ملکوں ملکوں دیکھا چاند (سفر نامہ) مصنف:- طارق محمود مرزا
زیرِ تبصرہ کتاب:- ملکوں ملکوں دیکھا چاند ( سفر نامہ)
مصنف:- طارق محمود مرزا صاحب
پبلیشر:- سنگِ میل پبلی کیشنز، لاہور
تبصرہ نگار:- محمد عمران اسحاق
“ملکوں ملکوں دیکھا چاند” طارق محمود مرزا صاحب کا ایک دل چسپ ، سحر انگیز اور معلومات سے پھرپور سفر نامہ ہے جس کے 332 صفحات میں شمالی یورپ کے حصّے اسکینڈے نیوین کے چار ممالک (ڈنمارک ، ناروے ، سویڈن اور فن لینڈ) اور ایک عرب دنیا کے خوب صورت اور دل کو بھا جانے والے ملک قطر کی سیرو سیاحت ، تاریخ و ثقافت ، وہاں کے لوگوں کی ترقی و خوشحالی کا راز ، عوام کے رہن سہن کا انداز ، وہاں کی حکومتوں کا اپنی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات ، وہاں رہنے والے پاکستانیوں کے حالات ، ان کی ادبی خدمات ، ادب سے لگاؤ رکھنے والے افراد سے ملاقات ، ان ملکوں میں اسٹوڈنٹ ویزے پر جانے والے طلباء کو درپیش مسائل ، محنت ، مزدوری کرنے پاکستانیوں کے سخت حالات اور پھر ان کے وہاں سیٹل ہونے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو دل فریب اور دل نشیں الفاظ میں یوں پیش کیا گیا ہے کہ گمان ہوتا ہے قاری مصنف کی قلم کی بدولت تصور کی دنیا میں کھوکر ان ممالک کے یہ سب واقعات و حالات ، احوالِ ملاقات اور خوب صورت مقامات کی سیر و سیاحت سے محظوظ ہورہا ہے۔
میرا اس خوب صورت اور بہترین سفر نامے سے تعارف اس وقت ہوا جب میرے ایک بزرگ دوست محترم محمد انجم بوٹا صاحب ( مصنف میاں چنوں سے ملائیشیا تک) نے اس کا بہترین اور دل کو چھو جانے والا اقتباس اپنی فیس بُک وال پر شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے آسٹریلین حکومت کی طرف سے عوام کو پہنچائی جانے والی آسانیوں اور سہولیات کا ذکرِ خاص کیا تھا ، اس شیئر کیے گئے پیرا گراف نے دل پر ایسی تاثیر چھوڑی کہ اسے منگوائے بغیر رہ نہ سکا ۔
عید الفطر کی تعطیلات پر گھر آیا تو میری لائبریری میں موجود اس کتاب کے پرکشش سرورق نے مُجھے اپنی طرف کھینچ لیا اور پھر میں اس کی سادہ اور سلیس نثر کے سحر میں اس قدر مسحور ہوا کہ آخری صفحہ پر پہنچنے کا احساس تک نہ ہوا حالانکہ میں اس کی سطور سے اپنے دل و دماغ کو آہستہ آہستہ وابستہ کررہا تھا کیوں کہ دل چسپی کی وجہ سے اس کے جلد اختتام کا خوف کھائے جا رہا تھا مگر آج وہ دن آگیا اور میں اس کے آخری لفظ پر پہنچ گیا ۔
اس سفر نامے کے آخری صفحے تک پہنچتے پہنچتے قاری پر طاری ہونے والا سحر حقیقی ہے جس میں وہ مصنف کے سفر شروع ہونے سے لے کر اختتام تک مبتلا رہتا ہے ۔
