لکھ یار

ویب سائٹ

#ویب_سائٹ
دبی دبی سسکیوں کی آواز بہت دیر سےدادی کو بے چین کر رہی تھی ۔برداشت کی حد پار ہونے لگی تو سلیپر گھسیٹتی ہوئی باہر نکلیں۔

انکا اندازہ بالکل درست ثابت ہوا رامین ہمیشہ کی طرح بہت سخت الفاظ میں اللہ سے گلے کرنے میں مصروف تھی ۔دادی کے لئے یہ معمول کی بات تھی یہ سب دیکھتے سنتے بہت ماہ گزر چکے تھے وہ جانتی تھیں آج پھر کسی طعنے کے تیر سے زخمی دل لہو ٹپکا رہا ہے جو سسکیاں ہچکیوں میں بدلنے لگی ہیں ۔
تائی کے دیئے ہوئے طعنے سارا دن اسکو زخمی کرتے نہ گلہ نہ شکوہ بس خاموشی کی بکل مارے خدمت میں لگی رہتی مگر رات کے پچھلے پہر اللہ سےگلے ضرور کیا کرتی تھی ۔
کیوں کیا مجھے تنہا؟
اماں بابا کو لے جانا تھا تو مجھے پیدا کرنا کیوں ضروری تھا؟
میرا قصور کیا ہے؟
میں کیوں سہتی رہوں؟
لیکن آج بات بہت آگے نکل گئی تھی وہ چیخنے لگی۔
مجھے طریقہ بتا۔
مجھے بھی تیرے پاس آنا ہے ۔
ماں کے ساتھ رہنا ہے ۔
بلا مجھے.. بتا نا.. میں تھک گئی ہوں.
تو بول میرے ساتھ۔
بات کر۔
جواب دے میری ہر بات کا جواب دے ۔
آج میں جواب لے کر جاؤں گی مجھے پتہ دے اپنا نمبر دے میں نے تجھ سے تائی کی شکایت کرنی ہے ۔
بول مالک بولتا کیوں نہیں ۔
دادی جھوٹ کہتی ہیں کہ تو سنتا ہے جواب دیتا ہے بگڑے کام بناتا ہے لیکن میرے سارے کام تو نے بگاڑے ہیں ۔
بول
بول
بول ناااااا
اب دادی کا صبر جواب دے گیا ہولے سے کاندھے پہ ہاتھ رکھا ہی تھا کہ شیرنی کی طرح دھاڑنے لگی ۔
خبردار دادی مجھے نہ روکنا
آج نہیں… اب نہیں سنوں گی ۔مجھے آپکے اللہ کا پتہ چاہئے.. نمبر چاہئے لا کر دیں۔ میں بات کرؤں گی ۔
میں خود جاؤں گی اسکے پاس۔
مجھے اس سے ملنا ہے۔
بارہ برس کی بچی چیختے چیختے دادی کے ہاتھوں سےنکل کر زمین پر ڈھیر ہو گئی ۔
ہوش آئی تو پتھرا چکی تھی۔
ڈاکٹر کا کہنا تھا اتنی سی عمر میں اتنا ڈیپریشن بچی کے والدین کو بلائیں ۔
بہت دن ہسپتال رہ کر گھر آئی تو دادی نے اسکے آگے ہاتھ جوڑ دیئے ۔
مجھے معاف کر دے پتر میں نے تجھ سے غفلت برتی تجھے اللہ کا نمبر نہیں دیا ۔
تجھے اللہ کی ویب سائٹ نہیں بتائی ۔
رامین نے چونک کر دادی کے ہاتھ تھامے..
دادی بتائیں نا پلیز مجھے اس سے بات کرنی ہے ۔
داری نے جانماز اسکے ہاتھوں میں تھمایا ۔لے بیٹی یہ ہے اللہ کی طرف جانے کا راستہ.
ایک تسبیح اسکی ہتھیلی پر رکھی یہ لے بٹیا یہ سارے نمبر اسی کے ہیں ۔
اور قرآن تھماتے ہوئے دادی کی آواز رندھ گئی ۔
یہ لو بٹیا یہ ہے اللہ کی ویب سائٹ ۔
سارے گلے ۔شکوے ۔شکائتیں جائز ہو جائیں گی اس نیٹ ورک کے ذریعے۔
اور پورا یقین رکھنا اس ویب سائٹ سے وہ جواب بھی دے گا ۔
#صبا_منیر ✍️

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button