ان کے دلوں میں اسلام کے متعلق جاننے کا جذبہ بیدار ہو گیا یعنی اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈا مثبت جذبات پیدا کرنے کا سبب بن گیا۔
عرصہ دراز تک مغربی اخبارات اور مصنف مسلمانوں کو محمڈن لکھتے رہے۔ مطلب یہ تھا کہ یہ مذہب محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) نے تخلیق کیا ہے اور قرآن الہامی کتاب نہیں بلکہ محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) نے تصنیف کی ہے۔ محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) کو Mohammad نہیں لکھا جاتا تھا بلکہ Mohammet لکھا جاتا تھا اور ‘‘t‘‘ تحقیر کی علامت تھا۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : محمد مزمل

تشخص بدل دو

پھر بقول نومسلم فارنیرز کے Wiser Councils prevailed صیہونی اور عیسائی علماء نے سوچا کہ اسلام کے خلاف پروپیگنڈا کرنا بےکار ہے بلکہ الٹے اثرات کا حامل ہے، اس لیے آسان کام یہ ہے کہ مسلمانوں کا رخ بدل دو۔
مسلمانوں کا رخ بدلنے کے لئے دو طریقے ہیں: ایک یہ کہ مغربی تعلیم کو عام کر دو۔ مغربی تہذیب کو فیشن میں بدل دو۔ سٹیٹس سمبل بنا دو۔ مغربی خیالات کے زیر اثر مسلمانوں کی توجہ مذہب سے ہٹ جائے گی۔ وہ مذہب کو ایک غیر ضروری چیز سمجھنے لگیں گے اور زندگی کی جانب ان کا رویہ مادی اور سیکولر ہوجائے گا۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ اسلام کی شکل مسخ کر دو۔ اسلام کو بھی عام مذہبوں کی طرح Rituals میں بدل دو۔ مسلمانوں کی توجہ علم، عقل اور تحقیق سے موڑ دو اور انھیں رسمی عبادات، پیر پرستی اور خانقاہی نظام کی طرف متوجہ کر دو۔ اس طرح وہ ضعیف الاعتقادی اور اوہام پرستی کی جانب چل نکلیں گے۔ تعویز گنڈے اور وظیفے وظائف کو اپنا لیں گے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان پڑھ اجارہ داروں کی ایک ایسی جماعت قائم کردو جو مسلمانوں کو فروعات میں پھنسائے رکھے۔
اپنے ان منصوبوں میں مغربی اقوام کامیاب ہیں اور انھیں اپنی کامیابی کا پورا شعور ہے۔
فرانس کا بادشاہ لوئی ہشتم جب مسلمانوں کی قید سے آزاد ہوا تو اس نے یورپی عیسائیوں کے ارباب اختیار سے مل کر ایک لائحہ عمل بنایا جس کا مقصد اسلام کو ختم کرنا ور مسلمانوں کو یورپی تسلط میں لانا تھا۔
اس پالیسی ساز کا لائحہ عمل آج بھی پریس میں محفوظ ہے۔ اس کی شقیں مختصر طور پر یہ ہیں:
1۔ مسلمانوں کے درمیان اختلاف و تفرقہ پیدا کرو۔
2۔ تفرق پیدا ہوجائے تو اسے مزید گہرا کرو۔
3۔ مسلمان ممالک میں نیک اور صالح حکمرانوں کے قیام کو ناممکن العمل بناؤ۔
4۔ مسلمان ممالک میں Corruption کو ہوا دو۔ انتظامیہ میں رشوت اور اقربا نوازی کی رسم ڈالو۔
5۔ عورتوں کے ذریعے اہلکاروں کے اخلاق داغ دار کرو۔
6۔ مسلمانوں میں جذبہ جہاد کو کمزور کرو۔
7۔ عرب ممالک میں پھوٹ ڈالنے کی پالیسی پر عمل کرو۔
بے شک یورپی ممالک اس تخریبی پروگرام میں بہت کامیاب ہیں۔
ان کی سب سے بڑی کامیابی تعلیم کے میدان میں ہے۔ انھوں نے ایک ایسا نظام تعلیم چلا رکھا ہے جس کے تحت مسلمان نوجوانوں میں سیکولر جذبات پرورش پا رہے ہیں۔ وہ مذہب کو تنگ دلی کا نظام سمجھنے لگے ہیں۔ اپنے مذہب اور کلچر پر شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔ مغرب کے میس ‪(‬Mass‪)‬ کلچر نے ہمیں اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔ انگریزی زبان اور یورپی کلچر ہمارے لیے سٹیٹس سمبل بن چکے ہیں۔‬‬

