Egotism by Adil Maqbool
خودپسندی
تحریر: عادل مقبول
یہ وہ لفظ ہے جس کے لیے میں نے خود بہت دوڑ لگائی کئی دفعہ گروپ واسیوں سے بھی پوچھا لوگوں نے بہت سمجھایا، بہت اچھا سمجھایا لیکن میرے کنند ذہن میں اس کے متعلق کبھی کوئی حتمی بات پلے نہیں پڑی… ہمیشہ کوئی خالی جگہ رہ گئی لیکن پھر بھی کچھ احباب کی گفتگو نے اثر کیا اور تھوڑا بہت جان گیا انہیں کے علم کی نقل آپ حضرات کی خدمت میں پیش ہے… پہلی بات ہم لفظ خود پسندی، خود پرستی، خود ستائشی،خود نمائی اور اسطرح کے اور الفاظوں کو بلکہ کبھی کبھار تو خودی کو بھی ایک ہی معنی کے باٹ سے ترازو میں تولتے ہیں حالانکہ یہ سب الفاظ الگ الگ معنی و مفہوم رکھتے ہیں.. چونکہ بات خودپسندی پر ہے تو خود پسندی کا سادہ سا مطلب ہے خود کو پسند کرنا یا خود سے متعلق کسی بھی چیز کو پسند کرنا اب اسکی بھی کئی جہتیں ہیں۔ ایک جہت ہے کہ خود پسندی عبادت ہے.. ہوسکتا ہے آپ کو عجیب لگے لیکن جی خود پسندی عبادت ہے… خود پسندی اس آفریدہ کار کی کبریائی ہی تو ہے… خود کو آئینے میں دیکھ کر رشک کرنا کہ بنانے والے نے کیا خوب بنایا ہے عبادت نہیں تو کیا ہے…. یہ جاننا کہ میری انگلیوں پر بنی لکیریں اس کائنات میں موجود سب لوگوں سے مختلف ہیں… یہ معلوم ہونا کہ میرا مٹھی جتنا دل ایک ایسے جثیم پمپ کے برابر ہے جو بجلی کے خطیر خرچ پر کئی کلومیٹر پانی پمپ کرتا ہے.یہ پتا چلنا کہ میری آنکھ میں لگا ناخن جتنا لینز 254 میگا پکسلز ہے.. یہ جاننا کہ میرا دماغ ڈیٹا کا انبار سٹور کرسکتا ہے، یہ پتہ لگنا کہ میرے چھ فٹ جسم میں موجود خون کی رگوں کو لائن میں لگا دیا جائے تو پوری زمین کے گرد لپیٹی جاسکتی ہیں، اس بات کا انکشاف ہونا کہ میرے جسم میں موجود برقی خلیوں میں دوڑنے والی بجلی کی رفتار سینکڑوں کلومیٹر فی سیکنڈ ہے، یہ پتہ چلنا کہ میرے جسم میں فلٹر موجود ہے جو ہر منٹ پانچ لیٹر خون کو صاف کرتا ہے یہ معلوم ہونا کہ میرے جسم میں مدافعتی نظام موجود ہے جس کی آرمی کے فوجی جوان ہر لمحے مجھے بچانے کے لیے اپنی جان لٹارہے ہیں، یہ معلوم ہونا کہ میرے مائیکرو میٹر کے صرف ایک خلیے میں موجود اس سے بھی چھوٹے نیوکلئس کے اندر دھاگہ نما جینیاتی مادے کو کھولا جائے تو وہ کئی میٹر تک پہنچ جائے.. یہ معلوم ہونا میرے جسم میں لاکھوں خلیے ہر سیکنڈ مر رہے ہیں اور لاکھوں پیدا ہو رہے ہیں اور یہ سب عمل نہایت شاندار طریقے سے کنٹرول کیا جاتا ہے.. یہ معلوم ہونا کہ آپ کھربوں انسانوں میں ایک جیسے ہونے کے باوجود بھی جدا شکل رکھتے ہیں یہ معلوم ہونا کہ جس نے یہ شاہکار بنایا وہ خود بھی آپ کے اندر کہیں چھپا بیٹھا ہے اگر آپ کو خود پسندی پر مائل نہیں کرتا تو آپ کافر ہے اس مصور کی مصوری کے… خودپسندی عبادت ہے…