لکھ یار

تخلیق کار از اعجاز انصب

 

کاغذ کی زمین کم پڑ گئی ہے۔ زندگی ، کہانی بن کر رہ گئی ہے۔ کس نے سوچا تھا ، ادب اتنا ہو جائے گا کہ انسانیت کے لیے قرطاس کی زمین تنگ ہو جائے گی۔ تخلیق کار ، اپنے جذبات واحساسات بغیر اپنی قرطاس کی حیثیت و وسائل دیکھے ، لکھے جا رہا ہے۔

ادب کے فن پارے ، معیار سے قطع نظر ، ہجوم کی شکل میں ، شکستہ تخیل کی چادر سے ، پیر لٹکائے ، اپنا حق اپنے تخلیق کار سے وصول کرنا چاہ رہے ہیں۔
قلم کار ، آنے والے وقت میں ، اپنے افسانوں ، کہانیوں ، شاعری اور تحریروں پر امید باندھے انہیں اپنی پہچان اور مستقبل کا سہارا خیال کر رہے ہیں۔

کون جانے ، ادب کا معاشرہ زیادہ تخلیق سے سنورے ، افسانوں کی بھر مار سے بدلے یا پھر کہانیوں کی کہانیاں ادب کو کہانی بنا کر صفحہ ہستی پر لا کھڑا کریں۔

لکھاری کو اب سوچنا ہو گا ، وہ پہلے ہی دن سے غریب ہے ، اسے اب اپنا اور قاری کا وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ اپنے جذباتی تاثرات کو ، افسانوں اور کہانیوں کا مجموعہ نہ بنائے ،
بلکہ ، اپنی تحریروں اور شاعری کو تربیت اور اعلیٰ تعلیم دے کر ادب میں جگہ دے۔
کہتے ہیں ، آخری دور میں ، کہانیاں زیادہ ہو جائیں گی ، افسانے بہت کم رہ جائیں گے۔
تخلیق کار اچھا نہ ہوا تو ہر افسانے کے گھر میں ، سات سات کہانیاں ہونگی۔

شاعری اور محبت نا جانے کتنے اور کیسے یتیم تھے کہ ہزاروں کہانیوں اور سینکڑوں افسانوں کی موجودگی میں ، جانے کیسے کیسے اپنے حق سے محروم رہ گئے یا پھر ان کا حق دینا مجبوری بن گیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button