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : محمد مزمل

قومی زبان

1947ء میں جب برطانیہ ہندوستان سے گیا تھا تو لاہور میں صرف تین انگریزی سکول تھے، اب تین ہزار سے زائد ہیں۔ اسلام آباد کے سکولوں میں بچے میٹریکولیششن کے لیے نہیں بلکہ او لیول اور اے لیول کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔ ان کا نصاب آکسفورڈ اور کیمرج میں تیار ہوتا ہے۔
ہمیں آزادی ملے 48 سال ہوچکے ہیں لیکن آج تک ہماری کوئی قومی زبان نہیں۔ اس مسئلے کو ایسا سیاسی رنگ دے دیا گیا ہے کہ لگتا ہے جیسے قومی زبان کا مسئلہ کبھی حل نہ ہو گا اور دفتروں میں انگریزی زبان کا راج رہے گا۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ ہمارے بیوروکریٹ انگریزی رنگ میں رنگے رہیں گے۔ وہ انگریزی کو سٹیٹس سمبل سمجھتے رہیں گے۔ اسلام آباد میں 20 گریڈ کا افسر 18 گریڈ کے افسر سے سوشل رابطہ نہیں رکھے گا۔ سی ایس پی کا 17 گریڈ کا افسر نان سی ایس پی افسر سے ملنے میں کسر شان محسوس کرے گا۔ سکولوں اور کالجوں میں گروپ بنے ہوئے ہیں۔ انگلش میڈیم والے اردو میڈیم کو حقارت کی نظر سے دیکھتے ہیں۔
حالات بہت تاریک ہیں۔ مسلم ممالک پر گھٹا ٹوپ اندھیرا چھایا ہوا ہے۔ لیکن ٹھہریے ! اس گھٹا ٹوپ اندھیرے میں ایک کرن چمکی ہے۔
بین الاقوامی مسلمان علماء اور دانش وروں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
وہ مسلمانان عالم سے پوچھ رہے ہیں کہ بھائیو ! کیا ہم مسلمان ہیں؟
بیداری کی کرن طلوع ہورہی ہے۔
صاحبو ! مغرب کی اسلام دشمن تحریکوں کے بارے میں جان کر اس غلط فہمی کا شکار نہ ہوجایئے گا کہ مغرب کے عوام، اسلام کے خلاف تعصب سے بھرے ہوئے ہیں۔ اہل مغرب کے خلاف ہم عیب جوئی کرتے رہتے ہیں، لیکن سچی بات یہ ہے کہ ہمیں تسلیم کرنا پڑے گا کہ مغرب کے عوام منافق نہیں ہیں اور وہ ذہنی طور پر بددیانت نہیں ہیں۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : محمد مزمل

حکومتیں، عوام

صاحبو ! میں مغربی عوام کی بات کر رہا ہوں، حکومتوں کی بات نہیں کر رہا ہوں۔
امریکی حکومت اور اس کے صلاح کار یہودیوں کی تعصب بھری پالیسیوں کی وجہ سے آج امریکا ہماری نگاہ میں بری طرح سے گر چکا ہے۔ امریکا کا نام ہی اس قدر متعفن ہو چکا ہے کہ ہمارے عوام اس بات کو بھول جاتے ہیں کہ امریکی حکومت اور چیز ہے، امریکی عوام اور چیز۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : محمد مزمل

