کتاب : تلاش
باب 13 : انوکھا شہنشاہ
ٹرانسکرپشن : منیب احمد
غیر مسلموں کے تاثرات
مغربی مصنفوں نے اسلام دشمن قوتوں کے پھیلائے ہوئے تعصبات کے باوجود کچھ لکھنے والے ایسے ہیں جنھوں نے تعصبات سے اثر نہیں لیا. مثلاً کارلائل نے اپنی مشہورِ زمانہ تصنیف” ہیرو اینڈ ہیرو ورشپ ” میں حضورﷺ کا تذکرہ کیا ہے. ایک اقتباس ملاحظہ ہو.
لکھتے ہیں :
“منصب نبوت پر فائز ہونے سے قبل ہی اس سیاہ چشم٬ روشن جبیں٬ فراخ حوصلہ٬ کریم النفس، محفل پسند اور درد بھرے مخلص ہادیہ نشین کے خیالات جاہ طلبی سے کوسوں دور تھے.
“دوسرے سنی سنائی توہمانہ باتوں کو اپنا مسلک قرار دے کر اپنے دل کو مطمئن کر لیتے تھے مگر محمد ﷺ کی تسکین اس انداز کی باتوں سے نہیں ہوتی تھی. وہ عرصہ کائنات میں اکیلے کھڑا تھا اور اس کا دماغ اس نوعیت کے ہزاروں خیالات سے بھرا رہتا تھا کہ میں کیا ہوں؟ یہ دنیا کیا ہے؟ زندگی اور اس کا مدعا کیا ہے؟ موت کیا ہے؟ میں مانوں تو کیا مانوں؟ کروں تو کیا کروں؟ ان سوالات کے ساتھ وہ کوہِ حرا کی ہیبت ناک چٹانوں اور ریگستانوں کی درشت تنہائیوں میں سرگرداں رہا اور آخر کار اسے ان کا جواب مل گیا. خدا کی الہامی قوت نے اسے انسانوں کی رہنمائی کے لیے چن لیا”.