کتابوں پر تبصرے

چمپئن طالب علم، تبصرہ طاہر بلوچ

عبدالسلام چوہدری سے میرا تعارف قاسم علی شاہ فاؤنڈیشن میں ہوا۔ ایک کم گو سا لڑکا جو بولنے پر ہی مسکراتا۔ طبیعت میں عاجزی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی۔ اور پھر اچانک سے پتا چلا کہ یہ من موہنا سا نوجوان صاحب کتاب ہو گیاہے۔ اور کتاب کا نام بھی کیا خوب رکھا
“چمپئن طالب علم”۔
میرے لیے یہ خبر ایک خوشگوار حیرت اور مسرت کا باعث تھی۔ فوراً سے کال ملا کر مبارکباد دی اور اپنی دلی خوشی کا اظہار بھی پہنچا دیا۔ ساتھ ہی ساتھ دل میں یہ بات بھی مچلنے لگی کہ اس کتاب کو حاصل کیا جائے اور پڑھا جائے۔ ابھی یہ خواہش دل میں قلا بازیاں کھا ہی رہی تھی کہ عبدالسلام چوہدری نے بتایا کہ آپ کی کاپی محفوظ ہے اور میں بھجوا دیتا ہوں لیکن میں نے کتاب کی وصولی ملاقات تک موقوف کر دی۔
بالآخر کتاب ہمارے ہاتھوں میں پہنچ گئی۔ اور کتاب کے پہلی نشست میں ستر صفحات پڑھ ڈالے۔ یہ دلچسپی سے بھر پور تھی۔ مزید دو نشستوں میں کتاب کا ایک ایک حرف ایک ایک سطر تک پڑھ ڈالی۔
اس کتاب کے چھپنے کی اطلاع سے جہاں مجھے خوشی ہوئی اسی وقت مجھے ایک انسپائریشن بھی ملی۔ اگر زندگی میں میری کوئی کتاب پبلش ہوئی تو اس کا ایک محرک عبدالسلام چوہدری بھی ہوگا۔
خیر اب آجائیں اس کتاب کی طرف۔ یہ کتاب کم اور پریکٹیکل نوٹ بک یا ڈائری زیادہ ہے۔ اور اس نوعیت کی یہ شاید پہلی کتاب ہوگی۔ کیونکہ سیلف ہیلپ کی جتنی بھی کتابیں مارکیٹ میں دستیاب ہیں وہ سب جن نصیحتوں اور لائحہ عمل کو بیان کرتی ہیں وہ سب کتاب کو چھوڑ کر کرنے پڑتے ہیں لیکن عبدالسلام چوہدری کی خوبی یہ ہے کہ انہوں نے جن عوامل کی رہنمائی کی انہیں کرنے کیلئے اسی مضمون میں ڈائری نما ٹیبل (پلانر) بھی ساتھ ہی دے دیئے تاکہ آپ کو عملی استعداد حاصل کرنے کیلئے جس راستے کو اختیار کرنا ہے اس کا روڈ میپ آپ خود بنا لیں۔
اور اس روڈ میپ کا دوسرا فائدہ یہ بھی ہے کہ اسی بہانے آپ کی اپنے آپ سے ملاقات ہو جاتی ہے۔ اپنی خوبیوں اور خامیوں سے آگاہی ہو جاتی ہے یعنی ایک ہی وقت میں روڈ میپ بھی بن جاتا ہے، مستقبل کی پلاننگ بھی ہو جاتی ہے اور سیلف ڈسکوری بھی۔
کتاب کے آخری چند صفحات میں مصنف نے طلباء کیلئے معاون فلموں کے ناموں کی فہرست، ویب سائٹس، چینل، موبائل ایپلی کیشنز، عالمی اور قومی مصنفین کی کتابوں کی فہرست بھی دی ہے تاکہ طلبا فوکس ہو کر بہترین مواد سے فائدہ اٹھا سکیں۔
میرا طلباء، اساتذہ اور والدین کو یہ مشورہ ہے کہ جماعت نہم اور اس کے بعد کے تمام طلباء و طالبات کو نہ صرف یہ کتاب پڑھائی جائے بلکہ اس میں دی گئی عملی مشقوں کو مشترکہ کلاس میں حل کروایا جائے۔
اس کتاب کو پڑھنے اور پھر اس پر عمل کرنے والا صد فی صد چمپئن طالب علم بنے گا اور کامیابی اس کے قدم چومے گی۔
عبدالسلام چوہدری کو ایک دفعہ پھر اتنی اچھی اور نایاب کتاب لکھنے پر مبارکباد قبول ہو۔ کیونکہ اس کتاب نے والدین، اساتذہ اور طلباء و طالبات کیلئے بہترین ساتھی اور رہنما گائیڈ کی کمی کو پورا کر دیا ہے۔
183 صفحات پر مشتمل اس کتاب چمپئن طالب علم کی قیمت صرف چار سو روپے ہے اور یہ نئی سوچ پبلشرز اردو بازار لاہور سے بآسانی دستیاب ہے۔
پبلشر رابطہ نمبر 03008475843
تبصرہ طاہر بلوچ

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button