تعصب بھری فضا

باقي مغربی ممالک کی حکومتوں اور عوام کی بھی کم و بیش یہی کیفیت ہے۔ اگر مغرب کے عوام، اسلام کے متعلق اچھی رائے نہیں رکھتے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ اسلام دشمن طاقتوں نے، صدیوں کے جلی اور خفی پروپیگنڈے سے اسلام کے خلاف ایک تعصب بھری فضا پیدا کر رکھی ہے جس طرح اونچی ذات کے ہندوؤں نے ہریجنوں کے خلاف نفرت اور حقارت کی فضا پیدا کر رکھی ہے۔
اہل مغرب اسلام سے واقف نہیں ہیں۔ یا تو وہ پادریوں اور یہودیوں سے کروسیڈز کے سنے سنائے قصوں سے متاثر ہیں یا ان لوگوں کے رویوں کو دیکھ کر اندازے لگاتے ہیں، جو خود کو مسلمان کہتے ہیں۔
ہمارے ہاں بھی مذہبی اجارہ داروں نے اہل مغرب کے خلاف تعصب کی ایک فضا پیدا کر رکھی ہے کہ وہ مذہب کے دشمن ہیں، سیکولر ہیں، جنسی اخلاق سے بے بہرہ ہیں، جنسی عیاشی کے دلدادہ ہیں، برہنگی اور ہم جنسی کو روا رکھتے ہیں۔
کہتے ہیں تصویروں کی ایک نمائش ہو رہی تھی۔ گیلری میں بہت سے لوگ تصویریں دیکھ رہے تھے۔ ایک تصویر کے سامنے برناڈشا کھڑے تھے۔ ان کے ساتھ ایک معمر خاتون کھڑی تھی۔ خاتون نے غور سے تصویر کی جانب دیکھا۔ پھر بولی : ’’ اس تصویر میں مجھے عریانی کی جھلک نظر آ رہی ہے، کیوں مسٹر شا ! آپ کا کیا خیال ہے؟‘‘
شا نے جواب دیا : ’’ محترمہ ! تصویر کے بارے میں تو میں کچھ کہہ نہیں سکتا، البتہ آپ کی نگاہ میں Obscenity کی جھلک ضرور ہے۔‘‘ صاحبو ! سچی بات یہ ہے کہ ہم سب حق کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔ اہل مغرب بھی سیدھا راستہ تلاش کرنے میں مصروف ہیں، ایسا راستہ جو انسان کو فلاح و بہبود کی طرف لے چلے۔ جو متلاشی راستہ ڈھونڈے گا، وہ غلط راستے پر بھی نکل سکتا ہے، جان بوجھ کے نہیں سہواََ۔ اہل مغرب آج مذہب سے اس لیے بیزار ہیں کہ مذہب کے نام پر ہی آج تک بلکہ آج بھی ظلم ڈھائے گئے ہیں۔ اس وجہ سے اہل مغرب سیکولر ہوگئے، لیکن اہل مغرب ایک بہت بڑی حقیقت کو نظر انداز کر گئے اور آج بھی نظر انداز کیے بیٹھے ہیں۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : سحرش حنیف

اللہ

صاحبو ! مذہب کو ماننے یا نہ ماننے سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اللہ کو نہ ماننے سے بہت فرق پڑ جاتا ہے۔
اگر آپ اللہ، یعنی اس عظیم کائنات کے تخلیق کار کو نہ مانیں تو کائنات کی یہ معظم تخلیق ایک بے ربط پھیلاؤ بن جاتی ہے۔ ایک بے معنی بے مقصد گورکھ دھندا، ایک اندھا بہاؤ جس کی نہ کوئی سمت ہے نہ منزل جو اتفاقاً ظہور پذیر ہو گیا۔
مجھے حیرت ہوئی کہ مغربی ممالک کے دانشور، سائنسدان حتیٰ کہ عوام بھی، جو عقل کے دلدادہ ہیں اور شعور کو اہمیت دیتے ہیں، وہ اس کائنات کو ایک اتفاقیہ تخلیق کیسے مان سکتے ہیں؟ پھر یہ بھی ہے کہ اتفاقیہ تخلیق میں اتنا کڑا نظم و نسق تو نہیں ہو سکتا اور اگر یہاں نظم و نسق نہیں تو پھر ایک لا حاصل عمل ہے، پھر وہ تحقیق میں کیوں مصروف ہیں؟ اتنے مصروف کہ خود کو بھی بھلاۓ بیٹھے ہیں۔
ڈاکٹر شمشاد ہارون جب امریکا سے پیرا سائیکالوجی کی تعلیم مکمل کر کے پاکستان آئیں تو مجھ سے کہنے لگیں : ” مفتی! میں نماز پر ایک کتابچہ لکھنا چاہتی ہوں۔”

