Talash by Mumtaz Mufti
کتاب : تلاش
باب 13 : انوکھا شہنشاہ
ٹرانسکرپشن : عائشہ چوہدری
پانچ حواس کے قیدی
صاحبو ! ہمارے احساسات محدود ہیں جن کی مدد سے ہم اپنے گرد و پیش کو سمجھتے ہیں ۔ مثلاً ہماری سماعت محدود ہے۔ ہم چھوٹی آوازیں نہیں سن سکتے اور نہ ہی بڑی آوازیں سن سکتے ہیں۔ یہی کیفیت ہماری آنکھ کی ہے۔ ہم کچھ چیزیں دیکھ سکتے ہیں ، کچھ چیزیں نہیں دیکھ سکتے۔ مثلاً قرآن میں اللہ نے کہا، لوگو ! ہم نے تمام ذی مخلوقات کو پانی سے پیدا کیا۔
لوگوں نے کہا ، یہ کیسے ہو سکتا ہے ؟ پانی تو پینے کی چیز ہے اس سیال سے مخلوقات کیسے بنائی جا سکتی ہیں۔ پھر صدیوں بعد کسی شخص نے خوردبین بنائی جس کی مدد سے ہمیں وہ چھوٹی چیزیں نظر آ سکتی ہیں جنہیں ہماری آنکھ نہیں دیکھ سکتی۔ پھر جو کسی نے خوردبین کی مدد سے پانی میں جھانکا تو دیکھا ، پانی تو جیتے جاگتے کیڑوں سے بھرا پڑا ہے۔