Talash by Mumtaz Mufti
کتاب : تلاش
باب 7 : دودھ کا پیالہ
ٹرانسکرپشن : محمد سمیع اللہ
مکے کی اہمیت
ان دنوں مکے میں مختلف قبیلوں میں مختلف قبیلوں کے سردار رہتے تھے۔ مکہ ایک بت خانہ تھا جہاں ہر قبیلے کے دیوتاؤں کے بت رکھے ہوئے تھے۔ مکے کی حیثیت ایک متبرک مذہبی مرکز کی تھی۔سرداروں کی اہمیت بھی دیوتاؤں کے بتوں کے حوالے سے تھی۔
لوگ دور دور سے مکے آتے تھے ۔ اپنے دیوتاؤں کی پرستش کرتے، رسومات بجا لاتے ، مکے میں قیام کرتے اور خرید و فروخت کرتے۔یوں مکہ خریدو فروخت کے مرکز کی حیثیت اختیار کر گیا تھا۔ پھر ایک اور بات تھی۔ عرب کے دوسرے علاقوں میں جانے کے لئے صرف ایک ہی راستہ تھا۔ یہ درہ مکے کے قریب واقع تھا ، اس لئے تجارتی قافلے روانہ ہونے سے پہلے مکے میں جمع ہوتے وہاں پڑاؤ کرتے ۔ اسی وجہ سے مکے کی تجارتی حیثیت میں اضافہ ہوتا تھا۔