سوچو اور لکھو
بہترین دنوں کے لیے برے دنوں سے لڑنا پڑتا ہے
تحریر : رفعت شیخ
سبحان اللہ !! اللہ بلند و برتر ہے میرے ہر خیال سے, ہر گمان سے,
اور یہی صفت اس کی تخلیق کائنات میں بھی منعکس ہوتی ہے اور متحیر کرتی ہے, لیکن خالق نے ہماری متجسس مزاجی کو جانتے ہوۓ سمجھنے کے لئے تضاد مہیا کر دیا سو ہم دن کو رات کی وجہ سے پہچانتے ہیں, موجود کی قدر غیر موجودگی سے جانتے ہیں, زندگی, موت کی وجہ سے قیمتی ہے اسی طرح بہتری کی چاہ ,بدتری سے مشروط ہے,
انما العسر یسراً ,(القران) یقیناً مشکل کے ساتھ آسانی ہے
لیکن کیا یہ مشکل کے ساتھ آسانی کا عمل اتنا ہی سادہ ہے جتنا رات کے بعد دن ,خزاں کے بعد بہار ؟ مالک ارض و سما تو بے نیاز ہے وہ چاہے تو بغیر ظاہری اسباب کے سب کچھ بدل دے, لیکن زمین پر اس نے cause and effect کا نظام اتار رکھا ہے, دل دھڑکنے سے لے کے دل ہار جانے اور دل کے دورے تک ہر چیز کو کسی نہ کسی سبب سے وابستہ کر رکھا ہے. تو عسرت, مشکل ,دکھ اور بدتری کو کیسے معطل چھوڑ سکتا تھا, یہاں بتا دیا کہ
لیس للإنسان إلا ماسعي
سو کشادگی, آ سانی, سکھ اور بہتری منتظر ہیں کوشش کی, مسلسل جہد کی, لگن کی اور تڑپ کی….
حق دی خاطر لڑنا پییندا
زندہ رہن لئ مرنا پییندا
سو بہترین دنوں کے لئے برے دنوں سے لڑنا پڑتا ہے, اور لڑنا بنتا ہے کیونکہ سکون اسی میں ہے.
یہی زندگی ہے.