یونیکوڈ کتابیں

تلاش

باب 13 — انوکھا شہنشاہ

تلاش — ممتاز مفتی، کتاب کا سرورق

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : عائشہ چوہدری

سائنس علم نہیں

مجھے ایک قاری کا خط موصول ہوا ہے۔ لکھتے ہیں آپ نے تلاش میں کبھی سائنس اور مذہب کے تضاد پہ روشنی نہیں ڈالی۔
سائنس علم نہیں :
دراصل سائنس کے متعلق ہم نے ایک غلط فہمی پال رکھی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سائنس ایک علم ہے۔ یہ ہماری بھول ہے۔ سائنس علم نہیں بلکہ کسی حقیقت کو سمجھنے یا جاننے کا طریقِ کار ہے۔
دراصل اللہ تعالیٰ نے کائنات میں ہمارے چاروں طرف اپنی حکمتیں بکھیر رکھی ہیں۔ ان کو سمجھنے کے لیے اپنی آسانی کی خاطر ہم نے انکی درجہ بندی کی ہے۔
مثلاً پودوں کے متعلق حکمتیں، مچھلیوں کے متعلق حکمتیں، موسموں کے متعلق حکمتیں۔ فرض کیجئے ہم پودوں کے متعلق حکمتوں کو سائنسی طریقِ کار سمجھ کر اکٹھا کر لیتے ہیں تو یہ پودوں کے متعلق علم ہو گا جسے ہم باٹنی کہتے ہیں۔ عام زبان میں ہم باٹنی کو سائنس کہتے ہیں۔ یہ غلط ہے۔ باٹنی سائنس نہیں بلکہ پودوں کے بارے میں علم ہے جسے سائنسی طریقِ کار سے حاصل کیا گیا ہے۔
فرض کیجئے آپ حلوہ پکانا چاہتے ہیں۔ پہلے آپ نے سوجی کو بھون لیا، پھر اس میں شکر کا شیرہ ڈال دیا۔ لیجئے حلوہ تیار ہو گیا۔ حلوہ اور چیز ہے لیکن جس طریقے سے وہ بنایا گیا وہ اور چیز ہے ایسے ہی فزکس طبیعات کا علم ہے، سائنس نہیں ہے۔ تو ظاہر ہے سائنس کوئی علم ہے نہ اسکی کوئی منزل ہے۔ وہ ایک طریقِ کار ہے، جہاں چاہو، لگا لو۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : عائشہ چوہدری

پانچ حواس کے قیدی

صاحبو ! ہمارے احساسات محدود ہیں جن کی مدد سے ہم اپنے گرد و پیش کو سمجھتے ہیں۔ مثلاً ہماری سماعت محدود ہے۔ ہم چھوٹی آوازیں نہیں سن سکتے اور نہ ہی بڑی آوازیں سن سکتے ہیں۔ یہی کیفیت ہماری آنکھ کی ہے۔ ہم کچھ چیزیں دیکھ سکتے ہیں، کچھ چیزیں نہیں دیکھ سکتے۔ مثلاً قرآن میں اللہ نے کہا، لوگو ! ہم نے تمام ذی مخلوقات کو پانی سے پیدا کیا۔
لوگوں نے کہا، یہ کیسے ہو سکتا ہے؟ پانی تو پینے کی چیز ہے اس سیال سے مخلوقات کیسے بنائی جا سکتی ہیں۔ پھر صدیوں بعد کسی شخص نے خوردبین بنائی جس کی مدد سے ہمیں وہ چھوٹی چیزیں نظر آ سکتی ہیں جنہیں ہماری آنکھ نہیں دیکھ سکتی۔ پھر جو کسی نے خوردبین کی مدد سے پانی میں جھانکا تو دیکھا، پانی تو جیتے جاگتے کیڑوں سے بھرا پڑا ہے۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : عائشہ چوہدری

ہومیوپیتھی

ظاہر ہے کہ سائنس کا طریقہ کار ہر بات پر حاوی نہیں۔ مثلاً ہومیو پیتھی کو لیجئے۔ یہ ایک درویش صفت آدمی کو جس کا نام ہالیمن تھا، بیٹھے بٹھائے سوجھی۔
یہ بھی عجیب بات ہے کہ علم جب بھی آتا ہے، انٹیوشن کے ذریعے آتا ہے۔ کسی فرد کے ذہن میں ایک حقیقت چمکارہ مارتی ہے، پھر اس شخص کی توجہ اس حقیقت کی طرف مبذول ہو جاتی ہے۔ یہ سوچ بچار کرتا ہے، فکر کرتا ہے، تحقیق کرتا ہے حتیٰ کہ وہ حقیقت واضح طور سے سمجھ آ جاتی ہے؟
ایسے ہی ہالیمن کے ذہن میں ایک حقیقت کرن کی طرح پھوٹی۔ وہ حقیقت تھی کہ دوا خالص ہو تو وہ کم پُر اثر ہوتی ہے اگر اس میں پانی ملا دیا جائے یعنی اسے Dilute کر دیا جائے تو اس کا اثر بڑھ جاتا ہے۔
ہالیمن نے اس حقیقت پر غور کرنا شروع کیا۔ تجربات کئے، پھر اس نے اپنے مریضوں کو Diluted دوائیاں دینا شروع کر دیں، اس کے بہت عمدہ نتائج برآمد ہوئے۔
مروجہ طریقہ علاج والوں کو یہ بات مضحکہ خیز لگی۔ لہٰذا انہوں نے سائنسدانوں سے کہا کہ اپنی لیب میں اس بات کو جانچو کہ کیا واقعی Diluted دوا زیادہ پراثر ہوتی ہے۔
لیب کے سائنس دانوں کو ڈائلیوٹ دوا مہیا کی گئی۔ انہوں نے اپنے اوزاروں کی مدد سے جانچا پرکھا۔
ہومیو پیتھک دوا اس حد تک ڈائلیوٹ کر دی گئی تھی کہ سائنسی آلات دوا کی موجودگی کو جان نہ سکیں۔ لہٰذا انہوں نے اعلان کر دیا کہ اس sample میں خالص پانی ہے، دوا کا کوئی عنصر موجود نہیں۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : عائشہ چوہدری