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : سحرش حنیف

نماز

میں نے کہا : ” بی بی ! نماز پر تو بیسیوں کتابیں لکھی ہوئی ہیں، اردو بازار بھرے پڑے ہیں۔ تو نماز پر کیا لکھے گی؟ "
کہنے لگی : ” وہ سب کتابچے جن سے اردو بازار بھرے پڑے ہیں، ان میں نماز لکھی ہوئی ہے کہ کون کون سی آیت پڑھو، رکوع میں کیا پڑھو، سجود میں کیا پڑھو، ان میں تو نماز پڑھنے کے طریقے لکھے ہوۓ ہیں۔ نماز پر تو آج تک کوئی کتاب نہیں لکھی گئی۔”
میں نے کہا : ” بی بی ! نماز تو اللہ کا حکم ہے۔ پڑھو، فرض ادا کرو اور جان چھڑاؤ۔ تم نماز پر کیا لکھو گی؟”
کہنے لگی : ” کبھی کسی نے حفظانِ جسمانی صحت کے نقطہ نظر کے حوالے سے نماز پر کچھ نہیں لکھا۔ ذہنی حوالے سے کچھ نہیں لکھا۔ ٹرانکولائزر کے حوالے سے کچھ نہیں لکھا، ہمارے رہبر نماز لکھتے ہیں، نماز پر نہیں لکھتے اور اگر لکھیں بھی تو جزا سزا کی ڈگڈگی بجاتے ہیں، خوف کا بندر نچاتے ہیں، لوگوں کو سکون پہنچانے کی بجاۓ اضطراب پھیلاتے ہیں۔ مفتی جی ! نماز تو بہت بڑی Tranquiliser ہے۔”

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : سحرش حنیف

محروم

میں نے ڈاکٹر سے پوچھا : ” ڈاکٹر یہ بتاؤ کہ تو جو اتنے سال امریکا رہی ہے، وہاں بھرپور زندگی گزاری ہے۔”
"اونہوں۔” اس نے میری بات کاٹ کر کہا : "امریکا میں سب کچھ میسر ہے، سب کچھ، لیکن بھرپور زندگی نہیں ہے۔ وہ لوگ بھرپور زندگی سے محروم ہیں۔”
"ارے۔” میں نے کہا : "یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ انہیں سب کچھ حاصل ہو لیکن بھرپور زندگی سے محروم ہوں۔ پتا نہیں ایسا کیوں ہے، لیکن ایسا ہے۔” اس نے جواب دیا : "ان کی زندگی میں صرف دو چیزیں ہیں۔۔۔۔۔۔۔ کام، کام، کام اور پھر وہ کام اور تفریح کے چکر میں ایسے پھنسے ہوۓ ہیں کہ انھیں کبھی فرصت نہیں ملی۔ انھیں مادیت نے چاروں طرف سے گھیر رکھا ہے۔ اتنی فراغت نہیں ملتی کہ وہ سوچیں کہ یہ کام اور تفریح کا چکر کیا ہے، کیوں ہے، اس کا انجام کیا ہے، کیا مقصد ہے؟”
ڈاکٹر شمشاد سچ کہتی ہے۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن: سحرش حنیف

مادیت کا گرداب

اہلِ مغرب نے اکنامکس کو اپنا خدا بنا لیا ہے۔ ان کی زندگی کے ہر پہلو میں اکنامکس حاوی ہے۔ انھیں "اسٹینڈرڈ آف لونگ” کا بخار چڑھا ہوا ہے۔ معیارِ زندگی اونچا کرو، اور اونچا، اور اونچا اور اسٹینڈرڈ آف لونگ کیا ہے؟ چیزیں، چیزیں، چیزیں۔ فرد کی حیثیت چیزوں سے ناپی جاتی ہے۔ صرف فرد کی بات نہیں، ملکوں اور قوموں کی حیثیت اور اہمیت "اسٹینڈرڈ آف لونگ” سے ماپی جاتی ہے۔ لمبے چوڑے شمارے مرتب کیے جاتے ہیں، پھر باقاعدگی سے شائع کیے جاتے ہیں کہ فلاں ملک کی کیا حیثیت ہے، اس کے افراد کی "پر کیپٹا انکم” کیا ہے، ان کے پاس کتنے ریڈیو سیٹ، کتنے ٹیلی ویژن سیٹ ہیں، کتنی کاریں ہیں؟۔ جن ملکوں کے افرد کے پاس زیادہ چیزیں ہیں، وہ "ایڈوانسڈ” یا ترقی یافتہ سمجھے جاتے ہیں۔ جن کے پاس کم چیزیں ہیں، وہ "بیک ورڈ” سمجھے جاتے ہیں یا ان کا دل رکھنے کے لیے انھیں ترقی پذیر کہا جاتا ہے۔ بہرحال ترقی کا انسان یا افراد سے کوئی تعلق نہیں۔ اس کی چیزوں سے تعلق ہے، اس کی آمدنی سے تعلق ہے، دولت سے تعلق ہے۔ اہلِ مغرب کے نزدیک زندگی کا مقصد "اکنامک ڈویلپمنٹ” ہے، ہمدردی، قربانی یا خدمت اور محبت نہیں۔ اگر یہ انسانی اوصاف ان کی نگاہ میں کوئی اہمیت رکھتے ہیں تو صرف اکنامک ڈویلپمنٹ” کے حوالے سے۔ اگر وہ اکنامک ترقی میں مدد دیتے ہوں تو، ورنہ ذاتی طور پر انھیں کوئی اہمیت حاصل نہیں۔ اس صورتحال کا نتیجہ کیا ہے؟

