لکھ یار

جنگل

شیر صاب اٹھیے ، آپ کو پتہ ہے دریا کے پار والے جنگل میں کیا ہوا ہے ؟

کیا ہوا ہے ، شیر اپنی آدھی کھلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کرتا ہے۔

شیر صاب آپ کو پتہ ہی تو ہے دریا پار والا جنگل کچھ سال پہلے کتنا خوشحال تھا ، پھر اچانک سے ان کی تعداد بڑھتی چلی گئی ، بڑھتی چلی گئی یہاں تک کہ رہنے کے لیے ، چراگاہوں کے لیے جگہ ہی نہیں بچی تھی۔

ہاں! جانتا ہوں تو پھر؟

 

تو پھر یہ کہ ، اس جنگل کے بادشاہ نے آدھے جنگل کے جانوروں کو ہجرت کرنے پر مجبور کر دیا کہ جاؤ نئے جنگل ڈھونڈو۔

تو کیا وہ تمام جانور ہمارے جنگل میں پہنچ گئے ہیں ، شیر دونوں آنکھیں کھول کر خبر سنانے والے کو گھورنے لگا۔

 

نہیں! ، ان جانوروں میں سے کوئی بھی نہیں پہنچا ، وہ سب جانور ، دریا پار کرتے ہوئے سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں۔ ہمارے سر سے بلا ٹل گئی ہے۔

پھر تو مجھے کونسی خبر سنانے آیا ہے چل بھاگ مجھے سونے دے۔ شیر نے جمائی لیتے ہوئے کہا۔

 

فکر کی خبر شیر صاب یہ ہے کہ ، اب ہماری بھی تعداد بڑھ رہی ہے۔

ہمارے پاس ایسا کوئی جنگل نہیں ہے جہاں ہم ہجرت کر سکیں۔ 

اچھا! کب ہمارے ساتھ ایسا ہونے والا ہے؟ شیر نے دوسری بار جمائی لی۔

آئندہ چند برسوں میں ہی۔ خبر سنانے والے نے کہا۔

تب کی تب دیکھیں گے ، اب میری نیند خراب نہ کرو۔ شیر نے کچھ غصہ دکھایا۔

 

بہت جلد یہ دریا سوکھ جائے گا ، جنگل میں کھانے پینے کو کچھ نہیں بچے گا ، جنگل کے دوسری طرف صحرا ہے ، تیسری اور چوتھی طرف پہاڑ ہیں ، جب کھانے کو کچھ نہیں ملے گا تو ہم خود کو کھانا شروع کر دیں گے۔

ایک علاقے میں دو شیر ، ایک غار میں ، جانوروں کے دو خاندان اور ایک پیڑ کے گھونسلے میں دو مختلف پرندے نہیں رہ سکتے۔

 

شیر جانے کب کا سو چکا تھا اور خبر سنانے والا مایوس لوٹ گیا۔

اور سوچتا جا رہا تھا کل ایک چیتے نے دوسرے چیتے کو صرف اس لیے مار دیا کہ پہلے چیتے نے بھوک کی وجہ سے دوسرے چیتے کا شکار کھا لیا تھا۔

یہ تو شروعات ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button