مضحکہ خیز

سائنسی طریقِ کار ایک لحاظ سے بڑا مضحکہ خیز ہے۔ وہ نتائج کو نہیں دیکھتا، مثلاً ہالیمن نے وہی دوا کئی مریضوں کو دی اور وہ شفایاب ہو گئے۔ سائنسی طریق کار یہ نہیں دیکھتا کہ دوا کے نتائج کیا ہیں؟ اس میں شفا بخشنے کی طاقت ہے یا نہیں؟ وہ صرف یہ دیکھتے ہیں کہ ہمارے طریقِ کار پر پورا اترتی ہے یا نہیں۔ نتیجہ یہ ہوا کہ مروّجہ طریقِ علاج کے ڈاکٹروں نے کہہ دیا کہ ہومیو پیتھی سائنٹیفک طریقہ علاج نہیں۔
اس کے باوجود ہومیو پیتھک علاج چلتا رہا اور روز بروز مقبول ہوتا گیا، تاہم مروجہ طریقہ والے اسے غیر سائنسی طریقِ علاج گردانتے رہے۔
پھر ایک عجیب واقعہ ہوا۔ کسی دوا ساز کمپنی نے ایک دوا دو چار لیباریٹریز میں بھیجی تاکہ وہ انسانی جسم پہ اسکے اثرات کا جائزہ لیں۔ اس کے اثر کو لیب والے روز ماپتے۔ نتیجہ تقریباً وہی رہتا۔ ایک روز لیب کی لڑکی نے اسے جانچا تو وہ حیران رہ گئی۔ اثر دگنے سے بھی زیادہ بڑھ گیا تھا۔ وہ گھبرا گئی۔ بار بار اس نے جانچا لیکن نتیجہ دگنا ہی رہا۔ اس نے اپنے ساتھیوں سے بات کی۔ وہ سب اس بات پہ حیران ہوئے، انہوں نے کہا شاید اس دوا میں کسی نے ملاوٹ کر دی ہو۔ دوا کی مقدار کو دیکھا تو وہ واقعی بڑھی ہوئی تھی۔ تحقیق کے بعد پتہ چلا کہ کسی نے دوا میں پانی ملا دیا ہے۔ اس پر ایک اور مسئلہ سامنے آ گیا۔ کیا پانی ملانے سے دوا کی طاقت بڑھ جاتی ہے۔
انہوں نے دوا میں پانی ملایا اور پھر ٹیسٹ کیا تو پتہ چلا کہ واقعی دوا میں پانی ملایا جائے تو اسکی طاقت کم ہونے کے بجائے بڑھ جاتی ہے۔
انہوں نے اس طریقے کو بار بار آزمایا اور جب اسکی حقیقت پر یقین آ گیا تو انہوں نے ایک سائنسی جریدے میں اسے تفصیل سے شائع کر دیا۔
یہ دیکھ کر مروجہ طریقۂ علاج والے تاجر گھبرا گئے کہ اگر ہومیو پیتھک طریقۂ علاج کو سائنٹیفک مان لیا گیا تو انکے لئے باعثِ نقصان ہو گا۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : عائشہ چوہدری

مفاد پرستوں کی باندی

بہرحال ایک بات تو ظاہر ہے کہ سائنسی طریقِ کار نہ تو یقینی ہے اور نہ مکمل۔
سائنس تو اللہ تعالیٰ کی حکمتیں سمجھنے کے لئے ہم نے ایک باندی مقرر کر رکھی ہے۔ یہ تو مغربی تہذیب کا چمتکار ہے کہ انہوں نے سائنس کو اتنی اہمیت دے رکھی ہے ورنہ آج کل تو سائنس کی وہ اہمیت نہیں رہی جو پہلے کبھی ہوا کرتی تھی۔ پہلے وہ کائنات کے راز یعنی اللہ کی حکمتوں پر تحقیق کیا کرتی تھی۔ تعمیری چیزوں کا کھوج لگایا کرتی تھی۔ آجکل تو وہ حکومتوں، تاجروں، اور دیگر مفاد پرستوں کے لئے چھوٹے چھوٹے تخریبی کام کرنے پر مجبور کر دی گئی ہے۔ سائنس دان اب اپنی مرضی کے مطابق کام نہیں کرتے۔ یا تو حکومتیں انہیں خرید لیتی ہیں یا اگر وہ بکنے سے انکار کر دیں تو انہیں زبردستی یرغمال بنا لیا جاتا ہے۔ حکومت کے علاوہ تاجر لوگ اپنے جائز ناجائز مفادات حاصل کرنے کے لئے سائنسدانوں کو استعمال کرتے ہیں۔
مغربی تہذیب نے اکنامکس کو زندگی کا معیار اور مقصد قائم کر کے مفاد پرستی کو ہوا دی ہے۔ مثال کے طور پر جب نئی نئی ای ایس پی رائج ہوئی تو انسانی ذہن کی ایک نئی طاقت ٹیلی پیتھی ظہور میں آئی کہ انسان اپنا خیال دوسرے انسان کے ذہن میں منتقل کر سکتا ہے۔ اس پر بہت سے تجربات کئے گئے مثلاً دو دوستوں کو دور دراز بٹھا دیا گیا۔ دونوں کے سامنے تاش کی گڈیاں رکھ دی گئیں۔ ایک نے حکم کی بیگم کو اٹھایا اور لاشعوری طور پر کوشش کی کہ اس کا دوست جو کئی ایک میل دور بیٹھا تھا اور اسکی طرف متوجہ تھا، وہ بھی حکم کی بیگم اٹھا لے۔ مطلب تھا کہ ایک فرد کا خیال دوسرے ذہن میں منتقل کرنا۔ اس طاقت کو مختلف تعمیری صورتوں میں ترقی دی جا سکتی تھی لیکن مفاد پرستی کی اس فضا میں جو مغرب نے قائم کر رکھی ہے، علم یا اخلاق یا روحانیت کا کھوج مقام ہی نہیں۔ لہٰذا ٹیلی پیتھی کی طرف توجہ نہ دی گئی۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : عائشہ چوہدری

وار مانگرز کا ہتھیار

آخر روس کو سوجھی، اس نے سوچا کہ ٹیلی پیتھی کو فوجی کام میں لایا جا سکتا ہے۔ جب باہمی رابطہ ٹوٹ جائے اور دو یونٹوں کے درمیان کمیونیکیشن کی کوئی صورت نہ رہے تو ٹیلی پیتھی کو استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی سننے میں آیا کہ روس میں مینا نفسیات اور روحانی علوم پر ریسرچ ہو رہی ہے لیکن مقصد علم حاصل کرنا نہیں بلکہ ان قوتوں کو فوجی طاقت کے طور پر استعمال کرنا ہے۔ تو ظاہر ہے کہ مغربی نظام کے تحت سائنسی ترقی انسانی فلاح پیدا نہیں کرتی بلکہ ذہنوں میں انتشار، محرومی اور پریشانی پیدا کرتی ہے۔ نو مسلموں کے بیانات سے پتہ چلتا ہے کہ مغرب میں انتشار بڑھتا جا رہا ہے۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : منیب احمد

مذہب کا سہارا

مغربی ممالک کے لوگ کام اور تفریح کے چکر سے بے زار ہو چکے ہیں۔ وہ مذہب کے سہارے کی ضرورت محسوس کر رہے ہیں۔ مذہب کے بغیر زندگی ایک شورا شوری ہے٬ ایک آوارگی !
مغرب میں جتنے مذاہب بھی رائج ہیں٬ وہ طوطا مینا کی کہانیوں سے بھرے ہوئے ہیں۔
پرانے زمانے میں جب عقل و دانش نے اتنی ترقی نہ کی تھی٬ لوگ ان کہانیوں کو تسلیم کر لیتے تھے۔ اب صورت حال مختلف ہے۔ آج کے ماڈرن آدمی کے لیے عیسائیت و یہودیت کے قصے کہانیاں قابلِ قبول نہیں٬ وہ عقل کی نفی کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ پادریوں اور راہبوں کو جو ارفع حیثیت دی گئی ہے٬ وہ جمہوریت کے اصول کے منافی ہے۔ لہٰذا مغربی انسان ان دونوں مروجہ مذاہب کو قبول نہیں کرتا٬ اس لیے کام٬ عیاشی اور مفاد پرستی کے چکر سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ملتا۔
کوئی کوئی ایسا خوش قسمت آدمی ہوتا ہے جو اتفاقاً اسلام کے بارے میں معلومات حاصل کر لیتا ہے لیکن اسے ان معلومات پر یقین نہیں آتا۔ بہرحال انجانے میں تحقیق کا عمل شروع ہو جاتا ہے اور جب اسے حقیقت کا علم ہو جاتا ہے تو وہ حیرت زدہ رہ جاتا ہے۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : منیب احمد