طارق محمود مرزا صاحب ، اسکینڈے نیوین ممالک میں واقع سر سبز و شاداب پہاڑوں ، بل کھاتے پرسکون سمندروں، سمندروں اور دریاؤں میں تیرتے بحری جہازوں ، کشتیوں ، آسمان کی بلندیوں کو چھوتی ہوئی عمارتوں، انٹرنیشنل ایئرپورٹوں کی اندرونی و بیرونی کہانیوں ، مسافروں کے حالات و واقعات ، سیاحوں کی سیرو سیاحت ، ان کو پیش آنے والی مشکلات، اسلام کی تبلیغ و اشاعت، خوب صورت مسجدوں کے اندرونی و بیرونی نقشں و نگار کی اپنے قلم کی نوک سے ایسی پُرکشش اور دل فریب منظر نگاری کرتے ہیں کہ قاری اپنی جگہ پر بیٹھ کر ان نظاروں سے لطف اندوز ہوتا ہے ، اس سفر نامے کی بدولت قاری یہ جان کر حیرت میں مبتلا ہو جاتا ہے کہ ان ممالک کے حکمران اپنے ملک و قوم کی فلاح و بہبود، خوشحالی و ترقی اور خوب صورتی کے لیے کس قدر مُخلص ہیں اور وہ خود یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ ہمارے ملک و قوم کے آج جو حالات ہیں ان کا اصل زمہ دار کون ہے ؟
یہ سفر نامہ قاری کو مغربی معاشرے میں رہنے والے افراد کی سادہ اور پُرسکون زندگی سے روشناس کرواتا ہے ، ان کے سادہ گھروں کی تعمیر و زنیت ، ڈیری فارموں اور کھیتوں میں کام کرنے والے کسانوں کی قابلِ رشک حالات کو سادہ الفاظ میں بیان کیا گیا ہے تاکہ پڑھنے والے کے دل سے مغربی مرعوبیت ختم ہو ، شمالی یورپ کے ان ممالک میں پبلک ٹرانسپورٹ کی اہمیت اور ضرورت کے مطابق وسائل کے استعمال کی اہمیت کو قاری کے سامنے نمایاں کیا گیا ہے تاکہ وہ مسائل میں گھری اپنی زندگی کو خود آسان بنا سکے ، ڈنمارک ، ناروے ،سویڈن اور فن لینڈ جیسے ممالک میں ویسے تو بہت کچھ مشترک ہے مگر وہاں موجود سر سبز درخت ، گھنے جنگلات اور گاڑیوں میں ڈیزل انجن کے استعمال سے احتیاط برتنے کی بدولت جو پرسکون اور ماحول دوست صاف شفاف فضا پیدا ہوئی ہے اس کے وہاں کے لوگوں پر پڑنے والے صحت مند اثرات سے قاری آگاہ کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے قابل ہو سکے اور اس کے عملی طور پر کوشش کرے ۔
مصنف آخر میں قطر کی سیرو سیاحت کے لیے نکلتا ہے تو وہاں کی بلند و بالا عمارتیں اور سر سبز زمین کو دیکھ کر قطر کی حکومت کو داد دیتا ہے اور لکھتا ہے کہ ریتلے صحرا کو سر سبز میدان میں بدلنا مکمل طور پر مصنوعی ہے کیوں وہاں پر مٹی ، گھاس ، پھول سب کچھ دوسرے ممالک سے لائے گئے ہیں جو قطر کی خوب صورتی میں بے پناہ اضافہ کرتے ہیں ، میرے لیے سب سے زیادہ حیران کن معلومات یہ تھی کہ 2021 ء تک قطر میں رہنے والے اصل قطریوں کی آبادی صرف اڑھائی لاکھ ہے جب کہ اس ملک کی کل ابادی ستائیس لاکھ ہے باقی سب دوسرے ممالک سے یہاں آکر آباد ہوئے ہیں ۔
آخر میں مصنف عرب ملکوں میں خاص طور پر قطر میں مزدوری کی غرض سے جانے والے پاکستانیوں کی مشکلات کو قارئین کے سامنے پیش کرتے ہیں جسے پڑھتے ہوئے میرے تو کم از کم آنسو جھلک پڑے ۔ یہ کتاب یقناً پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے ۔
سرو سیاحت کا ذوق اور تاریخ سے شغف رکھنے والے دوستوں کو یہ سفر نامہ ضرور پڑھنا چاہیے کیوں کہ یہ صرف ایک سفر کی روداد ہی نہیں بلکہ شمالی یورپ سے متعلقہ معلومات کا ذخیرہ بھی ہے۔