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : سحرش حنیف

بیداری کا لمحہ

کام اور تفریح کے چکر میں چلتے چلتے دفعتاً ایک دن فرد رک جاتا ہے۔ سوچنے لگتا ہے، یہ میں کیا کر رہا ہوں؟ اس Merry go round کا مقصد کیا ہے؟ انجام کیا ہے؟ کیا انسانی زندگی کا یہ مقصد ہے کہ مشقت کرو، کماؤ اور پھر اپنی پونجی تفریح گاہ کی نظر کردو؟ اور یہ تفریح کیسی ہے؟ سکون دیتی ہے نہ اطمینان۔ الٹا شدت کی گھمن گھیری چلا دیتی ہے۔ کھاؤ، پیو اور ننگی عورتوں کے جھرمٹ میں اپنی نسوں کو تن تنا کر شہوت کا گٹار بجاؤ اور لذت کی گھمن گھیری کے بعد بے جان ہو کر گر پڑو۔ سوچ کا یہ لمحہ، ہر فرد کی زندگی میں آتا ہے۔ کوئی اسے ٹال دیتا ہے، کوئی ڈوب جاتا ہے۔
بہرحال اس لمحے کا نتیجہ یہ ہے کہ امریکا کے آدھے ہسپتال، مینٹل ہسپتال ہیں۔ ریاست نیویارک کا 1/3 سے زائد بجٹ اپنے مینٹل ہسپتالوں کو چلانے پر خرچ کیا جاتا ہے۔ پھر یہ حقیقت بھی قابلِ غور ہے کہ مغربی ممالک میں خودکشی اس قدر عام کیوں ہے؟
مشاہیر کا کہنا ہے کہ یہ سب اس ایک لمحے کا نتیجہ ہیں۔ ایک امریکی فرد چونک کر رک جاتا ہے، یہ میں کیا کر رہا ہوں؟ یہ میں کس "میری گو راؤنڈ” کے چکر میں پھنسا ہوا ہوں؟ اس مشقت اور تفریح کا مقصد کیا ہے؟ انجام کیا ہے؟
صاحبو ! یہ ایک لمحہ بڑا ظالم ہے جو مغرب میں ایک شخص کی زندگی میں آتا ہے اور طوفان کی طرح سب کچھ بہا کر لے جاتا ہے۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : رضوانہ رائے

کام اور عیاشی کا میری گو راؤنڈ

لیجئے ایک نو مسلم سے اس لمحے کی کہانی سنئے۔ کہتے ہیں یونیورسٹی سے نکل کر میں عملی زندگی میں آیا۔ نیو یارک، ہالی وڈ، کیلی فورنیا، شکاگو جہاں بھی گیا، وہاں کے شب و روز میں غرق ہو گیا۔
یہ زندگی سراپا عیش و عشرت کی زندگی تھی۔ کوئی مادی آسائش ایسی نہ تھی جو میسر نہ ہو۔ میری زندگی ایک خوش کن خواب کے ما نند تھی، پھر دفعتاً ایک روز میری آنکھ کھل گئی۔ یہ کیا ہو رہا ہے؟ مجھے دنیا کی ہر متاع حاصل ہے اسکے باوجود میری زندگی کھوکھلی ہے۔ اس روز میرا جی چاہا کہ سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر کہیں بھاگ جاؤں لیکن کہاں؟ اسکا میرے پاس کوئی جواب نہ تھا۔ اس بے چارگی کا شدید ردعمل ہوا اور میں شہوانی لذت میں پھر سے ڈوب گیا اور ایسی پستیوں پر جا پہنچا، جہاں خواہشات نفسانی کا الاؤ بھڑ بھڑ جل رہا ہے۔ اب میرے سامنے صرف دو راستے تھے یا اسی جہنم زار میں جل جل کر راکھ ہو جاؤں یا کوئی اور راستہ تلاش کروں۔
ایک روز دفعتاً میں چونکا۔ ایسے لگا جیسے کسی نے کان میں کہہ دیا ہو کہ جس راستے کی تمہیں تلاش ہے، وہ صرف مذہب ہی دکھا سکتا ہے۔ صاحبو ! اس مادی دنیا کے گرداب سے بچنے کے لئے جس میں آج اہل مغرب سب ڈب جھلکے کھا رہے ہیں، صرف ایک ہی صورت ہےاور وہ بہت ہی آسان اور سادہ صورت ہے۔ خود پر ایک خدا مسلط کر لو۔ بس اتنی سی بات ہے اور اتنی سی بات سے عظیم فرق پڑ جاتا ہے۔
یہ کائنات بے معنی پھیلاؤ نہیں رہتی، ایک با مقصد تخلیق بن جاتی ہے۔ زندگی محنت اور عیاشی کا "میری گو راؤنڈ” نہیں رہتی، بلکہ با مقصد ہو جاتی ہے۔ چیزیں اپنی اہمیت کھو دیتی ہیں، انسان ابھرتا ہے۔ انسانی قدریں اہمیت حاصل کر لیتی ہیں۔ انسانوں سے ایک بھائی چارے کا تعلق پیدا ہو جاتا ہے۔ آپ چاہے خدا کو جانیں یا نہ جانیں، سمجھیں یا نہ سمجھیں، لیکن اسے مانے بغیر چارہ نہیں۔ اگر آپ اسے نہیں مانیں گے تو مادیت کا ایک جہنم، آپ کو چاروں طرف سے گھیر لے گا۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : رضوانہ رائے