محمد ﷺ

مثلاً ایک مغربی نوجوان کا بیان ہے کہ اگرچہ میں اس بے مقصد زندگی سے مطمئن نہ تھا٬ لیکن اس سے بچاؤ کی کوئی صورت نہ تھی۔ اس لیے عام لوگوں کی طرح زندگی گزار رہا تھا۔ اپنی دفتری ڈیوٹی کے تحت میں بڑے آدمیوں کی زندگی کے حالات پڑھ رہا تھا۔ ابھی محمدﷺ کا باب شروع ہوا تھا کہ میں ایک جملہ پڑھ کر چونکا۔ لکھا تھا اے نبی ﷺ ان سے کہ دو کہ میں تو بس تمہارے جیسا ہی انسان ہوں۔
یہ جملہ پڑھ کر میں چونکا۔ ارے خدا یہ کیا کہہ رہا ہے۔ کیا یہ مسلمانوں کا خدا کہہ رہا ہے اور کیا محمدﷺ سے کہہ رہا ہے۔ جس کو اس نے سب انسانوں سے عزت و مقام دیا ہے۔
یہ فقرہ میرے دل میں سوئی کہ طرح چبھ گیا۔
یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ خدا جس شخص کو تمام انسانوں کا سردار بنائے٬ اس سے کہے کہ تم لوگوں سے کہہ دو کہ میں بھی تمہارے جیسا ایک انسان ہوں۔ دوسرے مذہبوں میں تو جو شخص خدا کی طرف سے بھیجا جاتا ہے٬ وہ یا تو دیوتا بن جاتا ہے یا خدا کا اوتار یا اس کا بیٹا۔
ان کی بات چھوڑیئے ! ہمارے ہاں تو وہ لوگ جو گرجے میں دعائیں کرتے ہیں اور پادری کہلاتے ہیں٬ ان کا مرتبہ بھی عام انسانوں سے زیادہ ہے۔
تو صاحبو ! یہ جملہ میرے حلق میں اٹک گیا۔ میرے دل میں خواہش پیدا ہوئی کہ میں اس شخصیت کے متعلق مزید باتیں جانوں۔ میں نے حضرت محمدﷺ کی زندگی پر لکھی ہوئی کئی ایک کتابیں پڑھ ڈالیں۔ جوں جوں میں پڑھتا گیا٬ حیرت میں ڈوبتا گیا۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : منیب احمد

انوکھا شہنشاہ

"میں کسی سپر نیچرل کا مظاہرہ نہیں کروں گا۔”
"میرے پاس آسمانوں کے خزانوں کی کنجیاں نہیں ہیں۔”
"میں غیب کی باتیں نہیں جانتا۔”
"میں انسان ہوں تم جیسا انسان۔”
یہ جملے میرے لیے حیران کن جملے تھے۔
ایسے جملے میں نے کسی مذہبی مصلح کی زبان سے نہیں سنے تھے۔ میں نے سوچا٬ خدا ! یہ کیسا مذہب ہے جو عقلِ انسانی سے اس قدر ہم آہنگ ہے !
پھر میں نے حضرت محمد ﷺ کی بائیو گرافی غور سے پڑھی۔
وہ عرب کا مطلق العنان حکمران تھا۔
مسلمانوں کا سردار تھا۔
اور اپنے علاقے میں سب سے زیادہ محترم حیثیت کا مالک تھا۔
اس کے باوجود اس کے گھر کوئی نوکر نہ تھا۔
وہ اپنا کام خود اپنے ہاتھوں سے کرتا تھا۔
اپنے کپڑوں پر اپنے ہاتھوں سے پیوند لگاتا تھا۔
مویشیوں کو اپنے ہاتھ سے چارا ڈالتا تھا۔
اپنے ہاتھ سے دودھ دوہتا تھا۔
میری دانست میں دنیا بھر میں کوئی حکمران ایسا نہیں ہو گا جو اپنے کام اپنے ہاتھوں سے کرتا ہو اور زندگی یوں گزارتا ہو جیسے کوئی عام آدمی گزرتا ہے۔
میں نے محسوس کیا جیسے اس کے کردار میں مساوات٬ جمہوریت اور رحمت یوں سموئی ہوئی ہو جیسے گلاب کے پھول میں خوشبو سموئی ہوتی ہے۔ میں اس ہستی کے کردار سے اس قدر متاثر ہوا کہ میں نے اسلام کو جانے بغیر ٬ قرآن کا مطالعہ کیے بغیر اسلام قبول کر لیا۔ میں نے محسوس کیا کہ ایسا انسان کبھی جھوٹ نہیں بول سکتا٬ کبھی خود فریبی میں مبتلا نہیں ہو سکتا۔ لہٰذا جس مذہب کا وہ پرچار کرتا ہے٬ وہ مذہب لازماً سچا ہے۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : منیب احمد

حضور ﷺ کا کردار

حضور ﷺ کے کردار سے صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ غیر مسلم بھی متاثر ہیں۔
*حضور ﷺ ہمیشہ ہنس مکھ رہتے تھے۔
*کبھی غصہ کھاتے نہ قہقہہ لگاتے۔
*باوقار انداز اپنائے رکھتے۔
*کسی کے سلام کا انتظار کیے بغیر خود آگے بڑھ کر سلام کرتے تھے۔
*چھوٹوں کو بھی سلام میں پہل کرتے۔
*نوکر چاکر اور ماتحتوں کے ساتھ نرم مزاجی اور تحمل سے پیش آتے۔
*ملاقاتی مصافحہ کے لیے ہاتھ بڑھاتے تو ان کا ہاتھ تھام کر ان سے گفتگو کرتے۔ خود ہاتھ پیچھے نہ ہٹاتے جب تک ملاقاتی نہ ہٹاتا۔
*کوئی شخص بھی حضور ﷺ کو پکارتا تو چاہے کسی بھی حیثیت کا مالک ہوتا٬ بڑی ہمدردی سے اس کی طرف رجوع فرماتے۔
*کوئی سخت کلامی کرتا تو مسکرا کر خاموش ہو جاتے۔ صبر کرتے۔ آپﷺ کی حیا مثالی تھی۔
*سر بزم گفتگو میں جتنے نرم تھے٬ جہاد کے میدان میں اتنے ہی گرم تھے اور ثابت قدم۔
*اصولوں میں بے لچک رویہ فرماتے۔
*عدل و انصاف کے قائل تھے لیکن اگر گنجائش ہوتی تو رحمت کو افضل تر سمجھتے۔
*فتح مکہ کے وقت فاتح کی حیثیت سے شہر میں داخل ہوئے۔ قریش کے سردار لرز رہے تھے۔ انھیں احساس تھا کہ انھوں نے کیا کیا ظلم ڈھائے تھے۔ وہ خوف زدہ تھے لیکن حضور ﷺ نے فرمایا٬ لوگو ! آج تم سے کوئی انتقام نہیں لیا جائے گا۔ اللہ تمہیں معاف کرے۔
*آپ تاریخ انسانی کے پہلے راہنما ہیں۔ اولین قانون ساز ہیں جنھوں نے عورت کو مردانہ شاون ازم سے نجات دلائی۔ عورت کو مرد کے برابر مساویانہ حقوق دلائے۔
مغرب میں تو آج بھی عورت کو جائیداد میں حصے کا حق نہیں لیکن آپ ﷺ نے چودہ سو سال پہلے عورت کو یہ حق دیا۔ آپ ﷺ کی تعلیمات میں عورتوں کے حقوق پر بڑا زور دیا گیا ہے٬ یہاں تک کہ آپ ﷺ کا فرمان ہے کہ ماں کے قدموں تلے جنت ہے۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : منیب احمد

