Talash by Mumtaz Mufti
کتاب : تلاش
باب 8 : جہاں گُڑ ہو گا، وہاں چیونٹے تو آئیں گے
ٹرانسکرپشن : کرن احمد نواز
روزنامہ نوائے وقت میں آج کل گوہر الطاف ایک کالم لکھ رہے ہیں۔ انھوں نے اپنے کالم میں لکھا کہ کراچی کے ایک پوش محلے کی مسجد میں جہاں صاحبِ حثیت اور پڑھے لکھے لوگ رہتے ہیں، انھیں مولوی صاحب کا خطبہ سننے کا اتفاق ہوا۔
مولوی صاحب کے خطبے کا موضوع تھا کہ مسلمان نمازی پر لازم ہے کہ وہ اپنی شلوار ٹخنوں سے اوپر رکھے ورنہ اس کی نماز فسق ہو جاے گی۔
الطاف گوہر مولوی کی جسارت پر حیرت زدہ تھے کہ وہ پڑھے لکھے لوگوں کے سامنےایسے فروعی موضوع پر خطبہ دے رہے تھے اور جوش اور جذبے سے بات کر رہے تھے جیسے سامعین پر ایک نئے، انوکھے اور اہم ترین موضوع کا انکشاف کر رہے ہوں اور اسلام کے ایک اہم اور بنیادی مسئلے پر روشنی ڈال رہے ہوں۔