ہائیں یہ کیسا مذہب ہے؟

اس ضمن میں فرانس کے پروفیسر جاء گارودی کا اعتراف بھی ملاحظہ ہو۔
آپ تقریباً بارہ سال فرانسیسی کمیونسٹ پارٹی کے چئیر مین رہے۔ آپ لکھتے ہیں کہ میرا دور، یورپ میں فکری انارکی اور عملی انتشار کا دور تھا۔ ذاتی طور پر میرا یہ عالم تھا کہ ان گنت لوگوں کی طرح مجھے ساری آسائشیں، عیش اور مسرتیں حاصل تھیں۔ اس کے باوجود میں ذہنی سکون اور اطمینان سے محروم تھا۔ لگتا تھا جیسے میں کسی خلا میں بھی رہا ہوں۔ جب کبھی اکیلا ہوتا تو سوچتا کہ سب کچھ ہوتے ہوئے، میں پر سکون کیوں نہیں ہوں؟ کیوں مضطرب ہوں؟ کس بات پہ غمگین ہوں؟ میرے والدین دہریے تھے اور میں کمیونسٹ تھا۔ میری زندگی میں سبھی کچھ موجود تھا لیکن خدا نہیں تھا۔ سوچ سوچ کر میں نے محسوس کیا کہ میری یہ کیفیت صرف اس لیے تھی کہ میں خدا کے تصور سے محروم تھا۔ میں نے جانا کہ یہ کائنات خود بخود نہیں بنی، انسان کے لئے خدا کا سہارا بنیادی ضرورت ہے، اس لئے میں عیسائیت پر ایمان لے آیا اور کیتھولک نوجوانوں کی تنظیم کا ممبر بن گیا۔
پھر ایک عجیب واقعہ ہوا۔ دوسری جنگ عظیم میں، میں قید کر لیا گیا اور الجزائر کے جنگلی کیمپ میں منتقل کر دیا گیا۔ کیمپ کمانڈر نے ایک روز حکم دیا کہ مجھے گولی مار دی جائے۔ اس مقصد کے لئے انہوں نے مجھے دو مسلمان فو جیوں کے حوالے کر دیا۔ ان دونوں فوجیوں نے کمانڈر کا حکم ماننے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا۔ ہمارا مذہب نہتے انسان پر گولی چلانے کی اجازت نہیں دیتا۔ کسی نے انہیں سمجھایا کہا احمقو ! یہ کیا کر رہے ہو اگر تمہارے کمانڈر کو پتہ چل گیا کہ تم نے اسکی حکم عدولی کی ہے تو وہ تمھارا کورٹ مارشل کر دے گا۔ انہوں نے جواب دیا : بے شک کورٹ مارشل کر دے۔ لیکن ہم اپنے اللہ کے حکم کی نافرمانی نہیں کر سکتے۔ پروفیسر جاء گارودی کا کہنا ہے کہ ان سپاہیوں کی بات سن کر میں ششدر رہ گیا۔ یہ کونسا مذہب ہے؟ میں نے سوچا، جو نہتے پر گولی چلانے کے خلاف ہے۔ کیا دنیا میں کوئی ایسا مذہب بھی ہے جو انسانیت کی اقدار پر عمل کرنا سکھاتا ہے۔ جب مجھے پتہ چلا کہ یہ مذہب اسلام ہے تو میں نے دیوانہ وار اسلام کا مطالعہ شروع کر دیا اور نتیجہ یہ ہوا کہ میں نے اسلام قبول کر لیا۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : رضوانہ رائے

