Talash by Mumtaz Mufti

کتاب : تلاش

باب 1 : جذبۂ احترام

ٹرانسکرپشن : شبانہ حنیف

اسلامی کتابیں


اسلامی کتابوں کی ایک خصوصیت یہ بھی ہےکہ وہ مجھ جیسے مبتدیوں کے لئے نہیں لکھی جاتیں۔ یا علماء کے لئے لکھی جاتی ہیں یا جذبات میں لتھڑے ہوئے قاری کے لیے۔۔دینی کتابوں میں موٹے موٹے عالمانہ الفاظ ہوتے ہیں۔۔ فقہ کے بڑے بڑے مسائل ہوتے ہیں ، مراقبے ہوتے ہیں ، مجاہدے ہوتے ہیں ، ذکرہوتے ہیں ، اذکار ہوتے ہیں جو مجھ جیسے عام آدمی کی سمجھ میں نہیں آتے۔
ایک بار مجھے راۓونڈ کے تبلیغی میلے میں جانے کا اتفاق ہوا۔۔ وہاں بڑی رونق تھی۔۔ جگہ جگہ علماء تقریریں کر رہے تھے۔۔
آپ سے کہہ دوں تو کیا حرج ہے کہ اگر چہ تقریر میں بہت کچھ ہوتا ہے۔۔جوش ہوتا ہے ، جذبہ ہوتا ہے ، خطابت ہوتی ہے ، نعرےہوتے ہیں لیکن اثر نہیں ہوتا۔۔ دلیلیں تو ہوتی ہیں مگر پتہ نہیں ایسے کیوں ہوتا ہے۔۔لیکن ایسے ہوتا ہے کہ بحث یا دلیل سے کبھی کوئی قائل نہیں ہوا۔۔ آج کل سیمینار کا رواج عام ہو رہا ہے۔۔ مقرر تقریریں جھاڑتے ہیں، سامعین اونگھتے ہیں۔ تقریر میں پلیٹ فارم اش(Plate formish) عنصر ہوتا ہے۔۔نمائش ہوتی ہے ، شوکتِ نفس ہوتی ہے۔۔ جس بات میں نمائش کا عنصر ہو، التزاماً دوسروں پر اثر ڈالنے کی کوشش ہو ، وہ بات دل کو نہیں لگتی ۔۔
علماء کی تقریریں پہلے سے تیار کی ہوتی ہیں۔۔ رٹی ہوئی ہوتی ہیں۔۔ تھیٹریکل ہوتی ہیں۔۔صرف ہونٹوں سے ڈیلیور(deliver) کی جاتی ہیں۔۔ ان میں دل شامل نہیں ہوتا۔۔ دل شامل نہ ہو تو اثر کیسا ؟ تبلیغی میلے میں جگہ جگہ پنڈال بنے ہوئے تھے۔۔ تقریریں ہورہی تھیں۔۔ دھواں دھار تقریریں۔۔جذبات کے فوارے چل رہے تھے۔۔پھوار اڑ رہی تھی۔۔نعرے لگ رہے تھے۔۔جوش وخروش ایسا جیسے لام لگی ہو۔۔میلا لگا ہوا لگا ہوا تھا۔۔سبھی کچھ تھا، صرف تبلیغ نہیں تھی۔ تبلیغی میلے میں بیسیوں کتابوں کے سٹال لگے ہوئے تھے۔۔یہ سٹال اسلامی کتابوں سے بھرے ہوئے تھے۔۔ایک سٹال پر میں نے چند ایک کتابیں الٹ پلٹ کر دیکھیں۔۔ ایک کتاب کی ” قیمت ” پوچھی۔ سٹال والے نے کہا ، ” ساٹھ روپے “
میں حیران رہ گیا۔اس کی لکھائی چھپائی اور ضخامت کی کتاب کی قیمت کسی طور ڈیڑھ سو روپے سے کم نہیں ہو سکتی۔۔
” اتنی کم قیمت ” میں نے حیرت سے پوچھا ” علمی ادبی کتابوں کی قیمت تو اس سے دگنی تگنی ہوتی ہے۔۔ “
وہ مسکرایا ، بولا ” اسلامی کتابوں کی قیمتیں کم ہوتی ہیں۔۔ چونکہ اسلامی کتابیں پاکستان میں بہت زیادہ بکتی ہیں ، لہٰذا ان کی Mass paroduction ہوتی ہے۔۔ لاگت کم آتی ہے۔۔شرح منافع کم رکھی جاتی ہے……… آپ کون سی کتاب خریدنا چاہتے ہیں؟” سٹال والے نے پوچھا
میں ایک ایسی کتاب خریدنا چاہتا ہوں جس میں سادہ انداز میں بتایا گیا ہو کہ مسلمان کا مطلب کیا ہے ؟”
اس نے حیرت سے میری طرف دیکھا۔۔ بولا ” کیا آپ غیر مسلم ہیں ؟”
“جی نہیں۔” میں نے سنجیدگی سے جواب دیا، ” اللہ کے فضل سے میں مسلمان ہوں۔۔”
” آپ مذاق تو نہیں کررہے ؟” اس نے کہا۔۔
” دراصل میں پیدائشی مسلمان ہوں۔۔” میں نے جواب دیا۔۔ ” منہ زبانی مسلمان ! ” وہ ہنسنے لگا۔۔بولا ” جس نے کلمہ پڑھ لیا ، وہ مسلمان ہے۔۔”
” بالکل ! میں نے بھی کلمہ پڑھ لیا ہے۔۔ میں بھی مسلمان ہوں۔۔ لیکن جاننا چاہتا ہوں کہ مسلمان کا مطلب کیا ہے ؟ “
” تو اسلام پر کتابیں پڑھیئے۔۔” وہ بولا
” پڑھی ہیں بہت پڑھی ہیں۔۔ شاید اسی وجہ سے کنفیوز ہو گیا ہوں۔۔ ویسے بھی کتاب اور چیز ہے ، مسلمان اور چیز۔۔ میں نے جواب دیا۔۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button