غیر مسلموں کے تاثرات

مغربی مصنفوں نے اسلام دشمن قوتوں کے پھیلائے ہوئے تعصبات کے باوجود کچھ لکھنے والے ایسے ہیں جنھوں نے تعصبات سے اثر نہیں لیا۔ مثلاً کارلائل نے اپنی مشہورِ زمانہ تصنیف” ہیرو اینڈ ہیرو ورشپ ” میں حضورﷺ کا تذکرہ کیا ہے۔ ایک اقتباس ملاحظہ ہو۔
لکھتے ہیں :
"منصب نبوت پر فائز ہونے سے قبل ہی اس سیاہ چشم٬ روشن جبیں٬ فراخ حوصلہ٬ کریم النفس، محفل پسند اور درد بھرے مخلص ہادیہ نشین کے خیالات جاہ طلبی سے کوسوں دور تھے۔
"دوسرے سنی سنائی توہمانہ باتوں کو اپنا مسلک قرار دے کر اپنے دل کو مطمئن کر لیتے تھے مگر محمد ﷺ کی تسکین اس انداز کی باتوں سے نہیں ہوتی تھی۔ وہ عرصہ کائنات میں اکیلے کھڑا تھا اور اس کا دماغ اس نوعیت کے ہزاروں خیالات سے بھرا رہتا تھا کہ میں کیا ہوں؟ یہ دنیا کیا ہے؟ زندگی اور اس کا مدعا کیا ہے؟ موت کیا ہے؟ میں مانوں تو کیا مانوں؟ کروں تو کیا کروں؟ ان سوالات کے ساتھ وہ کوہِ حرا کی ہیبت ناک چٹانوں اور ریگستانوں کی درشت تنہائیوں میں سرگرداں رہا اور آخر کار اسے ان کا جواب مل گیا۔ خدا کی الہامی قوت نے اسے انسانوں کی رہنمائی کے لیے چن لیا”.

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : نوشابہ جواد

مریم جمیلہ

مریم جمیلہ ایک نو مسلم خاتون ہیں۔ اسلام قبول کرنے سے پہلے وہ ایک یہودی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔ اسلام قبول کرنے کے بعد وہ پاکستان آگئیں اور آج کل لاہور میں سنت نگر میں مقیم ہیں۔ انہوں نے ایک مسلمان شخص محمد یوسف خان سے شادی کر لی اور اسلامی انداز سے گھریلو عورت کی طرح رہتی سہتی ہیں۔
وہ دھڑا دھڑ اسلام پر کتابیں تصنیف کر رہی ہیں۔
اپنی ایک کتاب ” اسلام اینڈ ویسٹرن سوسائٹی” میں وہ لکھتی ہیں کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم خود ہی سادہ زندگی بسر نہیں کرتے تھے بلکہ انکی گھر والیاں بھی ایسی ہی زندگی بسر کرتی تھیں۔ لکھتی ہیں۔
ایک روز حضرت علی رضہ نے اپنےایک شاگرد سے کہا ” آؤ میں تمہیں بی بی فاطمہ کی کہانی سناتا ہوں۔ جو محمد الرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی چہیتی بیٹی ہیں۔”
” فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا روز اناج پیستی ہیں۔ چکی چلاتی ہیں۔ جس کی وجہ سے انکے ہاتھوں میں چھالے نکل آتے ہیں۔ روز کنویں سے مشکیزے میں پانی بھر کے لاتی ہیں تاکہ گھر کی ضرورتیں پوری ہوں۔ مشکیزہ لٹکانے کی وجہ سے انکے جسم پر نشان پڑ جاتے تھے۔ پھر وہ روزانہ خود گھر کی صفائی کرتی ہیں۔”
” ایک دفعہ ایسا ہوا کہ مدینے میں کچھ جنگی قیدی لائے گئے۔ میں نے فاطمہ رض سے کہا کہ بی بی آپ اپنے والد صلی اللہ علیہ وسلم سے کہیں کہ جنگی قیدیوں سے ایک خاتون آپ کو دے دیں جو گھر کے کاموں میں آپ کا ہاتھ بٹایا کرے۔ میرے کہنے پر وہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئیں۔ لیکن اس وقت انکے گرد حاجت مندوں اور سائلوں کی بھیڑ لگی ہوئی تھی۔ فاطمہ رض طبیعت کی شرمیلی تھیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے بات نہ کر سکیں۔ واپس لوٹ آئیں۔
اگلے دن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم خود ہمارے گھر آئے۔ بولے۔” فاطمہ رض، تو جو کل میرے پاس آئی تھی۔ کیا بات تھی؟
فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہ نے جواب نہ دیا اور شرما کر سر جھکا لیا۔ یہ دیکھ کر میں نے خود ان سے بات کی۔ میں نے کہا ،” اے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم، فاطمہ رض روز روٹی پکانے کے لئے چکی پیستی ہے۔ جس کی وجہ سے ان کے ہاتھوں میں چھالے پڑ گئے ہیں۔ اور روز کنویں میں سے پانی سے بھرا مشکیزہ گھر لاتی ہیں۔ جس کی وجہ سے انکے جسم پر دانے نکل آتے ہیں۔ سارا دن وہ گھر کے کام میں جتی رہتی ہیں۔ میں نے ہی مشورہ دیا تھا کہ آپ کے پاس جائیں اور درخواست کریں کہ جو جنگی قیدی آئے ہیں ان سے ایک خاتون انہیں دے دی جائے تاکہ وہ گھر کے کاموں میں ہاتھ بٹا سکے۔”
یہ سن کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کچھ ساعت کے لئے خاموش رہے پھر فاطمہ رض سے بولے۔ فاطمہ ،” اللہ سے ڈرو، تقویٰ کو اپناؤ۔ جب تم سونے لگو تو 33 بار سبحان اللہ پڑھو ، 33 بار الحمداللہ پڑھو اور 34 بار اللہ اکبر۔ نوکر کی نسبت تقویٰ تمہارا بہتر مدد گار ثابت ہو گا۔”
صاحبو ! ہمارے پاس قرآن ہی نہیں محمد صلی اللہ علیہ وسلم بھی ہیں۔ جس طرح قرآن بے مثل کتاب ہے۔ ایسے ہی محمد صلی اللہ علیہ وسلم بے مثل انسان ہیں۔ قرآن لفظوں میں اللہ کے احکامات ہیں۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شکل میں اللہ کے احکامات ہیں۔
صاحبو ! وہ لوگ جو عقل کے گرویدہ ہیں اور عقل کی راہبری میں زندگی گزارتے ہیں۔ وہ بڑے خوش قسمت ہیں۔ بڑے مبارک ہیں۔ دعا کرو، کہ اللہ کسی کو روحانی یا سپر نیچرل کے جھنجھٹ میں نہ ڈالے۔ ورنہ عقل پر بھروسہ نہیں رہتا اور سپر نیچرل یا روحانیت کا سرا نہیں ملتا۔ اس بد نصیب فرد پر یہ بات صادق آتی ہے۔
کہاں کے دیر و حرم، گھر کا راستہ نہ ملا