اطمینان اور کھونٹی

صرف پروفیسر گارودی کی ہی بات نہیں۔ مغرب میں بے اطمینانی کی فضا عام ہے۔ لوگوں کو زندگی کی تمام سہولتیں میسر ہیں، عیاشی کے تمام سامان حاصل ہیں، اس کے باوجود ایک بے نام سا احساس محرومی ہے۔ دل کا اطمینان نہیں، سکون نہیں، فرصت نہیں، فراغت نہیں، ایک بے چینی، بے کلی، بے اطمینانی لگی ہے، حرکت کا ایک ریلہ چل رہا ہے، اک دوڑ لگی ہوئی ہے، بے مقصد دوڑ، بے منزل حرکت۔
پتہ نہیں ایسا کیوں ہوتا ہے کہ اگر کوئی کھونٹی نہیں جس پر آپ خود کو ٹانگ سکیں، تو سکون حاصل نہیں ہوتا۔ ایک بے نام، بے چینی لگی رہتی۔
مغرب میں بہت سے لوگ مادی زندگی سے اکتا کر مذہب کی اہمیت کو محسوس کرنے لگے ہیں اس لئے وہ مذہب کی طرف رجوع کر رہے ہیں لیکن مغرب کے مروجہ مذہب اتنے کھوکھلے اور بے ہنگم ہیں کہ وہ جدید انسان کے لئے قابل قبول نہیں۔
عیسائیت کو کوئی صاحب عقل تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں، آج کی دنیا میں جب، سائنسی تحقیق اس بات کو تسلیم کر چکی ہے کہ نر اور مادہ کے ملاپ کے بغیر بچہ جنم لے سکتا ہے۔
اہل یہود کے مذہبی مطالبات تو بالکل قابل قبول ہیں۔ مغرب میں بہت سے لوگ، تمام مذاہب کا تقابلی مطالعہ کرنے کے خواہاں ہیں۔ وہاں کی لائبریریوں میں اسلام کے سوا، تمام مذاہب کے بارے میں مکمل معلومات دستیاب ہیں۔ پتہ نہیں کیسے یہودی راہبوں اور عیسائی پادریوں نے اسلام کے متعلق غلط فہمیوں کا ایسا جال بچھا دیا ہے کہ اہل مغرب اسلام کو مذہب سمجھتے ہی نہیں۔ ان کا خیال ہے کہ مسلمان متعصب لٹیروں کا ایک ٹولہ ہیں، جسے اخلاق سے قطعی طور پر کوئی تعلق نہیں۔
اس بات پر لوگ اس حد تک یقین رکھتے ہیں کہ انہیں اسلام کے متعلق جاننے کی کبھی خواہش پیدا نہیں ہوئی۔
مغرب کے وہ تمام لوگ جنہوں نے اسلام کا مطالعہ کیا ہے، اسلام کے ابتدائی اصولوں کو جان کر حیرت زدہ ہو گئے اور انہوں نے اسلام کو قبول کر لیا۔

