کتاب : تلاش
باب 10 : گلاب کا پھول
ٹرانسکرپشن : رفعت شیخ
Polarity
پھر صدیوں بعد جب سائنس دانوں نے polarity کا راز فاش کیا اور غیر مادی جوڑے سامنے آ ئے، جب انرجی کے جوڑوں کا پتہ چلا، کشش اور دور ہٹانے والی طاقتوں کا راز فاش ہوا تو سائنس دان حیرت سے چلائے کہ یہ بات تو قرآن نے 14 سو سال پہلے بتا دی تھی یہ انکشاف تو قرآن نے واضح الفاظ میں کر دیا تھا بلکہ یہاں تک کہہ دیا تھا کہ ایسے بھی جوڑے ہیں جنھیں تم نہیں جانتے۔
صاحبو ! مقام شکر ہے کہ ہم اللہ کی کائنات کی بہت سی باتوں کو نہیں سمجھتے ، خدانخواستہ ہمیں سوجھ بوجھ ہوتی تو ہم حیرت زدہ ہو کر آسمان کی طرف بٹ بٹ تکتے اور اللہ کی عظمت کے احساس سے یوں بھیگ جاتے کہ کسی کام جوگے نہ رہتے ،
بڑی بڑی باتوں کو چھوڑیے ، یہ سوچیے کہ ہم دو متضاد حرکتوں کی زد میں رہتے ہیں ، کشش ثقل اور گردشی حرکت، اگر ان دونوں کے توازن میں ذرہ برابر بھی فرق آ جائے تو ہمارا تو پٹاخہ بول جائے ، ذرا سوچئے میرے صاحب ! کہ ہماری زمین کشش ثقل اور دور ہٹانے والی قوتوں کے درمیان توازن رکھنے کی کوشش میں چار مختلف محوروں پر گھوم رہی ہے ، چار مختلف سفروں پر رواں دواں ہے، آ ج جب محقق لوگوں کو احساس ہوتا ہے کہ قرآن چودہ سو سال پہلے جوڑوں کے بیان میں ہمیں کیا کچھ سمجھا گیا ہے تو حیرت ہوتی ہے۔