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : نوشابہ جواد

نیچرل، سپر نیچرل

ایک روز قدرت اللہ شہاب سے میں نے کہا
” جناب جب سے روحانیت کا تجربہ ہوا ہے۔ میری تو مت ماری گئی ہے۔ جناب والا، اس سے پہلے تو میں بہت عقل مند آدمی تھا۔ عقل پر بھروسہ کرتا تھا، حقائق پسند تھا۔ زندگی سکون سے گزر رہی تھی۔”
شہاب صاحب بولے ،
یہ جو ہم نے نیچرل اور سپر نیچرل کے خانے بنا رکھے ہیں۔ ہماری بے سمجھی کی وجہ سے ہیں۔ جس بات کو ہماری عقل سمجھ لیتی ہے۔ اسے ہم نیچرل کا نام دے دیتے ہیں۔
جس بات کا ہماری عقل احاطہ نہیں کر سکتی۔ اسے ہم سپر نیچرل سمجھتے ہیں۔ سارا قصور ہماری عقل کا ہے ورنہ سپر نیچرل کا کوئی وجود نہیں۔ ایک دن ایسا آنے والا ہے جب ہماری عقل پر بھید کھل جائیں گے۔ ہر چیز نیچرل نظر آئے گی۔”

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : نوشابہ جواد

ماننا اور جاننا

میں نے پوچھا ،” آپ کا مطلب سپر نیچرل سے روحانی ہے؟
وہ بولے ” روحانیت کوئی الگ چیز نہیں ہے۔ دنیا اور روحانیت ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ ہم نے خود ہی انہیں الگ الگ کر رکھا ہے۔”
پتا نہیں کس دانشور نے کہا تھا کہ ایمان اندھا ہوتا ہے۔ اس نے سچ کہا تھا۔ میرا ایمان بھی اندھا ہے۔ میں قرآن حکیم کی ہر بات کو سچے دل سے مانتا ہوں۔ اگرچہ قرآن حکیم کی بہت سی باتیں میری سمجھ میں نہیں آتیں۔ نور بابا کہا کرتے تھے ،” صاحبو! ماننے کے لئے جاننا ضروری نہیں۔”
ایک تو جزا و سزا کا مسئلہ ہے جو میری سمجھ میں نہیں آتا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ انصاف اصولوں پر مبنی ہوتا ہے۔ اٹل اصول ہوتے ہیں جو بدلتے نہیں۔ جو ہر شخص پر یکساں لاگو ہوتے ہیں۔ چاہے وہ شخص ارتقاء کی کس سٹیج پر ہو۔
یہ ہماری بھول ہے۔
پرانی بات ہے تب میں کالج میں پڑھا کرتا تھا۔ ہمارے پروفیسر ہمیں پاگل خانے لے گئے تاکہ ہم ذہنی مریضوں کی کیفیات کو دیکھیں اور سمجھیں۔
سپرنٹنڈنٹ صاحب اور ان کا عملہ بڑے اخلاق سے ہمیں ملے۔
انہوں نے ہمیں سمجھایا کہ زیادہ تر ذہنی مریض تشدد پسند نہیں ہوتے۔ وہ وزیٹرز سے بڑے اخلاق سے ملتے ہیں۔ اس لئے گھبرانے کی بات نہیں۔ البتہ ایک بات کا خیال رہے کہ کوئی ایسی حرکت سرزد نہ ہو جس سے وہ خوفزدہ ہو جائیں۔ وہ خوفزدہ ہو جائیں تو violent ہو جاتے ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ کے عملے نے ہمیں چند ایک ضروری باتیں سمجھا دیں۔ اسکے بعد ہم راونڈ پر چل نکلے۔
صحن میں ہمیں سب سے پہلے ایک صاحب ملے۔ انکے ہاتھ میں دودھ کی ادھ بھری بالٹی تھی۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : نوشابہ جواد

گھنڈی

ہمیں دیکھ کر وہ رک گیا۔ بالٹی زمین پر رکھ دی۔ کہنے لگا ،” کتنی خوشی کی بات ہے۔ آپ تشریف لائے ہیں۔
السلام علیکم۔”
اسکے بعد اس نے ہم سے مصافحہ کیا۔ حال احوال پوچھا۔ پھر بولا ،” ہم آپ کی کیا خدمت کر سکتے ہیں۔” یہ کہہ کر بالٹی کی طرف بڑھا اور بولا۔ ” دودھ پیجئے۔”
جب اس نے ہمیں دودھ پلانے کی ضد کی تو عملے نے کہا۔ ” یہ لوگ ذرا راؤنڈ کر لیں۔ پھر آپ سے دودھ پیئیں گے۔ جب تک آپ انتظار کیجیے۔”
یہ سن کر وہ مطمئن ہو گیا۔ ہم چل دیے۔ جب ہمارا آخری ساتھی اسکے پاس سے گزرا۔ تو اس نے ایک جست بھری اور ہمارے ساتھی کی ٹوپی اتار کر بھاگ گیا۔
اس پر ہم بہت حیران ہوئے۔ ہم سمجھے تھے کہ وہ سٹاف کا آدمی ہے۔
سپرنٹنڈنٹ صاحب مسکرا کر بولے ،” نہیں یہ شخص پیشنٹ ہے۔”
لیکن اس کا برتاؤ؟ ہم نے پوچھا
انہوں نے بات کاٹ کر کہا ،” اس کا برتاؤ بالکل نارمل ہے۔ ذہن میں صرف ایک گھنڈی ہے۔ جب بھی یہ شخص کسی کے سر پہ ٹوپی دیکھتا ہے۔ تو اس پر دیوانگی طاری ہو جاتی ہے۔ اور یہ لپک کر اسکی ٹوپی اتار کر بھاگ جاتا ہے۔”

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : شبانہ حنیف

اختیار، بے اختیاری

صاحبو ہم سب کا یہ ہی حال ہے۔ دیکھنے میں ہم نارمل لگتے ہیں، لیکن ہر شخص کے ذہن میں ایک گھنڈی موجود ہے۔ جب وہ اثر انداز ہوتی ہے توہم پر ایک دیوانگی طاری ہو جاتی ہے جس کے تحت ہم کوئی ایسا کام کرجاتے ہیں جو ہمارے اختیار میں نہیں ہوتا۔ یہ گھنڈی جب طاری ہوتی ہے توہم پر ایک وحشت سوار ہو جاتی ہے۔ ہم اپنے بس میں نہیں ہوتے۔ ہمارا کنٹرول سسٹم اختیار میں نہیں رہتا۔
یہ گھنڈیاں ہمیں ورثے میں ملتی ہیں۔ کوئی گھنڈی ماں سے مل گئی، کوئی باپ سے، کوئی دادا پردادا سے۔ صاحبو ! میری دانست میں سیدھی بات ہے کہ جو بات ہماری مرضی کے باوجود عمل می آۓ، ہم پر اس کی ذمہ داری نہیں ڈالی جا سکتی، اس لئے وہ جزا اور سزا سے مبرّا ہونی چاہیے۔
جزا سزا کے اصول قائم نہیں کئے جا سکتے۔ انصاف اصول پر مبنی نہیں ہو سکتا۔ وہ ایک منفرد مسئلہ ہے۔ ہر شخص کے لئے انصاف الگ ہوگا۔
سیانے کہتے ہیں ہم تقریباً نوے فیصد Predestined ہیں۔
پیدا کرنے سے پہلے ہمیں پوچھا نہیں جاتا کہ میاں کس گھرانے میں پیدا ہونا پسند کروگے؟ امیر کے گھر، غریب کے گھر میں یا مڈل کلاس کے گھر میں۔ مسلمان کے گھر میں، عیسائی کے گھر میں یا دہرئیے کے گھر میں۔ ہمیں اپنی موت کے بارے میں علم ہوتا ہے نہ شادی کے بارے میں اور نہ ہی اولاد کے متعلق۔
زندگی میں بیشتر واقعات Predestined ہوتے ہیں۔ صرف چند ایک ہمارے اختیار میں ہوتے ہیں۔ یہ بھی یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ وہ واقعات جو اختیار میں آتے ہیں، وہ واقعی ہمارے اختیار میں ہوتے ہیں۔ ممکن ہے وہ بھی اختیاری نہ ہوں اگرچہ ہمیں یہ احساس دلایا جاتا ہے کہ یہ اختیاری ہیں۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : سعیدہ سونی

