کتاب : تلاش
باب 12 : دشمنی یا خوف
ٹرانسکرپشن : محمد مزمل
الٹی ہو گئیں سب تدبیریں
یورپ اور امریکا کے عیسائی اور صیہونی پادریوں اور راہبوں نے اسلام کے خلاف نفرت اور حقارت بھرے جذبات پھیلانے کا ایک مربوط پروگرام بنایا۔ انھوں نے مصنفوں، مفکروں، دانشوروں، عالموں اور لیڈروں سے اسلام کے خلاف تحقیر آمیز بیانات دلوائے اور میڈیا کے ذریعے ان کی تشہیر کی۔ ان کا یہ پراجیکٹ بہت کامیاب رہا، لیکن اس دوران مغربی عوام نے بہت ترقی کرلی۔ اب انھیں یہ بات کھلنے لگی کہ بغیر کسی وجہ کے، بغیر کسی دلیل کے اسلام کے خلاف ایسے حقارت بھرے بیانات کو کیوں نشر کیا جا رہا ہے۔ ان کی توجہ اسلام کی طرف مبذول ہوگئی اور ان کے دلوں میں اسلام کے متعلق جاننے کا جذبہ بیدار ہو گیا یعنی اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈا مثبت جذبات پیدا کرنے کا سبب بن گیا۔
عرصہ دراز تک مغربی اخبارات اور مصنف مسلمانوں کو محمڈن لکھتے رہے۔ مطلب یہ تھا کہ یہ مذہب محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) نے تخلیق کیا ہے اور قرآن الہامی کتاب نہیں بلکہ محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) نے تصنیف کی ہے۔ محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) کو Mohammad نہیں لکھا جاتا تھا بلکہ Mohammet لکھا جاتا تھا اور ‘‘t‘‘ تحقیر کی علامت تھا۔