باب 12 : دشمنی یا خوف

ٹرانسکرپشن : رضوانہ رائے

مغرب اور اسلام

یورپ اور امریکہ کے تمام نو مسلموں کا متفقہ خیال ہے کہ آج کے دور میں صرف اسلام ہی ایک ایسا مذہب ہے جو ‘ ماڈرن مین” کے لئے قابل قبول ہے۔ باقی تمام مذاہب توہمات کا پلندہ ہیں، جنہیں دور جدید کا فرد قبول نہیں کر سکتا۔
اہل مغرب کے اسلام قبول کرنے میں صرف ایک رکاوٹ ہے، وہ یہ کہ انہیں اسلام کے بارے میں کچھ علم ہی نہیں۔
وہ اس بات سے بے خبر ہیں کہ ایک ایسا مذہب بھی ہے جو عقل کو اہمیت دیتا ہے، حصول علم کا بھی داعی ہے اور تحقیق کے کام کو عبادت کا درجہ دیتا ہے۔
یہ سراسر ہمارا قصور ہے کہ ہم نے تبلیغ اسلام میں کوتاہی کی ہے۔
ہمارے ہاں بیسیوں تبلیغی جماعتیں ہیں، لاکھوں مسجدیں، ہزاروں دینی کتب ہیں، جو تبلیغ دین کے داعی ہیں، لیکن ان کی تبلیغ کا انداز کچھ ایسا ہے، جو آج کے نوجوانوں میں مثبت اثر پیدا کرنے کی بجائے” ری ایکشن” پیدا کرتا ہے۔
خالد لطیف گابا اپنے بیان میں کہتے ہیں کہ میرے اسلام قبول کرنے کی وجہ یہ تھی کہ اسلام دور حاضرہ کی ضروریات کے عین مطابق ہے۔ اس عہد کی مشکلات کا حل کسی دوسرے مذہب کے پاس نہیں۔ آج دنیا اخوت اور مساوات چاہتی ہے۔ دنیا میں کوئی طاقت ایسی نہیں جو اسلام کی طرح اقوام کے اقتصادی اور اخلاقی مسائل کا تسلی بخش حل پیش کر سکے۔
امریکی نو مسلم سلیمان مسفر کا کہنا ہے کہ مجھے اللہ تعالیٰ نے دین حق کی تو فیق عطا فرمائی۔ حقیقت یہ ہے کہ امریکہ کے بندے کو، اسلام کی صحیح صورت دکھانے کی ضرورت ہے۔ آج تک مغرب میں، اسلام کو اسکی صحیح صورت میں نہیں دکھایا گیا۔ آج لوگ عیسائیت اور یہودیت کے بے جان مذہب سے اکتا کر ادھر ادھر دیکھ رہے ہیں، انہیں کوئی راستہ نہیں دے رہا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اسلام کی دعوت، حکمت اور جرات سے دی جائے۔ یہ امر یقینی ہے کہ مغرب کا مستقبل اسلام سے وابستہ ہے۔

باب 12 : دشمنی اور خوف

ٹرانسکرپشن : رضوانہ رائے

الٹی چرخی

صاحبو ! اس کے بر عکس، ہمارے مبلغ عوام، اہل مغرب کے خلاف تعصب پیدا کرنے میں مصروف ہیں۔ وہ کچے مسلمانوں کو پکا مسلمان بنانے میں شدت سے مصروف ہیں۔ وہ اسلام کو ایک ritual بناتے جا رہے ہیں۔ انہیں شعور نہیں کہ وہ جس ٹہنی پہ بیٹھے ہیں اسے ہی کاٹنے میں مصروف ہیں۔ وہ مغرب اور اسلام کے درمیان فاصلے پیدا کر رہے ہیں حالانکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اہل مغرب اور اسلام کے درمیان یہود نے جو دیوار کھڑی کر رکھی ہے، اسے ڈھا دیا جائے۔
جرمنی کے درج والٹر موسک لکھتے ہیں کہ میں نے ہر مذہب کا بغور مطالعہ کیا ہے، لیکن اسلام کے سامنے دوسرے مذاہب کی حیثیت وہی ہے، جو سورج کے سامنے ماچس کی تیلی کی ہوتی ہے۔ میں پورے یقین سے کہتا ہوں کہ جو شخص بھی قرآن کو سمجھ کر پڑھے گا، وہ انشاء اللہ اسلام قبول کر لے گا۔
انگلستان کے ایک نو مسلم، محمد المہدی کا بیان ہے کہ جہاں تک میرا اندازہ ہے، یورپ میں اشاعت اسلام کے حیرت انگیز امکانات ہیں۔ میرے تاثرات یہ ہیں کہ یورپ میں اسلام کا فروغ اعلیٰ تعلیم یافتہ طبقے کی وساطت سے ہو گا۔
اس کے بر عکس ہمارے ہاں اسلام کی اجارہ داری ان پڑھ لوگوں نے سنبھال رکھی ہے۔ یہ لوگ اپنی تقویت کے لئےدھڑا دھڑ دینی مدارس قائم کر رہے ہیں جہاں یتیم، لا وارث بچوں کو منہ زبانی قرآن رٹا دیا جاتا ہے تاکہ وہ محفلوں میں قرآن خوانی کریں۔ ان بچوں کو نہ تو قرآن کے مفہوم سے شناسا کیا جاتا ہے، نہ ہی انہیں دوسرے علوم کی تعلیم دی جاتی ہے۔ دراصل ان مکتبوں کے ذریعے وہ اپنی اکثریت قائم کر رہے ہیں۔

Back to top button