دو اور لو

میں اس زمانے میں ایشور لال کی بات کو پورے طور پر نہ سمجھ سکا۔ ان دنوں مجھے compulsion کا علم نہ تھا۔ میرے ایک دوست ہیں شیخ محمد علی۔ وہ شیخ برادری کے فرد ہیں۔ شیخ نو مسلم ہوتے ہیں صدیوں بنیے رہے پھر مسلمان ہوئے۔ لیکن اندر بنیوں سےمتعلق cumpulsion موجود ہیں۔
حالانکہ تقسیم کی وجہ سے انہیں موقع ملا۔ کاروباری صلاحیتیں موجود تھیں چند برسوں میں کروڑ پتی بن گے۔ شیخ محمد علی میں بڑا سینس آف ہیومر ہے۔ ایک روز اس موضوع پر بات چل نکلی تو کہنے لگے۔ ایک روز شیخ صاحب ایک گڑھے میں گر گئے۔ گڑھا خاصہ گہرا تھا۔ خود بخود باہر نکل نہیں سکتے تھے۔ راہ گیر رک گئے ایک کہنے لگا۔ شیخ صاحب دیجیے اپنا ہاتھ۔ اور اپنا ہاتھ پھیلا دیا لیکن شیخ صاحب نے ہاتھ نہ دیا۔ پھر دوسرے تیسرے چوتھے نے ہاتھ پھیلا کر کہا۔ شیخ صاحب دیجیے اپنا ہاتھ۔ اس کے باوجود شیخ صاحب ٹس سے مس نہ ہوئے۔ اس پر لوگ حیران ہوئے۔ شیخ صاحب نے کہا۔ یہ نہ کہیے دیجیے ہاتھ یہ کہیں لیجیے میرا ہاتھ۔
یہ سن کر ایک صاحب نے کہا لیجیے میرا ہاتھ۔ شیخ صاحب نے فوراً ہاتھ پکڑ لیا۔ نوجوان نے ان کو گڑھے سے باہر نکال لیا۔ یہ دیکھ کر لوگوں نے بڈھے شیخ سے پوچھا کہ جناب دیجیے ہاتھ اور لیجیے ہاتھ میں کیا فرق ہے۔ کیا بھید ہے؟
کوئی بھید نہیں پڑتا۔ شیخ بولا ” بنیا دینے سے ہچکچاتا ہے لینے پر فٹ راضی ہو جاتا ہے "۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : سعیدہ سونی

ڈاکٹر امانت مفتی

ڈاکٹر امانت مفتی میرا ماموں زاد بھائی ہے۔ اگرچہ عمر میں مجھ سے چھوٹا ہے مگر میرا دوست ہے۔ ہم دونوں میں کوئی قدر مشترک نہ تھی۔ وہ شعریت کے حوالے بغیر کوئی کام نہ کرتا تھا۔ میں مغرب زدہ تھا۔ اس کے باوجود وہ مجھے دوست جانتا تھا۔ زندگی میں مجھ پر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا تو میں نے ڈاکٹر امانت کے ہاں پناہ لی۔
حال ہی میں وہ مجھ سے ملا۔ کہنے لگا۔ ایک بات پوچھوں؟
میں نے کہا۔ پوچھوایک نہیں۔ دس پوچھو۔
کہنے لگا۔ تم تو ادبی آدمی ہو۔ ہمیشہ ادبی مضمون لکھتے رہتے ہو۔ تم نے مذہب پر لکھنا کیسے شروع کر دیا۔ میں تمہارا سلسلے وار مضمون ” تلاش” باقاعدگی سے پڑھ رہا ہوں۔ بات سمجھ میں نہیں آئی کہ تم اس موضوع پر کیوں لکھنے لگے ہو؟
میں نے کہا۔ ڈاکٹر میں تو پھنس گیا ہوں۔ بہت بری طرح پھنس گیا ہوں۔
وہ بولا ! دیکھ، ٹال مٹول نہ کر یہ بتا تجھے ہوا کیا ہے؟
میں نے کہا۔ مجھے وہم ہو گیا ہے شدت کا وہم۔ کہ جب تک میں یہ کام نہیں کروں گا۔ مجھے چھٹی نہیں ملے گی۔
اور ڈاکٹر میں اب جانا چاہتا ہوں۔ میں نے بات جاری رکھی۔ میں 90 سال کا ہوگیا ہوں۔ میرے اعضا تھک گئے ہیں۔ کہتے ہیں اب بس کرو بہت ہو گیا۔ ہم ٹک ٹک کرتے گھس گئے ہیں۔ وہ سچ کہتے ہیں ڈاکٹر میرے لیے جینا روز بروز مشکل ہوتا جارہا ہے۔ میں سمجھا نہیں۔ وہ بولا۔ اس بات کا مذہب پر لکھنے سے کیا تعلق ہے؟
ٹھیک کہتے ہو تم۔ میں نے جواب دیا۔ میں وضاحت کرتا ہوں۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : سعیدہ سونی

کشف اور وہم

آج سے چھ سات سال پہلے کی بات ہے، میں بیمار پڑا تھا۔ ہسپتال میں داخل تھا، ان دنوں میں "الکھ نگری” لکھ رہا تھا۔ میں نے محسوس کیا کہ میں الکھ نگری مکمل نہیں کر سکوں گا۔
انہی دنوں لاہور کی ایک صالح خاتون صغیرہ شیریں کا مجھے خط موصول ہوا۔ خط میں برسبیل تذکرہ انہوں نے اپنے مرشد شاہ صاحب کا ذکر کیا تھا۔ شیریں نے لکھا کہ شاہ جی بڑے صاحب کشف ہیں۔
میں نے جواب میں شیریں کو لکھا کہ اگر شاہ جی صاحب کشف ہیں تو ان سے پوچھ کر مجھے بتاؤ کہ کیا میں الکھ نگری مکمل کر پاؤں گا؟
جواب میں شاہ صاحب نے اپنے ہاتھ سے مجھے لکھا کہ "الکھ نگری ہم نے مکمل شکل میں دیکھ لی ہے۔ ابھی آپ کو ایک اور کتاب تصوف لکھنی ہے۔”
جب الکھ نگری شائع ہوگئی تو ایک سال بعد میں لاہور گیا۔ شاہ صاحب کی خدمت میں حاضر ہوا۔ میں نے کہا شاہ صاحب یہ آپ نے کیا لکھ دیا ہے کہ ابھی میں نے تصوف پر کتاب لکھنی ہے۔ جناب والا ! میں تو ایک منہ زبانی مسلمان ہوں۔ اسلام کے متعلق کچھ بھی نہیں جانتا۔ دنیاوی علوم میں ادھ پڑھ ہوں لیکن اسلام میں ان پڑھ ہوں۔ میں تصوف پر کیا لکھ سکتا ہوں۔
شاہ صاحب سمجھاتے رہے کہ انسان یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتا، حالات بدل جاتے ہیں، رخ بدل جاتے ہیں، مفہوم بدل جاتے ہیں۔
میں نے اپنی رٹ لگائے رکھی۔
آخر وہ تنگ آ کر بولے ” دیکھو میاں ہمیں تو جو نظر آیا ہم نے بتا دیا۔ اب تمہاری مرضی ہے مانو یا نہ مانو لکھو نا لکھو۔”
شاہ صاحب سے ملنے کے بعد میں نے اپنے دل کو تسلیاں دیں۔ میں نے سوچا کشف برحق، لیکن آخری فیصلہ تو اللہ کا ہوتا ہے۔ finality rests with God.
کشف مستقبل کی ادھوری جھلکی ہوتی ہے لہٰذا کشف کو اس حد تک اہمیت دینا مناسب نہیں۔ بہرحال میں نے بڑی محنت سے اس بات کو ٹال دیا، ذہن سے نکال دیا اور اپنے کام میں میں لگ گیا۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : رفعت شیخ

