تعارف

ممتاز مفتی

(پیدائش: 1905ء | وفات: اکتوبر 1995ء)

ممتاز مفتی کا اصل نام مفتی ممتاز حسین تھا۔ ممتاز مفتی 11 ستمبر1905ء بمقام بٹالہ (ضلع گورداسپور) بھارتی پنجاب میں مفتی محمد حسین کے ہاں پیدا ہوئے۔ mumtaz muftiابتدائی تعلیم امرتسر ، میانوالی ، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں پائی۔ میٹر ک ڈیرہ غازی خان سے اور ایف اے امرتسر سے اور اسلامیہ کالج لاہور سے بی ۔اے کیا۔ان کا پہلا افسانہ ‘‘جھکی جھکی آنکھیں’’ ادبی دنیا لاہور میں شائع ہوااوراس طرح وہ مفتی ممتاز حسین سے ممتاز مفتی بن گئے۔ ان کے کئی افسانوی مجموعے شائع ہوئے جن میں ان کہی، گہماگہمی، چپ، روغنی پتلے، اور سمے کا بندھن شامل ہیں۔علی پور کا ایلی اور الکھ نگری سوانحی ناول میں شمار ہو تے ہیں۔ جبکہ ہند یاترا ، لبیک جیسے سفر نامے بھی تحریر کیے اورخاکہ نگاری میں اوکھے لوگ ، پیاز کے چھلکے اور تلاش جیسی کتابوں کے خالق ہیں۔ آپ 27 اکتوبر 1995ء کو 91 برس کی عمر میں اسلام آباد میں وفات پاگئے۔

ممتاز مفتی اردو ادب میں ایک ممتاز نام۔ ممتاز مفتی اپنی اوائل دور میں ایک لبرل اور مذہب سے بیگانے دانشور کی حیثیت سے مشہور تھے۔ ممتاز شیریں کی طرح وہ بھی فرائڈ کے کام سے متاثر تھے۔ اشفاق احمد جو ممتاز مفتی کے قریبی دوست تھے کے مطابق ممتاز مفتی تقسیم ہند سے پہلے غیر معروف ادب کے انتہائی دلدادہ تھے، یہاں تک کہ وہ اکثر سویڈن کے کئی غیر معروف ادیبوں کے ناول پڑھتے نظر آتے۔ ممتاز مفتی ابتداء میں تقسیم ہند کے انتہائی مخالف تھے لیکن بعد میں انتہائی محب وطن پاکستانی اور اسلام پسند کے طور پر جانے گئے۔ کہا جاتا ہے کہ ان کی ذات میں یہ تبدیلی قدرت اللہ شہاب سے تعلق قائم ہونے کے بعد پیش آئی۔ گو کہ ان کی شخصیت پر قدرت اللہ شہاب کی عادات، اطوار اور نظریات اثر انداز ہوئے لیکن پھر بھی وہ بحیثیت ادیب اپنی یگانگت اور اچھوتے پن کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ ممتاز مفتی کی تحاریر زیادہ تر معاشرے میں موجود کئی پہلوؤں اور برائیوں کو اجاگر کرتی نظر آتی ہیں۔

پیدائش: 11 ستمبر 1905ءبٹالہ، پنجاب، برطانوی راج

وفات: 27 اکتوبر 1995ء 1995 (عمر 90)السلام آباد، پاکستان

اہم اعزازات: ستارۃ امتیاز, 1986  – منشی پریم چند اعزاز، 1989

پیشہ:مصنف

قومیت: پاکستانی

صنف: قصص، تصوف

مضمون: ادب، فلسفہ، نفسیات، اشتراکیت

نمایاں کام:  لبیک، تلاش، علی پور کا ایلی، الکھ نگری

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button