کتاب : تلاش
باب 13 : انوکھا شہنشاہ
ٹرانسکرپشن : منیب احمد
مذہب کا سہارا
مغربی ممالک کے لوگ کام اور تفریح کے چکر سے بے زار ہو چکے ہیں. وہ مذہب کے سہارے کی ضرورت محسوس کر رہے ہیں. مذہب کے بغیر زندگی ایک شورا شوری ہے٬ ایک آوارگی !
مغرب میں جتنے مذاہب بھی رائج ہیں٬ وہ طوطا مینا کی کہانیوں سے بھرے ہوئے ہیں.
پرانے زمانے میں جب عقل و دانش نے اتنی ترقی نہ کی تھی٬ لوگ ان کہانیوں کو تسلیم کر لیتے تھے. اب صورت حال مختلف ہے. آج کے ماڈرن آدمی کے لیے عیسائیت و یہودیت کے قصے کہانیاں قابلِ قبول نہیں٬ وہ عقل کی نفی کرتے ہیں. اس کے علاوہ پادریوں اور راہبوں کو جو ارفع حیثیت دی گئی ہے٬ وہ جمہوریت کے اصول کے منافی ہے. لہٰذا مغربی انسان ان دونوں مروجہ مذاہب کو قبول نہیں کرتا٬ اس لیے کام٬ عیاشی اور مفاد پرستی کے چکر سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ملتا.
کوئی کوئی ایسا خوش قسمت آدمی ہوتا ہے جو اتفاقاً اسلام کے بارے میں معلومات حاصل کر لیتا ہے لیکن اسے ان معلومات پر یقین نہیں آتا. بہرحال انجانے میں تحقیق کا عمل شروع ہو جاتا ہے اور جب اسے حقیقت کا علم ہو جاتا ہے تو وہ حیرت زدہ رہ جاتا ہے.