اسلامی دانشور

تین سال گزر گئے، ایک روز اسلام آباد کی جانی پہچانی خاتون سرفراز اقبال، امتیاز بخاری کے ساتھ میرے گھر آئی۔
سرفراز آتے ہی بولی ! مفتی چلو اٹھو ہمارے ساتھ چلو۔”
کہاں؟ میں نے پوچھا۔
بولی ” ایک صاحب سے تمھیں ملانا ہے !”
خواہ مخواہ ! میں نے کہا ” میں نہیں ملتا کسی سے ”
سرفراز میری پرانی سہیلی ہے اور مجھ پر حکم چلانے کی عادی ہے، بولی، نہیں ملنا پڑے گا، میں نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ مفتی سے ملاؤں گی، یہ بخاری صاحب بڑے افسر ہیں، تمھیں ان سے ملانے کے لئے لاہور سے گاڑی لائے ہیں۔
وہ ہے کون جس سے مجھے ملنا ہے؟
بخاری نے کہا ،” پہلے وہ انگریزی لٹریچر کے پروفیسر تھے، میرے دوست ہیں۔ "
"بڑا ہی بزرگ ہے وہ ” سرفراز بولی۔
بزرگ کا نام سن کر میں ڈر گیا اور فوراً ہی تیار ہو گیا۔
واقعی وہ ایک عالم شخص تھا، اردو اور انگریزی بڑی روانی سے بولتا تھا، قرآن تو اس طرح پڑھتا تھا جیسے ماں بولی ہو، ساتھ ہی مفہوم سمجھاتا تھا، وہ ایک دانشور تھا، اس کی اپروچ عقل پر مبنی تھی اور اس کی باتوں میں بلا کا تاثر تھا۔
اس کی عقلیہ باتیں سن کر اور عوامی انداز دیکھ کر میں بے حد متاثر ہوا، باتیں کرتے کرتے دفعتاً وہ رک گیا، میری طرف متوجہ ہوا اور مدھم آواز میں بولا ، ” آ پ نے مذہب پر ایک کتاب لکھنی ہے ” یہ سن کر میرے پاؤں تلے سے زمین نکل گئی۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : رفعت شیخ

عقیدہ اور عقیدت

چند دنوں کے بعد ایک بزرگ میرے گھر تشریف لائے ان کے سر پر بھاری عمامہ تھا، جسم پر لمبا چوغا، انداز رسمی بزرگوں کا سا، اور ہاتھ میں دو کتابیں۔
آتے ہی فرمانے لگے !
دیکھیئے، جو کتاب آپ لکھ رہے ہیں اس میں ہمارا ذکر ضرور کریں۔
وہ دونوں کتابیں چھوڑ کر خود رخصت ہو گئے۔
اس واقعے نے میرے اندر ہلچل مچا دی، کہیں یہ جال شہاب صاحب کا پھیلایا ہوا تو نہیں ہے !
قدرت اللہ شہاب زندگی بھر مجھ سے کہتے رہے کہ عقیدت کوئی اچھی چیز نہیں، عقیدہ پالیے، جواب میں، میں ان سے کہا کرتا تھا ،” شہاب صاحب مجھ میں تو صرف عقیدت ہے، عقیدہ نہیں "!
جو چیز میرے اندر نہیں اسے میں کیسے پال سکتا ہوں !
بار بار مجھے خیال آتا کہ شاید شہاب صاحب اس پراسرار طریقے سے مجھے عقیدے کے متعلق جاننے پر مائل کر رہے ہوں۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : رفعت شیخ

محمد طفیل

پھر ایک واقعہ ہوا۔ ایک روز میں گھر آیا تو پتہ چلا کہ کوئی صاحب قرآن چھوڑ گئے ہیں، دیکھا تو وہ قرآن بہت قیمتی تھے۔ ایک امریکہ کا چھپا ہوا تھا، ایک انگلستان کا ،
میں نے بیوی سے پوچھا کہ قرآن کون چھوڑ گئے ہیں؟
اس نے کہا ،” اپنا نام بتا کر نہیں گئے !”
تقریباً ایک ماہ کے بعد وہ پھر آئے ،
ان کا نام محمد طفیل ہے وہ ایک تعلیم یافتہ انڈسٹریلسٹ ہیں، قرآن کے پروانے ہیں، لوگوں کو قرآن اور اسلامی کتابیں بانٹتے رہتے ہیں، انھوں نے مجھے اسلامی کتابیں مہیا کرنی شروع کر دیں اور میں نے مطالعہ شروع کر دیا، پھر مجھے خیال آیا کہ کیوں نہ کسی پرچے میں قسط وار مضامین چھپواتا جاؤں !
قومی ڈائجسٹ کے مدیر انور سدید میرے دوست ہیں، انہوں نے میرے مضامین چھاپنے کی ہامی بھرلی تو ڈاکٹر، میں نے امانت علی سے کہا، میں گزشتہ تین سال سے اسلام پڑھ رہا ہوں ،
کتابیں لکھنے والے اونچی اونچی باتیں کرتے ہیں، علم چھانٹتے ہیں، دانشوری جتاتے ہیں، مصنف علماء کے لئے لکھتے ہیں مجھ ایسے مبتدی کے لیے کوئی نہیں لکھتا، اسلام پر لکھنا میرے بس کی بات نہ تھی، مجھے یہ حوصلہ تھا کہ صرف کتاب لکھنے کی شرط لازم ہے اس بات پر کوئی پابندی نہیں کتاب کیسی ہو؟ ٹھیک ہو یا غلط ! سرسری ہو یا با معنی !

