کتاب : تلاش
باب 13 : انوکھا شہنشاہ
ٹرانسکرپشن : رفعت شیخ
محمد طفیل
پھر ایک واقعہ ہوا ۔ ایک روز میں گھر آیا تو پتہ چلا کہ کوئی صاحب قرآن چھوڑ گئے ہیں، دیکھا تو وہ قرآن بہت قیمتی تھے ۔ایک امریکہ کا چھپا ہوا تھا، ایک انگلستان کا ،
میں نے بیوی سے پوچھا کہ قرآن کون چھوڑ گئے ہیں ؟
اس نے کہا ،” اپنا نام بتا کر نہیں گئے !”
تقریباً ایک ماہ کے بعد وہ پھر آئے ،
ان کا نام محمد طفیل ہے وہ ایک تعلیم یافتہ انڈسٹریلسٹ ہیں ، قرآن کے پروانے ہیں ، لوگوں کو قرآن اور اسلامی کتابیں بانٹتے رہتے ہیں ، انھوں نے مجھے اسلامی کتابیں مہیا کرنی شروع کر دیں اور میں نے مطالعہ شروع کر دیا ، پھر مجھے خیال آیا کہ کیوں نہ کسی پرچے میں قسط وار مضامین چھپواتا جاؤں !
قومی ڈائجسٹ کے مدیر انور سدید میرے دوست ہیں ، انہوں نے میرے مضامین چھاپنے کی ہامی بھرلی تو ڈاکٹر ، میں نے امانت علی سے کہا ، میں گزشتہ تین سال سے اسلام پڑھ رہا ہوں ،
کتابیں لکھنے والے اونچی اونچی باتیں کرتے ہیں ، علم چھانٹتے ہیں ، دانشوری جتاتے ہیں ، مصنف علماء کے لئے لکھتے ہیں مجھ ایسے مبتدی کے لیے کوئی نہیں لکھتا ، اسلام پر لکھنا میرے بس کی بات نہ تھی ، مجھے یہ حوصلہ تھا کہ صرف کتاب لکھنے کی شرط لازم ہے اس بات پر کوئی پابندی نہیں کتاب کیسی ہو ؟ ٹھیک ہو یا غلط ! سرسری ہو یا با معنی !