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : فیضان احمد

باندھ کر مروایا

ڈاکٹر ! میری کیفیت بالکل ایسی ہے جیسے تذکرہ غوثیہ کے حکیم کی تھی۔
"نقل ہے کہ ایک آدمی بہت غریب تھا۔ سارا دن دوڑ بھاگ کرتا لیکن مزدوری نہیں ملتی تھی۔ ملتی بھی تو معاوضہ اس قدر قلیل ہوتا کہ پیٹ بھر کر کھانا نصیب نہ ہوتا۔ وہ اس مشقت سے اکتا گیا، زندگی سے اکتا گیا۔ اس نے سوچا، ایسے جینے سے مر جانا بہتر ہے۔
ایک روز وہ خودکشی کے ارادے سے جنگل کی طرف چل پڑا۔ گلے میں پھندا ڈالا، لٹکنے کے لئے چھلانگ لگانے والا ہی تھا کہ عزرائیل نمودار ہوا۔
عزرائیل بولا : ” میاں یہ کیا کر رہا ہے تو ! تجھے نہیں پتا کہ خود کشی حرام ہے۔”
وہ بولا ” جناب کیا کروں ! پیٹ بھرنے کے لیے روٹی نہیں ملتی، بھوکوں مرنے سے تو خودکشی بہتر ہے۔”
عزرائیل نے کہا : ” اگر تجھے کھانے کو روٹی مل جائے تو خودکشی سے باز آ جائے گا کیا؟”
مزدور نے کہا : ” ہاں میں کیا پاگل ہوں کہ پھر خودکشی کا سوچوں۔”
عزرائیل نے کہا : ” اچھا تو تو حکیم بن جا۔ جب تو مریض کو دیکھنے جایا کرے گا تو ہم تجھے نظر آ جایا کریں گے۔ اگر ہم مریض کے سرہانے کھڑے ہوں تو سمجھ لینا کہ مریض کو شفا حاصل ہوگی، پھر تو اسے کوئی سے پڑیا دے دیا کرنا، وہ صحت مند ہو جائے گا اور اگر ہم مریض کی پائینتی پر کھڑے نظر آئیں تو جان لینا کہ مریض کا وقت پورا ہوچکا۔”
عزرائیل کے کہنے کے مطابق مزدور حکیم بن گیا۔ اس کی حکمت اتنی کامیاب ہوگئی کہ شہر بھر میں اس کا چرچا ہو گیا۔ یہ خبر بادشاہ کو پہنچی تو بادشاہ نے اسے آزمایا۔ آزمائش میں وہ پورا اترا تو بادشاہ نے اسے شاہی حکیم مقرر کردیا۔
ایک روز حکیم صاحب خود بیمار پڑ گئے۔ پھر جو آنکھ اٹھائی تو دیکھا کہ عزرائیل ان کی پائینتی پر کھڑے ہیں۔ یہ دیکھ کر حکیم صاحب گھبرا گئے۔ انھوں نے سرہانہ اٹھا کر پائینتی پر رکھا اور رخ بدل کر لیٹ گئے۔
پھر جو دیکھا تو عزرائیل پھر پاؤں کی طرف کھڑے تھے۔
حکیم صاحب نے پھر سرہانہ بدل لیا۔
گھر والوں نے دیکھا کہ حکیم صاحب بار بار سرہانہ بدل رہے ہیں تو وہ گھبرا گئے۔ وہ کسی اور حکیم کو بلا لائے۔ معالج نے آتے ہی دیکھ کر کہا کہ سرسام کا دورہ پڑا ہے۔ ذہن ماؤف ہو گیا ہے۔ لہٰذا انہیں چارپائی پر باندھ دو تاکہ بار بار دیوانہ وار رخ نہ بدلیں۔
گھر والوں نے معالج کے حکم کے مطابق حکیم صاحب کو چارپائی پر باندھ دیا۔
اس پر حکیم صاحب نے بڑی بے بسی سے منہ پر ہاتھ پھیر کر عزرائیل سے کہا :
"حضور ! میں ہرگز نہیں مرتا، لیکن گھر والوں نے باندھ کر مروا دیا۔”
تو ڈاکٹر ! یہی میری کیفیت ہے۔ اس موضوع پر لکھنے کی جسارت میں کبھی نہ کرتا لیکن بزرگوں نے باندھ کر مروا دیا۔

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : فیضان احمد

وسعت ہی وسعت

ڈاکٹر امانت نے کہا : ” اچھا تو تم تین سال سے اسلام پڑھ رہے ہو ! کیا اسلام کے متعلق کچھ پتہ چلا؟”
” کچھ پتہ نہیں چلا۔” میں نے جواب دیا۔ ” پہلے جب میں اسلام سے واقف نہ تھا تو کچھ کچھ پتا تھا۔ اب بالکل ہی کنفیوز ہو گیا ہوں۔”
"مثلاً پہلے کیا پتہ تھا؟ اس نے پوچھا۔
"مثلاً پہلے اسلام میری نظر میں ایک چھوٹا سا خوبصورت سا سنگ مرمر کا تالاب تھا، لیکن اب —– اب تو وہ بےکراں سمندر نظر آتا ہے، وسعت ہی وسعت۔”
"مجھے ایسے لگتا ہے ڈاکٹ ر، جیسے اسلام شالیمار باغ کے مانند ہو جس میں کئی ایک تختے ہیں۔ ایک میں خوبصورت درخت ہیں، پارک ہیں، روشیں ہیں۔ دوسرے میں سنگ مرمر کی بارہ دری ہے، تالاب ہیں، فوارے ہیں۔ تیسرے میں جنگل کا سماں ہے۔ سچی بات یہ ہے ڈاکٹر کہ میں بات سمجھا نہیں سکتا۔ مطلب ہے جو میرے جیسے کلمہ گو ہیں، وہ بھی مسلمان ہیں۔ جو نمازیں پڑھتے ہیں، روزے رکھتے ہیں، وہ بھی مسلمان ہیں۔ جو دنیا کو تیاگ کر عبادات میں مصروف ہیں، وہ بھی مسلمان ہیں جو اسلامی اصولوں کے مطابق دنیاوی زندگی گزار رہے ہیں وہ بھی مسلمان ہیں اور جو اللہ کے عشق میں دیوانے ہو رہے ہیں، وہ بھی مسلمان ہیں۔ عجب گورکھ دھندہ ہے۔”

باب 13 : انوکھا شہنشاہ

ٹرانسکرپشن : فیضان احمد

بشریت اور ڈیوائن

” عیسائیت کہتی ہے کہ اگر کوئی تمہارے منہ پر تھپڑ مارے تو اسے دوسرا گال پیش کر دو۔ یہ بات بشریت کے منافی ہے۔ اسلام بشریت کے منافی نہیں۔ اسلام کہتا ہے، اگر کسی نے تم سے زیادتی کی ہے تو بے شک انتقام لو۔ یہ تمہارا حق ہے، لیکن صرف اتنی زیادتی کرو جتنی تم سے کی گئی ہے، اس سے زیادہ نہیں ۔۔۔۔۔۔۔ لیکن اگر تم معاف کرو تو یہ افضل ہے۔ ہر بات میں اسلام کا رویہ ایسا ہی ہے کہ اگر تم انتقام لینا چاہو تو تمہیں حق حاصل ہے بشرطیکہ جتنی زیادتی تم پر ہوئی ہے، اس سے نہ بڑھو، لیکن اگر معاف کر دو تو افضل ہے۔ اسلام بشریت کے تقاضے کو تسلیم کرتا ہے لیکن ساتھ ہی بشریت سے بے نیاز ہونے کی تلقین کرتا ہے۔ ایک ہاتھ بشریت پر ہے، دوسرا Divine پر۔
” اتنی وسعت ڈاکٹر کہ حد ہے۔ تم بتاؤ ڈاکٹر ! تم ساری عمر اسلام جیے ہو، کیا تمہیں سمجھ میں آیا ہے کہ اسلام کیا ہے؟”
ڈاکٹر امانت مسکرایا، بولا : "ممتاز ! میں تو صرف یہ سمجھا ہوں کہ اسلام کا مطلب ہے ” محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم”۔

Back to top button